Tag: jaranwala

  • گنے کی فصل سے اچھی آمدنی، ویڈیو رپورٹ

    گنے کی فصل سے اچھی آمدنی، ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: ملک نعیم وفا

    ریفائن شوگر کے نقصانات سے جن لوگوں کو واقفیت ہے، وہ گڑ کی طرف راغب ہوتے ہیں، لیکن یہ کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ گنے سے گڑ کی تیاری کا مرحلہ کتنا کٹھن ہوتا ہے۔

    کاشتکارمحمد لطیف ڈوگر کےوالد اور دادا بھی کھیتی باڑی سے وابستہ تھے، وہ اس کام سے خوش ہیں، کہتے ہیں گنے کی فصل میں بڑی برکت ہے، آمدنی اچھی ہوتی ہے۔

    کسان کو سال بھر کماد کی فصل کا خیال رکھنا پڑتا ہے، موسم سرما کا جوبن آنے پر کماد کی تیار فصل سے گنے تیار کیے جاتے ہیں، پھر گنے کو بیلنے میں ڈال کر ان کا رس نکالا جاتا ہے۔ گنے کے رس کو چھوٹے برتنوں کے ذریعے چونبھے پر رکھے کڑاہ میں ڈالا اور خوب پکایا جاتا ہے۔ یہ رس گاڑھا ہو جائے تو لکڑی کے سانچے میں ڈال کر گڑ اور شکر تیار کی جاتی ہے۔

    شہتوت کی ٹہنیوں پر ہنر کا استعمال، اچھا کاروبار، اچھا منافع (ویڈیو رپورٹ)

    کسان کہتے ہیں ہاتھ سے بنائے گڑ اور شکر کا خاص ذائقہ ہوتا ہے۔ کماد کی فصل ابتدا سے انتہا تک انتہائی مشقت طلب ہے۔ جب گنے کی اچحی فصل تیار ہوتی ہے اور اس کے رس سے گڑ بنانے کا مرحلہ آتا ہے، تو کسان خوش ہوتے ہیں۔ انھیں امید ہوتی ہے کہ گڑ کی فروخت سے محنت کا معاوضہ اچھا ملے گا۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • جڑانوالہ اغوا کیس میں پولیس کی مستعدی، بچہ بازیاب

    جڑانوالہ اغوا کیس میں پولیس کی مستعدی، بچہ بازیاب

    جڑانوالہ: پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں تھانہ سٹی کی پولیس نے 24 گھنٹوں میں 7 سالہ بچے کے اغوا اور 60 لاکھ روپے تاوان طلب کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کروا لیا۔

    ایس پی ملک عابد حسین ظفر نے ایس ایچ او تھانہ سٹی یوسف شہزاد سپرا کے ہمراہ بتایا کہ رضا آباد کے رہائشی عمر فاروق نے 15 پر کال کر کے بتایا کہ ان کا 7 سالہ بھتیجا عدیل گھر سے ٹیوشن پڑھنے گیا مگر واپس نہیں آیا۔

    پولیس حکام کے مطابق اغوا کاروں نے اہل خانہ سے ساٹھ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرنے کے بعد بچے کی بازیابی کے لیے ایس ایچ او یوسف شہزاد سپرا کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

    پولیس کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چوبیس گھنٹوں میں بچے کو اغوا کرنے میں ملوث میاں بیوی ستارہ عرف جٹی اور اس کے شوہر اعجاز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بچے کو بازیاب کرا لیا۔

    اغوا کاروں کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ ساہیوال کے رہائشی ہیں، اغوا برائے تاوان میں ملوث مرکزی ملزمہ ستارہ جٹی نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر عدیل کو اغوا کیا اور فیصل آباد جھنگ بازار لے جا کر اعجاز کے گھر رکھا تھا۔

    ایس پی ٹاؤن ملک عابد نے مزید بتایا کہ اغوا برائے تاوان میں ملوث تیسرے ملزم اعجاز کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • سانحہ جڑانوالہ کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    سانحہ جڑانوالہ کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    لاہور: سانحہ جڑانوالہ کی جوڈیشل انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گٸی۔

    تفصیلات کے مطابق گریس بائبل فیلوشپ چرچ پاکستان نے شہباز فضل سورایہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مسیحی برادری کے تحفظ کے لیے شریک ملزمان کو گرفتار کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    یہ درخواست گریس بائبل فیلوشپ چرچ پاکستان کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پنجاب و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ جڑانوالہ واقعے میں 25 چرچ اور 200 سے زائد گھروں کو جلایا گیا، مسیحی برادری کے گھروں کو لوٹنے کے بعد تباہ کیا گیا، واقعے پر جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل پا چکی ہے مگر اس سلسلے میں عمل میں دیر لگ سکتی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وقوعے کے دو ہفتوں بعد بھی کئی متاثرین بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، مسیحی برادری کے تحفظ کے لیے شریک ملزمان کو گرفتار کیا جائے، اور سی سی ٹی وی کیمروں میں آنے والے ملزمان کو دھمکیاں دینے سے روکنے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    درخواست میں عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ مسیحی برادری کے متاثرین کی نارمل زندگی کی بحالی کے لیے فوری انتظامی اور مالی معاونت بھی کی جائے۔

  • واپڈا اور کیپکو بھی جڑانوالہ میں جلائے گئے گھروں کی بحالی کے لیے آگے آ گئے

    واپڈا اور کیپکو بھی جڑانوالہ میں جلائے گئے گھروں کی بحالی کے لیے آگے آ گئے

    اسلام آباد: واپڈا اور کیپکو بھی جڑانوالہ میں جلائے گئے گھروں کی بحالی کے لیے آگے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق واپڈا اور کوٹ ادو پاور کمپنی (کیپکو) چند روز قبل مشتعل افراد کے ہاتھوں جڑانوالہ میں مسیحی برادری کے نذرآتش کیے گئے گھروں کو بحال کریں گے۔

    واپڈا نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہہ بات قابل ذکر ہے کہ کیپکو کے اکثریتی حصص واپڈا کی ملکیت ہیں، واپڈا اور کیپکو کا یہ اقدام سماجی ذمہ داری کے تحت پاکستان کی مسیحی برادری سے یک جہتی کا اظہار ہے۔

    واپڈا نے کہا کہ جلائے گئے گھروں کی بحالی کے لیے ان کا حکومت پنجاب سے رابطہ ہے، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے سروے کیا جا رہا ہے، جس کے فوری بعد مسیحی برادری کے گھروں کی ہنگامی بنیاد پر بحالی شروع کر دی جائے گی۔

  • خواتین کا میک اپ کرنے والی بیوٹیشن ’مرد‘ نکلی

    خواتین کا میک اپ کرنے والی بیوٹیشن ’مرد‘ نکلی

    جڑانوالہ : پنجاب میں پولیس نے عورت کا روپ دھار کر دھوکہ دینے والے مرد کو گرفتار کرلیا، ملزم تعلیم یافتہ اور میک اپ آرٹسٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے علاقے ڈاکخانہ بازار کے تھانہ سٹی پولیس نے بیوٹی پارلر سے ایک ملزم کو حراست میں لیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ عورت کے روپ میں خواتین کا میک اپ کرتا تھا۔

    پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر بیوٹی پارلر پر چھاپہ مار کر عبایہ میں ملبوس نقاب پوش ملزم کو حراست میں لیا اور مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کردیا۔

    جڑانوالہ میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے ملک نعیم وفا نے مزید بتایا کہ پولیس کے مطابق ملزم کا نام ارسلان ہے اور اس نے ایف ایس سی تک تعلیم حاصل کی ہے۔

    پولیس نے ملزم ارسلان کیخلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرکے باقاعدہ عدالت میں پیش کردیا ہے۔

  • جڑنوالہ: رشتے سے انکار پر باپ بیٹا جاں بحق، لڑکی کا اغوا

    جڑنوالہ: رشتے سے انکار پر باپ بیٹا جاں بحق، لڑکی کا اغوا

    جڑانوالہ: فیصل آباد کے علاقے جڑنوالہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں رشتے کےتنازعے پر باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رشتہ نہ دینے کے باعث پیش آیا، واقعے کی مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ ملزم ذیشان مقتول مشتاق کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا، مشتاق نہ رشتہ دینے سے انکار کیا، جس پر مبینہ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ مقتول مشتاق کے گھر میں فائرنگ کردی۔

    پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ کے نتیجے میں مشتاق، اس کا ایک بیٹا جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے دوران مبینہ ملزم ذیشان کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزم ذیشان مقتول مشتاق کی بیٹی کو اغوا کرکےلےگیاہے، واقعے کی اطلاع ملنے پر جاں بحق افراد کی لاشوں کو جڑنوالہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لئے پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے تلاش شروع کردی ہے۔

    آرپی او فیصل آباد نے جڑنوالہ میں تہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

  • بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے نکلے ہیں، بلاول بھٹو

    بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے نکلے ہیں، بلاول بھٹو

    جڑانوالہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کروں گا، ہم بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے نکلے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ غربت مٹاؤ پروگرام سے سندھ میں 8 لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرضے دئیے، غذائی قلت کے خلاف بھوک مٹاؤ پروگرام کے ذریعے کارڈ دئیے جائیں گے، ہر یونین کونسل کی سطح پر اس پروگرام کو خواتین چلائیں گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ غریب کسانوں کے لیے کسان کارڈ بنوائیں گے، کسان کارڈ سے سستی کھاد اور فصلوں کی انشورنس ہوگی، ہمارے منشور میں کسانوں کے لیے واضح پالیسی ہے، ہماری جدوجہد ظلم، نفرت، بیروزگاری اور عوامی مسائل کے خلاف ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ 25 جولائی کو تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کو کامیاب بنائیں، مسائل کے حل کے لیے تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کے امیدوار کو منتخب کرانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ نام نہاد جماعتوں نے پنجاب کی سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے، یہ لوگ نوجوانوں، مزدوروں کے مسائل حل نہیں کرسکتے، صرف بھٹو کی پارٹی ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی یوٹرن لیتی ہے نہ شو بازی کرتی ہے: بلاول بھٹو

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جیسی جماعتیں آئین کو کمزور کرتی ہیں، پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں جا کر آئین کو مضبوط کرے گی، پیپلز پارٹی آج بھی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مبشرہ زیادتی قتل کیس: چیف جسٹس نے جڑانوالہ واقعے کا ازخود نوٹس لے لیا، پورٹ طلب

    مبشرہ زیادتی قتل کیس: چیف جسٹس نے جڑانوالہ واقعے کا ازخود نوٹس لے لیا، پورٹ طلب

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جڑانوالا میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی.

    تفصیلات کے مطابق جسٹس ثاقب نثار نے 7 سالہ معصوم بچی مبشرہ سے زیادتی اور قتل کا ازخود نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے 48 گھنٹےمیں رپورٹ طلب کرلی.

    یاد رہے کہ فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالا میں‌ سات سالہ معصوم بچی مبشرہ کی گم شدگی کا واقعہ پیش آیا تھا. مبشرہ دوپہر ایک بجے گھر سےنکلی لیکن گھر واپس نہیں آئی ، رات نو بجے بچی کی لاش پولیس کو سبزی منڈی کے قریب کھیتوں سے ملی۔

    تفتیش کاروں‌ نے ابتدا میں‌زیادتی کا خدشہ ظاہر کیا تھا. بعد ازاں‌ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی، رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر زخموں کے 21 نشانات بھی پائے گئے تھے.

    زینب قتل کیس سے مشابہ اس افسوسناک واقعے کے خلاف جڑانوالا میں‌ شدید ردعمل آیا. شہر سوگ میں‌ ڈوب گیا. شہر کے مختلف علاقوں میں تاجر برادری ہو یا وکلا ء یا عام شہری شدید احتجاج کیا گیا۔

    واقعے کے بعد زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طبقات نے پنجاب پولیس کی ناقص کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا.

    اب چیف جسٹس نے واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تحصیل میں‌ اس وقت بھی ہڑتال اور مظاہروں‌ کا سلسلہ جاری ہے.


    زینب کے بعد مبشرہ زیادتی کے بعد قتل، جڑانوالہ میں سوگ کا سماں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • زینب کے بعد مبشرہ زیادتی کے بعد قتل، جڑانوالہ میں سوگ کا سماں

    زینب کے بعد مبشرہ زیادتی کے بعد قتل، جڑانوالہ میں سوگ کا سماں

    جڑانوالہ : معصوم مبشرہ کے ساتھ زیادتی و قتل کے واقعہ پر شہر میں دوسرے روز بھی سوگ کا سماں ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس پنجاب میں تواتر کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کا نوٹس لیں۔

    تفصیلات کے مطابق 6سال کی بچی کے درندہ صفت قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جڑانوالہ میں دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے، دکانیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

    شہر کے مختلف علاقوں میں تاجر برادری ہو یا وکلا ء یا عام شہری شدید احتجاج کررہے ہیں، عوام کا کہنا ہے پولیس نہ عابدہ کے قاتلوں تک پہنچ سکی نہ مبشرہ کے قاتل کا سراغ لگا سکی، پنجاب پولیس کی بدترین کارگردگی پر چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہیئے۔

    دوسری جانب مبشرہ کے گھر میں سیاسی و سماجی شخصیت کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ق لیگ کے رہنما چوہدری ظہیر الدین اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرنے پہنچے۔

    یاد رہے گزشتہ روز مبشرہ دوپہر ایک بجے گھر سےنکلی لیکن گھر واپس نہیں آئی ، رات نو بجے بچی کی لاش پولیس کو سبزی منڈی کےقریب سے کھیتوں سےملی تھی۔


    مزید پڑھیں : فیصل آباد: طالبہ کے ساتھ زیادتی و قتل، ملزمان آزاد، مظاہرین پرلاٹھی چارج


    پولیس کےمطابق بچی کونامعلوم افراد نے درندگی کا نشانہ بنایااورگلا دبا کرقتل کردیا تھا، بچی سے زیادتی و قتل کی خبر پراہل علاقہ اشتعال میں آگئے تھے۔

    مبشرہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کےحوالےکردی گئی تھی نمازجنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نےشرکت کی جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    اس سے قبل جی سی یونیورسٹی کی طالبہ کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کے قاتل بھی اب تک نہیں پکڑے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ قصور کی 7 سالہ ننھی زینب کے ساتھ درندگی کے واقعے کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب کچھ عرصہ قبل معصوم کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کردیا گیا، تحقیقات کے بعد قتل کے مرکزی ملزم عمران کو عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قصورکے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف

    قصورکے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف

    فیصل آباد : قصور کے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان لڑکوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے،  کئی لڑکوں سے زیادتی کی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آگئیں، جڑانوالہ پولیس نے زیادتی کے کئی ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ملزمان کمسن لڑکوں سے زیادتی کے بعد ویڈیو بناتے اور پھر بلیک میل کرتے تھے۔ زیادتی کے واقعات کا انکشاف علاقے کے ایک متاثرہ لڑکے نے کیا تھا۔

    فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کے اسکینڈل کے بعد پولیس حکام حرکت میں آگئے، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی میں چار ملزمان ملوث ہیں،3ملزمان عاقب، راشد اور کاشف کو گرفتار کیا جا چکا ہے،جبکہ چوتھا ملزم اعجاز بھی بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوگا۔

    ایس ایس پی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کو مکمل انصاف فراہم کرنے کی کوشش کریں گے اور دیگرمتاثرین کے آنے پر ملزمان کیخلاف مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا کیونکہ اس قسم کے واقعات کا مجھے علم ہی نہیں، معاشرتی برائیوں کو روکنے کیلئے قانون کو حرکت میں آکر ایسے واقعات کی بیخ کنی کرنی چاہئے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل قصور میں بھی لڑکوں سے زیادتی اور بلیک میلنگ کا انکشاف ہوا تھا کم از کم پانچ رکنی گروہ سال دو ہزارتیرہ سے یہ گھناؤنا کام کر رہا تھا، ایک ملزم آصف حکمران سیاسی جماعت کا سرگرم رکن ہے ۔

    مذکورہ ملزم سولہ سال کی لڑکی کے قتل میں گرفتار ہوا تو اس کے موبائل سے گھناؤنی ویڈیوز اور تصاویر ملیں،  دو ملزمان آصف اور راشد کو گرفتار کرلیا گیاتھا، ملزمان پر قتل کے تین مقدمات درج ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔