Tag: jail on judicial remand

  • انسدادِ دہشت گردی عدالت کا  حلیم عادل شیخ  کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کا حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    کراچی : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ اور شریک ملزمان کو ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت میں وکلا نے حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلنے کےواقعے سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    عدالت نے استفسار کیا سانپ کیا کررہا تھا وہاں ؟ حلیم عادل شیخ نے کہا میرے کمرے میں منصوبہ کے تحت سانپ چھوڑا گیا ، جس پر جج نے سوال کیا سانپ کے منہ میں دانت دیکھے تھے آپ نے ؟

    تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ کا 3 مارچ تک ریمانڈ مانگا ، جس پر وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا سیاسی انتقام کا کیس ہےدہشتگردی کا نہیں ،حلیم عادل پر حملہ ہوا گاڑی پرفائرنگ ہوئی ، سیون اے ٹی اے لگانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

    حلیم عادل نے کہا مجھے قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے ، جس پر جج نے کہا آپ سیاسی باتیں باہر جاکر کریں یہاں نہیں ، آپ کو جیل بھیج رہے ہیں وہاں آپ محفوظ رہیں گے۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دیا۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر 22 فروری کو دلائل طلب کرلئے۔

    یاد رہے حلیم حادل شیخ کو ملیر پی ایس88 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے احکامات نہ ماننے پر گرفتار کیا گیا تھا ، پولنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ مسلح محافظوں کے ساتھ حلقے میں گشت کررہے تھے۔

    بعد ازاں حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعےکوپیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • لاہور، عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    لاہور، عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    وکیل نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مقدمے سے دستبردار کرنے کی درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل کیپٹن (ر) صفدر کو ضلع کچہری میں پیش کیا گیا تھا، پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    وکیل کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ میرے موکل کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، مقدمے سے دستبردار کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: لاہور:کیپٹن (ر) صفدرکو گرفتارکرلیا گیا

    پراسیکیوٹر جنرل نے کیپٹن (ر) صفدر کی اشتعال انگیز تقاریر کی سی ڈی عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقاریر میں وہ عوام کو حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں، ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا عدالت میں کہنا تھا کہ مجھے پکڑا گیا تو پتا ہی نہیں چلا کہ کون گرفتار کررہا ہے۔

    وکیل فرہاد شاہ نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کا تعلق کسی کالعدم تنظیم سے نہیں ہے، کسی کی خواہش پر ایف آئی آر میں دفعات شامل نہیں کی جاسکتی ہیں۔

    عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مقدمے سے دستبردار ہونے کی استدعا اور پراسیکیوٹر کی جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کیا تھا، انہیں حکومت کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مریم نواز کی عدالت میں‌ پیشی کے دوران پولیس پر حملہ بھی کیا تھا اور اس کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے ضمانت کرالی تھی۔