Tag: Japan

  • جاپان کی حکمران لبرل پارٹی کے سربراہ وزیر اعظم فومیو کشیدا کا جانشین کون ہوگا؟

    جاپان کی حکمران لبرل پارٹی کے سربراہ وزیر اعظم فومیو کشیدا کا جانشین کون ہوگا؟

    ٹوکیو: جاپان کی حکمران لبرل پارٹی کے صدر موجودہ وزیر اعظم فومیو کشیدا کی مدت ستمبر میں ختم ہو رہی ہے۔

    جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کی مرکزی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے نئے صدر کا انتخاب 27 ستمبر کو کیا جائے گا، اس انتخاب کے ذریعے پارٹی کے صدر اور موجودہ وزیر اعظم فُومیو کِشیدا کے جانشین کا انتخاب کیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں منگل کو ایل ڈی پی کی انتخابی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 ستمبر کو اس سلسلے میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا، یعنی انتخابی مہم کے لیے 15 دن دستیاب ہوں گے، یہ دورانیہ 1995 کے بعد سے طویل دورانیہ ہوگا۔

    حکمران جماعت سیاسی اور مالی اسکینڈلوں کی وجہ سے چاہتی ہے کہ عوامی اعتماد کو بحال کیا جائے، اسی لیے بحث و مباحثے کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت مختص کیا جائے گا۔

    انتخاب کے دوران کُل 734 ووٹ ڈالے جائیں گے، ایل ڈی پی کے پارلیمانی قانون سازوں کے پاس 367 ووٹ ہیں، جب کہ باقی نصف کا فیصلہ جاپان بھر میں اِس جماعت کے مقامی ذمہ داران اور رجسٹرڈ اراکین کریں گے۔ قانون ساز اپنا ووٹ 27 ستمبر کو ڈالیں گے اور ووٹوں کی گنتی اُسی روز ہوگی۔

    واضح رہے کہ ایل ڈی پی کے صدر کی حیثیت سے فومیو کِشیدا کی مدّت ستمبر کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔

  • جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئی

    جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئی

    ٹوکیو: جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں سمندری طوفان ایمپل نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے، مشرقی اور شمال مشرقی ساحلی علاقے کانتو اور توہوکُو کو طاقت ور سمندری طوفان کا سامنا ہے۔

    دارالحکومت ٹوکیو میں بھی طوفانی ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، طوفان کے خطرے کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ایک لاکھ سے زائد مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    طوفان کے پیشِ نظر بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، جس سے دو ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں، بجلی کی بندش سے ٹوکیو اور مرکزی شہر ناگویا کے درمیان چلنے والی تمام بلٹ ٹرین سروس بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

    جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ایمپل کو زیادہ طاقت ور طوفان کا درجہ دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے 19 ہزار رہائشیوں کے انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری سمندر اور دریاؤں کی جانب جانے سے گریز کریں۔

  • جاپان میں خطرناک زلزلے کی وارننگ جاری

    جاپان میں خطرناک زلزلے کی وارننگ جاری

    جاپانی حکام کی جانب سے آئندہ چند برس کے دوران صدی کے سب سے خطرناک شدت کے زلزلے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں جمعرات کو آنے والے 7 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے کے بعد حکام نے آئندہ چند سالوں کے دوران صدی کے سب سے خطرناک زلزلے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متوقع زلزلے کی شدت 8 یا 9 ہوسکتی ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامات کا بھرپور بندوبست اور رابطوں کو مؤثر رکھا جائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ میگا تھرسٹ زلزلہ اکثر جوڑے میں آتا ہے، جس میں سے ایک جمعرات کو آچکا ہے، آخری بار اس طرح کا زلزلہ 1944 اور 1946 میں آیا تھا۔

    حکام کے مطابق مذکورہ وارننگ دیے جانے کے بعد جاپانی وزیراعظم نے آئندہ ہفتے اپنا وسطی ایشیا کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔

    جاپانی وزیراعظم نے دورہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامات کا بھرپور بندوبست اور رابطوں کو مؤثر رکھنے کے لئے ملتوی کیا ہے۔

    واضح رہے کہ جمعرات کے روز جاپان کے جنوبی علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے باعث سونامی ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ جاپان میں 6.9 شدت محسوس کی گئی تھی۔

    مغرب کا دُہرا معیار اسرائیل کا حوصلہ بڑھا رہا ہے، مسعود پزشکیان

    جاپانی حکام کا کہنا تھا کہ ساحلی علاقے کوچی اور میازا کی میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے، ایک میٹر بلند لہریں ساحل سے ٹکرا سکتی ہیں۔

  • جاپان نے ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے

    جاپان نے ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے

    ٹوکیو: جاپان نے 20 سالوں میں پہلی بار جاپان نے ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے کرنسی نوٹ کا جاری کر دیئے۔

    ہولوگرام ٹیکنالوجی سے مزین نئے نوٹوں کے اجراء کی افتتاحی تقریب ٹوکیو کے علاقے نیہون باشی میں واقع بینک آف جاپان(بی او جے) کے ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی۔

    اس موقع پر بی او جے کے گورنر ’’اُو اے دا کازُو او‘‘ نے کہا کہ مارکیٹ سے پرانے کرنسی نوٹ کی واپسی کے لیے بینک 16 کھرب ین یا تقریباً 9 ارب 90 کروڑ ڈالر مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جلد از جلد گردش میں لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    جعلسازی کرنے کو مزید مشکل بنانے کے لیے نئے کرنسی نوٹوں میں جدید ترین ہولوگرام ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، ہولوگرام ٹیکنالوجی سے مزین 10 ہزار ین کے نئے نوٹ پر کاروباری شخصیت بابائے جدید جاپانی معیشت’’شیبو ساوا ایچی‘‘ کی تصویر نقش ہے۔

    جبکہ پانچ ہزار کے نئے نوٹ پر حصول تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے والی پہلی جاپانی خاتون کی تصویر ہے، ایک ہزار ین کے نئے نوٹ پر ماہر جرثومیات کی تصویر ہے۔

    عالمی سطح پر یہ پہلا موقع ہے جب جاپان میں کرنسی نوٹوں میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

  • خطرناک وبا پھیل گئی، 48 گھنٹے میں مریض کی ہلاکت

    خطرناک وبا پھیل گئی، 48 گھنٹے میں مریض کی ہلاکت

    ٹوکیو : جاپان میں گوشت کھانے والے بیکٹیریا کی وبا پھیل گئی، متاثرہ مریض صرف 48 گھنٹوں کے دوران ہی موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میں انتہائی خطرناک بیماری اسٹریپٹوکوکل ٹاکسک شاک سنڈروم (ایس ٹی ایس ایس) بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، یہ بیماری گوشت خور بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مریضوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہلاکتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

     bacteria

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفیکٹو ڈیزیز (این آئی این ڈی) کے مطابق، جاپان میں اسٹریپٹوکوکل ٹاکسک شاک سنڈروم (STSS) کے کیسز 977 تک پہنچ گئے ہیں، جو کہ پچھلے سال کے ریکارڈ 941 کیسز سے زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بیماری پھیلنے سے زیادہ یہ زیادہ قابل تشویش ہے کہ متاثرہ مریض کی موت انفیکشن پھیلنے کے 48گھنٹوں کے اندر ہوسکتی ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسٹریپٹوکوکل بیکٹیریا کے انفیکشن کے لیے پیر کے زخم خاص طور سے انتہائی خطرناک ہوتے ہیں اور چھالے جیسی چھوٹی چوٹ اس بیکٹیریا کے لیے داخلی دروازے بن سکتے ہیں۔ بزرگ مریضوں میں انفیکشن سے موت تک کا فاصلہ کم از کم 48 گھنٹے کا ہو سکتا ہے۔

    اس مرض کی علامات میں یہ بیکٹیریا مریض کے اعضا میں درد اور سوجن، بخار، لو بلڈ پریشر جیسے سنگین اور تیزی سے بڑھنے والی علامات پیدا کرسکتے ہیں۔

    یہ علامات سانس سے متعلق مسائل، اعضا کا فیل ہونا اور یہاں تک کہ موت تک بڑھ سکتی ہیں۔ 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو خاص طور سے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • جاپان میں 90 لاکھ گھر خالی، مکین کہاں گئے ؟ حیرت انگیز انکشاف

    جاپان میں 90 لاکھ گھر خالی، مکین کہاں گئے ؟ حیرت انگیز انکشاف

    ٹوکیو : جاپان میں خالی مکانوں کی تعداد بڑھ کر 90 لاکھ تک جا پہنچی ہے جو کہ نیویارک شہر میں رہنے والوں کی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاپان میں ہر سال آبادی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے خالی اور ویران مکانوں کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ گئی۔

    Japan

    میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ اور مواصلات کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں مجموعی رہائشی جائیدادوں میں سے 14 فیصد خالی پڑی ہیں جن میں رہنے والا کوئی نہیں۔

     Yokosuka City

    جاپان میں اس قسم کے خالی مکانات کو "اکیہ” کہا جاتا ہے ان کی سب سے زیادہ تعداد دیہی علاقوں میں پائی جاتی ہے جبکہ اب ٹوکیو اور کیوٹو جیسے بڑے جاپانی شہروں میں بھی اس طرح کے مکانات موجود ہیں جو جاپان کی آبادی میں نمایاں کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔

    Grapples

    جاپان میں پیدائش کی کم شرح کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے پاس کوئی وارث ہی نہیں جنہیں وہ اپنی جائیداد منتقل کرسکیں اور جن نوجوانوں کو یہ مکانات ان کے والدین دے گئے ہیں وہ خود شہروں میں منتقل ہوگئے اور واپس اپنے گاؤں نہیں آنا چاہتے۔

    vacant

  • فلم اوپن ہائیمر جاپان میں 8 ماہ بعد ریلیز، فلم بینوں کا رد عمل کیا رہا؟

    فلم اوپن ہائیمر جاپان میں 8 ماہ بعد ریلیز، فلم بینوں کا رد عمل کیا رہا؟

    ایٹم بم پر بننے والی ہالی ووڈ فلم ’اوپن ہائیمر‘ جاپان میں آخرکار 8 ماہ بعد 29 مارچ کو ریلیز کر دی گئی۔

    کرسٹوفر نولان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم اوپن ہائیمر اس خدشات کے ساتھ ریلیز کی گئی تھی کہ ایٹم بم حملوں کا شکار ہونے والے دنیا کے واحد ملک میں اس پر کیسا ردعمل سامنے آئے گا۔

    دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر امریکا کے جوہری دھماکوں نے جاپان کے دو شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی کو تباہ کر دیا تھا، جس میں 2 لاکھ سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے، موضوع کی حساسیت کی وجہ سے جاپان میں 7 آسکر ایوارڈز جیتنے والی اس فلم کی ریلیز کو لے کر ڈسٹری بیوٹر گھبراہٹ کا شکار تھے۔

    جوہری ہتھیاروں کی ایجاد کرنے والے امریکی سائنس دان جے رابرٹ اوپن ہائیمر کی زندگی پر مبنی اس فلم کو جاپانی فلم بینوں کی جانب سے ملا جلا اور انتہائی جذباتی ردعمل ملا ہے، فلم جاپان میں باکس آفس پر چوتھے نمبر پر رہی، ریلیز کے بعد پہلے تین دنوں میں فلم نے 38 لاکھ ین یا 25 لاکھ ڈالر کمائے۔

    جاپانی ناظرین کی مختلف آرا میں ایک نمایاں رائے یہ تھی کہ فلم نے اوپن ہائیمر کی شخصیت پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی ہے اور جاپانی نقطہ نظر فلم سے مکمل طور پر غائب ہے، فلم کا مقصد اوپن ہائیمر کے اندر جاری نفسیاتی کشمکش تھا، فلم اس بات کی عکاسی نہیں کرتی کہ جب ہیروشیما اور ناگاساکی پر بم گرائے گئے تو زمین پر کیا ہوا۔

    ایٹم بم دھماکوں سے بچ جانے والے 91 سالہ ترومی تاناکا کی عمر 13 سال تھی جب ناگاساکی پر بم گرایا گیا، انھوں نے بتایا کہ جب بم پھٹا تو وہ ایک چمکدار سفید روشنی کی لپیٹ میں آ گئے تھے، جو پھر نیلے، نارنجی میں تبدیل ہو گئی۔ تاناکا نے کہا یہ فلم لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد دے گی کہ جوہری ہتھیار رکھنے کا کیا مطلب ہے۔

    ہیروشیما کے سابق میئر تاکاشی ہیراوکا نے جاپانی میڈیا کو بتایا کہ فلم میں جوہری ہتھیاروں کی ہولناکی کو خاطر خواہ طور پر پیش نہیں کیا گیا۔ امریکی سیاست میں مہارت رکھنے والے صوفیہ یونیورسٹی کے پروفیسر کازوہیرو میشیما نے اس فلم کو ’امریکی ضمیر‘ کا اظہار قرار دیا، اور کہا کہ جو لوگ جنگ مخالف فلم کی توقع رکھتے ہیں وہ مایوس ہو سکتے ہیں۔

  • صدر آصف زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا کی ملاقات

    صدر آصف زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا کی ملاقات

    اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے ملاقات کی ہے، جس میں جاپانی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری بار صدر بننے پر مبارک باد پیش کی، اور جاپانی شہنشاہ ناروہیٹو کی جانب سے تہنیتی پیغام بھی دیا۔

    جاپانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور جاپان میں تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ثقافت، اور عوامی روابط میں تعلقات بڑھانا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر رہا ہے، پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے، جاپانی کاروباری ادارے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھائیں۔

    صدر مملکت نے مظاہر نقوی کو برطرف کر دیا

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تحت پاکستان کی ترقی میں معاونت کر رہا ہے، پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا ملک ہے، پاکستان تربیت یافتہ افرادی قوت بھیج کر جاپان کی انسانی وسائل کی ضروریات پوری کر سکتا ہے، جاپانی آٹوموبائل کمپنیاں پاکستان سے مصنوعات برآمد کرنے کے لیے پیداوار بڑھائیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ جاپانی بینکوں کی پاکستان واپسی، اور کام شروع کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، صدر مملکت نے پاکستان کے موجودہ سماجی و اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ جاپانی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان ایک اسٹریٹجک محل وقوع اور بہت بڑی آبادی کا حامل ملک ہے۔

    سفیر نے کہا پاکستانی آم کی جاپان کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جاپان کا کامیاب دورہ کیا، پاکستان کی نوجوان نسل ملک کو خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ صدر مملکت سے پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے بھی ملاقات کی، اور عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی، صدر مملک نے کہا پاکستان یمن تعلقات مذہب، ثقافت اور اقدار کے مشترکہ رشتوں پر مبنی ہیں، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • جاپان میں 13 ملین ڈالر کی قیمتی گھڑیاں ’غائب‘ ہو گئیں

    جاپان میں 13 ملین ڈالر کی قیمتی گھڑیاں ’غائب‘ ہو گئیں

    ٹوکیو: جاپان میں 13 ملین ڈالر کی 900 لگژری گھڑیاں ’غائب‘ ہو گئیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جاپان میں تقریباً ایک کروڑ تیس لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی قیمتی گھڑیاں اس وقت غائب ہوئیں جب ایک سائٹ نے انھیں کرائے پر لیا تھا، جب کہ سائٹ کا مالک دبئی فرار ہو گیا۔

    مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ گھڑیوں کے غائب ہونے کا انکشاف اس وقت ہوا جب کہ آن لائن رینٹل پلیٹ فارم کی بندش کی خبر سامنے آئی۔ گھڑیوں میں رولیکس، اومیگا اور ٹاگ ہوئر جیسے انتہائی بیش قیمت برانڈز شامل ہیں، اور وہ ایک ایسے آن لائن پلیٹ فارم کے قبضے میں تھیں جو انھیں مختلف گاہکوں کو کرائے پر دیتا تھا۔ واضح رہے کہ جاپان میں اس قسم کے کاروبار کو ’شیئرنگ اکانومی‘ کہا جاتا ہے، جاپانی معیشت میں اشیا اور سروسز کا اس طرح مشترکہ استعمال عام ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق رینٹل ویب سائٹ کا مالک مبینہ طور پر فرار ہو کر دبئی جا چکا ہے، مذکورہ ویب سائٹ جاپانی شہر اوساکا سے کام کر رہی تھی اور اس کا نام Toke Match تھا۔ جن بیش قیمت گھڑیوں کو اب تک برآمد نہیں کیا جا سکا، ان کی تعداد تقریباً نو سو بتائی گئی ہے۔

    ’ٹوکے میچ‘ نامی ویب سائٹ ’نیو ریزرو‘ نامی کمپنی کے زیر انتظام کام کرتی تھی، اس پلیٹ فارم نے گھڑیاں کرائے پر دینے کی اپنی سروس 31 جنوری کو بند کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں رکھوائی گئی تمام لگژری گھڑیاں ان کے مالکان کو واپس کر دے گا، تاہم سائٹ بند ہونے کے بعد مالک فرار ہو گیا۔

    پولیس کو اوساکا، ٹوکیو اور دیگر شہروں میں ایسی تقریباً 190 گھڑیوں کے مالکان کی جانب سے 40 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں کہا گیا تھا کہ کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود گھڑیاں انھیں واپس نہیں کی گئیں۔

    پولیس تفتیش کاروں کے مطابق ان سیکڑوں گھڑیوں میں سے بہت سی اب تک مجرمانہ طور پر آن لائن فروخت بھی کی جا چکی ہیں۔ پولیس نے ’ٹوکے میچ‘ کے تاکازومی کومیناتو نامی مالک کے خلاف کئی ملین ڈالر کی مجرمانہ دھوکا دہی کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

  • جاپان نے میانمار کے لیے کروڑوں ڈالر امداد کا اعلان کر دیا

    جاپان نے میانمار کے لیے کروڑوں ڈالر امداد کا اعلان کر دیا

    ٹوکیو: میانمار میں فوجی بغاوت کے تین سال بعد بھی انسانی صورت حال تشویش ناک ہے، ایسے میں جاپان نے میانمار کو 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی مزید انسانی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

    جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ کامی کاوا یوکو نے جمعہ کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ جاپان نے میانمار کو تقریباً 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی اضافی انسانی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ فوجی بغاوت کے تین سال بعد میانمار میں انسانی صورت حال بدستور انحطاط پذیر ہے، ملک بھر میں فضائی حملے اور لڑائی جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک کروڑ 86 لاکھ افراد کو اب بھی انسانی امداد کی ضرورت ہے۔

    جاپانی امداد میں خوراک اور ادویات کی تقسیم اور طبی خدمات کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین اور شیر خوار بچوں کے لیے بہتر غذا کی فراہمی شامل ہوگی، جاپانی حکومت عالمی ادارہ خوراک اور اقوامِ متحدہ کے اطفال فنڈ سمیت بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے یہ امداد فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔