Tag: Japan

  • جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    ریاض: جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار شدہ خیمے سجا دیے گئے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

    سعودی خبر رساں اداروں کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔

    مملکت کے ولی عہد و نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے العلا میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا۔ ضیافت میں جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے وفد کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

    شہزادہ سلمان کی ہدایت پر معزز مہمان اور ان کے وفد کے لیے العلا کے تاریخی مقام پر خصوصی خیمے نصب کروائے گئے۔ یہ خیمے مملکت کی روایت کے مطابق موسم سرما کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار کیے جاتے ہیں، خیموں کو ’بیت الشعر‘ کہا جاتا ہے۔

    شاہی ضیافت کے لیے پہنچنے کے بعد جاپانی وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال سعودی عرب کی روایت کے مطابق ثقافتی گیتوں سے کیا گیا۔ مہمان اور ان کے وفد کو خصوصی قہوہ پیش کیا گیا جو عربوں کی روایت اور ثقافت کا اہم حصہ ہے۔

    جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے ہفتے کے روز ریاض پہنچے تھے، جاپانی وزیر اعظم دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں خطے کا دورہ کر رہے ہیں جس کا آغاز سعودی عرب سے کیا جارہا ہے۔

    اپنے دورے کے دوران انہوں نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

    سعودی عرب اور جاپان ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے، باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہوئے موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، اس کو وسعت دینے اور ٹھوس اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے حامی ہیں۔

    دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت و معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر امور میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • جاپان کی سڑکوں پر قد آدم بلیاں نکل آئیں

    جاپان کی سڑکوں پر قد آدم بلیاں نکل آئیں

    بلیوں سے محبت میں آپ کس حد تک جاسکتے ہیں؟ یقیناً اس حد تک نہیں جاسکتے کہ بلی کا کاسٹیوم پہن کر سڑک پر نکل آئیں اور کیٹ فیسٹیول منائیں۔

    لیکن جاپان کے لوگ تو بلیوں سے اس قدر ہی محبت کرتے ہیں کہ ان کی محبت میں پورا کیٹ فیسٹیول منا ڈالتے ہیں۔

    جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے قصبے کاگو رازاکا میں سالانہ کیٹ فیسٹیول منایا جاتا ہے جس میں بلیوں سے محبت کرنے والے افراد شریک ہوتے ہیں۔

    ہزاروں افراد بلیوں کے کاسٹیومز اور ماسک پہن کر اور بلی جیسا میک اپ کر کے سڑکوں پر آجاتے ہیں۔ اس موقع پر لوگ اپنی بلیوں کو بھی ساتھ لاتے ہیں۔

    کیا آپ اس فیسٹیول میں جانا پسند کریں گے؟

  • جاپان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    جاپان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہوگئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد جاپان کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی اور ٹرین سروس بھی متاثر ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔

    جاپان میں طوفانی بارشوں اورسیلاب نےتباہی مچادی‘ ہلاکتوں کی تعداد 199 ہوگئی

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نو افراد شیبا میں جبکہ ایک شخص فوکوشیما میں ہلاک ہوگیا، ملک کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی اور کئی مقامات پر ٹرین سروس بھی متاثر ہوگئی ہے۔

    وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق عموما ایک ماہ میں ہونے والی بارش گزشتہ روز صرف آدھے دن میں ہو گئی۔

    جاپان میں ابھی دو ہفتے قبل ہی آنے والے ایک طاقت ور سمندری طوفان میں اسی سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔

  • جاپانی شہنشاہ کی تاج پوشی کی تقریب، صدر عارف علوی بھی شریک

    جاپانی شہنشاہ کی تاج پوشی کی تقریب، صدر عارف علوی بھی شریک

    ٹوکیو: جاپانی شہنشاہ ناروہیتو کی تاج پوشی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی سمیت 180 ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میں نئے بادشاہ ناروہیتو کی تقریب تاج پوشی کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد اب ناروہیتو باقاعدہ تخت نشین ہوگئے، تقریب میں صدر مملکت عارف علوی سمیت 180 ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان میں بادشاہ ناروہیتو کی تقریب تاج پوشی کی گئی، جہاں بادشاہ کو تاج پہنا دیا گیا ہے، تقریب کا آغاز انتہائی پرتپاک ہوا۔

    85 سالہ جاپانی بادشاہ اکیہیتو نے اپریل میں طبیعت کی خرابی کی وجہ سے تخت چھوڑا تھا، جس کے بعد ولی عہد ناروہیتو نے یکم مئی کو نئے بادشاہ کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔

    شہنشاہ کو تخت چھوڑنے کی قانونی اجازت اس وقت ملی جب انھوں نے کہا کہ وہ اپنی عمر اور گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے اپنا کردار نبھانے کے قابل نہیں رہے۔

    تاج محل میں جاپانی سیاح ’’سیلفی پکچر‘‘ لینے کے دوران جاں بحق

    خیال رہے کہ اکیہیتو نے اپنے ایک عوامی خطاب میں کہا بھی تھا کہ انہیں یہ خوف ہے کہ ان کی عمر انھیں ان کے فرائض منصبی کو نبھانے میں مشکلات پیدا کرے گی اور انھوں نے قوی عندیہ دیا تھا کہ وہ دست بردار ہونا چاہتے ہیں۔

    جاپان میں بادشاہ تادم مرگ تخت نشین رہنے کی روایت ہے تاہم ملک کی 200سالہ تاریخ میں بادشاہ اکیہیتو تخت چھوڑنے والے پہلے بادشاہ ہیں۔ واضح رہے کہ جاپان میں تاج پوشی کا جشن ایک ہفتے تک منایا جائے گا۔

  • جاپان کا  پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کے لئے بڑا اعلان

    جاپان کا پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کے لئے بڑا اعلان

    کراچی : جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا، جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اشیدا کاتو نوری نے کہا پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اشیدا کاتو نوری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا، پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے بھی ہرسطح پر کوشاں ہے۔

    جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کراچی میں معاشی ترقی کی بےپناہ صلاحیتیں ہیں، نوجوانوں کو جاپان میں روزگار کے مواقعے فراہم کرنے کے لئے بھی دونوں ممالک میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

    جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل نے پنجابی، سندھی اور پشتو زبان میں گانا گاکر سب کو حیران کردیا اور کہا مجھے بریانی اور پائے بہت پسندہیں، پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں، مہمانوں کو اچھا کھانا کھلاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : جاپان پاکستان کو سات ارب چالیس کروڑ روپے دےگا

    یاد رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر نے رابطہ کرکے زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی تھی۔

    جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا تھا ۔

    اس سے قبل رواں سال اپریل میں پاکستان میں تعلیم اورٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے جاپان میدان میں آگیا تھا اور پاکستان کو سات ارب چالیس کروڑروپے دینے کا اعلان کیا تھا، یہ رقم پاکستان میں صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کیلئے استعمال ہونا تھی۔

  • جاپان کی تاریخ کا خطرناک سمندری طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 58 ہوگئی

    جاپان کی تاریخ کا خطرناک سمندری طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 58 ہوگئی

    ٹوکیو: جاپان کی تاریخ کے خطرناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی، دو دن کے دوران ہلاک افراد کی تعداد 58 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ہیگی کے جاپان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا نے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 58 ہوگئی، جبکہ درجنوں تاحال لاپتہ ہیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق طوفان کے باعث کئی پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں اور ڈیڑھ لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

    سمندری طوفان ہیگی کی تباہ کاریوں کے باعث جاپان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان منعقد ہونے والے رگبی کے عالمی کپ کے تین میچز بھی منسوخ ہوچکے ہیں۔

    سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے افراد کو ریسکیو کرنے کےلیے ہزاروں کی تعداد میں پولیس افسران، فائر فائیٹرز، کوسٹ گارڈز اور ملٹری اہلکار ریلیف آپریشن میں حصّہ لے رہے ہیں۔

    سمندری طوفان ہیگی نے 37 افراد کی جان لے لی، 20 لاپتہ

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ 92 ہزار گھر اب بھی بجلی سے محروم ہیں جبکہ 70 لاکھ سے زائد افراد طوفان کے باعث اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے جبکہ شیلٹر ہومز میں صرف 50 ہزار افراد موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ حکام نے خطرات کے پیش نظر علاقوں میں احتیاطی ہدایت جاری کردی ہیں جبکہ طوفان کے ٹکرانے سے قبل ہی شہریوں کی جانب سے اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرلی گئی تھیں جس کے سبب مارکیٹوں میں سامان کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

  • شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، خطے میں سنسنی، جاپان کی مذمت

    شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، خطے میں سنسنی، جاپان کی مذمت

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرکے خطے میں سنسنی پھیلادی، جاپان نے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا ہے، شمالی کوریا نے بدھ کو اپنے مشرقی ساحل پر کم از کم ایک میزائل فائر کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میزائل نے 450 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور زمین سے 910 کلومیٹر کی اونچائی تک گیا۔ جس کے بعد خطے میں سنسنی پھیل چکی ہے۔

    دوسری جانب جاپانی وزیراعظم شنزو آبے نے اس تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) کے پانیوں میں گرا، جو ساحل سے 370 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، شمالی کوریا میزائل تجربات بند کرے۔

    شمالی کوریا کے میزائل تجربات نے سنسنی پھیلا دی، امریکا کا سخت ردعمل

    دوسری جانب جوائنٹ چیفس اسٹاف جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ میزائل شمالی کوریا کے علاقے وونسان سے فائر کیے گئے، مزید تجربات کے پیش نظر فوج نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کئی شارٹ رینج میزائل تجربات کیے تھے۔

  • جاپان کی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

    جاپان کی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

    اسلام آباد: گزشتہ روز کے زلزلے سے آزاد کشمیر میں ہونے والے نقصانات پر جاپان کی جانب سے امداد کی پیشکش کی گئی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر کا فون پر رابطہ ہوا۔ جاپانی سفیر نے گزشتہ روز زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    جاپانی سفیر نے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ جاپان کے سفیر کو بتایا نقصانات کا جائزہ لیاجا رہا ہے، بیرونی امداد کی ضرورت پیش آئی تو آگاہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • شمالی کوریا کے خلاف جاپانی تجارتی پابندیاں نافذ ہوگئیں

    شمالی کوریا کے خلاف جاپانی تجارتی پابندیاں نافذ ہوگئیں

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے خلاف جاپان کی تجارتی پابندیاں نافذ العمل ہوگئیں، جاپان کی طرف سے شمالی کوریا کے لیے فاسٹ ٹریک ایکسپورٹ اسٹیٹس ختم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کی حکومت نے جاپان کی تجارتی پابندی سے متعلق فیصلہ نافذ العمل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کی ذمہ داری اب جاپان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تیزی سے بگڑتے ہوئے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کرے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے نائب سربراہ نے کہا کہ اگر جاپان اپنے غیر منصفانہ اقدامات واپس لیتا ہے، تو جنوبی کوریا بھی انٹیلیجنس کے تبادلے کو روکنے کا اپنا فیصلہ واپس لینے کو تیار ہے۔

    ادھر شمالی کوریا کی حکومت نے اس فیصلے کے نافذ العمل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی ذمہ داری اب جاپان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تیزی سے بگڑتے ہوئے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کرے۔

    جنوبی کوریا کا جاپان سے تجارتی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ

    جاپان کی جانب سے جنوبی کوریا پر بھی مختلف نوعیت کی تجارتی پابندی عاید ہے، جنوبی کوریا نے جاپان سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی کوریائی ٹیکنالوجی کی اشیاء سے متعلق پابندیاں ختم کرے۔

    خیال رہے کہ جاپان کی جانب سے جنوبی کوریا پر یہ بھی پابندی عاید ہے کہ وہ شمالی کوریا کو بھی مصنوعات فروخت نہیں کرسکتا، مو جے ان کا کہنا تھا کہ اب یہ معاملہ انتہائی سنگین ہوچکا ہے۔

  • وزیر خارجہ کا جاپانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ کا جاپانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب تارو کونو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں مقبوضہ کمشیر کی حالت زار سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب تارو کونو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے جاپانی ہم منصب کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل کرفیو ہے، کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی تنظیمیں جینو سائیڈ الرٹ جاری کر رہی ہیں، آج کشمیری باہر نکلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بڑے پیمانے پر کشت و خون کا خدشہ ہے۔

    وزیر خارجہ نے اپیل کی کہ جاپان کشمیریوں کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر چکے ہیں اور انہیں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار سے آگاہ کر چکے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے کشمیر کے معاملے پر مؤثر کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔