Tag: Javed Hanif

  • ایم کیو ایم کے امیدوار کی رہائی کھٹائی میں پڑ گئی

    ایم کیو ایم کے امیدوار کی رہائی کھٹائی میں پڑ گئی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے سابق چیئرمین جاوید حنیف کی الیکشن سے قبل  رہائی کھٹائی میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید حنیف کی فوری رہائی سے متعلق  دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کو  یقینی طور پر جواب داخل کرانے کا حکم جاری کیا۔

    نیب وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ’جاوید حنیف پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، ملزم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں وزیرپورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کی مدد سے 940 غیر قانونی بھرتیاں کیں جس کے باعث قومی خزانے کو 2 ارب سے زائد کے نقصان ہوا‘۔

    معزز جج نے سماعت 27 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ قومی احتساب بیورو کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی کارروائی آگے بڑھائی جاسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    واضح رہے کہ جاوید حنیف صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 95 سے متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    قومی احتساب بیورو نے سابق چیئرمین کو 3 جولائی کو حراست میں لیا تھا،  نیب نے گرفتار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم جاوید حنیف نے اپنے چیئرمین شپ کے دوران بابر غوری کے کہنے پر نو سو چالیس افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔

    نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جاوید حنیف کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں مطلوب تھے، متعدد بار انہیں طلب کیا گیا مگر  وہ حاضر نہ ہوئے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے سابق چیئرمین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے امیدوار کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی: ایم کیو ایم کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور سابق چیئرمین کے پی ٹی جاوید حنیف کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس 95 سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار جاوید حنیف کو اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    نیب نے مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم جاوید حنیف نے اپنے چیئرمین شپ کے دوران بابر غوری کے کہنے پر نو سو چالیس افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔

    قومی احتساب بیورو کے مطابق سابق کے پی ٹی چیئرمین پر اس وقت کے وزیر بابر غوری کے کہنے پر محکمے میں غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے، 940 غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

    نیب نے کہا ہے کہ جاوید حنیف کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں مطلوب ہیں، انھیں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی


    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جاوید حنیف کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا، کہا ایسی انتقامی کارروائیوں کے ذریعے ہمارا راستہ روکا جا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے بھی جاوید حنیف کی گرفتاری کے تناظر میں پیپلز پارٹی پر لفظی وار کیا، کہا دس سال تک کراچی کو ایک قطرہ پانی کا نہ دینے والے اب کس منہ سے کراچی والوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔