Tag: jeddah

  • سعودی عرب میں کاروں کی سب سے بڑی ریس کا انعقاد

    سعودی عرب میں کاروں کی سب سے بڑی ریس کا انعقاد

    جدہ : سعودی عرب میں ایف ون گراں پری کا انعقاد بہت جلد جدہ شہر کی سڑکوں پر ہوگا، سعودی گراں پری 2021 کے ایف ون کیلنڈر پر موجود ہے جسے حصہ لینے والی ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    اس ریس کے بارے میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ 2021 سیزن کی آخری ریس ہوگی ابو ظہبی گراں پری ریس کے ساتھ یاس مرینہ سرکٹ پر اختتام پذیر ہوگی۔

    جدہ اس سعودی ریس کی میزبانی کرے گا جبکہ ایک نئے مقصد کے لیے تیار کیا جانے والا ٹریک بھی قدیہ میں 2023 تک مکمل ہوجائے گا۔

    یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باوجود القدیہ تفریحی اور ثقافتی منصوبے پر صحت ضوابط کی پابندی کے ساتھ کام ہوتا رہا ہے۔ توقع ہے کہ اس کا پہلا مرحلہ پروگرام کے عین مطابق 2030 میں شائقین کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    سعودی گراں پری عارضی 2021 شیڈیول میں شامل 22 ریسوں میں سے ایک ہے کیونکہ ایف ون اس سال پیش آنے والی رکاوٹوں کے بعد ممکنہ حد تک معمول کے قریب کیلنڈر میں واپس جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔2020 کے سیزن کی پیلی 10 ریسیں کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دی گئیں۔

    2021 سیزن آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں مارچ کے مہینے کے درمیان شروع ہوگا اور پھر بحرین چلا جائے گا۔ اس میں تقریبا تمام ریسیں شامل ہیں جو اس اس سال ہونا متوقع تھیں۔

    اس کے مطابق چین، جاپان، کینیڈا گراں پری کے ساتھ ساتھ ویتنامی گرینڈ پرکس کے آغاز کو بھی کورونا وائرس کی باعث لگائی جانے والی بین الااقومی سفر میں رکاوٹوں اور پابندیوں کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے ایف ون متعلقہ قومی حکومتوں کے ساتھ بات چیت کرتا رہا ہے اور ان کے مطابق اگر وبائی وائرس صورتحال مزید خراب نہ کرے تمام ممالک کے اتفاق رائے سے ریسیں چل سکتی ہیں۔

    2018میں سعودی عرب کے شہر ریاض نے مشرق وسطی میں پہلی فارمولہ چیمپین شپ کی میزبانی کی جس میں23000افراد شریک تھے جبکہ دوسرا فارمولہ ای چیمپیئن شپ کا انعقاد 2019 کے آخر میں ہوا تھا۔

    اس سال سعودی عرب نے پہلی ڈاکار ریلی کا انعقاد بھی کیا جو 7800 کلومیٹر طویل ریس ہوتی ہے جو جدہ سے شروع ہوئی اور قدیہ میں ختم ہوئی۔

  • جدہ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

    جدہ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں شہریوں کی تفریحی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے مزید 3 نئے عوامی پارکس قائم کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر جدہ میں مزید 3 عوامی پارک قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے کا ہر طبقہ سبزہ زاروں اور تفریحی مقامات سے لطف اٹھا سکے اور سبزہ زاروں کے حوالے سے فی کس حصے میں اضافہ ہوجائے۔

    جدہ میونسپلٹی نے ٹویٹرپر اپنے بیان میں کہا کہ الفضیلۃ محلے میں 12 ہزار 586 مربع میٹر کے پلاٹ پر ایک پارک تیار کیا جا رہا ہے۔

    میونسپلٹی کے مطابق دوسرا پارک الریاض محلے میں 11 ہزار 500 مربع میٹر اور تیسرا پارک الریان محلے میں 5 ہزار 545 مربع میٹر کے پلاٹ پر تیار کیا جارہا ہے۔

    تینوں پارک مکمل ہونے پر جدہ شہر کے سبزہ زاروں میں خوبصورت اضافہ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ جدہ کو چہل قدمی کی سہولتوں سے آراستہ شہر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، شہر میں سب سے زیادہ واکنگ ٹریکس ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    شہر میں 49 کلو میٹر طویل 23 واکنگ ٹریکس قائم ہیں۔ جدہ واٹر فرنٹ کا واکنگ ٹریک سب سے طویل ہے۔ یہ 4 ہزار 500 میٹر طویل اور 10 میٹر چوڑا ہے، دوسرے نمبر پر امیر فواز محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے۔ یہ بھی اتنا ہی طویل ہے البتہ اس کی چوڑائی 15 میٹر ہے۔

    شام کے وقت فیملیز چہل قدمی کے لیے واکنگ ٹریکس پر نظر آتی ہیں جبکہ صبح سویرے بھی بڑی تعداد میں لوگ ورزش اور چہل قدمی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

  • سعودی عرب : سرکاری اراضی پر قبضے کیخلاف بڑی کارروائی

    سعودی عرب : سرکاری اراضی پر قبضے کیخلاف بڑی کارروائی

    جدہ : سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے بریمان بلدیہ کے ماتحت 2400 مربع میٹر کے سرکاری پلاٹ پر تعمیر شادی ہال منہدم کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے ٹوئٹر پربیان میں بتایا کہ سرکاری پلاٹ پر قبضے کا ریکارڈ سامنے آنے پر ابتدائی کارروائی کی گئی ہے۔

    شادی ہال تعمیر کرنے والے کو تجاوزات کے بارے میں متنبہ کیا گی. بعد ازاں بلدیاتی کونسل کے اہلکاروں اور سیکیورٹی فورس کی مدد سے شادی ہال منہدم کردیا گیا۔

    جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شادی ہال کی تعمیر کا کیس نہ صرف یہ کہ تجاوزات کا تھا بلکہ اس کی ڈیزائننگ اور تعمیر بھی سلامتی ضوابط کے منافی کی گئی تھی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان دنوں مملکت بھر میں میونسپلٹیاں سرکاری زمینوں پر تجاوزات کا نوٹس لے رہی ہیں، مدینہ منورہ میونسپلٹی نے تین لاکھ چالیس ہزار مربع میٹر کی سرکاری اراضی پر تجاوزات ختم کرائے۔

    اس کے علاوہ مقامی شہریوں نے بعض عمارتوں اور دیگر احاطے اور کئی مقامات پر سادہ قسم کی رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں جو تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں۔

  • جدہ کا میوزک میوزیم

    جدہ کا میوزک میوزیم

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں موسیقی کا میوزیم قائم کیا جائے گا، یہ میوزیم سعودی عرب کے معروف فنکار طارق عبد الحکیم کی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام پر ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت ثقافت جدہ میں معروف فنکار طارق عبد الحکیم کے نام سے میوزک میوزیم قائم کرے گی، یہ سعودی عرب میں آرٹ کی تاریخ میں مرحوم فنکار کے کردار اور سعودی موسیقی کی تاریخ کو مالا مال کرنے والے نوادرات پر مشتمل ہوگا۔

    عجائب گھر کا افتتاح 2022 کے اواخر میں ہوگا، یہ جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں مرحوم کے گھر میں قائم کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ یونیسکو سنہ 2014 میں البلد کے تاریخی علاقے کو بین الاقوامی ورثے کی فہرست میں شامل کرچکا ہے۔

    طارق عبد الحکیم عجائب گھر میں سعودی فنکار کے زیر استعمال موسیقی کے آلات، تصاویر کے البم اور ریکارڈنگ کے آلات سجائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ام کلثوم اور عبد الوہاب جیسے مشہور زمانہ عرب گلوکاروں کے میوزک کے نمونے بھی رکھے جائیں گے۔

    عجائب گھر کے 2 بڑے حصے ہوں گے، ایک حصے میں ان کی ذاتی تاریخ اجاگر کی جائے گی جبکہ دوسرا حصہ میوزک ریسرچ سینٹر پر مشتمل ہوگا۔

    اس میں سعودی میوزک سے متعلق مضامین اور تحریریں پیش کی جائیں گی، عالم عرب کی موسیقی پر تحقیقی کتابیں ہوں گی جبکہ موسیقی کے سکالرز کو میوزک سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی کتابیں بھی رکھی جائیں گی۔

  • جدہ: مریض ایمبولینس لے کر فرار

    جدہ: مریض ایمبولینس لے کر فرار

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک مریض ایمبولینس لے کر فرار ہوگیا، ایمبولینس چوری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبد العزیز اسپتال کا ایک مریض سعودی ہلال احمر کی ایمبولینس چوری کر کے فرار ہوگیا۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوری کی واردات ریکارڈ ہوگئی، موقع پر موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تھی تاہم مریض ایمبولینس لے جانے میں کامیاب ہوگیا۔

    اسپتال کے ایک گارڈ نے بھی ایمبولینس کو لے جانے سے روکنے کی کوشش کی تھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گارڈ گاڑی کے نیچے آنے سے بال بال بچ گیا۔

    سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبد اللہ ابو زید نے بتایا کہ ہلال احمر کی ایمبولینس کی چوری کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہلال احمر کی میڈیکل ٹیم نے ایک مریض کو اسپتال منتقل کیا۔

    اسی دوران واردات کرنے والا مریض ایمبولینس پر سوار ہوا اور سکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے باوجود ایمبولینس لے کر فرار ہوگیا۔

    ابو زید نے بتایا کہ مریض نے گیٹ سے نکلنے کے بعد گاڑی اسپتال سے متصل ایک اسٹیشن پر چھوڑ دی تھی، اسٹیشن کی انتظامیہ نے اس کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد ایمبولینس کو واپس لے جایا گیا۔

  • سعودی شہر جدہ نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا

    سعودی شہر جدہ نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا

    ریاض: سعودی شہر جدہ نے تفریح کے لحاظ سے منفرد اعزاز حاصل کرلیا، شہر میں سب سے زیادہ واکنگ ٹریکس ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ نے چہل قدمی کی سہولتوں سے آراستہ شہر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، شہر میں 49 کلو میٹر طویل واکنگ ٹریک ہیں۔

    جدہ شہر میں 23 واکنگ ٹریکس قائم ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    شام کے وقت فیملیز چہل قدمی کے لیے واکنگ ٹریکس پر نظر آتی ہیں جبکہ صبح سویرے بھی بڑی تعداد میں لوگ ورزش اور چہل قدمی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

    جدہ واٹر فرنٹ کا واکنگ ٹریک سب سے طویل ہے۔ یہ 4 ہزار 500 میٹر طویل اور 10 میٹر چوڑا ہے، دوسرے نمبر پر امیر فواز محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے۔ یہ بھی اتنا ہی طویل ہے البتہ اس کی چوڑائی 15 میٹر ہے۔

    چوڑائی کے حوالے سے شہزادہ فیصل بن فہد اسٹریٹ کا واکنگ ٹریک سب سے بڑا ہے، اس کی چوڑائی 25 تا 75 میٹر ہے، تیسرے نمبر پر الرحاب محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے، جس کی چوڑائی 24 سے 42 میٹر کے لگ بھگ ہے۔

    تمام واکنگ ٹریکس تمام سہولتوں سے آراستہ ہیں، یہاں واش رومز بھی موجود ہیں جبکہ صفائی کا بہترین انتظام ہے۔ بیٹھنے کے لیے بینچز نصب ہیں۔ نماز کے لیے مصلے بنے ہوئے ہیں۔

    ٹریکس پر آئس کریم اور فوڈ ٹرکس بھی کھڑے ہوتے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس پیٹرولنگ کرتی رہتی ہے، واکنگ ٹریک میں مختلف رنگوں سے رہنما علامتیں بنی ہوئی ہیں۔

    یہاں سائیکل سواروں کے ٹریک الگ ہیں، آنے جانے والوں کے لیے پارکنگ کا بھی بہترین انتظام ہے۔ سعودی اور مقیم غیر ملکی یہاں آتے وقت کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ لاتے ہیں اور کسی ایک جگہ بیٹھ کر فیملی کے ساتھ ڈنر کا شوق بھی پورا کرتے ہیں۔

  • جدہ: 107 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دے دی

    جدہ: 107 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دے دی

    جدہ: سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں 107 سالہ بزرگ خاتون نے کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں سو سال سے زائد عمر کی ایک خاتون کرونا وائرس انفیکشن سے شفایاب ہو گئی ہیں، معمر خاتون کو مشرقی جدہ جنرل اسپتال میں علاج کے لیے رکھا گیا تھا۔

    اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ جب معمر خاتون کو اسپتال لایا گیا تو انھیں سانس لینے میں شدید تکلیف لاحق تھی، اسی باعث انھیں اسپتال لایا گیا تھا، جس پر ضعیف خاتون کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کیا گیا۔

    عربی ویب سائٹ سبق کے مطابق اسپتال کے سربراہ نے بتایا کہ خاتون کی صحت کا ابتدائی معائنہ کیے جانے کے بعد ان کا کو وِڈ 19 ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ٹیسٹ کیا گیا تو کرونا مثبت نکلا، طبی معائنے میں یہ بھی سامنے آیا کہ خاتون کے پھیپھڑوں میں سوجن ہو چکی ہے جس کے باعث انھیں سانس لینے میں سخت دشواری ہو رہی تھی۔

    خاتون کو ان کی حالت کے پیش نظر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تاکہ انھیں مصنوعی سانسیں فراہم کی جا سکیں، وزارت صحت کی جانب سے بھی خاتون کے خصوصی علاج کی ہدایت جاری کی گئی۔

    ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ علاج کے ایک ہفتے بعد ہی خاتون کی حالت قابو میں آ گئی جب کہ سانس لینے کی تکلیف بھی ختم ہو گئی، جس پر طبی ٹیم نے ان کا دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو منفی نکلا۔

    کرونا انفیکشن سے نجات پانے پر خاتون کو اسپتال کے جنرل وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ روبہ صحت ہیں، تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انھیں مزید چند دن طبی نگرانی میں رکھا جائے گا۔

  • جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کھول دیے گئے

    جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کھول دیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے لگائے گئے کرفیو کے خاتمے کے بعد جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کو بھی کھول دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد پارکس اور ساحل کورنیش پر تفریحی مقامات کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ملک کے تمام علاقوں میں کووڈ 19 وائرس کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کے تحت سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے پارکس اور ساحلی تفریحی مقامات کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

    کرفیو کے دوران بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے ساحلی پارکوں اور تفریحی مقامات کی از سر نو تزئین اور آرائش کا کام کیا گیا، اس دوران پارکوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرنے کے علاوہ بیٹھنے کے مقامات کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

    بلدیہ حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران چونکہ تفریحی مقامات پر لوگ نہیں آرہے تھے اس لیے صفائی اور سینی ٹائزنگ کا کام تیزی سے مکمل کر لیا گیا۔

    واضح رہے جدہ میں عید الفطر کے بعد ساحلی تفریح گاہ ’کورنیش‘ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا کیونکہ کرفیو کھلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ کورنیش پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے وہاں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل ممکن نہیں رہا تھا۔

    وزارت صحت کی جانب سے سفارشات پر عمل کرتے ہوئے کرونا کے حفاظتی اقدام کے تحت کورنیش پر موجود تفریحی پارکوں کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا تھا۔

  • جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں پولیس و دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

    جدہ کے مختلف علاقوں میں، جن میں البوادی، البخاریہ، ہنداویہ اور دیگر علاقے شامل تھے، مشترکہ ٹیموں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ حفاظتی تدابیر جن میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

    مشترکہ ٹیموں نے متعدد افراد کے خلاف چالان کیے جنہوں نے ماسک نہیں لگایا ہوا تھا جبکہ ایسے افراد جو ہجوم کی صورت میں کھڑے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

    وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، ایسا نہ کرنے والوں کو 1 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر سماجی فاصلے یا دوری کا اصول لاگو ہوتا ہے۔

  • جدہ: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر تاریخی مارکیٹ بند

    جدہ: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر تاریخی مارکیٹ بند

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں حفاظتی اقدامات کی پابندی نہ کیے جانے پر تاریخی مارکیٹ باب مکہ مارکیٹ کو بند کردیا گیا، تفتیشی ٹیموں نے ریڑھیوں پر فروخت کیے جانے والے حفاظتی ماسک بھی ضبط کرلیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی کے ماتحت تاریخی علاقے میں واقع باب مکہ مارکیٹ کو بلدیہ نے بہت زیادہ رش اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ضوابط کی پابندی نہ کیے جانے پر بند کردیا ہے۔

    باب مکہ مارکیٹ کی بندش کا فیصلہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    جدہ تاریخی علاقے کی بلدیہ کے چیئرمین انجینیئر ایمن دیمنہوری نے بتایا کہ بلدیہ نے غیر معمولی بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عوامی صحت و سلامتی کی خاطر احتیاطی تدابیر کے طور پر مارکیٹ بند کی ہے۔

    میونسپلٹی کی ٹیموں نے حفاظتی ضوابط پر عمل نہ کرنے پر ایک شاپنگ سینٹر بھی بند کردیا جبکہ 207 دکانوں پر تفتیشی چھاپے مار کر 27 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

    تفتیشی ٹیموں نے ریڑھیوں پر فروخت کیے جانے والے 1500 حفاظتی ماسک بھی ضبط کرلیے۔

    ایمن دیمنہوری نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیہ کے افسران نے پھلوں اور سبزیوں کے تین غیر قانونی گوداموں پر بھی چھاپے مارے جہاں سے 17 ریڑھیاں، 20 ترازو اور 6 ٹن پھل اور سبزیاں ضبط کرلیں۔