Tag: jahanian

  • مظفر گڑھ میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق

    مظفر گڑھ میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے جہانیاں میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر نے اموات کی تصدیق کردی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق افراد میں 4 بچے، 2 خواتین اور 1 مرد شامل ہے۔ مرنے والوں میں 65 سالہ محمد نواز، 35 سالہ خورشید مائی، 19 سالہ فوزیہ مائی، 10، 12، اور ڈھائی سال کے بچے جبکہ 2 ماہ کا شیر خوار بچہ شامل ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

    دوسری جانب خاندان کے واحد بچ جانے والے شخص کالا خآن نے اسے انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، پسند کی شادی پر میرے سسرالی رشتہ دار خوش نہیں تھے

    کالا خان نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے خاندان کو جلا کر قتل کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مرنے والوں میں کالا خان کی بیوی اور شیر خوار بچی بھی شامل ہے، خاندان کو جلائے جانے کے الزام کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • جہانیاں میں زمیندار کے کتوں نے تین سالہ بچی کی جان لے لی

    جہانیاں میں زمیندار کے کتوں نے تین سالہ بچی کی جان لے لی

    جہانیاں : زمیندار کے کتوں نے گاؤں کی تین سالہ بچی کو بھنبھوڑ کر رکھ دیا، کتوں کے حملے میں بچی ہلاک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل جہانیاں کی رہائشی تین سالہ نیشہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔

    افسوسناک واقعہ جہانیاں کے نواحی گاؤں میں پیش آیا، لواحقین کی جانب الزام لگایا گیا ہے کہ بچی پر زمیندار کے کتوں نے حملہ کیا تھا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    بچی کے والد کے مطابق اس کی بیٹی نیشہ اشرف گھر کے قریب کھیل رہی تھی، اسی دوران زمیندار کے کتوں نے کھیتوں سے نکل کر حملہ کردیا۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ ایمبولینس نہ ملنے پر زخمی بچی کو اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق متاثرہ والدین نے سگ گزیدی کا شکار بچی کو مقامی قربستان میں سپردخاک کردیا۔

    یاد رہے کہ پنجاب اور سندھ کے کئی علاقوں میں سگ گزیدی کے سیکڑوں واقعات رونما ہوچکے ہیں، اس کے باوجود انتظامیہ سگ گزیدی کے واقعات روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ و پنجاب کی حکومتیں رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر کتا مار مہم بھی چلا چکے ہیں۔

  • پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل کو دیرینہ دشمنی کا نتیجہ قراردے دیا

    پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل کو دیرینہ دشمنی کا نتیجہ قراردے دیا

    اسلام آباد: پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کےقتل کو دیرینہ دشمنی کانتیجہ قرار دے دیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں کوتاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا،  ملزمان کی گرفتاری کے لئےچھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جہانیاں میں ماں بیٹی کےقتل پر آر پی اوملتان نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ، پولیس نےماں بیٹی کاقتل دیرینہ دشمنی کانتیجہ قرار دیا ہے۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں کوتاحال گرفتار نہیں کیاجاسکا، دستیاب وسائل میں رہ کرگرفتاری کی کوششیں کررہےہیں، فریقین میں قتل کے مقدمات پر قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فریقین چھاپہ مارنے والے پولیس اہلکار کو بھی قتل کرچکے ہیں،ر مقتولہ کے بیٹے کے مطابق قتل سابقہ مقدمات کےنتیجےمیں ہوا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

    یاد رہے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں اور بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ، آئی جی پنجاب سے تین دن میں رپورٹ طلب کی تھی، چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد پولیس نے تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لے لیا

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کوکیفر کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔

    واضح رہے جہانیاں کچہری میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیشی پر آئی تاج بیگم اور بیٹی عاصمہ کو قتل کر دیا تھا اور ملزمان گولیاں چلانے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے تھے۔

    دونوں ماں بیٹی قتل کے مقدمے میں مدعی تھیں، جنہیں احاطہ عدالت میں پہنچنے سے پہلے ہی قتل کیاگیا جبکہ پولیس نے واقعہ کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔