Tag: jeddah

  • جدہ: ورکرز کے 100 سے زائد رہائشی مراکز خالی کروا لیے گئے

    جدہ: ورکرز کے 100 سے زائد رہائشی مراکز خالی کروا لیے گئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 100 سینٹر خالی کروا لیے گئے، جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 600 سے زائد مراکز پر چھاپے مارے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 100 سینٹر خالی کروا لیے، مقررہ سینٹرز ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ میونسپلٹی حکام نے کرونا وائرس کی نئی لہر کے بعد ایک بار پھر ورکرز کے اجتماعی رہائشی مراکز کے تفتیشی دورے تیز کردیے ہیں۔

    ایس پی اے کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 600 سے زائد مراکز پر چھاپے مارے تھے، انہوں نے یہ یقین دہانی کرنے کے لیے چھاپہ مہم شروع کی ہے کہ آیا کرونا ایس او پیز کی پابندی کی جارہی ہے یا نہیں۔

    اجتماعی رہائش کے مراکز میں سکونت پذیر ورکرز کے بارے میں یہ بھی دریافت کیا جارہا ہے کہ آیا انہوں نے مطلوبہ ٹیسٹ کروائے یا نہیں اور وہاں سینی ٹائزنگ کی کارروائی مطلوبہ شکل میں ہورہی ہے یا نہیں۔

    جدہ میونسپلٹی نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیاتی کونسل سسٹم کے تحت اجتماعی رہائش گاہوں کے لیے 333 پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

    جدہ میونسپلٹی نے اجتماعی رہائش گاہوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں جرمانے ادا کریں اور پرمٹ نہ رکھنے والے مراکز فوراً خالی کردیے جائیں۔

    پرمٹ ہولڈرز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں موجود خلاف ورزیاں پہلی فرصت میں دور کریں، اگر ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف جرمانے سمیت متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔

    جدہ میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے درخواست کی ہے کہ اگر وہ اجتماعی رہائش کے مراکز پر کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی دیکھیں تو پہلی فرصت میں 940 پر رابطہ کر کے مطلع کریں۔

  • جدہ : سعودی عرب میں 44ویں ڈاکار ریلی کا افتتاح

    جدہ : سعودی عرب میں 44ویں ڈاکار ریلی کا افتتاح

    جدہ : سعودی عرب ایک بار پھر ڈاکار ریلی کی میزبانی کرے گا۔ سعودی ڈاکار ریلی 2022 ایڈیشن 44 کا باقاعدہ افتتاح آج ہوگا، یکم جنوری سے14 جنوری تک 70 ممالک کے650 ڈرائیورز اپنی قسمت آزمائیں گے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب مسلسل تیسرے سال ڈاکار ریلی کی میزبانی کر رہا ہے، یہ امتیاز اس لیے بھی حاصل ہے کیونکہ سعودی عرب وسیع و عریض صحراؤں، پرکشش قدرتی مناظر اور رنگا رنگ جغرافیائی تشکیل سے مالا مال ریاست ہے۔

    ڈاکار ریلی کو کامیاب اور پرکشش بنانے میں یہ ساری خوبیاں بے حد اہم ہیں، ڈاکار ریلی کا افتتاح سعودی عرب کے مشہور شہر حائل سے ہوگا، باقاعدہ مقابلے کا آغاز اتوار کو ہوگا۔

    سپورٹس کی دنیا کے اس عظیم الشان پروگرام کی تیاریاں نقطہ عروج کو پہنچ چکی ہیں، اس کی شروعات حائل کے صحرا سے ہوگی اور اختتام 14 جنوری کو جدہ میں ہوگا، 8 جنوری کو دارالحکومت ریاض میں آرام کا وقفہ رکھا گیا ہے۔

    ڈاکار ریلی ایڈیشن 44 تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے، اس میں 650 سے زیادہ ڈرائیور شرکت کررہے ہیں، ان کا تعلق دنیا کے70 ممالک سے ہے، علاوہ ازیں ریلی میں مختلف زمروں کی 430 گاڑیاں شریک ہوں گی،146 ڈاکار کلاسک زمرے میں شامل ہوں گی۔

  • فرانسیسی وزیر ثقافت کا جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ

    فرانسیسی وزیر ثقافت کا جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ

    ریاض: فرانسیسی وزیر ثقافت نے سعودی عرب کے دورے کے دوران یونیسکو کی تاریخی سائٹ کا دورہ کیا، انہوں نے وہاں موجود ایک قدیم جامع مسجد الشافعی کا بھی دورہ کیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فرانسیسی وزیر ثقافت ڈاکٹر روزلین باچلو نے جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ کیا جسے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں درج کیا گیا ہے۔

    فرانسیسی وزیر ڈاکٹر روزلین سرکاری دورے پر سعودی عرب میں ہیں جہاں انہوں نے جدہ کے قدیم تاریخی علاقوں کا دورہ کیا اور عہد رفتہ کی تعمیرات کا جائزہ لیا۔

    فرانسیسی وزیر ثقافت نے جدہ کے قدیم علاقے بلد میں واقع بیت نصیف کے علاوہ جامع مسجد الشافعی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں علاقے کی تاریخ اور دیگر تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    انہوں نے بیت النصیف میں رکھی گئی نوادرات اور عہد قدیم میں استعمال ہونے والی اشیا میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، فرانس کی وزیر سیاحت کو جدہ کے تاریخی علاقے کی سیر بھی کرائی گئی۔

  • جدہ : اسکول میں خوفناک واقعہ : طالبہ خنجر کے وار سے زخمی

    جدہ : اسکول میں خوفناک واقعہ : طالبہ خنجر کے وار سے زخمی

    جدہ : سعودی عرب کے شہر جدہ کے ایک گرلز اسکول کی طالبہ نے اپنی ساتھی کو تیز دھار آلے سے زخمی کردیا، طالبات میں کسی بات پر اختلاف ہو گیا تھا۔

    خون ریزی سے بھرپور اور اخلاقیات سے گری ہوئی وڈیوز اور گیمز نے نوعمر بچوں اور نوجوانوں کو خطرناک حد تک اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    ان وڈیو گیمز کے لئے جنون کی کیفیت رکھنے والے بچوں میں برداشت کا مادہ ختم ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہوئے نفسیاتی مرض بننے لگے ہیں۔

    اس حوالے سے جدہ کے ایک اسکول میں طالبات کے درمیان جھگڑے کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جسے دیکھکر لوگوں میں خوف وہراس پایا جارہا ہے۔

    سعودی اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ جدہ کے ایک گرلز اسکول میں دو طالبات کے درمیان کسی بات پر تنازعہ ہوگیا جس پر ایک طالبہ نے تیز دھار آلے سے اپنی ساتھی پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔

    اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور طالبہ کو حراست میں لے کر اسے متعلقہ ادارے کے سپرد کیا جبکہ زخمی طالبہ کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے ایجوکیشن آفس کی جانب سے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

  • جدہ کا خوبصورت ساحل شہریوں کی توجہ کا مرکز

    جدہ کا خوبصورت ساحل شہریوں کی توجہ کا مرکز

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں شمالی اور جنوبی کورنیش پر سال بھر بڑی تعداد میں لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں۔ اہل جدہ کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی لوگ یہاں آتے ہیں۔

    شہر کی جنوبی سمت میں واقع ساحلی تفریح گاہ کو سیف بیچ کہا جاتا ہے، اس ساحل کو انتظامیہ نے کافی خوبصورت بنا دیا ہے اسی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے آتی ہے۔

    سیف بیچ 3 ہزار میٹر پر پھیلا ہوا ہے جہاں تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات بنائے گئے ہیں جہاں بیک وقت 7 ہزار سے زائد گاڑیاں پارک ہو سکتی ہیں۔

    تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے مخصوص بینچز نصب ہیں جن کے اطراف میں موبائل چارج کرنے کے لیے خصوصی ساکٹس بھی فراہم کیے ہیں تاکہ لوگوں کو موبائل یا ٹیبلٹ چارج کرنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ساحل پرسفید ریت میلوں دور تک پھیلائی گئی ہے جس پر جاگنگ کرنے کا اپنا ہی لطف ہے جبکہ ساحلی ریت پر آرام کرنے کے لیے خصوصی شیڈز بھی لگائے گئے ہیں تاکہ دھوپ کی تمازت سے بچا جاسکے۔

    سیف بیچ کی انتظامیہ کی جانب سے فاسٹ فوڈ کارنر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں انواع و اقسام کی اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں متحرک گاڑیوں کے ذریعے آئس کریم اور دیگر ڈرنکس بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔

  • سعودی حکومت کا بڑا اقدام : شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

    سعودی حکومت کا بڑا اقدام : شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

    ریاض : سعودی وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر نے کہا ہے کہ مملکت میں بہت جلد کئی اہم ٹرانسپورٹ منصوبے مکمل کیے جائیں گے جس سے شہریوں کو مزید سہولیات میسر ہوں گی۔

    مجوزہ منصوبوں میں جدہ اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن، مشرقی علاقے کو مغربی سے جوڑنے والی ریلوے لائن اور نئی قومی فضائی کمپنی کا قیام قابل ذکر ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق الجاسر نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت متعدد بین الاقوامی فضائی گروپ بنائے جائیں گے، لاجسٹک زونز اور پلیٹ فارم قائم کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں سعودی بندرگاہوں کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، پورے ملک میں سڑکوں کے جال کا معیار زیادہ عمدہ بنایا جائے گا۔

    الشرق الاوسط کے مطابق سعودی عرب فضائی نقل و حمل میں دنیا بھر میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کررہا ہے، ڈھائی سو سے زیادہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔

    کارگو سیکٹر کو جدید تر اور وسیع تر بنایا جائے گا،4.5 ملین ٹن سے زیادہ سامان ہوائی جہازوں سے منتقل کیا جائے گا، جدہ ایوان تجارت میں امدادی خدمات اور فضائی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حسین الزہرانی نے بتایا کہ بڑی بندرگاہوں اور ایئر کارگو کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والے کو عبرتناک سزا

    سعودی عرب: سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والے کو عبرتناک سزا

    جدہ: جدہ میونسپلٹی نے عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے السلامہ محلے میں پارک کے لیے مختص پلاٹ پر تعمیر کردہ مقامی شہری کی عمارت منہدم کردی ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے نومبر دو ہزار بیس کے دوران اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ ایک شہری نے چودہ سو مربع میٹر کا پلاٹ جو کہ پارک کے لیے مختص تھا، اس پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔

    مقامی شہری کا دعویٰ تھا کہ جس پلاٹ پر اس نے اپنا مکان تعمیر کیا ہے وہ اس کی ملکیت ہے اور تمام دستاویزات بھی موجود ہیں، میونسپلٹی نے مقامی شہری کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔

    عدالت نے پلاٹ سے متعلق مقامی شہری کی رجسٹری کے دعوے کو مسترد کردیا تھا تاہم مقامی شہری نے اپیل کورٹ سے رجوع کیا، جس نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے مدعا علیہ کو پلاٹ خالی کرنے اور میونسپلٹی کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا، آخر میں بجلی اور نیشنل واٹر کمپنی سے خط و کتابت کرکے پلاٹ پر تعمیر مکان کی تمام سہولتیں ختم کرائی گئیں۔

    جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری املاک پر تجاوزات ختم کرنے کا مشن جاری رکھے گی، اس حوالے سے ایوان شاہی سے جاری کردہ فرامین اور سرکاری املاک سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا سلسلہ ختم کرانے والے قوانین و ضوابط کے نفاذ کے لیے کوشاں رہے گی۔

  • جدہ میں پانی کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ، واٹر کمپنی کا اہم اعلان

    جدہ میں پانی کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ، واٹر کمپنی کا اہم اعلان

    جدہ : مقامی حکومت نے جدہ کے کچھ مقامات میں پانی کی فراہمی بند ہونے کی اطلاع دی ہے، پانی کی بندش کا مقصد ان علاقوں میں پانی کی لائنوں کی صفائی کرنا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی واٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ جدہ کے 9 علاقوں میں پانی کی سپلائی 20 دسمبر سے 2 دن کے لیے معطل رہے گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ نے واٹر کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ بروز اتوار 20 دسمبر سے جن علاقوں میں پانی کی فراہمی بند کی جائے گی ان میں الھنداویہ، الثعالبہ ، القریات السبیل، الصحیفہ ، العماریہ ، البلد، الکندرہ اور السنابل شامل ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں پانی کی لائنوں کی صفائی کے لیے میں فراہمی بند کی جائے گی لہٰذا جدہ کے مذکورہ علاقوں میں رہنے والے شہری پانی کا ذخیرہ کرلیں تاکہ انہیں بعد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واٹر کمپنی کے مطابق پانی کی بندش عارضی طور پر کی جائے گی تاکہ لائنوں کی صفائی کی جاسکے جس کے بعد صارفین کو پانی کی فراہمی کا کام مزید بہتر ہو سکے گی۔

    کمپنی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ پانی کی بندش کے دوران شہریوں کو واٹر ٹینکروں کی مدد سے بھی ان ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں۔

  • جدہ : حوثی حملے کے باوجود تیل کی سپلائی جاری رہی

    جدہ : حوثی حملے کے باوجود تیل کی سپلائی جاری رہی

    جدہ : حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے جاری ہیں لیکن اس کے باوجود تیل کی لائنوں سے سپلائی کا عمل متاثر نہیں ہوا اور لگنے والی آگ پر فوری قابو پالیا گیا۔

    جدہ میں حوثی میزائل حملوں میں آرامکو تنصیبات کو نشانہ بنانے سے تیل کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی ہے، اس حوالے سے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق حوثی حملے سے متعدد تیل ٹینکوں میں سے ایک ٹینک متاثر ہوا ہے۔

    وزارت توانائی کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ جزوی طور پر متاثر ہونے والے ایک ٹینک میں تیل کی مقدار5 لاکھ بیرل تھی۔

    اس سے قبل سعودی پریس ایجنسی نے وزارت توانائی کے ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ میزائل حملے سے تیل کی سپلائی لائنوں میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔ آرامکو کمپنی نے تیل کی سپلائی لائن کو جلد ہی بحال کر دیا۔

  • سعودی عرب : جدہ میں پانی کی سپلائی کتنے دن بند رہے گی؟َ

    سعودی عرب : جدہ میں پانی کی سپلائی کتنے دن بند رہے گی؟َ

    جدہ : مقامی حکومت نے جدہ کے کچھ مقامات میں پانی کی فراہمی بند ہونے کی اطلاع دی ہے، پانی کی بندش کا سبب ان علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کام ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں جدہ کمشنری نے کہا ہے کہ صاری اسٹریٹ اور کنگ فہد روڈ چوراہے کا کام مکمل کرنے کی وجہ سے پانچ روز تک جدہ کے نو محلوں کے لیے پانی کی سپلائی بند رہے گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ کمشنری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پیر16 نومبر سے پانچ دن تک نو محلوں میں پانی کی سپلائی بند رہے گی۔

    جن علاقوں میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ بند رہے گا ان میں الفیصلیہ، الروضہ، السلامہ، النعیم، المحمدیہ، الزھرہ، النھضہ، الخالدیہ اور البوادی شامل ہیں۔

    پانی کی سپلائی کی بندش کی وجہ یہ ہے کہ صاری سٹریٹ اور کنگ فہد روڈ چوراہے کا پل مکمل کیا جائے گا اور پانی کی لائن نیا نظام تیار کیا جائے گا۔

    ترجمان جدہ کمشنری بیان کے حالیہ میں تمام صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانی کی بندش کے باعث ہونے والی پریشانی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں۔