Tag: Jamshed Iqbal Cheema

  • جمشید اقبال چیمہ کو پھر گرفتار کرلیا گیا

    جمشید اقبال چیمہ کو پھر گرفتار کرلیا گیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جمشید اقبال چیمہ کو پولیس نے پھر حراست میں لے لیا، اس بات کی تصدیق ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ نے کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے بتایا ہے کہ جمشید اقبال چیمہ کو آج پھر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ،مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاری پریس کانفرنس کرنے والوں کیلئے پیغام ہے کہ سیاست چھوڑ دیں تو بھی مال غنیمت والا سلوک ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حق ہے کہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں، پہلے بھی ہمارے ساتھ جیل میں جنگی قیدیوں والا سلوک روا رکھا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 25مئی کو پی ٹی آئی کے سابق رہنما جمشید اقبال چیمہ اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے نیشنل پریس کلب راولپنڈی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم آج سے سیاست چھوڑ رہے ہیں اس لئے اب پی ٹی آئی سے بھی کوئی تعلق نہیں رہا، اس وقت جو پاکستان میں ہورہا ہے وہ قابل تحسین نہیں۔

  • پنجاب ضمنی انتخابات : پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    پنجاب ضمنی انتخابات : پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    لاہور کے حلقے پی پی 158 میں جھگڑے کے بعد پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی 158 میں دو جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ باقاعدہ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کیا جائے گا، سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پی پی 158میں دھاندلی ہورہی تھی، یہاں پر ووٹ خریدے جارہے تھے، انہوں نے کہا کہ یہاں پر8ہزار ووٹ کاسٹ ہوتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں جمشید اقبال چیمہ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت میں میڈیا کو انٹرویو دے رہا تھا جب لڑکے کو چوٹ لگی۔

    علاوہ ازیں جمشید چیمہ کی اہلیہ مسرت جمشید نے کہا کہ جمشید اقبال چیمہ پاکستان کے پرامن شہری ہیں، پہلے انہوں نے جمشید اقبال چیمہ پر بم بنانے کا مقدمہ بنایا تھا۔

    مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمارے پرامن ووٹرز پرتشدد کیا، آج کا دن ان کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردے گا۔

    پنجاب ضمنی انتخابات : دو جماعتوں کے کارکنان میں جھگڑا، رینجرز تعینات

    علاوہ ازیں وزیر داخلہ پنجاب عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    پی پی 158 میں جھگڑے سے متعلق بیان میں وزیر داخلہ عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ لاہورمیں جھگڑے کا فوری نوٹس لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس نے تشدد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے کارکن کا سر پھاڑ دیا۔

  • الیکشن کمیشن پر دھاندلی کروانے کے الزامات، جمشید اقبال چیمہ کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر

    الیکشن کمیشن پر دھاندلی کروانے کے الزامات، جمشید اقبال چیمہ کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے دھاندلی کروانے اور پیسے لینے کے الزامات پر پی ٹی آئی رہنما جمشیداقبال چیمہ کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن پردھاندلی کروانے اور پیسے لینے کےالزامات کے معاملے پر جمشیداقبال چیمہ کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، الیکشن کمیشن کا 2رکنی بینچ 21دسمبرکوکیس کی سماعت کرے گا۔

    الیکشن کمیشن نے جمشید اقبال چیمہ کونوٹس جاری کررکھا ہے ، جس میں جمشیداقبال سےالزامات پرثبوت طلب کئے ہیں۔

    یاد رہے جمشیداقبال نےٹی وی پروگرام میں الیکشن کمیشن پر دھاندلی کروانے اور پیسے لینے کے سنگین الزامات عائد کیے تھےْ۔

    یاد رہے این اے 133 (لاہور) کے ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ایک دن بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غلط قرار دیا تھا۔

    ریٹرننگ افسر (آر او) نے چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت (ان کی کورنگ امیدوار) کے کاغذات نامزدگی اس بنیاد پر مسترد کئے تھے کہ دونوں کے تجویز کنندہ اور حمایت کرنے والے متعلقہ انتخابی قوانین کے تحت مطلوبہ حلقے کے رہائشی نہیں ہیں۔

  • این اے 133: پی ٹی آئی امیدوار کا آر او کے فیصلے کے خلاف ردِ عمل

    این اے 133: پی ٹی آئی امیدوار کا آر او کے فیصلے کے خلاف ردِ عمل

    لاہور: حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے آر او کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیگ نے اعتراض کیا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے تائید اور تجویز کنندہ کا تعلق این اے 133 سے نہیں ہے، جس پر ریٹرننگ آفیسر نے جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے، ان کی اہلیہ مسرت کورنگ امیدوار تھیں۔

    جمشید چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تکنیکی بنیاد پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا، ہم ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہیں، الیکشن لڑنے کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔

    انھوں نے کہا ہمارے اندر سے کسی نے کوئی سازش نہیں کی، اعجاز چوہدری ہمارے بڑے ہیں، وہ اپنے بیٹے کو یہاں سے الیکشن لڑانا چاہتے تھے، لیکن میرے ٹکٹ کے فیصلے کے بعد اعجاز چوہدری نے اس فیصلے کی بھرپور حمایت کی۔

    پی ٹی آئی این اے 133 ضمنی انتخابات سے آؤٹ ہو گئی

    جمشید اقبال کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ یہ میرا حلقہ انتخاب نہیں یا میں الیکشن سے بھاگ رہا ہوں، میں تو وزیر اعظم کے معاون کی حیثیت سے استعفیٰ دے کر یہاں آیا ہوں، یہ ایک حادثہ تھا جسے الیکشن کمیشن بڑا بنانے کی کوشش نہ کرے۔

    اس موقع پر صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب اعجاز چوہدری نے کہا کہ ن لیگ قانونی پیچیدگیوں کی بجائے میدان میں مقابلہ کرے۔

    انھوں نے کہا الیکشن کمیشن کی فہرستیں غلطیوں سے بھری ہوئی ہیں، تجویز کنندہ این اے 133 کا رہائشی ہے، ان کا ووٹ دوسرے حلقے میں کیوں گیا، الیکشن کمیشن کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

    اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہم ٹریبونل ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں جائیں گے، پوری طرح پُر امید ہیں کہ انصاف کے ادارے ہمیں انصاف دیں گے۔