Tag: Japanese government

  • توانائی کا بحران : جاپانی حکومت نے بھی عوام سے بڑی اپیل کردی

    توانائی کا بحران : جاپانی حکومت نے بھی عوام سے بڑی اپیل کردی

    ٹوکیو : دنیا بھر میں توانائی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے، جس کی وجہ سے حکومتیں ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہیں کہ جس سے ان کے عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    اس سلسلے میں جاپانی حکومت گھرانوں اور کاروباری اداروں سے دسمبر سے بجلی بچانے کی اپیل کررہی ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی فراہمی کی صورت حال کی پیشگوئی ممکن نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ سات سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت جاپان نے سردیوں کے موسم میں بچت کے لیے عوام سے اس طرح کی درخواست کی ہے۔

    حکام کو توقع ہے کہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں تین فیصد کی ریزرو پاور سپلائی کی صلاحیت کی شرح کو حاصل کر لیں گی، جو ملک بھر میں مستحکم فراہمی کے لیے کم از کم درکار شرح ہے۔

    تاہم، مائع قدرتی گیس کی خریداری کی لاگت بدستور زیادہ ہے۔ وہ روس کے یوکرین پر حملے کو زیادہ لاگت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

    حکومت نے درخواست جاری کرنے کا باضابطہ فیصلہ منگل کے روز کیا۔ اس اقدام کے تحت گھرانوں اور کاروباری اداروں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ دسمبر سے مارچ تک بجلی بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومت لوگوں سے درخواست کر رہی ہے کہ وہ گھر کے اندر زیادہ کپڑے پہنیں اور غیر ضروری روشنیاں بند کر دیں۔

    حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کے تمام دفاتر میں ایک فیصد کی کٹوتی تقریباً ایک لاکھ گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے کافی ہوگی۔ کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لائٹس اور ایئر کنڈیشنر کا استعمال کم کریں۔

  • کورونا وائرس : جاپانی حکومت نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    کورونا وائرس : جاپانی حکومت نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    ٹوکیو : جاپان کی مرکزی کابینہ نے ملک میں کورونا وائرس کی وباء سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے میں مدد کے لیے کچھ قوانین کے مسودوں کی منظوری دی ہے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ منظور ہونے والے قوانین میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے خصوصی قانون، متعدی امراض پر کنٹرول کے قانون اور قرنطینہ قانون پر نظرثانی کی تجاویز جمعے کے روز کابینہ کے اجلاس میں منظور کرلی گئیں۔

    نظرثانی کے مسودے میں وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پر عمل سے انکار کرنے والے افراد اور اداروں پر جرمانہ شامل ہے۔

    منظور ہونے والے ترمیم شدہ مسودے کے تحت کورونا وائرس سے نمٹنے کے خصوصی قانون کے ذریعے گورنروں کو مرکزی حکومت کی جانب سے ہنگامی حالت کے نفاذ سے قبل بھی زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے۔

    اس کے علاوہ مذکورہ گورنرز کاروباری اداروں کو ان کے اوقات کار تبدیل کرنے کا کہہ سکیں گے اور کہنا نہ ماننے کی صورت میں گورنر احکام پر عملدرآمد کا حکم جاری کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ انہیں موقع پر جائزہ لینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

    قانون میں کہا گیا ہے کہ احکامات نہ ماننے والے کاروباری اداروں پر ہنگامی حالت نافذ ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ تقریباً 5 ہزار ڈالر جبکہ ہنگامی حالت کے بغیر کی صورت میں زیادہ سے زیادہ تقریباً 3 ہزار ڈالر تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر کے دورے کے موقع پر جائزے کو مسترد کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ تقریباً 2 ہزار ڈالر تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔

  • جاپانی حکومت کا تمام غیر ملکیوں کی آمد پر نیا قانون لانے کا فیصلہ

    جاپانی حکومت کا تمام غیر ملکیوں کی آمد پر نیا قانون لانے کا فیصلہ

    ٹوکیو : جاپانی حکومت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے جاری پھیلاؤ کے تناظر میں ملک میں تمام غیر ملکیوں کا داخلہ معطل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    انتہائی مہلک قرار دی جانے والی کورونا وائرس کی نئی اقسام کی برطانیہ اور دیگر ممالک میں تصدیق کے بعد جاپان نے گزشتہ ماہ غیر ملکیوں کی تمام نئی آمد روک دی تھی تاہم دس ایشیائی ممالک اور تائیوان سے کاروباری افراد کے داخلے کی اجازت برقرار رکھی تھی۔

    ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد داخلہ پابندیوں کو مزید سخت کرنے کے پہلے مرحلے کے طور پر حکومت جاپان اس سے قطع نظر تمام مسافروں کا داخلہ معطل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے کہ ان کے ممالک میں کورونا وائرس کی مذکورہ قسم کی تصدیق ہوئی ہے یا نہیں۔

    ذرائع کے مطابق ماسوا ان افراد کے جن کے کسی رشتہ دار کی آخری رسومات یا بچے کی پیدائش جیسی خصوصی وجوہات کے کسی بھی غیر ملکی کو جاپان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم سُوگا یوشی ہیدے نے گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ اُن ممالک یا علاقہ جات کے سفر پر جانے یا وہاں سے آنے کے سفر پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم ان کی جماعت اور دیگر رہنماوں نے کہا تھا کہ یہ حکومتی اقدام ابہام کا باعث بنیں گے۔

  • جاپانی حکومت کا ماحول دوست توانائی کے حصول کیلئے بڑا فیصلہ

    جاپانی حکومت کا ماحول دوست توانائی کے حصول کیلئے بڑا فیصلہ

    جاپانی سائنسدان سمندری ہوا سے توانائی کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، جس کیلئے وہ سال2050تک زیرو کاربن اخراج کے ہدف کو مکمل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

    اس حوالے سے حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جاپان سمندری ہوا سے توانائی حاصل کرنے کی اپنی گنجائش بڑھا کر 2030ء تک ایک کروڑ کلو واٹس کرنا چاہتا ہے۔

    جاپان 2040ء تک اس استعداد کو 3 کروڑ سے چار کروڑ 50 لاکھ کلو واٹس تک لے جانے کا خواہاں ہے جو30 سے زائد بڑے تھرمل بجلی گھروں کی پیداوار کے مساوی ہے۔

    ماحول دوست مستقبل کیلئے سمندری ہوا سے توانائی کا حصول جاپانی کوششوں کا محور ہوگا، اسے زمینی ہوا کی توانائی کے مقابلے میں زیادہ مستحکم اور باکفایت سمجھا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کاروباری ادارے سمندری ہوا سے تھرمل توانائی کی نسبت زیادہ سستی بجلی بنانے میں مدد دینے کیلئے ٹیکنالوجی پر کام کررہے ہیں۔