Tag: Jail

  • سارا شریف کے قاتل باپ پر جیل میں قیدیوں کا حملہ، حالت تشویشناک

    سارا شریف کے قاتل باپ پر جیل میں قیدیوں کا حملہ، حالت تشویشناک

    لندن: دس سالہ سارہ شریف کے قاتل باپ پر برطانیہ کی جیل میں قیدیوں نے حملہ کردیا، حملے میں عرفان شریف شدید زخمی ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق جیل میں قیدیوں کے حملے میں مجرم عرفان شریف شدید زخمی ہوگیا، گلے پر اسٹیل کے ڈبے کا ڈھکن کاٹ کر وار کیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ لندن کی بیل مارش جیل میں 2 قیدیوں نے سارہ شریف کے والد پر حملہ کیا، جیل اہلکار نے سارہ شریف کے قتل کے مجرم کی جان بچائی۔

    برطانوی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ عرفان شریف پر یکم جنوری کو جیل میں منصوبہ بندی سے حملہ کیا گیا، حملہ آوروں نے مجرم کے  گلے اور چہرے پر وار کیے۔

    واضح رہے کہ سارہ شریف کی لاش 10 اگست 2023 کو برطانیہ میں ووکنگ کے علاقے میں ایک گھر سے ملی تھی جس سے ایک ہی دن قبل ان کے اہل خانہ پاکستان روانہ ہو گئے تھے، سارہ کے والد عرفان شریف، ان کی اہلیہ بینش بتول اور عرفان کے بھائی فیصل ملک پولیس کو اس وقت سے مطلوب تھے۔

    گزشتہ سال ستمبر میں برطانیہ میں بچی کے قتل کے الزام میں والد، سوتیلی ماں اور چچا کو گرفتار کرنے کے بعد مقامی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جن کو عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

  • جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

    جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات کے دوران نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 2، 2 سال کی پرانی ویڈیوز دکھا کر بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، پورے پنجاب سے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21 کو رہا کر دیا گیا۔

    نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جیل میں خواتین کو جیل مینوئل کے مطابق رکھا گیا ہے۔ 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا گیا۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی، نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔

  • سعودی شاعر کو قید کی سزا کیوں ہوئی؟

    سعودی شاعر کو قید کی سزا کیوں ہوئی؟

    ریاض: سعودی عرب میں ایک سعودی شاعر کو ایک معروف شخصیت کے خلاف جھوٹے دعویٰ پر جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی، عدالت نے شاعر کو قید کی سزا سنائی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سنیپ چیٹ اسٹار سعودی شاعر کو سنیپ چیٹ کی ایک معروف شخصیت ولید الدواس کے خلاف دعویٰ دائر کرنا مہنگا پڑ گیا، جھوٹے دعوے نے اسے جیل پہنچا دیا۔

    سعودی شاعر نے دعوے میں خود کو بدنام کرنے اور سماج میں اس کی حیثیت کو نقصان پہنچانے پر معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔

    بریدہ فوجداری عدالت نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے جھوٹے دعوے پر قید کی سزا سنا دی۔

    سعوی عرب میں دعویٰ قانون کی دفعہ 3 کے مطابق اگر کوئی شخص کسی کے خلاف جھوٹا دعویٰ دائر کرے اور اپنے حریف کو نقصان پہنچانے کے لیے غلط بیانی سے کام لے اور اسے معلوم ہو کہ وہ اپنے دعوے میں حق بجانب نہیں تو ایسی صورت میں جھوٹے دعوے دار کو قید کی سزا دی جاتی ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دعوے کے حق میں جن باتوں کا تذکرہ کیا گیا وہ درست نہیں تھیں جبکہ ولید الدواس نے بھی ان کی تردید کی تھی۔

  • آریان خان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار

    آریان خان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار ہوگئے، ان کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔

    بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان جیل میں بے آرام اور پریشان دکھائی دیتے ہیں جبکہ وہ ذہنی الجھن کا شکار بھی ہیں۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں ممبئی کی آرتھر جیل میں موجود آریان خان اور دیگر ملزمان کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جیل کی الگ الگ بیرکس میں رکھا گیا ہے۔

    ممبئی کی خصوصی عدالت میں گزشتہ روز بھی آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں جج نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    جج نے کہا ہے کہ فیصلہ 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔

    آریان خان 3 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

    اس مقدمے میں 20 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات لگائے ہیں۔

  • انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا کی جیل میں آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جکارتہ پولیس چیف نے بتایا کہ جکارتہ کے قریب واقع تانگیر انگ جیل میں رات گئے آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک ہوئے، 8 شدید زخمی اور 72 معمولی زخمی ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے لگی جس پر فائر فائٹرز نے صبح تک قابو پالیا۔ جب آگ لگی اس وقت زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق آگ سے متاثرہ جیل کے 40 قیدیوں کی گنجائش والے بلاک میں 120 قیدی رکھے گئے تھے، اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔

  • قیدیوں کو ‘بے بی شارک’ سننے کی سزا

    قیدیوں کو ‘بے بی شارک’ سننے کی سزا

    امریکا میں جیل کے 3 ملازمین کو قیدیوں کو انوکھی لیکن تکلیف دہ سزا دینے پر عدالتی کارروائی کا سامنا ہے، ملازمین کو جیل کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    امریکی ریاست اوکلاہوما میں جیل کے 2 سابق ملازمین اور ان کا سپروائزر پولیس کے زیر تفتیش ہے، جیل ملازمین نے قیدیوں کو سزا کے طور پر بلند آواز میں بار بار گانا سننے پر مجبور کیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 21 سالہ جیل ملازمین قیدیوں کو دیوار کے ساتھ ہتھکڑیوں سے باندھ دیتے اور بلند آواز میں بچوں کا مقبول گانا بے بی شارک چلا دیتے۔ قیدیوں کو یہ گانا بطور سزا کئی گھنٹوں تک بار بار سنایا جاتا۔

    دونوں ملزمان پر قیدیوں سے ناروا سلوک رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ان کے 50 سالہ سپروائزر کو بھی اس کا ذمہ دار بنایا گیا ہے جو قوانین کی اس خلاف ورزی کو جانتے ہوئے بھی خاموش رہا۔

    ڈسٹرکٹ اٹارنی کا کہنا ہے کہ اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ تینوں پر اس سے بھی سنگین الزامات عائد کرتے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ دونوں ملازمین نے قیدیوں کو سبق سکھانے کے لیے یہ کام سرانجام دیا، دونوں کا خیال تھا کہ قیدیوں کا رویہ سدھارنے کے لیے انہیں ایسی سزا دینی ضروری ہے جس سے ان کا دماغ درست ہو۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ سزا سے قیدی سخت ذہنی و جذباتی تناؤ کا شکار ہوئے۔

    جیل میں یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے اس کی تفتیش شروع کی تھی جس پر دونوں ملازمین نے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم اب دونوں کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے اور دونوں کو سزا بھی ہوسکتی ہے۔

  • بیٹے کو جیل سے چھڑانے کے لیے ماں نے گہری سرنگ کھود ڈالی

    بیٹے کو جیل سے چھڑانے کے لیے ماں نے گہری سرنگ کھود ڈالی

    یوکرین میں ایک ماں نے اپنے سزا یافتہ بیٹے کو قید سے چھڑانے کے لیے 35 فٹ گہری سرنگ کھود ڈالی، تاہم سرنگ پولیس کی نظروں میں آگئی جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    یوکرینی میڈیا کے مطابق 51 سالہ خاتون کا بیٹا جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ ماں نے اسے جیل سے نکالنے کے لیے پہلے ایک قریبی علاقے میں گھر کرائے پر لیا۔

    اس کے بعد اس نے پھاؤڑے اور کدال حاصل کیے اور گھر کے قریب سے سرنگ کھودنی شروع کردی، 51 سالہ ماں رات کے وقت اسکوٹر پر نکلتی اور اپنا کام شروع کردیتی۔

    دن کے وقت وہ اپنا زیادہ تر وقت گھر کے اندر گزارتی تاکہ کم سے کم لوگ اس سے واقف ہوں۔

    سرنگ کھودنے کے بعد مٹی اٹھانے کے لیے وہ ایک چھوٹی ٹرالی بھی استعمال کر رہی تھی۔ بالآخر وہ ایک 35 فٹ گہری سرنگ کھودنے میں کامیاب ہوئی جو جیل تک پہنچ رہی تھی تاہم جلد ہی وہ پولیس کی نظروں میں آگئی۔

    پولیس نے خاتون کے حوالے سے آس پاس کے لوگوں سے دریافت کیا تو کوئی بھی اسے نہیں پہچان سکا، تاہم لوگ اس کی ہمت سے بے حد متاثر ہوئے۔

    ایک مقامی شہری کا کہنا تھا کہ جس مہارت سے عورت نے یہ سرنگ کھودی ہے اس سے یوں لگتا ہے جیسے یہ کسی کان کن کی بیٹی ہو، ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ اصل ماں یہ ہے، وہ نہیں جو اپنے بچوں کو چھوڑ جاتی ہے۔

    عدالت کی جانب سے ماں کو سزا بھی سنائی گئی جسے اب وہ جیل میں پوری کر رہی ہے۔

  • صوبے میں دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کا بڑی جیلوں میں آپریشن

    صوبے میں دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کا بڑی جیلوں میں آپریشن

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر رینجرز اور پولیس نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی اور درپیش خطرات کے پیش نظر جیلوں میں آپریشن کیا گیا ہے۔

    رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ سندھ کی جن تین جیلوں میں آپریشن کیا گیا ان میں سینٹرل جیل کراچی، حیدر آباد اور سکھر جیل شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں رینجرز کے مختلف ونگز نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران تینوں جیلوں کے تمام قیدیوں، بیرکس اور سیلز کی تلاشی لی گئی، آپریشن میں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سونگھنے والے سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی۔

    تلاشی کے دوران جیلوں سے مختلف ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ قیدیوں سے ٹیلی ویژن، چاقو، قینچی، یو ایس بی، میموری کارڈ ملے، ایم پی فائیو، لائٹرز، ناخن تراش اور ہیٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    سندھ رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جیلوں کے داخلی و خارجی راستوں کو چیک کیا گیا، سیکورٹی سے متعلق جیلوں کے دیگر انتظامات بھی چیک کیے گئے۔

  • کرونا وائرس: سعودی جیلوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد شروع

    کرونا وائرس: سعودی جیلوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد شروع

    ریاض : سعودی حکام نے کرونا وائرس کے پیش نظر جیل عملے اور قیدیوں کےلیے آگہی مہم اور احتیاطی تدابیر کا آغاز کردیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی عالمی وبا نے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کو بھی متاثر کیا ہے جہاں اب تک 238 افراد میں ہلاکت خیز وبا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

    سعودی وزارت صحت اور داخلہ نے جیل میں قید افراد اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کےلیے طبی خدمات انجام دینے والے اداروں کے تعاون سے احتیاطی تدابیر بتارہے ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اور آگہی مہم کا کام ماہر ڈاکٹر انجام دے رہے ہیں جبکہ وہ قیدی جو صحت کے اصولوں سے واقف ہیں وہ بھی آگہی مہم چلانے میں ڈاکٹر کی مدد کررہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق قیدیوں کو بیرکس میں جانے سے قبل اپنا مکمل طبی معائنہ کروانا ہوتا ہے جس کے لیے باقاعدہ جیل میں ایک طبی کیمپ بھی لگایا گیا ہے، عملے نے قیدیوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے تحت ماسک اور دستانے بھی تقسیم کردئیے ہیں۔

  • نیب کو حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی

    نیب کو حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی

    لاہور : احتساب عدالت نے نیب کو آمدن سے زائد اثاثے کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے پر قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کیلئے اجازت مانگی۔

    درخواست میں نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، گرفتار ملزم نثار گل سے ہونے والی تفتیش کے بعد نئے شواہد سامنے آئے ہیں، حمزہ شہباز سے بے نامی کمپنیوں کے متعلق انویسٹی گیشن کرنی ہے، حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دی جائے۔

    احتساب عدالت نے نیب کو حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

    مزید پڑھیں : حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    واضح رہے نیب نے لاہور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو گرفتار کیا تھا ،حمزہ شہبازپرمنی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثےبنانے کے الزامات ہیں اور وہ 12 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

    نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی وجوہ بھی جاری کیں تھیں، نیب نے کہا تھا 2003 میں حمزہ شہباز کے اثاثے 18 ملین تھے اور 2017 تک اثاثے 411.630 ملین ہوگئے، جب کہ ملزم نے 181 ملین روپے باہر سے آمدن کا دعویٰ کیا تھا۔

    خیال رہے منی لانڈرنگ اورآمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف مختلف زاویوں سےتحقیقات جاری ہے ، الزامات کے مطابق شریف فیملی کے انیس سو ننانوے میں اثاثہ جات پانچ کروڑچھتیس لاکھ تھے،اب ان کی دولت سواتین ارب کیسے ہوگئی؟