Tag: Japan

  • جاپان برف کا جہنم بن گیا، 12 فٹ برفباری

    جاپان برف کا جہنم بن گیا، 12 فٹ برفباری

    ٹوکیو: جاپان میں ریکارڈ برف باری ہوئی ہے، کئی علاقوں میں ریکارڈ 12 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں شدید برف باری کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ہے، اور نظام زندگی درہم برہم ہے، ساحلی شہر میں درخت، سڑکیں، عمارتیں اور گاڑیاں برف سے ڈھک گئیں۔

    جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ہفتے کو صبح سویرے اشیکاوا کے مرکزی پریفیکچر میں ایک بار پھر بھاری برف باری کی وارننگ جاری کی ہے، اور نیگاتا پریفیکچر میں برفانی تودے گرنے سے بھی خبردار کر دیا ہے، جہاں صرف تین دنوں میں 3 میٹر برف پڑ چکی ہے۔

    جاپان میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو چکا ہے، ہائی ویز پر گاڑیاں کئی گھنٹے پھنسی رہیں، پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی، اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔

    واجیما کے اشیکاوا شہر میں ہفتے کی صبح 7 بجے تک 6 گھنٹے کے دوران برف باری 27 سینٹی میٹر تک پہنچ گئی تھی، جو اس علاقے کے لیے ریکارڈ کی جانے والی سب سے بڑی مقدار ہے۔

    اشیکاوا کے جزیرہ نما نوٹو میں 1 جنوری 2024 کو زلزلہ آیا تھا، جس سے مکانات کو نقصان پہنچا تھا، جب کہ اس سے قبل گزشتہ ستمبر میں شدید بارشوں سے بھی ان مکانات کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا، اب برف تلے ان مکانات کی مکمل تباہی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما کے دباؤ کا پیٹرن اتوار تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اور ٹھنڈی ہوا کے بہاؤ میں وقفے وقفے سے شدت آنے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں برف کے جمع ہونے میں اضافہ ہوگا۔

  • ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسی، جاپان کا رد عمل سامنے آگیا

    ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسی، جاپان کا رد عمل سامنے آگیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسی پر چین اور کینیڈا کے بعد اب جاپان کی جانب سے بھی تحفظات کااظہار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے، امریکی اقدام دنیا کیلئے خسارے کا سودا ہے۔

    جبکہ امریکا میں قائم چین کے سفارتخانے کے ترجمان نے امریکی ٹیرف پالیسی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور محصولات کی جنگ میں کسی کی فتح نہیں ہوتی۔

    ترجمان چینی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اس اقدام کا جواب دے گا، ٹیرف پالیسی سے امریکا کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا، امریکا کا اقدام دنیا کے لیے خسارے کا سودا ہے۔

    دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی امریکہ کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنے کے اعلان پر اپنا مؤقف بیان کردیا۔

    ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ طور پر ٹیکس عائد کرنے کا عمل عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنے مسائل کو حل کرنے میں سود مند نہیں ہے بلکہ دونوں فریقوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور دنیا کے لیے بھی کوئی فائدہ مند نہیں ہے۔

    چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو درست کرے، چین اور امریکہ کے درمیان منشیات کے خلاف تعاون کا تحفظ کرے، اور چین امریکہ تعلقات کو مستحکم، صحت مند، اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھائے۔

    امریکی دھمکی، پاناما کی چین سے شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز چین، کینیڈا اور میکسیکو پر اضافی ٹیرف کے الگ الگ صدارتی حکم ناموں پر دستخط کر دیے ہیں۔

  • جاپان میں ایک مچھلی 13 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گئی

    جاپان میں ایک مچھلی 13 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گئی

    ٹوکیو: جاپان میں ایک مچھلی 13 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گئی ہے۔

    جاپانی میڈیا کے مطابق اتوار کو ٹوکیو کی ایک مشہور فش مارکیٹ میں سال کی پہلی نیلامی کے دوران ایک بلیو فن ٹونا 207 ملین ین (1.3 ملین ڈالر) میں فروخت ہو گئی۔

    276 کلو وزنی ٹونا مچھلی جاپان کی تاریخ کی دوسری مہنگی ترین مچھلی بن گئی ہے، یہ شمال مشرقی پریفیکچر اوموری میں اوما کے ساحل سے پکڑی گئی تھی۔

    اس مچھلی کو ایک ہول سیلر کمپنی اور سوشی ریسٹورنٹ نے مشترکہ طور پر خریدا ہے، ٹونا کا گوشت روایتی جاپانی کھانے سوشی میں استعمال ہوتا ہے۔

    دنیا کی معمر ترین خاتون انتقال کر گئیں

    سب سے مہنگی ٹونا 2019 میں 31 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔ سوشی ریسٹورنٹ کے مالک شنجی ناگاو نے کہا کہ سال کا پہلا ٹونا اچھی قسمت لاتا ہے، اور ہم لوگوں کے چہروں پر کھانے کے ذریعے مسکراہٹ لانا چاہتے ہیں۔

    ٹونا مچھلی پکڑنے والے ماہی گیر 73 سالہ ماساہیرو ٹیکوچی نے کہا کہ جب اس نے مچھلی کو دیکھا تو اسے یہ ایک گائے کی طرح موٹی دکھائی دی، اس نے کہا کہ یہ کارنامہ انجام دینے پر وہ ناقابل یقین حد تک خوش ہیں۔

  • جاپان ایئر لائنز کے سسٹم پر سائبر حملے کے اثرات

    جاپان ایئر لائنز کے سسٹم پر سائبر حملے کے اثرات

    ٹوکیو: جاپان ایئر لائنز کے سسٹم پر سائبر حملے سے متعدد ملکی اور غیر ملکی پروازیں متاثر ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے سسٹم پر سائبر حملے سے کمپنی کا اندرونی اور بیرونی نظام متاثر ہوا ہے۔

    اے پی نیوز کے مطابق جمعرات کو بیان میں جاپان ایئر لائنز نے کہا کہ سائبر حملے کی وجہ سے 20 سے زیادہ اندرون ملک پروازوں میں تاخیر ہوئی، لیکن کیریئر کا کہنا تھا کہ انھوں نے جلد ہی حملے کو روکا اور چند ہی گھنٹوں میں نظام کو کامیابی سے بحال کر دیا۔

    ایئرلائنز کا کہنا تھا کہ حملے سے پروازوں کی سیکیورٹی متاثر نہیں ہوئی، مسئلہ جمعرات کی صبح اس وقت شروع ہوا جب اندرونی اور بیرونی نظاموں کو جوڑنے والے کمپنی کے نیٹ ورک میں خرابی شروع ہوئی۔

    جاپانی ایئرلائن نے یہ بھی کہا کہ اس نے حملے کی وجہ بھی شناخت کر لی ہے، سائبر حملے کا مقصد ایئرلائنز کے نیٹ ورک کو کریش کرنا تھا اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیٹا بھیجا گیا تھا، اس طرح کے حملے سے سسٹم یا نیٹ ورک بے تحاشا ٹریفک سے بھر جاتا ہے اور وہ کریش ہو جاتا ہے۔

    ایئرلائنز کے مطابق سائبر حملے میں کوئی وائرس شامل نہیں تھا اور نہ ہی کسی صارف کا ڈیٹا لیک ہوا، سائبر حملے کی وجہ سے 24 ڈومیسٹک پروازیں 30 منٹ سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    واضح رہے کہ سائبر حملے موجودہ جدید دنیا میں معمول بنتے جا رہے ہیں، ہیکرز بین الاقوامی طاقتوں کے زیر اثر یہ کام کرتے ہیں، ماضی قریب میں امریکا، برطانیہ سمیت مختلف ممالک کو ان حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

  • جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں مدد کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں مدد کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: جاپان نے پاکستان کو انسدادِ پولیو پروگرام کے لیے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔

    اسلام آباد میں پاکستان میں انسداد پولیو کے سلسلے میں حکومتِ پاکستان، جاپان، جائیکا اور یونیسف کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، نیشنل ای او سی کے مطابق اس گرانٹ سے انسداد پولیو ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔

    نیشنل ای او سی کے مطابق جاپان سے ملنے والی گرانٹ 2025 میں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں استعمال ہوگی، خیال رہے کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کے 59 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    پولیو پر فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جاپانی حکومت کا تعاون قابل قدر ہے، جاپان کی حمایت کے ساتھ اپنی کوششوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کیسز صفر پر لانے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ 10 برسوں میں کتنے پولیو کیس رپورٹ ہوئے؟

    واضح رہے کہ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران ملک میں 411 پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں چلائی گئی انسدادِ پولیو مہمات کے نتائج خاطر خواہ برآمد نہیں ہوئے۔

    دس برسوں کے دوران نصف پولیو کیس خیبرپختونخوا سے سامنے آئے ہیں، کے پی سے 207، سندھ سے 92 پولیو کیس، بلوچستان سے 80، پنجاب سے 30، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے ایک ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا، جب کہ آزاد کشمیر سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

  • اسکول سے جوتے کون چوری کر رہا تھا؟ کیمرے کی فوٹیج میں حیران کن انکشاف

    اسکول سے جوتے کون چوری کر رہا تھا؟ کیمرے کی فوٹیج میں حیران کن انکشاف

    جاپان کے ایک کنڈرگارٹن اسکول کی وائرل ویڈیو نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے، جس میں بچوں کے جوتے چوری کرنے والا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

    یہ دل چسپ واقعہ جنوب مغربی جاپان کے علاقے فوکوکا میں پیش آیا، جہاں کنڈرگارٹن اسکول میں بچوں کے جوتے چوری ہو رہے تھے، اور چور کا پتا نہیں چل رہا تھا۔

    آخرکار اسکول میں جوتے چوری کے واقعات کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب اسکول میں تین خفیہ کیمرے لگائے گئے، جاپانی پولیس کے مطابق جب واردات کے بعد فوٹیجز چیک کی گئیں تو سب کو حیرت کا جھٹکا لگا۔

    ویڈیو میں چور کوئی انسان تھا ہی نہیں، بلکہ یہ ایک چھوٹا سا نیولا تھا، جس نے آ کر جوتا منہ میں دبایا اور دوڑتا ہوا بھاگ گیا، ڈپٹی پولیس چیف ہیروکی آنڈا نے اتوار کو ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’یہ اچھی بات ہے کہ یہ انسان نہیں تھا۔‘

    دراصل اساتذہ اور والدین کو اس بات کی فکر تھی کہ کہیں چور جوتوں کے جنون میں مبتلا کوئی شخص نہ ہو، واضح رہے کہ جاپان میں یہ رواج ہے کہ لوگ گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اپنے جوتے اتار دیتے ہیں، اسکول کے بچوں کے جوتے بھی دروازے کے قریب ریک میں رکھے ہوتے تھے۔

    قارئین کے لیے یہ بات دل چسپی کی باعث ہوگی کہ نیولا ایسا جانور ہے جسے لوگ پالتو کے طور پر بھی پالتے ہیں، وہ کھلونوں کو چھپانے میں ماہر ہوتے ہیں۔ اسکول میں بھی نیولے نے چرائے ہوئے جوتے مختلف جگہوں پر چھپائے تھے۔

    جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو اس وقت تک 15 جوتے غائب ہو چکے تھے، اور اگلے دن اس نے مزید 6 جوتے غائب کر دیے، جب نیولا 12 نومبر کو ایک اور جوتا چرانے کے لیے واپس آیا، تو اسے کیمرے میں جوتا چوری کرتے ریکارڈ کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق چوری شدہ جوتے بہت تلاش کے باوجد نہیں مل سکے۔

  • جاپان نے مصنوعی ایندھن کی پیداوار کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا

    جاپان نے مصنوعی ایندھن کی پیداوار کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا

    ٹوکیو: جاپان نے مصنوعی ایندھن کی پیداوار کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا، ٹوکیو کے قریب پہلے کارخانے سے پروڈکشن شروع ہو گئی۔

    جاپانی میڈیا کے مطابق ٹوکیو کے قریب ایک تجرباتی کارخانہ لگایا گیا ہے، جو ملک میں خام مال سے ماحول دوست مصنوعی ایندھن بنانا والا پہلا کارخانہ بن گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعی ایندھن کاربن سے پاک ہے، اور اس طرح کے ایندھن کی تیاری اگر تجارتی پیمانے پر کی جائے تو یہ پیٹرول اور دیگر اقسام کے معدنی ایندھن کی جگہ لے سکتا ہے۔

    کارخانہ ٹوکیو کے قریب تحقیقی مرکز میں قائم کیا گیا ہے، یہ جاپان کی تیل کی بڑی ہولسیلر کمپنی اینوس نے کی ملکیت ہے، جس نے رواں مہینے کے اوائل سے کام شروع کر دیا ہے۔

    اس کارخانے میں مصنوعی فیول کی پیداوار کے لیے پہلے پانی کے الیکٹرولائسز کے ذریعے ہائیڈروجن پیدا کیا جاتا ہے، اور پھر اسے فضا میں موجود اور کارخانوں سے نکلنے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ ملایا جاتا ہے، کمپنی فی الحال یومیہ تقریباً 160 لیٹر مصنوعی ایندھن تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    یہ لیکوئیڈ فیول (مائع ایندھن) ہے جو کاربن سے پاک ہے، اور اسے روایتی انجنوں سے چلنے والی کاروں اور طیاروں میں استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن چیلنج یہ ہے کہ خام تیل سے پیٹرول کو صاف کرنے کے مقابلے میں اس ایندھن کی زیادہ پیداواری لاگت کو کیسے کم کیا جائے۔

    جاپانی حکومت نے 2035 تک مصنوعی ایندھن کو تجارتی پیمانے پر تیاری کا ہدف مقرر کیا ہے، اینوس کے سی ای او نے ایک بیان میں کہا کہ مستقبل میں یہ پیداواری لاگت کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

  • جاپان میں ڈائٹنگ کے بغیر وزن کم کرنے کا طریقہ دریافت

    جاپان میں ڈائٹنگ کے بغیر وزن کم کرنے کا طریقہ دریافت

    ٹوکیو: جاپان کے طبی محققین نے ڈائٹنگ کے بغیر وزن کم کرنے کا حیرت انگیز طریقہ دریافت کر لیا ہے۔

    جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوبے یونیورسٹی کے محققین نے جسم کی عضلاتی ساخت میں ’’پی جی سی-1 اے‘‘ نامی پروٹین کے مختلف متغیرات کا مشاہدہ کیا ہے جو آئندہ دنوں میں وزن کم کرنے والی ادویات کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔

    یورپی سائنسی جریدے ’’مالیکیولر میٹابولزم‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق محققین نے مذکورہ پروٹین کے مختلف متغیرات کا مشاہدہ ورزش کے دوران کیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ متغیرات دوران ورزش بہت بڑھ جاتے ہیں، اور یہ بدن کی چربی جلانے کی رفتار کو تیز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کوبے یونیورسٹی کے محققین نے اس دریافت پر کہا کہ ہم ایک ایسی نئی دوا تیار کر سکتے ہیں جو پرہیز کیے بغیر وزن کم کرنے میں مدد دے گی، ان کا کہنا تھا کہ ان متغیرات کی تعداد میں اگر اضافہ کیا جائے تو اس سے جسم میں توانائی جلنے کا عمل تیز تر ہو جائے گا اور یوں چربی جلانے میں مدد ملے گی۔

    انسانوں کے عضلاتی ڈھانچے کا مطالعہ کرنے والے محققین نے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ ’پی جی سی-1 اے‘ کے متبادل متغیرات بھی ورزش کے دوران بڑھتے ہیں۔ ان متغیرات کی پیداوار مختلف افراد میں مختلف ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ایک ہی طرح کی ورزش کرنے کے باوجود مختلف لوگوں میں وزن میں کمی کی رفتار مختلف ہو سکتی ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر واتارو اوگاوا نے کہا کہ اس تحقیق کے نتائج موٹاپے سے متعلقہ بیماریوں کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔

  • کیا لبنان میں پھٹنے والے واکی ٹاکی جاپان میں بنے؟

    کیا لبنان میں پھٹنے والے واکی ٹاکی جاپان میں بنے؟

    بیروت: لبنان میں متواتر دوسرے دن کمیونکیشنز ذرائع کو تباہ کن ہتھیار بنانے کے اسرائیلی آپریشن میں جو واکی ٹاکیز استعمال کیے گئے، وہ جاپان کی کمپنی کے بنائے گئے لگتے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق بیروت میں پھٹنے والی واکی ٹاکیز کی تصاویر پر جو لیبل دیکھنے کو ملے ہیں وہ جاپان کی ریڈیو کمیونیکیشنز اینڈ ٹیلی فون کمپنی ICOM (6208.T) کے نام والے ہیں، اپنے نئے کھلتے ٹیب کے ساتھ یہ واکی ٹاکی جاپانی فرم کے ماڈل IC-V82 ڈیوائس سے مشابہت رکھتا ہے۔

    ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج میں درج ICOM نے جمعرات کو کہا کہ وہ ان خبروں کی تحقیقات کر رہا ہے کہ اس کے لوگو والے ریڈیو ڈیوائسز لبنان میں پھٹے ہیں، اور تازہ ترین معلومات ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں گے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تمام ریڈیوز جاپان کے اندر ہی تیار کرتی ہے، اس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا اس نے ڈیوائس باہر بھیجے ہیں یا نہیں، کیوں کہ یہ والا ماڈل 10 سال پہلے بند کر دیا گیا تھا۔

    پھٹنے والے پیجرز ہنگری میں بنے تھے

    اوساکا میں قائم فرم نے کہا کہ بیرون ملک منڈیوں کے لیے اس کی مصنوعات خصوصی طور پر مجاز تقسیم کاروں کے ذریعے فروخت کی جاتی ہیں، اور برآمدات کی جانچ جاپان کے سیکیورٹی تجارتی کنٹرول کے ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ مارکیٹ میں اس سے قبل اس کمپنی کی ڈیوائسز کی نقلیں فروخت ہونے لگی تھیں، جس پر کمپنی نے صارفین کو جعلی ورژن سے متعلق خبردار کر دیا تھا، بالخصوص ان ماڈلوں سے متعلق جو اس نے بنانا بند کر دی تھیں۔

    ایک سیکورٹی ذریعے نے بتایا کہ ہاتھوں میں پکڑے جانے والے ریڈیوز کو حزب اللہ نے پانچ ماہ قبل خریدا تھا، لگ بھگ ان ہی دنوں میں جن دنوں میں اس نے پیجرز خریدے تھے۔

  • طوفان کے باعث ہوائی جہاز ڈولنے لگا، لینڈنگ میں ناکامی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    طوفان کے باعث ہوائی جہاز ڈولنے لگا، لینڈنگ میں ناکامی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ٹوکیو : جاپان میں ایک مسافر طیارہ چاروں طرف سے طوفانی ہواؤں کے گھیرے میں آگیا، جس کے باعث ہوائی جہاز فضا میں ڈولنے لگا، ہنگامی لینڈنگ بھی نہ ہوسکی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں آنے والے سمندری طوفان نے کئی شہروں میں نظام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔

    اس دوران ایک مسافر طیارہ بھی چاروں جانب طوفانی ہواؤں میں گِھر گیا ایسے میں جہاز پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہونے لگا اور فضا میں ہی ڈولنا شروع کردیا صورتحال دیکھ کر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔

    مذکورہ واقعے کی ایک ویڈیو میں مسافر طیارے کو فضا میں جھولتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب وہ فوکوکا ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی ناکام کوشش کررہا تھا۔ تاہم کافی دیر بعد پائلٹ جہاز کو بمشکل دوسرے ایئر پورٹ پر بحفاظت اتارنے میں کامیاب ہوگیا۔

    مذکورہ طوفان گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 8:45 پر اوئٹا پریفیکچر کے ساحلی شہر کونیساکی کے ساحل سے ٹکرایا اور شمال مشرق کی طرف بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ہوا کی تیز لہریں 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں۔ جاپانی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق ہوا کی رفتار اتنی تیز تھی کہ وہ ٹرک کو تنکے کی طرح اڑا لے جا سکتی تھی۔

    جاپان میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور حکام کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔