Tag: jaloos

  • عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا

    عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا

    کراچی : جشن عید میلاد النبیؐ آج ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔

    صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوگا، نماز فجر کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی و استحکام ، امت مسلمہ کی سربلندی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

    شہر کی مساجد، عمارتوں، شاہراہوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

    اخبارات و رسائل عید میلاد النبی کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع کریں گے جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز خصوصی پروگرام پیش کریں گے۔

    شہر بھر میں عید میلاد النبیؐ کی ریلیاں، جلوس اور جلسے منعقد ہوں گے، جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری،حاجی محمد حنیف طیب،علامہ کوکب نورانی اوکا ڑوی ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،صوفی محمد حسین لاکھانی، مولانا خلیل الر حمن چشتی، ڈاکٹر عبدالرحیم ،مولانا محمد اکرم سعیدی ودیگر قائدین ،علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا

    عید میلاد النبیؐ کا جلوس براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔ جلوس کی سیکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکارتعینا ت ہوں گے

  • یوم شہادت حضرت علیؓ، شہر شہر مجالس اور جلوس

    یوم شہادت حضرت علیؓ، شہر شہر مجالس اور جلوس

    کراچی : یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ آج عقیدت و احترام سےمنایا جارہا ہے، ملک بھرمیں مجالس عزابرپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں مجالس عزابرپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد کیے جائیں گے، عزاداران نوحہ خوانی کرتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔

    کراچی میں مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے 1 بجے برآمد ہوگا، جلوس کی قیادت بوتراب اسکاوٴٹس کرینگے۔

    یوم علی کی جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، پانچ ہزارسے زائد پولیس اہلکار و افسران سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، جلوس کے شرکا نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ امام بارگاہ علی رضا پر ادا کریں گے، جس کے بعد نشترپارک سے برآمد ہونیوالا یوم علی کا مرکزی
    جلوس سی بریز ،صدر دواخانہ ،امپریس مارکیٹ،ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ،لائٹ ہاوس موڑ سے ہوتا ہوا کھارادر سے حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے روٹ پر کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی ایک روز کیلئے پابندی عائد ہے۔

    لاہورمیں حویلی مبارک شاہ سے کچھ دیر بعد یوم علی کا ماتمی جلوس برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

    راولپنڈی میں امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین میں اختتام پذیر ہوا۔

    پشاور میں بھی یوم علی کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ عالم شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

    حیدرآباد میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس کربلا دادن شاہ سے برآمد ہوگا، جلوسوں کی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ میں بلند عمارتوں پر پولیس کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستے سےمتصل 28 گلیاں سیل کی جارہی ہیں۔

    ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی یوم علی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدر سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • یوم شہادت حضرت علیؓ،شہر شہر مجالس اور جلوس

    یوم شہادت حضرت علیؓ،شہر شہر مجالس اور جلوس

    کراچی : یوم شہادت حضرت علی پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس موقع پر ملک بھر کے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

    حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت پر ملک کے مختلف شہروں میں علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، عزاداران نوحہ خوانی کرتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں ہیں، مختلف شہروں میں یومِ علی کے جلوس برآمد ہوئے۔

    یوم علی کے موقع پر ملک بھر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، سیکیورٹی کیلئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ رات گئے ایم اے جناح روڈ پر قائم تمام دوکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    کراچی میں مرکزی جلوس شاہ خراسان سے برآمد ہوگا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

    یوم علی کے موقع پر راولپنڈی کا مرکزی جلوس مومن پورہ سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ اسلام آباد میں یوم علی کا مرکزی جلوس جی سکس امام بارگاہ سے بعد نماز ظہرین برآمد ہوگا۔ جلوس لال کوارٹر، صدر روڈ، لال مسجد سے ہوتا ہوا واپس جی سکس امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہوگا۔

    لاہور میں بھی یوم علی کی مناسبت سے مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوگیا ہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام ہوگا جبکہ اس کےعلاوہ شہر بھر کی چھوٹی بڑی امام بارگاہوں سے بھی جلوس برآمد ہوں گے۔

    پشاور میں بھی یوم علی کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ عالم شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

    سکھر میں یوم علی کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے بر آمد ہوا، جو مہران مرکز اور ایوب گیٹ سے ہو کر واپس مرکزی امام بارگاہ اختتام پذیر ہوگیا۔

    ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی یوم علی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔پہلا مرکزی ماتمی جلوس چاہ بوہڑ والا کاشانہ حیدر امام بارگاہ سے برآمد ہوچکا ہے۔ ملتان پولیس نے یوم علی کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں ۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ملک بھر میں چہلم امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    ملک بھر میں چہلم امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    کراچی / کوئٹہ / لاہور: چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ صوبوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی جبکہ لاہور میں جلوس کے  شرکاء کی بائیو میٹرک تصدیق کو لازم قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلیے شہر میں دو روز کے لیے دفع 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت شہر بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم صحافیوں، بزرگوں ، خواتین اور بچوں کو اس پابندی سے مستشنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

    شہر بھر میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے جلوس کی گزرگاہوں پر آنے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ ایم اے جناح روڈ اور اس سے ملحقہ دکانوں کو سیل لگا کر بند کردیاگیاجبکہ صوبائی حکومت نے تعلیمی درسگاہیں بند رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

    پڑھیں:  ’’ سندھ بھرمیں دو روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد ‘‘

    بلوچستان کے علاقے کوئٹہ میں بھی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ پورے شہر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت اجتماعات، جلسہ جلوس اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    دوسری جانب لاہور میں چہلمِ امام حسینؓ کے جلوس کا سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، جلوس کے روٹ پر 2500 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کی تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  • مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، گورنر سندھ

    مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں تمام مذاہب و مسالک کو آئین و قانون کے تحت مذہبی و مسالکی عبادات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے مذہبی و مسالکی ایام میں پر امن عبادتوں کی ادائیگی کے لئے صوبہ میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن،ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر،ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ ،انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ کرکے ان سے محرم الحرام کی مجالس ،جلوسوں کی سکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں ۔

    گورنر سندھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فول پروف سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اس ضمن میں جلوسوں کے راستوں پر نگراں کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ آغاز سے اختتام تک تمام جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جاسکے۔

    انہوں نے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں ،مساجد اور مجالس کے مقامات کے باہر اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ صوبہ کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں سے صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہی حاصل کی جائے۔

    ڈاکٹر عشرت العباد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکس رہے، صوبے میں امن و امان کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے لیے ادارے بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تمام افراد قانون فافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی سے کسی بھی خوش گوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔

    آپریشن ضرب عضب پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ملک بھر میں جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید مستحکم کیا جائے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔

  • امام حسین چہلم ، کراچی سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں

    امام حسین چہلم ، کراچی سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں

    کراچی : شہداء کربلا کا چہلم آج عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔

    شہدا کربلا کا چہلم پوری عقیدت و احترام سےمنایا جارہا ہے، شہر شہر میں جلوس نکالے جارہے ہیں، کراچی ، لاہور ، راولپنڈی سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے، پولیس، ایلیٹ فورس اور رینجرز اہلکار جلوس کی سیکورٹی پر مامور ہیں۔ جبکہ جلوسوں کے راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

    لاہور میں مرکزی قدیمی ماتمی تعزیے کا جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ موچی گیٹ سے بر آمد ہو کر اپنی منزل کربلا گامے شاہ کی جانب رواں دواں ہے۔

    کراچی میں شہداَئے کربلا کے جلوس کے لئے ایم جناح روڈ کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہے, پولیس کیمطابق کراچی میں 100 سے زائد ماتمی جلوس ، 465مجالس منعقد ہونگی.

    راولپنڈی میں امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے چہلم کا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔

    قیام امن یقینی بنانے کے لئے سندھ، پشاور اور کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی ہے، اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے.

    سیکرٹری داخلہ بلوچستان کےمطابق چہلم کےموقع پر کوئٹہ سمیت سات اضلاع میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ رہے گی۔ پشاور میں بھی دفعہ ایک سو چوالیس کےساتھ ساتھ افغان مہاجرین کے شہر میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے.

  • جیکب آباد:جلوس کی گزرگاہ پردھماکہ،23افراد جاں بحق

    جیکب آباد:جلوس کی گزرگاہ پردھماکہ،23افراد جاں بحق

    جیکب آباد : نویں محرم کے جلوس کی گزرگاہ پر جیکب آباد میں زور دار بم دھماکہ سے 23 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

    تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مرتضی پارک کے قریب لاشاری محلہ میں ماتمی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 23 افراد موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    سانحہ جیکب آبادکےبعدامن وامان کیلئےفوج طلب کرلی گئی ،جبکہ غفلت برتنےپرایس ایس پی ملک ظفراقبال معطل کردیاگیا۔

    شہید ہونے والوں میں سورج کھوسو ،زاہد حسین، حبیب اللہ، صبا ،قاسم ،عامر سومرو اور دیگر شامل ہیں ۔

    دھماکے میں جاں بحق ہونےوالے بچوں میں دو سالہ صبا،چھ سالہ اقصیٰ،نوسالہ سورج کھوسو،آٹھ سالہ زاہد اور آٹھ سالہ عامر سومرو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مرنیوالوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    ماتمی جلوس پر حملے کے بعد مشتعل افراد نے ایس ایس پی اور ڈی ایس پی کو گھیرلیا،شدید ہنگامہ آرائی کی اور واقعے کےخلاف شدید تعرے بازی کی.

    وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے شہریوں نسے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی عزاداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کردیا۔

    امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    جیکب آباد میں احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی، دھماکے کے بعد لوگ مشتعل ہو گئے اور پولیس افسران کو زدو کوب کیا،۔

    پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر افسران کو بچایا، مشتعل مظاہرین نے ڈی سی او چوک پر متعدد گاڑیوں کو آگ بھی لگادی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔

    مشتعل مظاہرین نے پتھراؤ کرکے ٹریفک معطل کردیا متعدد گاڑیوں کو آگ بھی لگادی، رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا یا، اس علاوہ سندھ، بلوچستان سرحد کو بھی سیل کردیاگیاہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے جیکب آبادایئربیس کےکمانڈرسےٹیلیفون پررابطہ کرکے زخمیوں کی کراچی، سکھر،لاڑکانہ اور سی ایم ایچ پنوعاقل منتقلی کیلئےائیرایمبولینس دینے کی درخواست کی ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں اور عوام سے دھماکے کے بعد خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی ہے۔

    انہوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد اسپتا لوں میں پہنچ جائیں اور فوری طور پر خون کا عطیہ دیں انہوں نے سندھ کے سرکاری حکام کو بھی ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔

    سابق صدر آصف زرداری بلاول بھٹو زرداری،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی اور ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس اوریپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے جیکب آباد بم دھماکے میں بے گناہ افراد ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے


    Eight killed blast near procession in Jacobabad by arynews

  • محرم الحرام جلوس : کراچی میں ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان

    محرم الحرام جلوس : کراچی میں ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان

    کراچی : ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے تحت 22 ۔ 23 اور24اکتوبر یعنی 8،9،اور 10 محرم الحرام کو جلوس کے موقع پر ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے اس موقع پر شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا اعلان کردیا ہے۔

    آٹھ محرم الحرام۔1437 ھ بمطابق2 2اکتوبر ۔2015کو1:30بجے ایک مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہوکر مندرجہ ذیل راستوں سے ہو تا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ روٹ: نشترپارک، سر شاہ نواز بھٹو روڈ، محفل شاہ خراساں، ایم اے جناح روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، دوبارہ ایم اے جناح روڈ، بابائے اردو روڈ، نشتر روڈ، بارہ امام ، الطاف حسین روڈ(پرانا نیپئر روڈ)، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، نواب محبت خانجی روڈ سے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ ۔

    نو محرم الحرام۔ 1437ھ بمطابق 23 اکتوبر ۔2015 کو9بجے شیعہ علماءکا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوگا۔ یہ جلوس پہلے مارٹن روڈ امام بارگاہ اور پھر نشتر پار ک پہنچے گا،جہاں مرکزی مجلس ہوگی تقریبا 12:00 بجے جلوس نشتر پارک سے شروع ہوکر مندرجہ ذیل راستوں سے ہو تا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ، کھارادر میں اختتام پذیر ہو گا۔
    روٹ: نشترپارک، سر شاہ نواز بھٹو روڈ، محفل شاہ خراساں، ایم اے جناح روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، دوبارہ ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ سے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ۔

    دس محرم الحرام۔1437 ھ بمطابق 24اکتوبر۔2015 کو 0730 تا 0900 بجے نشتر پارک میں ایک بڑی مجلس منعقد ہو گی اور بعد از مجلس مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جودرج بالاروٹ(بمطابق 9محرم جلوس روٹ) سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ، کھارادرمیں اختتام پذیر ہو گا۔

    جیسے ہی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگاشہر کی جانب سے آنے والی تمام ٹریفک کو سولجر بازار(بہادر یار جنگ روڈ)، کوسٹ گارڈ، انکل سریاچوک سے جوبلی یا نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ تمام ٹریفک جوکہ ناظم آباد کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہی ہو نگی انہیں لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

    تمام ٹریفک جوکہ لیاقت آباد کی جانب ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہی ہونگی انھیں تین ہٹی چوک سے مارٹن روڈ پر جیل روڈ کی طر ف موڑ دیا جائے گا ان تمام گاڑیوں کو جیل چورنگی فلائی اوور تک جانے کی اجازت ہوگی اوریہ تمام گاڑیاں جیل روڈ سے ہوتی ہوئی جمشید روڈ، دادا بھائی نورجی روڈ، کشمیر روڈشاہراہ قائدین ، شاہراہ فیصل، لکی اسٹار، سرور شہید روڈ، فاطمہ جناح روڈ، مولانادین محمد وفائی روڈ ، ڈاکٹر ضیاءا لدین احمد روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈکی طرف موڑ دیا جائے گا۔
    اسی طرح وہ تمام ٹریفک جو کہ اسٹیڈیم روڈکی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جائیں گی ، انہیں نیو ایم اے جناح روڈکی جانب سے آنے کی اجازت ہو گی۔ البتہ یہ گاڑیاں دادا بھائی نورجی روڈ، کشمیر روڈاور سوسائٹی لائٹ سگنل سے ہوتی ہوئی براستہ شاہراہ قائدین سے شارع فیصل پر پہنچے گی۔

    وہ تمام ٹریفک جو کہ سپر ہائی وے، گلبرگ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جانا چاہیں انہیں لیاقت آباد نمبر10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر2 کی طرف موڑ دیا جائے گا جو براستہ حبیب بینک چوک، اسٹیٹ ایونیو روڈ، شیرشاہ سے ماری پور تک جاسکیں گے اور اسی طر ح واپسی کے لئے یہی راستہ اختیا کیا جائے گا۔

    وہ تمام ٹریفک جو کہ نیشنل ہائی وے کی جانب سے شہر کی طرف جائیں گی انہیں براستہ راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، لیاقت آبادنمبر 10، ناظم آباد چورنگی نمبر2، حبیب بینک چوک، اسٹیٹ ایونیو روڈ، شیرشاہ سے ماری پور تک آنے کی اجازت ہو گی اور اسی طر ح واپسی کے لئے یہی راستہ اختیا کیا جائے گا۔

    ہر قسم کی چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس تمام ٹریفک کو، بہادر یار جنگ روڈ اور خان بہادر نقی محمد خان روڈ پر موڑ دیا جائے گا۔ البتہ یہ ٹریفک سولجر بازار روڈ اور خان بہادر نقی محمدخان روڈ، بہادر یار جنگ کراسنگ تک جا سکیں گی۔

    تمام قسم کی چھوٹی ٹریفک جوکہ مزار قائد کی طرف سے براستہ ایم اے جناح روڈ کی جانب سے آ رہی ہو گی اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ پر موڑ دیا جائے گا اور کسی بھی گاڑی کو کسی بھی حالت میں نمائش چوک کی جانب جانے کی اجازت نہ ہو گی۔

    تمام قسم کی ٹریفک جوکہ براستہ شاہراہ قائدین سے نمائش چوک کی جانب جائے گی اسے سوسائٹی آفس چورنگی سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سوائے ان گاڑیوں کے جنکے ونڈ اسکرین پرجلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چپسا ں ہوگا ۔

    جب جلوس کا اگلا سر ا ایم اے جناح روڈ، مینسفلڈ اسٹریٹ پر پہنچے گا تو تمام ٹریفک جو صدر اوردوسری کالونیوں کی طرف جانا چاہے گی اسی کو ایمپریس مارکیٹ کی طرف ذیل چوراہوں سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
    پریڈی اسٹریٹ ایم اے جناح روڈ۔ ، کورٹ روڈ چوک ، فریسکو چوک۔

    10محرم الحرام کو تمام ٹریفک جو کہ کیماڑی کی جانب سے آرہی ہے اسے مسان روڈ سے شیریں جناح کی جانب موڑ دیا جائے گا اور وہ تما م ٹریفک جوکہ ویسٹ وہارف اور ماڑیپور کی جانب سے آرہی ہے۔ اسے ICI سے آگے آنے نہیں دیا جائے گا۔

    9اور 10 محرم الحرام 1436ھ کی درمیانی شب تازیو ں پر مشتمل جلوس شہرکے مختلف حصوں سے برآمد ہوگاجس کے لیئے مندرجہ ذیل ٹریفک کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔

    وہ تمام بسیں ومنی بسیں جو کہ جمشید کوارٹر سے صدر کی جانب براستہ ایم اے جناح روڈ آرہی ہیں ان کورات10بجے کے بعد منسفیلڈ اسٹریٹ کی جانب آنے کی اجازت نہیں ہوگی.

    اسی طرح وہ تمام بسیں ومنی بسیں جو صدر کی جانب براستہ شاہراہ لیاقت سے ہوتی ہوئی ایمپریس مارکیٹ اور دوسری رہائشی علاقوں میں جانا چاہتی ہوں انہیں محمد بن قسم روڈ۔ ایم اے جناح روڈکراسنگ سے موڑدیا جائے گا اور وہ گاڑیاں جو کہ ملیر اور شارع فیصل کی جانب جانا چاہیں انہیں کورٹ روڈ، مولانا دین محمد وفائی روڈ(پرانااسٹریچن روڈ)، عبداﷲ ہارون روڈ، میر ی ویدر روڈ سے شارع فیصل کی جانب موڑدیا جائے گا۔

    وہ تمام بسیں جو کہ کورنگی سے صدر کی جانب آر ہی ہیں انہیں واپس منسفیلڈ روڈ جنکشن ، رفیقی شہید روڈ، سرور شہید روڈ(لکی اسٹار)سے موڑ دیا جائے گا۔

    پریڈی اسٹریٹ۔ ایم اے جناح روڈ۔منسفیلڈ اسٹریٹ اور شارع لیاقت کو تمام ٹریفک کے لیے 10بجے (یا اس سے قبل ضرورت کے تحت) مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا البتہ ان تمام علاقوں کے رہائشیوںکو صدر کی طرف سے اپنی رہائش گاہ تک جانے کی اجازت ہو گی۔

    وہ تمام بسیں ومنی بسیں جو کہ لی مارکیٹ سے ٹاور کی جانب جانا چاہیں وہ درج ذیل متبادل راستہ اختیار کریں ۔ آغاخان روڈ۔ ڈالومل چہلارام روڈ۔ میر محمد بلوچ روڈ اور شید ی بلوچ روڈ۔

    نوٹ: کسی بھی گاڑی کو جلوس کے روٹ پر آنے، جانے اور گاڑی کھڑی کرنےکی اجازت نہیں ہوگی۔

  • کراچی : یومِ شہادت علی کا مرکزی جلوس ، سیکیورٹی کیلئے پہلی بار روبوٹ کا استعمال

    کراچی : یومِ شہادت علی کا مرکزی جلوس ، سیکیورٹی کیلئے پہلی بار روبوٹ کا استعمال

    کراچی: یومِ شہادت علی کے سلسلے میں ملک بھر میں مجالس و جلوس نکالے جائیں گے، کراچی میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے موقعے پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پہلی بار روبوٹ کا استعمال کیا جارہا ہے، جو بم ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    کراچی میں یوم شہادت علی کی مرکزی مجلس نشترپارک میں ہوگی، جس کے بعد جلوسِ علم برآمد ہوگا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ یوم حضرت علی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

    اطراف کی تمام سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے، جلوس کی سیکیورٹی پولیس اور رینجرز کے اہلکار کریں گے جبکہ اسکاؤٹ تنظیمیں بھی نگرانی کی ذمہ داری انجام دیں گی، جلوس کا خفیہ کیمروں کی مدد سے بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    کراچی کی شارع پر مشکوک بیگ کی جانچ کرتی یہ مشین جدید ٹیکنالوجی کاحامل آئی ای ڈی ربورٹ ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے زیرِ استعمال یہ روبوٹ یوم علی کے جلوس کی راہ میں آنے والی مشکوک اشیاء کو چیک کررہا ہے۔

    آئی ای ڈی روبوٹ بم ناکارہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے  پاکستان میں پہلی بارجلوس کی سیکیورٹی کیلئے ربورٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کی مالیت ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، جدید ترین تکنیک کے حامل روبوٹ میں چار کیمرے اور ایک گن نصب ہے،  روبوٹ کا کنٹرول روم پولیس وین میں ہے، جو امریکا سے سندھ پولیس کو خصوصی طور ملی تھی۔

  • حضرت علی کا یوم شہادت، مختلف شہروں میں علم و ذوالجناح کے جلوس

    حضرت علی کا یوم شہادت، مختلف شہروں میں علم و ذوالجناح کے جلوس

    کراچی : خلیفہ چہارم حضرت علی کا یوم شہادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت پر ملک کے مختلف شہروں میں علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، عزاداران نوحہ خوانی کرتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں ہیں، مختلف شہروں میں یومِ علی کے جلوس برآمد ہوئے جبکہ کراچی میں مرکزی جلوس شاہ خراسان سے برآمد ہوگا۔

    لاہور میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔

    جلوس کے راستوں پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے، جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئرکرایا گیا ہے۔

    جلوس کے اختتام پرمجالس منعقد کی جائیں گی، جس میں علماء و ذاکرین شہادت حضرت علی کے فلسفے پر روشنی ڈالیں گے۔

    سکھر ، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی یوم علی پر جلوس نکالے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،  شہادت حضرت علی کے سلسلے میں گوجرانوالہ میں سترہ جلوس نکالے جاررہے ہیں، جن کی سیکورٹی کے لیے چار ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔

    کشمور میں یومِ علی کے موقع پر پانچ ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جلوس کی حفاظت کیلئے دو ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جلوس کندھ کوٹ ، کشمور ، گڈو، تنگوانی اور بڈانی سے برآمد ہوں گے، آنے اور جانیوالی گزرگاہوں کو سیل کردیا گیا ہے، جلوسوں کی خفیہ نگرانی کیلئے سات کیمرے نصب کئے گئے ہیں، سندھ بلوچستان اور سندھ پنجاب کے راستوں کو سیل کرکے بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

    سکھر کی مختلف امام بارگاہوں سے بھی جلوس بر آمد ہونگے۔ سیکورٹی کے لیے گیارہ سو پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں جبکہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے ۔کشمور میں یوم علی کے موقع پر پانچ ماتمی جلوس کندھ کوٹ ،کشمور ،گڈو،تنگوانی اور بڈانی سے برآمد ہوئے ۔ جلوسوں کی حفاظت کیلئے دو ہزار پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ۔ہارون آباد میں ماتمی جلوس نکالا گیا اس موقعے پر امام بارگاہوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے۔

    شہادت حضرت علی کے سلسلہ میں گوجرانوالہ پولیس نے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کر رکھے ہیں،  21 رمضان المبارک کو شہادت حضرت علی کے سلسلے میں گوجرانوالہ ضلع میں 17 جلوس نکالے جارہے ہیں ، 50 مجالس ہوں گی ضلع بھر میں افسران سمیت 4385 پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں رہے ہیں ۔ 67 لیڈی کانسٹیبلان بھی مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کی گئی مشکوک افراد کو پکڑنے کے لئے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

    ملتان میں یوم علی کے حوالے سے آج دو بڑے مرکزی جلوس نکالے جائیں گے، اس وقت کینٹ چاہ بورڈ والا کے مقام سے جلوس برآمد ہورہا ہے۔ملتان میں یومِ علی کے موقع پر شہر بھر میں 3280 پولیس اہلکار تعینات ہے، شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ جبکہ ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے

    بھکر میں یوم حضرت علی کا مرکزی ماتمی جلوس اما م بارگاہ درِآباد سے برآمد ہوا، جلوس کی سیکیورٹی کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی، پیرمحل میں یوم علی کے موقع پر دفعہ144نافذ کر دی گئی۔

    اوکاڑہ میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ایوان حسین سے بعد نمازعصربرآمدہوگا۔ ضلع میں سات جلوس نکالے جائیں گے اس موقع سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، 1700 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

    یومِ علی کے موقع پر ملک بھر کی طرح ٹنڈوالہ یار میں بھی مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدری سے برآمد ہوا، مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حیدری پر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے دوران عزاءداروں نے سینہ کوبی کی اور زوالجناح کی زیارت کی، یوم علی کےمرکزی جلوس کےموقع پر پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، خاردارتاروں سے جلوس کی گزرگاہوں کو سیل کرکے اسنیپ چیکنگ بھی کی گئی۔