Tag: Jahangir Tareen

  • ‘رابطے میں رہنا’ لندن روانگی سے قبل جہانگیر ترین کا گروپ کے لئے پیغام

    ‘رابطے میں رہنا’ لندن روانگی سے قبل جہانگیر ترین کا گروپ کے لئے پیغام

    لاہور: پی ٹی آئی کے ناراض رہنما اور موجودہ سیاسی صورت حال میں خاص اہمیت حاصل کرنے والے ‘ جہانگیر ترین’ اچانک بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جہانگیر ترین لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کے اہم رہنما عون چوہدری نے جہانگیر ترین کی لندن روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہانگیر ترین کی گزشتہ دنوں طبیعت خراب ہوئی تھی جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا،

    عون چوہدری نے بتایا کہ ایک ہفتے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا، ڈاکٹرز کی جانب سے چند ضروری ٹیسٹ کا کہا گیا جس کے باعث وہ لندن روانہ ہوئے، جہانگیر ترین ایک ہفتہ قیام کرینگے۔

    یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا جہانگیر ترین سے متعلق بڑا دعویٰ

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض رہنما ‘ جہانگیرترین’ نے اپنے ہم خیال ساتھیوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ چیک اپ کے لئے جار ہا ہوں، ‘ رابطے میں رہنا’۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ‘ تحریک عدم اعتماد’ لانے کا اعلان کیا جاچکا ہے، جس کے باعث اپوزیشن نے رام کرنے کے لئے جہانگیر ترین سے بھی رابطہ کیا ہے۔

    اسے بھی پڑھیں: شہباز شریف کی جہانگیر ترین سےخفیہ ملاقات

    گذشتہ ہفتے جہانگیر ترین کی شہباز شریف، پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے خفیہ ملاقاتوں کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں۔

    جہانگیر ترین گروپ نے فوری طور پر اپوزیشن کو کسی قسم کی یاد دہانی کرانے سے معذرت کرلی تھی جبکہ جہانگیر ترین گروپ نے فی الحال ‘ دیکھو اور انتظار کرو’ کی پالیسی پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • شہباز شریف کی جہانگیر ترین سےخفیہ ملاقات

    شہباز شریف کی جہانگیر ترین سےخفیہ ملاقات

    اسلام آباد: ملکی سیاست میں بڑی ہلچل ہوئی ہے، جہاں تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خفیہ مقام پر ملاقات کی ہے۔

    نون لیگ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ قائدحزب اختلاف شہباز شریف کی جہانگیر ترین سےخفیہ ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی، جس میں شہباز شریف نے جہانگیر ترین سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تعاون مانگا۔

    ذرائع نون لیگ کا کہنا ہے کہ خفیہ ملاقات میں شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کے بعد بھی مستقبل میں ساتھ چلنے کی پیشکش کی۔

    اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد جہانگیر ترین کی اپوزیشن رہنماؤں سے یہ دوسری بڑی ملاقات ہے، اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کی جہانگیرترین سے خفیہ ملاقات، تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی دعوت

    دونوں رہنماؤں کی جانب سے ملاقات کوانتہائی خفیہ رکھا گیا، ملاقات میں فضل الرحمان نے جہانگیرترین کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی دعوت دے دی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد نے دو مرتبہ لاہور میں ملاقات کی ہے اور جہانگیر ترین پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ان کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

    جہانگیر ترین کی قیادت میں اس گروپ نے چند روز قبل قذافی اسٹیڈیم کے لاؤ نج میں پی ایس ایل کا میچ دیکھتے ہوئے بھی ملاقات کی تھی، گروپ نے مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا اور جہانگیر ترین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

  • مولانا فضل الرحمان کی جہانگیرترین سے خفیہ ملاقات، تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی دعوت

    مولانا فضل الرحمان کی جہانگیرترین سے خفیہ ملاقات، تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی دعوت

    لاہور : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جہانگیر ترین تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کے خلاف عدم اعتماد کے مشن پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کی جانب سے گزشتہ رات ہونیوالی ملاقات کوانتہائی خفیہ رکھا گیا، ملاقات میں فضل الرحمان نے جہانگیرترین کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی دعوت دے دی۔

    یاد رہے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے لئے پی ڈی ایم نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کواعتماد میں لینے کیلئے جرگہ بلانے کا اعلان کردیا ہے، جرگہ حکومتی اتحادیوں کو قائل کرے گا۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جب تک ووٹ پورے نہیں ہوتے جلد بازی نہیں کرنی، امپائر ہوتا ہی نیوٹرل ہے، حکمران اب اپنے آقاؤں پربھی بوجھ بن گئے ہیں، وزرا کو تمغے دینا اشارہ ہے کھیل ختم ہوگیا۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ ابتدائی طور پر ہمارے رابطوں کے مثبت نتائج ملے ہیں، لیکن جب تک ووٹ پورے نہیں ہوتے جلد بازی نہیں کریں گے، ہم جلد ہی ووٹ پورے کر لیں گے، اگر عدم اعتماد پر ووٹ کم ہوئے تو پرانے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

  • جہانگیر ترین کا جہاز کراچی لینڈ کر گیا!

    جہانگیر ترین کا جہاز کراچی لینڈ کر گیا!

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کی سولو فلائٹ جاری ہے، آج بدھ کو جہانگیر ترین کا ‘جہاز’ کراچی لینڈ کر گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کراچی کے دورے پر شہر قائد میں موجود ہیں، کراچی میں انھوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    جہانگیر ترین نے کراچی میں علی حیدر گیلانی اور اسٹنگ آپریشن کے اہم کردار پی ٹی آئی کے ایم این اے فہیم خان سے ملاقات کی، ذرائع نے بتایا کہ ایم این اے کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں پارٹی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

    جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے، جہانگیر ترین کا صحافی کے سوال پر معنی خیز جواب

    جہانگیر ترین نے ایم این اے عالمگیر خان سے بھی ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر ان سے تعزیت کی، پی ٹی آئی رہنما نے رکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری سے بھی ملاقات اور ان کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی سندھ کی تنظیم نو پہ سابق صدر کراچی اشرف قریشی بھی ناراض ہو گئے ہیں، انھوں نے اتوار 16 جنوری کو انصاف ہاؤس میں مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے۔

    جہانگیر ترین کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن کامران خان کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    یاد رہے کہ 7 جنوری کو جہانگیر ترین نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی، اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ‘کیا جہانگیر ترین کا جہاز کبھی ن لیگ کی طرف جا سکتا ہے؟’ جس پر انھوں نے معنی خیز جواب دیا کہ ‘جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔’

    انھوں نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق میرے بھائی ہیں، اور ن لیگ سے پرانی دوستیاں ہیں اور یہ ایسے ہی چلیں گی۔

  • بنی گالہ کے گھریلو خرچے کیلئے کبھی ایک پائی نہیں  دی، جہانگیر ترین

    بنی گالہ کے گھریلو خرچے کیلئے کبھی ایک پائی نہیں دی، جہانگیر ترین

    لاہور : جہانگیر ترین نے جسٹس(ر) وجیہہ الدین کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنی گالہ کے گھریلو خرچے کیلئے کبھی ایک پائی نہیں دی، عمران خان سے میراجو بھی تعلق ہو سچ بتانا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹس(ر) وجیہہ الدین کے بیان پر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سےآج کل میراجو بھی تعلق ہو سچ بتانا ضروری ہے، نئے پاکستان کی خاطر پی ٹی آئی کیلئے جوممکن تھا وہ کیا۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کےگھریلو خرچےکیلئےکبھی ایک پائی نہیں دی، ریکارڈ کی درستگی کیلئے یہ سب بتانا ضروری ہے۔

    یاد رہے ریٹائرڈ جسٹس وجیہہ الدین نے دعویٰ کیا تھا کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے سربراہ عمران کا گھر چلانے کے لیے ماہانہ 50 لاکھ روپے تک فنڈز فراہم کرتے تھے۔

  • پیر پگارا اور جہانگیر ترین  کی   ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    پیر پگارا اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    کراچی : فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی ، دونوں رہنماؤں نے حکومت سے متعلق تحفظات سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فنکشنل لیگ سربراہ پیر پگارا اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے گلےشکوے، تحفظات ایک دوسرے کے سامنے رکھے۔

    ملاقات میں پیرپگارا نے کہا کہ ہم غیر مشروط اتحادی ہیں، ہمارے ہی لوگوں کو توڑا جا رہا ہے، ارباب غلام کےالیکشن میں300مریدین پر مقدمات بنے،جس کا سامنا کر رہے ہیں، تحریک انصاف نے اتحادیوں کے ہی افراد کو توڑنا ہے توالیکشن کاانتظار کرلیتی۔

    سربراہ فنکشنل لیگ کا کہنا تھا کہ اپنے ووٹرز کو مقدمات تلے چھوڑ کر ارباب غلام رحیم چلے گئے، حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے، ایک وزیر ہمارے دیگر ارکان کو توڑنے میں مصروف ہے، اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کو سب باور کرا دیا ہے۔

    جہانگیر ترین نے کہا نذیر چوہان کو حکومت خود باغی کر رہی ہے،گرفتاری سےتشویش بڑھی جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملاقاتیں جاری رکھنے اور باہمی مشاورت پر اتفاق کیا۔

  • میرا پیپلزپارٹی یا کسی اور پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں، جہانگیر ترین

    میرا پیپلزپارٹی یا کسی اور پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں، جہانگیر ترین

    لاہور : ناراض پی ٹی آئی رکن جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میرا پیپلزپارٹی یا کسی اور پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں تاہم تحریک انصاف کی قیادت سے انصاف ملنے کا پراسس جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناراض پی ٹی آئی رکن جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوکت ترین سمجھدار وزیرخزاجہ ہیں ، امید ہے انھوں نے جو وعدے کئے ہیں ان سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

    صحافی نے سوال کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت سےانصاف مل گیا؟ جس پر جہانگیر ترین نے جواب دیا کہ پراسس جاری ہے اور واضح کیا کہ میرا پیپلزپارٹی یا کسی اور پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں۔

    جنوبی پنجاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کیلئے پر فورم پر آواز اٹھاتا رہوں گا، کوئی بھی کام انجام دینےکیلئےضرورت کےمطابق کام کیاجاتاہے، صوبے کی راہ میں جورکاوٹ ہے جسے ڈھونڈنا ہے۔

    صحافی نے سوال کیا کہ جنہوں نےزرداری کی باری کانعرہ لگایاتھاکیاوہ عمران خان سےپیچھےہٹ رہے ہیں ، جس پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ یہ ایک نازک معاملہ ہے،میں نازک معاملات پربیان نہیں دینا چاہتا، جنہوں نے بجٹ بنایا میرا اس میں کوئی رول نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے صوبے کیلئے تمام پارٹیوں نے وعدے کیے لیکن بناتا کوئی نہیں، انشااللہ اگر زندہ رہا تو اپنی زندگی میں جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بناؤں گا۔

  • ہمارے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے، جہانگیر ترین

    ہمارے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے، جہانگیر ترین

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ انصاف ملے گا جو اب مل جانا چاہیے۔ انصاف فراہم کیا جائے سیاست نہ کی جائے ، علی ظفر نے بہت محنت سے رپورٹ مکمل کی۔

    عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیرترین کہنا تھا کہ یہ قیاس آرائیاں بھی ہیں کہ رپورٹ وزیر اعظم کو دی گئی ہے اور وزیر اعظم نے علی ظفر کو تفتیش کے لیے مقرر کیا تھا، امید تھی کہ علی ظفر کی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی لیکن نہیں آئی۔

    انہوں نے کہا کہ میری کسی حکومتی عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی، اپنا کیس لڑرہے ہیں اور علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، ہمارے ساتھ سیاست نہ کی جائے، انصاف کیا جائے،

    جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے کہا تھا رپورٹ مئی میں دوں گا۔ علی ظفر نے اپنی رپورٹ میں جو بھی کہا ہے اس پرایکشن لیا جائے، کچھ ایسی باتیں معلوم ہیں جومیڈیا کے سامنےنہیں بتانا چاہتا وقت آنے پر بتاؤں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انصاف فراہم کیا جائے سیاست نہ کی جائے۔ میری حکومت کے کسی اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی،مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور ہم عبوری ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے لیکن ہمیں ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے۔

    قبل ازیں بینکنگ کورٹ لاہورمیں شوگر ملز اورجعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے جہانگیر ترین،علی ترین،رانا نسیم اور عامر وارث کی حاضری مکمل کی۔

    بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

  • شوگر اسکینڈل : جہانگیر ترین کی عبوری ضمانت میں11جون تک توسیع

    شوگر اسکینڈل : جہانگیر ترین کی عبوری ضمانت میں11جون تک توسیع

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف شوگر اسکینڈل اور منی لانڈرنگ مقدمات کی سماعت کے موقع پر سیشن کورٹ نے جہانگیر اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں11جون تک توسیع کردی۔

    جہانگیر ترین اپنے ہم خیال گروپ کے اراکین ہمراہ سیش کورٹ میں پیش ہوئے، جسٹس حامد حسین نے سماعت کے دوران جہانگیرترین اور علی ترین کی درخواست ضمانت پر کی عبوری ضمانت میں11جون تک توسیع کردی۔

    جسٹس حامد حسین کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں میں کچھ تقرری و تبادلے ہوئے ہیں نئے جج آج چارج لیں گے، اس لیے کیس کو بغیر سماعت ملتوی کررہے ہیں۔

    جج نے استفسار کیا کہ پچھلے15دن میں آیف آئی اے نے کیا تحقیقات کی ہیں، جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ادارے کے ایک آفیسر کا ٹرانسفر ہوگیا ہے۔

    جسٹس حامد حسین نے کہا کہ یہ معاملہ کب سے چل رہا ہے اب تک تحقیقات کیوں مکمل نہیں کی گئیں اگر آپ کا ادارہ تفتیش نہیں کرنا چاہتا تو بتائے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ہم کیس پرحتمی دلائل کیلئے تیار ہیں۔

    عدالت میں پیشی سے قبل ترین ہم خیال گروپ کا جہانگیرترین کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا، اجلاس میں نذیرچوہان پر مقدمے سے متعلق گفتگو کی گئی، اس گفتگو میں گروپ اراکین کو جہانگیرترین پر کیسز پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس کے دوران جہانگیر ترین نے تمام ہم خیال اراکین کو ہدایت کی کہ نذیرچوہان کیخلاف ہونے والا مقدمہ بھرپوراندازمیں لڑا جائے،
    ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے فی الحال اراکین کو سخت رویہ اختیار کرنے سے روک دیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیرِ داخلہ شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب نذیر چوہان کے خلاف لاہور میں ہتکِ عزت مقدمہ درج ہو چکا ہے۔

    شہزاد اکبر نے 20 مئی کو تھانہ ریس کورس میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نذیر چوہان نے ایک نیوز چینل کے پروگرام کے دوران ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔

  • جہانگیر ترین کی گرفتاری کیلئے  تیاری شروع

    جہانگیر ترین کی گرفتاری کیلئے تیاری شروع

    لاہور : ایف آئی اے نے جہانگیرترین کی گرفتاری کیلئے تیاری شروع کردی ، اس سلسلے میں جہانگیرترین،اہل خانہ کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کی پیشرفت رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی ایف آئی اےآمد کے بعد سے جہانگیرترین کیخلاف انویسٹی گیشن میں تیزی آگئی۔

    ایف آئی اے نے جہانگیرترین کی گرفتاری کیلئےورکنگ پیپرز کی تیاری شروع کردی جبکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی پھر ڈائریکٹرایف آئی اے ڈاکٹر رضوان کے حوالے کردی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کی جانب سے جہانگیرترین اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کی پیشرفت رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جہانگیر ترین اور ان کی کمپنی کے اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ بھی رپورٹ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

    یاد رہے زیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کا دورہ کرکے جہانگیر ترین کے خلاف کیسز میں تحقیقاتی ٹیم کو وزیر اعظم کا پیغام دیا۔

    اس موقع پر جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقات پر ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان نے شہزاد اکبر کو بریفنگ دی، معاون خصوصی نے کہا جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقاتی بغیر کسی دباو کے مکمل کی جائیں۔