Tag: Jamaat e Islami

  • بنگلادیش نے جماعت اسلامی پر پابندی ختم کر دی

    بنگلادیش نے جماعت اسلامی پر پابندی ختم کر دی

    ڈھاکا: بنگلادیش نے ملک کی سب سے بڑی اسلامی پارٹی جماعت اسلامی پر سے پابندی ہٹا دی۔

    اے ایف پی کے مطابق بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے اتوار کو سب سے بڑی اسلامی جماعت کی رجسٹریشن بحال کر دی، اور اسے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

    سابقہ معزول حکومت کی جانب سے لگائی گئی ایک دہائی سے زیادہ عرصہ رہنے والی پابندی کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیا، اور جماعت اسلامی کو باضابطہ طور پر الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعت کے طور پر درج ہونے کی اجازت دے دی۔

    کمیشن کے وکیل توحید الاسلام نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پارٹی کی رجسٹریشن کو قانون کے مطابق بحال کرے، جماعت اسلامی کے وکیل ششیر منیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے 170 ملین آبادی والے مسلم اکثریتی ملک میں جمہوری، جامع اور کثیر الجماعتی نظام بحال ہو گیا۔

    وکیل منیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ہمیں امید ہے کہ بنگلادیشی، اپنی نسلی یا مذہبی شناخت سے قطع نظر، جماعت اسلامی کو ووٹ دیں گے، اور پارلیمان تعمیری مباحثوں سے روشن ہوگی۔‘‘

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں شیخ حسینہ کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد جماعت اسلامی نے 2013 کے ہائی کورٹ کے حکم پر نظر ثانی کی اپیل کی تھی۔ 27 مئی کو جماعت کو بھی سپریم کورٹ نے جماعت کے ایک اہم رہنما اے ٹی ایم اظہر الاسلام کی سزا کو کالعدم قرار دیا تھا۔

    اظہر الاسلام کو 2014 میں بنگلادیش کی 1971 کی پاکستان سے آزادی کی جنگ کے دوران عصمت دری، قتل اور نسل کشی کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

  • جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، اسلام آباد میں ریڈ زون سیل

    جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، اسلام آباد میں ریڈ زون سیل

    جماعت اسلامی کے فلسطین مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں آج سیکیورٹی کے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو سیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے اسرائیلی دہشت گردی کا شکار غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آج اسلام آباد میں یکجہتی غزہ مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تاہم ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کے شرکا سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد میں ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون سیل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ریڈ زون جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، مارچ کے پیش نظر فیض آباد کو بھی سیل کر دیا گیا، فیض آباد میں ڈبل لہرز میں کنٹینرز لگا دیئے گئے۔

    فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی اہم شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے قافلوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے یا احتجاج پر اکسانے والوں کو فوری گرفتار کر کے پیس فل اسمبلی اور پبلک ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔

    مارچ کے شرکا سے نمٹنے کیلئے ریڈ زون میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ دیگر صوبوں سے اضافی نفری بھی منگوائی گئی ہے۔

    اس ضمن میں جماعت اسلامی کے ترجمان شکیل ترابی نے غزہ مارچ پر حکومتی رویہ کو افسوس ناک قرار دے دیا ہے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں، راستے کھولے جائیں راستوں کی بندش ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی، غزہ مارچ کے راستے روکنا حکومت کی فلسطین سے محبت کا نقاب اتار رہی ہے حکومت امریکی خوشنودی کے لیے مارچ کا راستہ روک رہی ہے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مارچ کی تیاریاں مکمل ہیں، اسلام آباد کی ہر گلی سے لوگ نکلیں گے، دیگر شہروں سے آنے والے قافلوں کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • حکومت جماعت اسلامی مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ ختم

    حکومت جماعت اسلامی مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ ختم

    راولپنڈی : حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا، لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ ہمارا دوٹوک مؤقف ہے کہ ہم عوام کے لیے ریلیف چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اورجماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ رہا اور مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

    آج پھر مذاکرات ہوں گے، ڈائیلاگ 6دن تعطل کا شکار رہے، حافظ نعیم کے7 اگست کو مارچ کے اعلان پر حکومتی کمیٹی حرکت میں آئی۔

    کمشنر ہاؤس میں بات چیت ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی، بات چیت میں پہلی بار وزیرداخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے حکومت کے سامنے مؤقف رکھا ہے، حکومت ہماری تجاویز پر جواب دے گی۔

    انہوں نے میڈیا کو بتایا ہم نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عوام کیلئے ریلیف چاہتے ہیں، باتیں سب اچھی کرتے ہیں، لالی پاپ دینا حکمرانوں کے بائیں ہاتھ کا کام ہوتا ہے۔

    حکومت کی کمیٹی کی جانب سے تحریری صورت میں تجاویز دی جائیں گی، حکومتی کمیٹی کی تجاویز پر امیرجماعت اسلامی سے مشاورت کریں گے۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم کسی کے مطالبے پر نہیں رکیں گے، عوام کو ریلیف دلوا کر ہی یہاں سے جائیں گے، ہمارا مسئلہ ذاتی نہیں ہے، عوام کے لیے ریلیف چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھرنے سے متعلق ہم اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے جو اعلانات کیے ہیں اس کے مطابق چلیں گے، ہم وہی اقدام کریں گے جو عوام کے حق میں ہوں۔

    مذاکرات میں کہا کہ کمیٹی تو غائب ہوگئی تھی ہم نے اشتہارات دیئے، حکومتی کمیٹی نے کہا کہ ہم بھی اشتہار دیکھ کر ہی آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف پنجاب کے شہر راولپنڈی میں دھرنا 26 جولائی سے جاری ہے جسے 12 روز گزر چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ جماعت اسلامی کی جانب سے گورنر ہاؤس کراچی میں دیا جانے والا دھرنا بھی پانچویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔

  • جماعت اسلامی کا دھاندلی کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

    جماعت اسلامی کا دھاندلی کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

    اسلام آباد: جماعت اسلامی نے الیکشن میں دھاندلی کیخلاف جمعہ کو وفاقی دارالحکومت میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریگ نے کہا ہے کہ الیکشن کا انعقاد پرامن ہوا تاہم رات کو نتائج روک کر دھاندلی کی گئی، یہ معاملہ صرف ہار جیت کا نہیں بلکہ  ووٹ کے تقدس کا ہے۔

    ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ نگراں حکومت دھاندلی کے مسئلے پر چیف جسٹس کے ذریعے عدالتی کمیشن تشکیل دے، بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے اس لیے جماعت اسلامی دھاندلی کے خلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنادے گی۔

     ترجمان قیصر شریف نے کہا کہ حلقوں میں دھاندلی سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کرائیں گے، نگران حکومت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کو تحفظ فراہم کررہی ہے، کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، کے پی میں ہمارے امیدواروں کو دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا۔

    ترجمان جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جیتی ہوئی سیٹیں ہرانے کی کوشش کی جا رہی رہی ہے، اپناحق  بچانے کے لیے تمام آئینی اور قانونی  راستے اختیار کریں گے، ملک کو آگے لے جانے کیلئے دھاندلی کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔

  • کیا ایک شخص کی انا کراچی شہر سے بڑی ہے؟ مرتضیٰ وہاب

    کیا ایک شخص کی انا کراچی شہر سے بڑی ہے؟ مرتضیٰ وہاب

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ منفی سوچ ہے، کیا ایک شخص کی انا شہر کراچی سے بڑی ہے؟

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے یوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ منفی سوچ ہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ منفی سوچ کو ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مسائل حل ہونا شروع ہوجائیں گے، پیپلزپارٹی کے پاس اب کے ایم سی کی ذمہ داری آئی ہے۔

    جماعت اسلامی کو 130اور پیپلزپارٹی کو 155نشستیں ملیں، کیا ایک شخص کی انا پورے شہر سے بڑی ہے؟ کراچی کے عوام فیصلہ کریں گے کہ پیپلزپارٹی نے کام کیا یا نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے13ٹاؤن پیپلزپارٹی اور 9ٹاؤن جماعت اسلامی کے پاس ہیں، کراچی کی ترقی کیلئے سب سے اہم یہ ہے کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مسائل حل کریں۔

    میئر کراچی نے کہا کہ سب کو کہتا ہوں کہ مل کر بیٹھیں تاکہ 4سال بعد عوام کو بتائیں کیا کام کیے، سیاسی اختلافات کو الگ رکھ کراچی کی ترقی پر دھیان دینا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ آئیں سب مل کر کراچی کی ترقی کےلیے کام کریں، کراچی میں ایک دوسرے کو نہیں بلکہ مسائل کو چیلنج کرنا چاہیے۔

  • جماعت اسلامی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی

    جماعت اسلامی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی

    کراچی: جماعت اسلامی نے سندھ ہائیکورٹ میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مختلف ٹاؤنز کے منتخب نمائندوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں، اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ تمام منتخب نمائندوں کے حلف کو یقینی بنائیں۔

    درخواست میں الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو فریق بنایا گیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست دائر کی ہے، بلدیاتی انتخابات کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، سندھ حکومت ان انتخابات پر قبضہ کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ڈھائی سال کی جدوجہد کے بعد بلدیاتی الیکشن ہوئے ہیں۔

  • ضمنی بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام

    ضمنی بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام

    کراچی: ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران جماعت اسلامی نے انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام لگا دیا ہے، دو علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز کے باہر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے انتخابی حلقے یو سی 13 نیو کراچی میں ٹاؤن وارڈ 1 میں کشیدگی پھیل گئی ہے، جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس نے احتجاج کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگا دیا ہے۔

    ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن عملے نے بیلٹ باکس 8 بجے سے پہلے ہی سیل کر دیے تھے، اور پولنگ اسٹیشن کے اندر پہلے سے پیپلز پارٹی کے لوگ موجود تھے، ترجمان نے کہا کہ بیلٹ باکس جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس کے بغیر ہی سیل کر دیے گئے۔

    بیلٹ باکس سیل کیے جانے کے معاملے پر یو سی 13 رشید آباد میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے حامیوں میں جھگڑا ہو گیا، جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا، جے آئی امیدوار نے کہا ’’پیپلز پارٹی دھاندلی کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔‘‘

    نیو کراچی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس پہلے ہی بند کرنے پر تلخ کلامی، ایک شخص زخمی

    جماعت اسلامی نے انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام لگاتے ہوئے کہا ’’ہمارے کارکنوں کو پولیس کی موجودگی میں مارا گیا‘‘ تاہم پی پی امیدوار شاہ زیب ستی نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی کارکن تشدد میں ملوث نہیں ہے۔

    ادھر ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران لیاری بہار کالونی یو سی 2 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 5 میں بھی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، اور پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے، جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا، کشیدگی پھیلنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔

  • 20 مئی کو واٹر بورڈ کا گھیراؤ، 29 مئی کو کراچی کارواں، جماعت اسلامی کا اعلان

    20 مئی کو واٹر بورڈ کا گھیراؤ، 29 مئی کو کراچی کارواں، جماعت اسلامی کا اعلان

    کراچی: جماعت اسلامی کراچی نے 20 مئی کو واٹر بورڈ کا گھیراؤ، اور 29 مئی کو کراچی کارواں نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی شہر کے مسائل کے حل کے لیے از سرِ نو مہم شروع کر رہی ہے، اس سلسلے میں 29 مئی کو بہت بڑا کراچی کارواں نکالیں گے۔

    حافظ نعیم نے کہا ہم عوامی رابطہ کریں گے اور ہر ڈسٹرکٹ، ہر چوک اور چوراہے پر جا کر کراچی کی آبادی، ملازمتیں، کے فور منصوبہ سمیت تمام مسائل پر بات کریں گے۔

    انھوں نے کہا 20 مئی کو ہم واٹر بورڈ کا گھیراؤ کریں گے، واٹر بورڈ کرپشن کا بہت بڑا اڈا بن چکا ہے، اور پانی فراہم کرنے کی بہ جائے بیچا جا رہا ہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اپنا کام نہیں کر رہا، جس کی وجہ سے کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔

    جماعت اسلامی کراچی نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے، حافظ نعیم نے اس سلسلے میں کہا کہ کے الیکٹرک ایک مافیا کی طرح ہے، یہ ہر ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر پیسے بڑھا دیتی ہے، اور اسے روکنے والا کوئی نہیں، کے الیکٹرک چاہتی ہے کہ اووربلنگ کریں اور کوئی نہ پوچھے۔

    حافظ نعیم نے سندھ حکومت کے جماعت اسلامی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کا اعلان کیا جائے، اگر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر بھی کام نہ کریں تو ہم دونوں کے خلاف احتجاج کریں گے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اقتدار میں ہوتی ہے تو کراچی کے لوگ پیچھے جاتے ہیں، لوگوں کو امید تھی پی ٹی آئی حکومت سے کراچی کو کچھ ملے گا مگر وہ کچھ نہ دے سکی۔

    مردم شماری کے حوالے سے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا اس وقت بھی حکومت مردم شماری کرانے پر سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، لیکن قومی انتخاب سے پہلے مردم شماری ہونی چاہیے، شہر کے لوگ ووٹ ڈالیں تو انھیں پتا ہو کہ ہم اپنا وزیر اعلیٰ بنا سکتے ہیں، اب وڈیرہ شاہی وزیر اعلیٰ نہیں چلے گا۔

    انھوں نے کہا پیپلز پارٹی کو معلوم ہے سندھ میں کراچی کی آبادی کم ہے، کراچی کی آبادی کو پورا گنا گیا تو پیپلز پارٹی کو پتا ہے کہ ان کا نقصان ہوگا۔

  • حق دو کراچی کو! جماعت اسلامی اب کہاں دھرنا دینے جارہی ہے؟

    حق دو کراچی کو! جماعت اسلامی اب کہاں دھرنا دینے جارہی ہے؟

    کراچی: سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کےخلاف جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا انیسویں روز بھی جاری ہے تاہم اب نیا اعلان کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے کسی بھی سیاسی جماعت سے بڑی ریلی شارع فیصل پر نکالی جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ شہر بھر میں دھرنےکےاثرات پھیل رہےہیں ، ریلیاں نکل رہی ہیں اور ہر گزرتےدن کےساتھ دھرنا ایک مرکزبنتاجارہاہے۔

    یہ بھی پڑھیں: مولاناہدایت الرحمان کا دھرنے اور کوسٹل ہائی وے بند کرنے کا اعلان

    اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 20تاریخ کو حسن اسکوائر پر دھرنا دیں گے اور بتائیں گے کہ ہمیں حق سے محروم کرنے والےجمہوریت کا راگ الاپنےوالےہی ہیں، حکومت سندھ کےرویےسےلوگ احساس محروم کا شکارہو رہےہیں، ہم عوامی شعوربیدار کرکےاپناحق واپس لیناچاہتےہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں تعطل حکومت سندھ ہی رکھے ہوئےہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو اس 18ویں ترمیم کےبعد اس کاحصہ دیا جائے۔

  • حقوق کراچی تحریک : شہر بھر میں آج 50 مقامات پر دھرنے دیئے جائیں گے

    حقوق کراچی تحریک : شہر بھر میں آج 50 مقامات پر دھرنے دیئے جائیں گے

    کراچی: جماعت اسلامی نے آج شہر کی 50 مختلف مقامات پر دھرنوں کا اعلان کردیا ، احتجاجی دھرنے شام 4 بجے سے رات گئےتک جاری رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیراہتمام حقوق کراچی تحریک میں آج 50 مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے ، دھرنوں کی تیاریاں اور انتظامات مکمل ہیں، حافظ نعیم الرحمان ودیگر خطاب کریں گے۔

    ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ دھرنےشام 4بجےسےرات گئےتک جاری رہیں گے، دھرنے حیدری، ناظم آباد،ناگن چورنگی،نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر10،عائشہ منزل چورنگی اور واٹرپمپ چورنگی پر ہوں گے۔

    امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم مختلف مقامات کا دورہ اور خطاب کریں گے۔

    امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنوں سےقبل اہم پیغام میں کہا ہے کہ حق کوچھینناپڑےگا،پلیٹ میں رکھ کرکوئی نہیں دے گا، اب سوچنے سمجھنے کا وقت گیا، کراچی والوں کومتحدہوکرنکلنا پڑے گا۔

    نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ دوسرےآگےنکل گئے،صرف ہم پیچھے رہ گئے، شہرکھنڈربن گیا، کراچی کےجوانوں کابھی ملازمتوں پرحق ہے، صرف آن لائن کھانوں کی فراہمی کراچی کے نوجوانوں کا مقدرنہیں۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ہرشہری ،ہرزبان والےکی گنتی کرو،کراچی کی مردم شماری درست کرو، حکمرانوں سےکوئی امیدنہیں یہ اپنے مفاد کے لیے سمجھوتہ کرلیتے ہیں۔