Tag: Jahangir Tareen

  • چینی اسکینڈل کیس :  جہانگیر ترین اور علی ترین نے ضمانتیں کروالیں

    چینی اسکینڈل کیس : جہانگیر ترین اور علی ترین نے ضمانتیں کروالیں

    لاہور: ٕچینی اسکینڈل کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین نے ضمانتیں کروالیں، جہانگیر ترین نے کہا تمام اثاثے ڈکلئیر ہیں ہم ثابت کریں گے کہ مقدمات بے بنیاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پرسماعت ہوئی، جہانگیر ترین اور علی ترین اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

    جہانگیر ترین کے وکلا نے دلاٸل دیے کہ مقدمات بےبنیاد ہیں وہ شامل تفتیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں لہذا عدالت ضمانت منظور کرے ۔

    ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی دس اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

    دوسری جانب بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانتیں سات اپریل تک منظور کرتے ہوٸے پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا اور ایف آئی اے سے جواب طلب کرلئے۔

    سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوٸے جہانگیر ترین نے کہا کہ تینوں ایف آئی آرزسے میرا کوئی تعلق نہیں ، 10سال پہلے کی چیزیں جو کمپنی نے کیں اور فیصلے کیے ان کو چیلنج کیا جارہا ہے، یہ ایف آئی کا کام نہیں کہ کمپنی کے فیصلوں کی تحقیقات کرے یہ ایف بی آر اور ایس ایس ای سی پی کا کام ہے ۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کا ایک لفظ جان بوجھ کر شامل کر کے تحقیقات شروع کیں ۔

    انہوں نے کہا کہ صرف میری مل کا کیس کیوں اچھالا جا رہا ہے باقی 80 ملیں بھی ہیں ، عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے کسی انسان کے ہاتھ میں نہیں ، مقابلہ کرنا ہے تو عدالتوں میں آٸیں اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کریں ، تمام اثاثے ڈکلئیر ہیں ہم ثابت کریں گے کہ مقدمات بے بنیاد ہیں اور ہم سرخرو ہوں گے۔

  • جہانگیر ترین نے اپنے خلاف ایف آئی آر کا اندراج یکطرفہ کارروائی قرار دے دیا

    جہانگیر ترین نے اپنے خلاف ایف آئی آر کا اندراج یکطرفہ کارروائی قرار دے دیا

    لاہور : جہانگیر ترین نے اپنے خلاف ایف آئی آر کا اندراج یکطرفہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا مجھ پر اور بیٹے پر عائد الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے خلاف ایف آئی آر کا اندراج یکطرفہ کارروائی قرار دے دیا۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مجھ پر اور علی ترین پر عائد الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ، مالی امورمیں ہر طرح سےکلین ہوں اور بیٹے علی خان ترین کے تمام اثاثے قانونی ذرائع سے بنائےگئے۔

    انھوں نے مزید کہا قانون کا احترام کرتا ہوں، تحقیقات کےدوران تعاون کیا گیا، میرے،بیٹے کے پاس اثاثوں کی مکمل قانونی منی ٹریل موجودہے، مقدمے کا اندراج افسوسناک ہے،حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔.

    یاد رہے ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کے الزامات میں دو مقدمات درج کئے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بندفیکٹری میں پیسے لگاکر 3ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی، سی ای اوجےڈی ڈبلیو نے جعلسازی سے 3 ارب14 کروڑ بند کمپنی کو منتقل کئے۔

    دوسرے مقدمے میں کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنز کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کے قابل اعتماد آدمی عامر وارث نے کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنزکیں، عامر وارث نے غیرقانونی طریقےسےکمپنی اکاؤنٹس سے2ارب سےزائد رقم نکلوائی۔

  • جہانگیرترین کے خلاف  منی لانڈرنگ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کےالزامات میں دو مقدمات درج

    جہانگیرترین کے خلاف منی لانڈرنگ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کےالزامات میں دو مقدمات درج

    لاہور : ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ، فراڈ اور جعلی ٹرانزیکشن کے الزامات میں دومقدمات درج کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے )لاہورنے چینی اسکینڈل میں جے ڈی ڈبلیو کےسی ای اوجہانگیر ترین ، ان کے بیٹے علی ترین کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی جبکہ دامادولیداکبر فاروقی اورشاہداکبر فاروقی اور کمپنی سیکریٹری محمد رفیق کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بندفیکٹری میں پیسے لگاکر 3ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی، سی ای اوجےڈی ڈبلیو نے جعلسازی سے 3 ارب14 کروڑ بند کمپنی کو منتقل کئے۔

    ایف آئی آر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی، خوردبورد اور دھوکہ دہی کا بھی الزام لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے اپنےاور اہلخانہ کے ذاتی مفاد کیلئے بند  کمپنی کو رقم منتقل کی، 12-2011 میں3ارب سےزائدرقم فاروقی پلپ ملک لمیٹڈ کمپنی کو منتقل کئےگئے۔

    ایف آئی آر کے مطابق 12-2011میں جہانگیر ترین اور اہلخانہ نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدے، انھوں نے خاص طریقہ کار پر ڈالر خریدے تاکہ گرفت میں نہ آسکیں۔

    درج ایف آئی آر میں کہا کہ جہانگیر ترین نے 35ہزار ڈالر سے کم خریدے تاکہ نظر میں آسکیں جبکہ نامزد افراد نے جائیدادوں کیلئے70 لاکھ سے زائد ڈالر بیرون ملک منتقل کئے۔

    دوسرے مقدمے میں کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنز کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا جہانگیر ترین کے قابل اعتماد آدمی عامر وارث نے کمپنی اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزکشنزکیں، عامر وارث نے غیرقانونی طریقےسےکمپنی اکاؤنٹس سے2ارب سےزائد رقم نکلوائی۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا عامر وارث نے رقم غیر قانونی طور پر جہانگیر ترین، فیملی ممبرز کے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کرائی، دوران انکوائری جعلی اکاؤنٹ پکڑاگیا جس میں تقریباً6ارب روپےکی غیرقانونی ٹرانزکشنزہوئیں۔

    ایف آئی اے نے مقدمے میں کہا جعلی اکاؤنٹ سے جہانگیر ترین کے مختلف کمپنیز کے اکاؤنٹس میں ٹرانزکشنز کی گئیں، انکوائری میں پتہ چلا کمپنی چیف رانا نسیم نے مرکزی معاون کا کردار ادا کیا، رانانسیم نے جےڈی ڈبلیوکے اکاؤنٹ سے 60کروڑ سےزائد کی ٹرانزکشنز کیں۔

    ایف آئی آر کے مطابق رانانسیم کادعویٰ ہے ٹرانزکشنز تنخواہوں اور بونس کی مد میں کیں جبکہ دوسری جانب پچھلے 5سال سے کمپنی مسلسل خسارے میں تھی ، جہانگیر ترین نے جےڈی ڈبلیو کے فنڈزمیں خوربورد کی جبکہ جہانگیر ترین ،عامر وارث ،رانا نسیم منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

    یاد رہے ایف آئی اے نے شوگرمافیا کے گرد شکنجہ مزید سخت کرتے ہوئے 8 بڑے شوگرملز مالکان کو طلبی کے نوٹسز جاری کئے تھے اور تما م ریکارڈ ساتھ لانے کا بھی حکم دیا تھا۔

    ایف آئی اےذرائع کے مطابق چوہدری شوگر مل (مریم نواز) کو 31مارچ ، رمضان شوگرمل(حمزہ شہباز) کو 2اپریل ، جے ڈی ڈبلیو شوگر مل (جہانگیرترین) کو 2 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

  • سینیٹ الیکشن: جہانگیر ترین کا حفیظ شیخ کی بھرپور حمایت کا اعلان

    سینیٹ الیکشن: جہانگیر ترین کا حفیظ شیخ کی بھرپور حمایت کا اعلان

    ملتان: طویل عرصے سے سیاست سے آؤٹ پی ٹی آئی کے اہم رہنما جہانگیر ترین سینیٹ الیکشن سے قبل سرگرم ہوئے ہیں اور انہوں نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آج جہانگیر ترین نے اسلام آباد کی جنرل نشست پر سینیٹ کے امیدوار حفیظ شیخ سے رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

    اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ سے میرا دیرینہ تعلق اور خاصی پرانی دوستی ہے، ان سے مسلسل رابطہ ہوتا رہتا ہے، حفیظ شیخ کا تعلق میری پارٹی سے ہے، سینیٹ الیکشن کے موقع پر حفیظ شیخ کی بھرپور حمایت کروں گا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ شیخ سے رابطے کے بعد جہانگیر ترین جنوبی پنجاب کے ناراض ارکان اسمبلی کو منانے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں اور انہوں نے کئی ناراض ارکان سے رابطہ بھی کیا ہے اور ان کے تحفظات بھی سنیں۔

    واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں وفاقی دارالحکومت واحد جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان ون آن ون مقابلہ متوقع ہے۔

    عبدالحفیظ شیخ اس وقت وفاقی کابینہ میں وزیر خزانہ کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے، اس سے قبل یوسف رضا گیلانی کے دور میں بھی اسی پوزیشن پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

    یوسف رضا گیلانی اور عبدالحفیظ شیخ کے درمیان مقابلہ قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کی وجہ سے کافی اہمیت حاصل کرچکا ہے، حکمران اتحاد کو بیس نشستوں کی برتری حاصل ہے۔

    وفاقی دارالحکومت کی جنرل نسشت سے متعلق الیکٹورل کالج کچھ اس طرح ہے کہ اسلام آباد کے سینیٹرز کا انتخاب بشمول فاٹا اراکین پوری قومی اسمبلی کے ارکان کرتے ہیں اور اپنے اپنے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔

  • جہانگیر ترین کا وطن واپس پہنچتے ہی بڑا اعلان

    جہانگیر ترین کا وطن واپس پہنچتے ہی بڑا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ملک میں چینی کی قلت ختم کرنے کیلئے حکومت سے تعاون کا اعلان کردیا اور کہا میری تمام 6 شوگر ملز 10 نومبر سے کرشنگ کا آغاز کر دیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چینی کی قلت ختم کرنے کیلئے حکومت سے تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز 10 نومبر کرشنگ کے حکومتی فیصلے کے خلاف پٹیشن کا حصہ نہیں، میری تمام 6 شوگر ملز 10 نومبر سے کرشنگ کا آغاز کر دیں گی، جے ڈی ڈبلیو گروپ چینی قلت کے خاتمے اور قیمت میں کمی کیلئے تعاون کرے گا۔

    یاد رہے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے والے جہانگیر تر ین آج غیر ملکی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے تھے، وہ 7 ماہ ہیمپشائر کنٹری ہوم میں مقیم رہے۔

    جہانگیر تر ین کا کہنا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے باہر گئے تھے، اور 7 سال سے ہر سال علاج کے لیے باہر جاتے رہتے ہیں۔

    اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اپوزیشن کا کام ہے الزام لگانا، جواب دینا ضروری نہیں، اللہ کا شکر ہے کہ میرا تمام کاروبار شفاف ہے۔

  • جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز

    جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز کردیا اورت ملک بھر سے جے ڈبلیو ڈی کی تفصیلات مانگ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز کرتے ہوئے ملک بھر سے جے ڈبلیو ڈی کی تفصیلات مانگ لیں۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے کی سی آئی ٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا ، خط ملتان،لاہور، کراچی، اسلام آباد اور رحیم یار خان کےڈپٹی کمشنرز کو لکھا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین کے خاندان سمیت22افراد اور کمپنیوں کاڈیٹا مانگا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے ایل ڈی اے اور سی ڈی اے سربراہان سےبھی تفصیلات طلب کرلیں ہیں جبکہ جےآئی ٹی نے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا بھی ریکارڈ مانگ لیا۔

    خط کے ذریعے منقولہ،غیر منقولہ جائیداد ،بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ، ایس ای سی پی سےجہانگیر ترین کے نام پر دیگر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

    دوسری جانب ایف آئی اے نے سید احمد محمود سابق گورنر پنجاب کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • جہانگیرترین ‌‌کی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل

    جہانگیرترین ‌‌کی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا بار بار ہاتھ دھوئیں، ہاتھ ملانے اوراجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں کروناوائرس کی وباپھیلی ہوئی ہے، پاکستان میں بھی کرونا وائرس کےاثرات آچکے ہیں۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ  حکومت نے جلد کروناوائرس سے بچاؤ کے اقدامات کئے، اقدامات سے کرونا وائرس پاکستان میں کنٹرول میں رہےگا، ہر شہری کا فرض ہے کہ حکومت کا ہاتھ بٹائے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ  عوام غیرضروری اجتماعات میں جانےسےگریزکریں، اپنے ہاتھ بار بار دھوئیں اور چہرے پر مت لگائیں، کرونا وائرس ہاتھ ملانے سے پھیلتا ہے، اس لئے بیرون ملک سے آنیوالے بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب  احتیاطی تدابیر اپنائیں گے تو جلد کرونا پر قابو پالیا جائےگا، سب ساتھ دیں تو 2 سے 3 ہفتے میں حالات کنٹرول میں آجائیں گے۔

    خیال رہے تحریک انصاف نے عوام میں کرونا وائرس سے آگاہی کے لئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ، مہم کےتحت عوام کو کرونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائےگا۔

  • جہانگیرترین نے دو اینکر پرسنز  پر ہتک عزت کا دعویٰ کردیا

    جہانگیرترین نے دو اینکر پرسنز پر ہتک عزت کا دعویٰ کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین نے اینکروسیم بادامی اور شاہ زیب خانزادہ پر ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ کردیا اور کہا 14دن میں معافی نہ مانگنے پر قانونی کارروائی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین نے اینکروسیم بادامی اور شاہ زیب خانزادہ پر ہتک عزت کادعویٰ کردیا اور جس میں کہا گیا کہ دونوں اینکرزنےمیری ساکھ کونقصان پہنچانےکی کوشش کی، 14دن میں معافی نہ مانگنےپرایک ارب ہرجانےپر قانونی کارروائی کریں گے۔

    یاد رہے دو روز قبل جہانگیر ترین  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ  پنجاب میں ہماری حکومت مضبوط ہے اور حکومت پانچ سال پورے کرے گی، کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، میڈیا والے شام کو چینلوں پر بیٹھ کر حکومت جانے کی بات کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا تھا  اتحادیوں کے ساتھ ہماری بات طے ہوگئی اگلے ہفتے ناراض اتحادی کابینہ میں واپس آجائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے ، جہانگیر ترین

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی پچھلی حکومت کی وجہ سے ہوئی ہے، سابقہ حکومت نے مصنوعی طور پر ڈالر،گیس اور بجلی کے ریٹس کو روکے رکھا۔

    انھوں نے مزید کہا  تھاکہ نواز شریف ملک میں واپس نہیں آئیں گے، ملکی نظام کی بہتری کیلئےلوکل باڈیز الیکشن 2020 میں ہی ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ گنے کی قیمت بڑھنے سے چینی کی قیمت بڑھی ہے

  • جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دے دی

    جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دے دی

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے مسائل اہمیت کے حامل ہیں لیکن کچھ چیزیں ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔

    یہ بات انہوں نے بہادرآباد کراچی میں متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کےمطابق اتحادیوں کو منانے کے مشن پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کی۔

    پی ٹی آئی کے وفد میں جہانگیرترین، وفاقی وزراء اسد عمر، پرویزخٹک کے علاوہ فردوس شمیم نقوی،خرم شیرزمان اورحلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنماؤں کی گفتگو کے دوران جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی۔

    ایم کیو ایم نے تمام مطالبات اور دونوں تحریری معاہدے جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کے سامنے رکھ دئیے، وزارت کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کابینہ میں شامل ہونا اتنا بڑا مسئلہ نہیں ایم کیوایم کے مسائل زیادہ اہم ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ مسائل کب حل ہوں گے، ہم نے17ماہ تک انتظار کیا مگر صرف دعوے اور وعدے ملے۔

    جہانگیرترین نے کہا کہ ہمارے لیے بھی ایم کیوایم کے مسائل اہمیت کے حامل ہیں، لیکن کچھ چیزیں ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا، خالد بھائی ہم چاہتے ہیں کہ آپ ساتھ رہ کر ملک و کراچی کی خدمت کریں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کی خدمت ہمیشہ کی ہے اور کریں گے، ملک کی خدمت کیلئے کسی وزارت کی ضرورت نہیں، ہمارے لئے عوام کے مسائل اہم ہیں ایم کیوایم کے دفاتر بھی کھلنے چاہئیں۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ فاٹا کو پیکج مل جاتا ہے، کراچی کو ایک ارب کیلئے ترسایا جارہا ہے جبکہ محمد حسین نے کہا کہ بتایا جائے کونسی آئینی شق ہے جو کراچی کو فنڈز دینے سے روکتی ہے۔

    اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ خالد بھائی ہم آپ کے مسائل حل کرنے آئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر آپ کے پاس بھیجا ہے۔

    یاد رہے 12 جنوری کو ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے استعفی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے دوسرے ہی روز 13 جنوری کو وفاقی وزیر اسد عمر ایم کیو ایم پاکستان کو منانے بہادرآباد گئے تھے تاہم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنا فیصلہ واپس لینے سے صاف انکار کردیا تھا اور پھر 16 جنوری کو اپنا استعفی بھی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کردیا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا

    وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اعتماد سازی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے جبکہ کراچی میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانےکی ہدایت بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال میں اتحادی جماعتوں کا اہم کردار ہے، وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کےساتھ اعتمادسازی کاعمل تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جہانگیرترین کوخصوصی ٹاسک سونپ دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین کی سربراہی میں وفداتحادیوں سےرابطوں میں تسلسل رکھےگا، ایم کیو ایم،ق لیگ،جی ڈی اےاوربی این پی مینگل سے رابطوں میں تیزی آئے گی، جہانگیرترین، شاہ زین بگٹی اوربلوچستان میں اتحادیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    حکومت نے اتحادیوں کووفاقی ترقیاتی منصوبوں کےمشاورتی عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں وفاق کے نئےترقیاتی منصوبوں میں اتحادیوں کواعتمادمیں لیاجائے گا جبکہ وزیراعظم نے کراچی میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانےکی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی منصوبے اتحادیوں کی مشاورت سے تشکیل دیے جائیں گے ، پی ٹی آئی کراچی ارکان قومی اسمبلی کےتجویزمنصوبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

    حکومت نے کراچی کے لیے100نئےآراوپلانٹس کےمنصوبےپر بھی غورشروع کر دیا گیا ہے جبکہ 10 موبائل میڈیکل یونٹس بھی وفاق کی جانب سے بنائے جائیں گے۔