Tag: jeddah

  • جدہ سے مزید 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    جدہ سے مزید 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز کے ذریعے جدہ سے مزید 251 پاکستانی مسافر وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز پی کے 8732 جدہ سے کراچی پہنچ گئی، پرواز کے ذریعے 251 مسافر سعودی عرب سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔

    قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے مسافروں کو جدہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے رخصت کیا۔

    اس سے قبل ہفتے کو جدہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے 255 افراد اسلام آباد گئے تھے جبکہ جمعرات کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 8764 جدہ سے فیصل آباد گئی تھی، اس پرواز کے ذریعے 147 پاکستانی وطن پہنچے تھے۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں یہ جدہ سے آٹھویں پرواز ہے۔ اب تک 17 سو افراد کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ریاض اور دمام سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔

  • ناقص انتظامات پر جدہ کے 15 ریستوران سیل

    ناقص انتظامات پر جدہ کے 15 ریستوران سیل

    ریاض: سعودی شہر جدہ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور ریستوران کے اندر جانور ذبح کرنے پر 15 ریستوران سیل کردیے گئے، عید کے موقع پر حکام نے ریستورانوں کے جائزہ دوروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے صفائی کے ناقص انتظامات، ریستوران کے اندر جانور ذبح کرنے اور دیگر متعدد خلاف ورزیوں پر 15 ریستوران سربمہر کردیے۔

    میونسپلٹی کے سیکریٹری انجینیئر محمد ابراہیم الزہرانی کا کہنا ہے کہ بند کیے جانے والے ریستورانوں میں سے بعض ضوابط کی پابندی نہیں کر رہے تھے، بعض کا لائسنس ختم تھا جبکہ بعض ایسے بھی تھے جن کے ملازمین کے پاس صحت کارڈ نہیں تھا۔

    ان کے مطابق ریستوران کے کچن میں جانور ذبح کرنا منع ہے، اس ضابطے کا تمام ریستورانوں کو علم ہے تاہم خلاف ورزی کرنے والے متعدد ریستورانوں سے 50 بکرے ضبط ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر شہری و غیر ملکی گوشت اور مرغی سے بنی متعدد مقامی ڈشز شوق سے کھاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ میونسپلٹی کی تفتیشی ٹیموں نے دوروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

    تفتیشی ٹیمیں ایک طرف رہائشیوں کو فراہم کی جانے والے کھانے پینے کی اشیا کے معیار کا جائزہ لے رہی ہیں تو دوسری طرف طے شدہ ضوابط، معیار اور صفائی کے علاوہ کرونا وائرس سے تحفظ کے لیے دی جانے والی ہدایات کی پابندی کی نگرانی بھی کر رہی ہیں۔

    الزہرانی کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بھی چاہیئے کہ جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر میونسپلٹی سے رابطہ کریں اور شکایت درج کروائیں۔

  • خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 پاکستانی سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 جمعے کی رات ساڑھے گیارہ بجے جدہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اس پرواز کے ذریعے 250 افراد کو سعودی عرب سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔

    یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ مسافروں کو پاکستان بھجوایا جا چکا ہے، ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز دمام سے 2 پروازوں کے ذریعے 260 افراد اسلام آباد گئے تھے۔

    خصوصی پروازوں میں وزٹ ویزے، خروج نہائی اور میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متاثر ایسے پاکستانی جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے یا وہ کسی ایمرجنسی کے باعث وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں۔

  • کورونا وائرس : کرفیو سے متعلق سعودی حکومت کا اہم اعلان

    کورونا وائرس : کرفیو سے متعلق سعودی حکومت کا اہم اعلان

    جدہ : سعودی حکومت نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ واک اور جاگنگ کرنا کرفیو قوانین کی خلاف ورزی ہے ، مرتکب افراد پر چالان اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال شلھوب نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ دوران کرفیو واک اور جاگنگ کو بھی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا اور کوئی شہری بھی اس قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار پائے گا اس پر مقررہ جرمانہ لاگو کیا جائے گا۔

    ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ کرفیو کا مقصد گھروں سے نہ نکلنا ہے اور جو بھی اس قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ افراد جو گروپ کی صورت میں(5 سے زائد) واک کرتے ہیں ان پر دو چالان کیے جائیں گے ایک کرفیو کی خلاف ورزی کا جبکہ دوسرا چالان جمع ہونے کا کیونکہ کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کی خاطر ہی حکومت نے کرفیو نافذ کیا ہے جس پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کا چالان کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سے پولیس نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں رات کے وقت محلوں میں بھی گشت میں اضافہ کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب میں کرفیو پاس حاصل کرنے کا طریقہ

    اس دوران وزارت داخلہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو کے ذریعے محلوں میں پولیس کے گشت کے دوران ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیاں دکھائی گئی ہیں جن میں بعض لوگ محلوں میں گھوم رہے ہیں۔

  • جدہ میں عوامی باتھ روم کے استعمال پر فیس مقرر

    جدہ میں عوامی باتھ روم کے استعمال پر فیس مقرر

    ریاض: جدہ کے ساحل جدہ کورنیش پر بنے باتھ رومز کے استعمال پر فیس عائد کردی گئی، مقامی افراد نے فیس عائد ہونے پر ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر جدہ کے ساحل جسے کورنیش کہا جاتا ہے، پر بنے باتھ روم استعمال کرنے کے لیے فیس مقرر کر دی گئی ہے۔ ترجمان بلدیہ کے مطابق اسمارٹ باتھ روم کے لیے 7 ریال جبکہ روایتی بیت الخلا کے لیے 3 ریال فی کس مقرر کیے گئے ہیں۔

    محکمہ بلدیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جدہ کے ساحل پر بنائے گئے باتھ روم کا کنٹریکٹ دینے کے لیے ٹینڈرز بھی طلب کیے جائیں گے۔

    ترجمان بلدیہ کے مطابق ساحل جدہ کی بہترین تفریح گاہ ہے اور یہاں روزانہ ہزاروں افراد آتے ہیں، ان کی ضروریات کے لیے بلدیہ کی جانب سے بیت الخلا تعمیر کیے گئے ہیں۔ ساحل کے مختلف مقامات پر 10 روایتی جبکہ 8 اسمارٹ بیت الخلا موجود ہیں۔

    اسمارٹ بیت الخلا میں داخلے کے لیے پری پیڈ کارڈ حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ پری پیڈ کارڈ مختلف قیمتوں کا ہوتا ہے تاہم اس کے کریڈٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    اسمارٹ بیت الخلا میں گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت کے علاوہ ہاتھ خشک کرنے کے لیے ایئر بلوورز کا بھی خصوصی انتظام موجود ہے۔

    ساحل پر تفریح کے لیے آنے والوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے روایتی باتھ رومز کو بھی نجی اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جس سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    البتہ کچھ افراد کا خیال ہے کہ یہ بہترین اقدام ہے اور اس سے لوگوں کو صاف ستھرے باتھ رومز ملیں گے۔

  • جدہ ایئرپورٹ پر پہلی بار خواتین کو ملازمت دے دی گئی

    جدہ ایئرپورٹ پر پہلی بار خواتین کو ملازمت دے دی گئی

    ریاض: جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 200 سعودی خواتین کو مختلف شعبہ جات میں تعینات کیا گیا ہے۔

    سعودی اخبار کا کہنا ہے کہ ملازمت سے قبل سعودی خواتین کو ٹریننگ اکیڈمی سے خصوصی کورس کروایا گیا۔ انہیں گراﺅنڈ سروسز کی ٹریننگ دی گئی ہے۔

    ملازمت دینے والی کمپنی کے مطابق ٹریننگ اکیڈمی سے تربیت پانے والی خواتین کے پہلے گروپ کو 17 دسمبر 2019 میں تعینات کیا گیا ہے۔ خواتین کے دوسرے گروپ کی تعیناتی 2020 کے شروع میں کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت بے روزگار مقامی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار دلانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام کر رہی ہے۔ فی للحا ایسے شعبوں پر کام ہورہا ہے جہاں سعودی خواتین کو محدود ٹریننگ کورس کے ذریعے روزگار کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

    سعودی عرب میں خواتین میں بے روزگاری کی شرح 30 فیصد کے لگ بھگ ہے، حکومت سنہ 2020 کے دوران یہ شرح انتہائی محدود کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔

  • حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

    حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

    جدہ: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر سے ملاقات کے دوران بینک کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہرنے جدہ میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معاشی منصوبوں میں مالی اعانت پر آئی ڈی بی کے کردار کو سراہا۔

    حماد اظہر نے آئی ڈی بی کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں بینک کا پورٹ فولیو بنائے۔

    وفاقی وزیر نے کنٹری سپورٹ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے اور بجٹ سپورٹ پروگرام کی بحالی کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سپورٹ پروگرام سے زر مبادلہ ذخائر کو تقویت ملے گی۔

    اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر نے کہا کہ آئی ڈی بی پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    ڈاکٹر بندر الحجر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر حماد اظہر عالمی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن سیمینار کے لیے جدہ میں موجود ہیں۔

  • او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

    او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

    جدہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کو اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام کے ساتھ دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ اسلامی سربراہ ممالک کا یہ فورم مسلم امہ کے رشتے کو مضبوط بنانے اور جوڑنے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا ملنی چاہیئے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے مزید آواز بلند کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیر انسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ بابری مسجد کے فیصلے نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں سے ان کے سلوک کا پول کھل گیا ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان چاہتا ہے کہ مسلم ممالک کے مابین معاشی تعلقات فروغ پائیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کو مزید تقویت ملے۔

    خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    معاون خصوصی گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ فردوس عاشق اعوان تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

  • عمران خان، محمد بن سلمان ملاقات، وزیر اعظم نے کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا

    عمران خان، محمد بن سلمان ملاقات، وزیر اعظم نے کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا

    جدہ: وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں‌ باہمی دلچسپی اوردوطرفہ امور پرتبادلہ خیال ہوا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیرکی صورت حال سے آگاہ کیا. اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی تیل تنصیبات پرحملے کی بھی شدید مذمت کی.

    وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی بھی موجود تھے.

    خیال رہے کہ وزیر اعظم پاکستان آج سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پر جدہ پہنچے، تو  رائل ٹرمینل پر مکہ کے گورنرخالد الفيصل بن عبد العزيز نے ان کا استقبال کیا۔

    مزید پڑھیں: جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات طے

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی, مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائےسمندر پار پاکستانی سید ذولفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    تجزیہ کار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو اور سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے تناظر میں وزیر اعظم پاکستان کے دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں.

  • سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیےاقدامات کررہے ہیں، فواد چوہدری

    سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیےاقدامات کررہے ہیں، فواد چوہدری

    جدہ : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیےاقدامات کررہے ہیں، معاملات آخری مراحل میں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہون نے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب اورچین سے مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکال رہے ہیں، ہم پاکستان کو مستقل بہتری کی طرف لے کرجارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں جو 10سال میں قرضہ لیا گیا وہ کہاں لگایا گیا ہے؟ معاشی حالات کے باعث پاکستان کو مشکلات درپیش ہیں۔

    مختلف جرائم کے الزام میں سعودی عرب میں قید پاکستانیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہی ہے

    اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات جاری ہے، قیدیوں کی رہائی کے معاملات آخری مرحلےمیں ہیں، امید ہے پاکستانی جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔

    پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک میں فیکٹریاں لگیں گی تو نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، جہلم میں سب سے زیادہ فیکٹریاں ہم نے لگائیں، ستّر ارب روپے کے قریب بجٹ جہلم کو ملاہے۔