Tag: jamat e islami

  • جن  قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں انہیں فوری سزا دی جائے، چوہدری نثار

    جن قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں انہیں فوری سزا دی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: حکومت نے سزائےموت کےتمام قیدیوں کوفوری پھانسی دینے کی ہدایت کردی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثارنےچاروں صوبوں سےکہا ہے کہ جن قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں ان کی سزائےموت پرعمل درآمد کیا جائے۔

    اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت نیکٹا کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔۔اجلاس میں ڈی جی ایم آئی، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت نیکٹا کے دیگرارکان شریک ہوئے اور دہشتگردی کی خاتمے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار نے چاروں صوبوں میں قید سزائے موت کے وہ قیدی جن کی اپیلیں مسترد ہوئی ہیں ان کو فوری پھانسی دینے کی ہدایت کی، انہوں نے دہشتگری کی روک تھام کیلئے چاروں صوبوں میں انٹیلی جنس شئیرنگ کے نظام کو مزید مربوط بنانے کا اعلان کیا ۔

     وزیرداخلہ کا کہناتھا کہ نیکٹا کو موثر بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیکٹا فعال ہونا ناگزیر ہے۔

  • حقوق کے لئے سڑکوں پرنکلنا ہوگا، سراج الحق

    حقوق کے لئے سڑکوں پرنکلنا ہوگا، سراج الحق

    لاہور: امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کے حصول کے لئے تمام سڑکوں پرنکلنا ہوگا، ملک میں مسلح دہشت گردی کے ساتھ سیاسی اور معاشی دہشت گردی بھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس افسران جو کہ آتے جاتے ہروی آئی پی کو سلام کرتے وہ مظلوم رکشہ ڈرائیوروں سے بدتمیزی کرتے ہیں اور ان کے ناجائز چالان بھی کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے تمام طبقات سڑکوں پرنکل آئیں۔

    سراج الحق نے تنبیہہ کی کہ اگر پنجاب حکومت نے 15 دنوں میں مسائل کا حل تلاش نہیں کیا گیا تو جماعت اسلامی وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب کے باہرخیمے نصب کرکے احتجاج کرے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلح دہشت گردی کے ساتھ معاشی اورسیاسی دہشت گردی بھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ غریبوں کے باعث ملک کی عزت ہے اورانکے ہی حقوق پامال کئے جارہے ہیں ملک کا ہربچہ آج مقروض ہے۔

  • کوئی تین گنا کرایہ دےیاپچاس روٹیاں لےتواطلاع دیں، چوہدری نثار

    کوئی تین گنا کرایہ دےیاپچاس روٹیاں لےتواطلاع دیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: چوہدری نثارنے ہدایت کی ہے کہ کوئی تین گنا کرایہ دے یاپچاس روٹیاں لے توپولیس کواطلاع دیں،مالک مکان نےدہشت گرد کوکرایہ دار رکھا تو وہ بھی ذمہ دار ہوگا، مسجدوں کے امام کسی مشتبہ شخص کودیکھیں تو اطلاع دیں۔

    وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک فوج جمہوری حکومت کی نمائندگی کرتی ہے۔ افواج پاکستان نے کبھی بھی خواتین اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی کبھی بناتی ہے۔ اگر خواتین اور بچوں کو نقصان پہنچانا ہوتا تو دہشتگردوں کے خاندان آرام سے نہ رہ رہے ہوتے، پاکستان سے اسامہ بن لادن کے بیوی بچوں کو بھی بحفاظت بیرون ملک بھجوایا گیا تھا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کو کام کرنے کیلئے سات دنوں کا وقت دیا گیا، ہم اپنا کام تیزی سے کر رہے ہیں اور دن رات مصروف عمل ہیں، کل شام یا پرسوں قوم کے سامنے اپنی سفارشات رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ایکشن پلان کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کا آزاد میڈیا بھی اپنی ذمہ داریاں پہچان لے، نہ صرف دہشتگردوں بلکہ ان کے حمایتیوں کو میڈیا پر اپنا پرچار کرنے سے روکنا ہو گا کیونکہ جس کے گھر میں کوئی نہیں سنتا وہ میڈیا پر آ کر عوام کو گمراہ کر رہا ہے، ضرورت ہے کہ میڈیا اب قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوے فیصد مدرسے دہشتگردی سے منسلک نہیں ہیں بلکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے دست راست ہیں. ایسا بالکل نہیں کہنا چاہیے کہ مدرسوں میں پڑھنے والے تمام دہشتگرد ہیں۔ لیکن جو بھی پاکستان کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    انہوں نے آپریشن ضرب عضب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میران شاہ میں عام شہری اور دہشتگرد ایک ہی جگہ پر رہ رہے تھے، مگر ہم نے وہاں کاروائی کرنے کیلئے پہلے وارننگ جاری کی تا کہ عام لوگ وہاں سے امدادی کیمپوں میں چلے جائیں، جب وزیر اعظم نے آپریشن کا فیصلہ کیا تو یہ تمام معاملات اسی وقت طے کر لئے گئے تھے۔

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات

    وزیر داخلہ چوہدری نثار سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملاقات کی۔

    اسلام آباد پنجاب ہاوس میں وزیر داخلہچوہدری نثار اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماوں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے سیاسی جرگے کی کاوشوں سے چوہدری نثار کو آگاہ کیا، اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے ملک کی سیاسی صورتحال پر قابو پانا چاہتی ہے۔

  • سراج الحق نے اسحق ڈار کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دے دیا

    سراج الحق نے اسحق ڈار کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دے دیا

    کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کی طرف سے عمران خان کے ساتھ غیر مشروط اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اورپاکستان تحریک انصاف کوفوری طور پر اپنی مذاکراتی ٹیموں کا اعلان کر کے جگہ اور وقت کا بھی تعین کر لینا چاہئے تاکہ مذاکرات بغیر کسی تاخیر کے شروع ہوسکیں ،سراج الحق نے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ،موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے حکومت کے پاس مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے ،جسے اختیار کرنے میں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے ۔سراج الحق نے عمران خان کی طرف سے مذاکرات کے لیے آمادگی کے بیان کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ اب فریقین میں جلد مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔

  • حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں پہل کریں، سراج الحق

    حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں پہل کریں، سراج الحق

    پشاور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق کاکہناہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات میں پہل کریں حکومت کے پاس کوئی اختیارنہیں کہ وہ کسی سیاسی جماعت کواحتجاج سے روکیں۔

    شیخ آبادپارک پشاورمیں دستاربندی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کاواحدذریعہ مذاکرات ہیں اگرمذاکرات کامیاب نہ ہوئے توسارے سیاست دان گھرجائینگےسراج الحق نے بتایاکہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے ملک سے باہرجانے کے بعداب بحران بدستورموجودہے جلسے وجلوس کرناتمام سیاسی جماعتوں کاحق ہے جماعت اسلامی کے امیرنے بتایاکہ حکمرانوں کے اربوں روپے کے اثاثے ہیں ایسے حکمرانوں کوغریب آدمی کوریلیف فراہم کرنے کے لیے فہرست نہیں ملتی انہوں نے یہ بھی اعلان کیاکہ پچیس دسمبرکوکراچی میں جماعت اسلامی اپنے نئے ایجنڈے کااعلان کرےگی۔

  • سراج الحق کا 25دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان

    سراج الحق کا 25دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان

    پشاور: جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسٹیٹس کو کے خلاف نئی تحریک کا آغاز پچیس دسمبرکومزارقائد کراچی سے کیا جائے گا۔

    پشاورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ پاکستان وڈیروں اور جاگیرداروں کا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی مثال دیوار کی طرح ہے جو نہ سنتے ہیں اور نہ کچھ کرتے ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ حکومت بتائے علما کے قاتلوں کو کون پکڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چوبیس ہزار سے زائد شہری قتل ہوئے اور قاتل کھلے عام پھررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اندھے حکمرانوں کوحکومت کرنے کا حق نہیں ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا اسٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے اداروں کوفروخت نہیں کرنے دیں گے۔

  • منورحسن نوجوانوں کو قتل وغارتگری پراُکسا رہے ہیں،ایم کیو ایم

    منورحسن نوجوانوں کو قتل وغارتگری پراُکسا رہے ہیں،ایم کیو ایم

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے اراکین کاایک مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا،جس میں جماعت اسلامی کے سابق امیر منورحسن کی تازہ ترین تقریرمیں قتل وغارتگری کے درس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی۔

    اجلاس میں کہاگیاکہ جماعت اسلامی کے سابق امیر منورحسن نے آج لاہورمیں مینار پاکستان کے سائے میں ہونیو الے جماعت اسلامی کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہاہے کہ ”مسائل کاحل جہاد اورقتال فی سبیل اللہ میں ہے،جمہوری سیاست سے حالات پر قابونہیں پایاجاسکتا، جہاد اورقتال فی سبیل اللہ کے کلچر کوعام کیاجائے “۔

    رابطہ کمیٹی نے منورحسن کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پہلے ہی مذہبی انتہا پسندی اوردہشت گردی کے نرغے میں ہے اوراس وقت پاکستان کوامن کی سب سے زیادہ ضرورت ہے لیکن منورحسن آج جماعت اسلامی کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے نوجوانوں کوقتل وغارتگری پراکسا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ منورحسن کے اس بیان سے جماعت اسلامی کااصل مقصداورخفیہ پروگرام ایک بارپھرعوام کے سامنے آگیاہے اوراس سے یہ بات سمجھناکوئی دشوارنہیں کہ پاکستان میں داعش کی نمائندگی کون کررہاہے اورداعش کے قتل وغارتگری کے پیغام کوکون پھیلارہاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار بھی اگرمنورحسن کے بیان پرغورکرلیں توانہیں بھی بخوبی معلوم ہوجائے گاکہ پاکستان میں داعش کاکردارکون ادا کررہا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ وزیرستان میں حالیہ ڈرون حملوں میں مارے جانیوالے دہشت گردوں سے جماعت اسلامی کے تعلق سے بھی صاف ظاہر ہے کہ طالبان اور القاعدہ کے ساتھ ملکرپاکستان میں دہشت گردی کون کررہاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے پاکستان کے صدر، وزیراعظم،وفاقی وزیرداخلہ ، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئراسٹاف سے مطالبہ کیاکہ جماعت اسلامی کے سابق امیرکے سنگین بیان کافی الفورنوٹس لیاجائے۔

    رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی اپیل کی کہ منورحسن کی جانب سے عوام کو قتل وغارتگری پراکسانے کا فی الفورسوموٹولیاجائے۔ رابطہ کمیٹی نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں،انسانی حقوق کی تنظیموں اورسول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی منورحسن کے بیان کانوٹس لیں۔

  • خواتین کو بلاسود قرضے دینگے،سراج الحق

    خواتین کو بلاسود قرضے دینگے،سراج الحق

    لاہور: مینار پاکستان کےسائے تلےجماعت اسلامی کا تین روزہ اجتماع جاری ہے، اجتماع کےدوسرےروز شرکا سےخطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہاہے کہ انہیں حکومت کا موقع ملا توعام آدمی کی بنیادی ضروریات کی اشیاء پر موثر سبسڈی دیں گے ۔

    لاہور میں جماعت اسلامی کےتین روزہ اجتماع عام کےدوسرےروز بھی مقررین کی تقاریر کا سلسلہ جاری ہے۔ آج اجتماع میں خواتین کے سیشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کاکہنا تھا کہ ان کی حکومت قائم ہوئی تو ان والدین سے باز پرس ہوگی جو اپنی بیٹیوں کو اسکول نہیں بھیجتے۔

    خواتین کو بنکوں سے بلا سود قرضے بھی دیئے جائیں گے۔ سراج الحق اس سے پہلے سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نےاجتماع کےشرکاءسےخطاب میں کہا کہ حق کےراستے پر جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہےگی۔

    جماعت اسلامی کےدیگر رہنماؤں فرید پراچہ،طارق نسیم، صاحبزادہ طارق اللہ نےبھی اجتماع سے خطاب کیا۔ اجتماع کاکل آخری روز ہوگا۔

  • جماعت اسلامی کا اجتماع عام  آج دوسرے روز بھی جاری

    جماعت اسلامی کا اجتماع عام آج دوسرے روز بھی جاری

    لاہور: جماعت اسلامی کا اجتماع عام مینار پاکستان گراؤنڈ میں آج دوسرے روز بھی جاری ہے، امیر جماعت سراج الحق سمیت عالمی رہنماء مختلف سیشنز سے خطاب کرینگے۔

    مینار پاکستان گراؤنڈ میں جاری اجتماع میں جماعت اسلامی کے لاکھوں کارکن شریک ہیں۔ اجتماع کے دوران مختلف فکری اور تربیتی نشستیں بھی جاری ہیں۔ نماز فجر کے بعد جماعت اسلامی ہند کے سربراہ جلال الدین عمری نے انسانی حقوق پر درس حدیث دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام خواتین اور اقلیتوں سمیت تمام انسانوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔

    جماعت اسلامی کے رہنما حافظ ادریس نے رسول اللہ کی حکمت انقلاب پر درس دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سابق امیر منور حسن، لیاقت بلوچ، اسداللہ بھٹو، راشد نسیم ، فرید پراچہ اور صاحبزادہ طارق اللہ بھی آج مختلف سیشنز سے خطاب کرینگے۔