Tag: jamshed dasti

  • رکن قومی اسمبلی جمشید دستی گرفتار

    رکن قومی اسمبلی جمشید دستی گرفتار

    مظفرگڑھ: رکن قومی اسمبلی جمشید دستی اور ساتھی اجمل کالرو کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ڈی پی او اویس احمد ملک کے مطابق جمشید دستی نے گزشتہ دنوں ہیڈ کالو پر واقع ڈنگا کینال کو زبردستی کھولا جس پر محکمہ آب پاشی نے نوٹس لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق وزیرآبپاشی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو ساتھی اجمل کالرو سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے، انہیں مظفر گڑھ کے تھانہ چوک قریشی منتقل کردیا گیا ہے

    دوسری جانب جمشید دستی کے بھائی نے گرفتاری کی تردید کی ہے۔

    پڑھیں: جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کی بریت معطل

    یاد رہے کہ جمشید دستی مظفر گڑھ کے حلقہ این اے 178 سے گزشتہ دو انتخابات سے کامیاب ہوتے آرہے ہیں ، انہوں نے 2010 میں بی اے کی جعلی ڈگری کا الزام لگنے پر نیشنل اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    بعد ازاں عدالتی احکامات کے بعد جمشید دستی نے دوبارہ ضمنی انتخابات میں حصہ لیا اور کامیاب ہوکر اسمبلی تک پہنچے، جمشید دستی نے 2012 میں پیپلزپارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

    اپریل 2013 میں جمشید دستی پر جعلی ڈگری کا الزام ثابت ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے تین سال کی پابندی اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہوں نے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف پٹیشن بھی دائر کی تھی۔

    دستی کو رہا کیا جائے ورنہ سپلائی بند کردیں گے، آئل ٹینکرز کی دھمکی

    دوسری جانب جمشی ددستی کی گرفتاری پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دے دی، ایسوسی ایشن کے صدر فیض اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے میں جمشید دستی کو رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے اور گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں تیل کی سپلائی بند کردیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جمشید دستی کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔

  • جعلی ڈگری کیس، کالعدم سزا کی بحالی کیلئے جمشید دستی  کو نوٹس جاری

    جعلی ڈگری کیس، کالعدم سزا کی بحالی کیلئے جمشید دستی کو نوٹس جاری

    اسلام آباد:سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کی بریت کے خلاف اور سزا کی بحالی کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر اپیل پر جمشید دستی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

    سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب مظہر شیر اعوان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جمشید دستی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 178مظر گڑھ سے جعلی ڈگری کی بنیاد پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیا۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ریجنل الیکشن کمیشن ملتان نے جمشید دستی کے خلاف ٹرائل عدالت میں استغاثہ دائر کر دیا جبکہ ٹرائل عدالت نے جعلی ڈگری کا جرم ثابت ہونے پر جمشید دستی کو تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جسے ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔

    انہوں نے استدعا کی کہ جمشید دستی کو ملنے والی سزا بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے اپیل منظور کی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن نے کس قانون کے تحت استغاثہ دائر کیا عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جمشید دستی دو ہزار آٹھ کے ضمنی انتخابات میں بی اے کی شرط نہ ہونے پہ الیکشن جیت گئے اور دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گیا بادی النظر میں اس اپیل کی کوئی قانونی حیثیت دکھائی نہیں دے رہی۔

    عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کی بریت کے خلاف اور سزا کی بحالی کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر اپیل پر جمشید دستی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 جون کو جواب طلب کر لیا۔

  • وزیر خزانہ کی گھڑی کے بیس لاکھ روپے لگ چکے ہیں، جمشید دستی

    وزیر خزانہ کی گھڑی کے بیس لاکھ روپے لگ چکے ہیں، جمشید دستی

    کراچی : رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کی گھڑی کے بیس لاکھ روپے لگ چکے ہیں، گھڑی یقینا 50لاکھ کی ہی ہے، اس بات کا انکشاف انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام الیوتھ آور میں وسیم بادامی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    جمشید دستی نے بتایا کہ مذکورہ گھڑی اسپیکر کے پاس ہے امید ہے وہ امانت میں خیانت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم سب عوامی نمائندے ہیں اورعوام کو جواب دہ ہیں، یہ بات مجھے نواز لیگ کے ایک ایم این اے کے ذریعے معلوم ہوئی کہ وزیر خزانہ کے پاس آٹھ کروڑ کی گاڑی ہے، قیمتی بنگلے ہیں اور وہ پچاس لاکھ کی گھڑی باندھتے ہیں۔


    Dasti claims PML-N legislator offered Rs3 lac… by arynews

    انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی غلط بات نہیں کی تھی وزیر خزانہ نے غصے میں کر وہ گھڑی ہاتھ سے اتار دی، یہ گھڑی نہ میں نے باندھی اور نہ مجھے اس کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ایک مقروض ملک میں رہتے ہیں پاکستان قرضوں میں پھنسا ہوا ہے ہمیں سادگی اپنانی چاہیئے، انہوں نے کہا کہ یہ گھڑی قوم کی امانت ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں شراب کی ایک ہزار بوتلوں کے موقف پر اب بھی قائم ہوں ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ وزیر داخلہ اس کا نوٹس لیتے الٹا میرے خلاف ہی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی گئی۔

    نون لیگ میں گروپ بندی کے حوالے سے سوال پر جمشید دستی نے کہا کہ میں یہ سچ کہہ رہا ہوں کہ نواز لیگ میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے، شہباز شریف اور چوہدرری نثار ایک لائن میں ہیں اور خواجہ گروپ اور میاں صاحب الگ گروپ ہیں۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ حمزہ شہباز تین سے چار کروڑ روپے ڈی سی اوز سے بھتہ لیتا ہے، میں نے اسمبلی میں کہا ہے کہ یہ گروہپ بندی پورہی ہے چوہدری نثار شہباز شریف کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار ہیں اور وہی پروٹوکول مانگنا چاہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پارٹی پاکستان عوامی راج کے نام سے رجسٹر کرائی ہے، اور ہم اس میں کسی لٹیرے یا لوٹے کو شامل نہیں کریں گے۔

    عمران کان کے حوالے سے جمشید دستی نے کہا کہ عمران کان نے عوام کو دھوکہ دیا، جس زرداری کو وہ لٹیرا اور چور کہتے تھے اب وہ مردہ پیپلز پارٹی کو زندہ کرنے کیلئےان ہی کے نمائندوں کے پیچھے کھڑے ہیں۔

     

  • اسحاق ڈار نے جمشید دستی کے اعتراض پر اپنی گھڑی ان کو دے دی

    اسحاق ڈار نے جمشید دستی کے اعتراض پر اپنی گھڑی ان کو دے دی

    اسلام آباد : وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنی گھڑی جمشید دستی کو دے دی، جمشید دستی نے اعتراض کیا تھا کہ وزیرخزانہ نے پچاس لاکھ کی گھڑی پہن رکھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں بجٹ پربحث جاری تھی، اسحاق ڈار نےتقریر کے دوران ہی اپنی گھڑی اتاری اوررکن اسمبلی جمشید دستی کو دے دی۔

    وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اپنی گھڑی جمشید دستی کو بجھواتے ہوئے کہا کہ میری گھڑی پچاس لاکھ کی نہیں پچاس ہزار کی ہے، جمشید دستی دیکھ لیں۔

    اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیکر اس بات کو یقینی بنائیں کہ جمشید دستی اس گھڑی کے پیسے چیریٹی میں دیں گے۔ اسحاق ڈار کی جانب سے گھڑی بجھوانے پر جمشید دستی مسکرا کر چپ ہوگئے۔

    جمشید دستی نے الزام لگایا تھا کہ وزیرخزانہ نے پچاس لاکھ کی گھڑی پہن رکھی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس گھڑی کے پچاس ہزار بھی مل جائیں تو جمشید دستی بیچ کرخیرات کردیں۔

    یاد رہے کہ وزیرخزانہ نے گزشتہ روز عوام کو مشورہ دیا تھا کہ وہ دال کے بجائے مرغی کھائیں، کیونکہ مرغی دال سے سستی ہوگئی ہے، جس پر شازیہ مری نے طنز کیا کہ ڈار کی مرغی دال برابر کےنعرے لگ رہے ہیں۔

    پولٹری بزنس کے لئے ٹیکس میں چھوٹ خاص لوگوں کو دی گئی. انہوں نے کہا کہ میرے پاس ان کمپنیوں کے نام ہیں جن کو فائدہ پہنچایا گیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فائدہ ایک شخص نہیں بلکہ عوام کو دیں۔

    علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں حکومتی قرضے صرف 11 ارب ڈالر ہیں۔ قرضے لینا نہیں چاہتے تو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بند کر دیں۔

    انہوں نے ایوان کو بتایا کہ سی پیک منصوبے سے ملک میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور مشرف دور میں 12 ہزار ارب کے قرضوں میں اضافہ ہوا۔

     

  • نئے صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش،حکومت نے مسترد کردیا

    نئے صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش،حکومت نے مسترد کردیا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں دُہری شہریت رکھنے والوں کا انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدرات اسپیکر ایاز صادق نے کی۔

    اجلاس میں ایم کیوایم کے ایس اے اقبال قادری نے چوبیسویں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہے لیکن انہیں الیکشن لڑنے کا حق نہیں ،جو انہیں دیا جائے۔

    حکومت نے بل کی مخالف نہیں کی۔بل مزید کارروائی کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ جمشید دستی نے جنوبی پنجاب نئے صوبے کا بل پیش کیا۔

    حکومت نے بل کی مخالفت کی جسے کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا۔ ایوان نے قبروں کی بے حرمتی ،روک تھام، ، مردہ گوشت کھانے والوں کی سزاوٴں میں اضافے، صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بل بھی پیش کیے گئے جنہیں مزید کارروائی کے لیے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔

    وزیرمملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی چور بازاری کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اکیس کمپنیوں کو زائد چارجز پر شوکاز نوٹس جاری کیاگیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

  • جمشید دستی نے اپنے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتاری دے دی

    جمشید دستی نے اپنے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتاری دے دی

    مظفر گڑھ : رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے اپنے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتاری دے دی۔

    مظفر گڑھ سے رکن اسمبلی جمشید دستی کو کپتان کے دھرنے میں شرکت اور شریف برادارن پر تنقید مہنگی پڑی پہلے کچھ لوگوں نے ان پر حملہ کیا،پھر انہی کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی، جس کی بنا انہوں نے آج گرفتاری دیدی لیکن دستی صا حب بھی کہاں خا موش رہتے گرفتاری سے قبل بھی انہو ں نواز وشہباز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

  • پولیس سے ہاتھا پائی،جمشید دستی پرمقدمہ درج

    پولیس سے ہاتھا پائی،جمشید دستی پرمقدمہ درج

    مظفرگڑھ :قومی اسمبلی کے رکن جمشید دستی پرمظفر گڑھ میں ساتھیوں سمیت پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر کی کاپی اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    اپنے حلقے میں بند توڑنے کی مخالفت کرنے والے جمشید دستی تلیری نہر کے مغربی کنارے پہنچے، جہاں بند میں شگاف کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کی۔

    انتظامیہ نے بند مضبوط کرنے پر جمشید دستی کو انکارکیا اورکہا کہ اس بند کے نہ ٹوٹنے سے آبادی کا بڑا حصہ متاثرہوسکتا ہے مگر اس بات پر جمشید دستی ناراض ہوئے اورڈی سی او، ڈی پی او اورآرایم او کمشنر سمیت انتظامیہ سے الجھ پڑے ۔

    گذشتہ رات ہنگامےکے بعد قومی اسمبلی کے رکن جمشید دستی پرمظفرگڑھ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں جمشید دستی سمیت بیس افراد نامزد اور سترنامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔

    مقدمہ تھانہ سٹی میں انتطامیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آرکی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔