کنگسٹن : جمیکا ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 کھلاڑی آؤٹ 302 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر39رنز بنا لیے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن اپنے اختتام کو پہنچا، پاکستان نے 9وکٹوں پر302رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر39رنز بنالیے۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے فواد عالم نے اپنے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی، وہ 124رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم 75، محمد رضوان 31 اور فہیم اشرف 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیماروچ اور جیڈن سیلز نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیسن ہولڈر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
302رن کے جواب میں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے 39 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں، دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے لیں جبکہ ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔
جمیکا : کنگسٹن میں کھیلے جانے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنالئے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، میچ کے آغاز میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔
پاکستان کو دی گئی بیٹنگ کی دعوت بلے بازوں کو راس نہ آئی، اوپنر عابد علی اور عمران بٹ نے صرف ایک، ایک رن بنایا اور شایئقین کو مایوس کرکے پویلین لوٹ گئے جبکہ اظہر علی صفر پر آؤٹ ہو کر چلتے بنے،
پاکستان ٹیم کی پہلی 3 وکٹیں صرف 2 رنز پر ہی گرنے سے صورتحال بہت مشکل ہوگئی تاہم اس صورتحال میں کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے ٹیم کا اسکور 160 تک پہنچایا جس کے بعد فواد عالم ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس چلے گئے، انہوں نے 76 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم75رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ روچ نے حاصل کی، پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر محمد رضوان 22 اور فہیم اشرف 23 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روچ نے 3 اور سیلز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جمیکا : ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، ویسٹ انڈیز نے آخری وکٹ پر168رنز کا ہدف عبور کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے جمیکا ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز پلیئر آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے مجموعی طور پر میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں کالی آندھی کی جانب سے جرمین بلیک وُڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 55 رنز بنائے ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر کیماروچ نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، وہ 30 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
روسٹن چیز 22، جیسن ہولڈ 16 اور جوشوا ڈی سلو 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ نکروم بونر 5، کیرن پاؤل 4 اور کپتان کریگ براتھویٹ 2 رنز بناسکے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور فہیم اشرف نے ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑی شکار کیے۔
قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ دوسری اننگز میں 203 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز کا ہدف عبور کرکے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 اگست سے کھیلا جائے گا۔
جمیکا : پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنالیے اور اسے ویسٹ انڈیز پر 124 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر قومی ٹیم مشکلات میں گھرگئی، پاکستان کی 160 رنز کے مجموعی اسکور پر پانچ وکٹیں گنوا چکا، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 124 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
بابر اعظم 54 اور فہیم اشرف 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اوپنر عمران بٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، اظہر علی 23 رنز پر کیمار روچ کا نشانہ بنے، فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ محمد رضوان 30 رنز بناکر جیدن سیلز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے دو اور جیدن سیلز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور 251 رنز میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 253 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 36 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سےکپتان کریگ برتھ ویٹ 97 اور جیسن ہولڈر 58 رنز بناکر نمایاں رہے، روسٹن چیز اور بلیک ووڈ نے بالترتیب 21 اور22 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے4 اور محمد عباس نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
جمیکا : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر جمیکا ٹیسٹ جیت لیا، شاہینوں کو جیت کیلئے بتیس رنز کا معمولی ہدف ملا جو تین وکٹ ہر حاصل کرلیا، ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یاسرشاہ نے شاندار چھ وکٹیں لیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہینوں نے کالی آندھی کو اُسی کی سرزمین پر شکست دے دی۔ مصباح الیون نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹ سے ہرا کر سیریز کا پہلا ٹیسٹ اپنے نام کرلیا، ابتدائی دو روز کی بارش بھی پاکستان کو جیت سے نہ روک پائی۔
شاہینوں نےآخری روز کالی آندھی کا رخ موڑ دیا۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری نامکمل اننگز 93 رنز 4 آؤٹ پر اننگز شروع کی تو عامر نے وشال سنگھ کی وکٹ اڑا دی۔ عباس نےایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر جیت کی امید مزید روشن کی۔
وہاب کی تیز گیند جیسن ہولڈر کا کام کرگئی۔ ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں میں ایک سو باون رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یاسر شاہ نے آخری دو اور اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کی۔ بیتیس رن کا معمولی ہدف بھی اوپنرز سے حاصل نہ ہوسکا۔
اظہرعلی اوراحمد شہزاد دونوں نے وکٹیں گنوادیں۔ پاکستان نے بتیس رنزکا ہدف 3 وکٹ پرحاصل کیا، پاکستان نے پہلا میچ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کالی آندھی کے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس نے دو ،وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں مجموعی طورپرآٹھ وکٹیں لینے پر یاسر شاہ مین آف دی میچ قرارپائے، پاکستان نے پہلا میچ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
میچ میں کامیابی کے بعد کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سےمطمئن ہوں، میچ میں بولرزنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مصباح الحق کا کہنا تھا کہ عامر نے پہلی اور یاسرشاہ نے دوسری اننگزمیں بہترین بولنگ کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر یاسرشاہ کا کہنا تھا کہ لائن اور لینتھ پربولنگ کرنے کی کوشش کی، بولنگ پربہت محنت کررہاہوں، افسوس ہے کہ آسٹریلیامیں اچھی پرفارمنس نہیں دے سکا، میری پوری کوشش ہے کہ اس سیریزمیں اچھی پرفارمنس دوں۔
جمیکا : پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ہزار اور سرفراز احمد نے دو یزار رنز مکمل کرلیے، مصباح الحق پانچ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے ساتویں پاکستانی بن گئے ہیں۔
جمیکا ٹیسٹ پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے یادگار بن گیا، پہلے یونس خان اور اب کپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد نے ایک ایک سنگ میل عبور کیا، مصباح الحق نے ٹیسٹ میں پانچ ہزار رنز مکمل کرلئے، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے ساتویں پاکستان کھلاڑی ہیں، مصباح الحق کے پاس ٹیسٹ میں بحیثیت پاکستانی کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی ہے۔
ان سے قبل یہ سنگ میل عبور کرنے والوں میں جاوید میاں داد، ظہیر عباس، سلیم ملک، محمد یوسف،ا نضمام الحق اور یونس خان شامل ہیں جبکہ مصباح الحق 5 ہزار رنز بنانے والے طویل العمر دوسرے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔
مصباح الحق نے پچھلے سال دورہ انگلینڈ کے لارڈزٹیسٹ میں شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ مصباح کی قیادت میں پاکستان نے سیریز دو دو سے برابر کی تھی، اس کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئی، اس بنیاد پر مصباح کو وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب سرفراز احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں دوہزار رنز مکمل کیے اور وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے بتیسویں پاکستانی بیٹسمین ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممتاز بیٹسمین یونس خان نے جمیکا ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کے دس ہزار رنز مکمل کرلئے، وہ دس ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہیں
پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں حنیف محمد، جاوید میانداد، انضمام الحق، محمد یوسف جیسے کئی نامور بیٹسمین گذرے لیکن یونس نے رنز میں ان سب پر بازی لے گئے۔