Tag: jeep

  • بادلوں کے درمیان اڑتی اس گاڑی کی حقیقت کیا ہے؟

    بادلوں کے درمیان اڑتی اس گاڑی کی حقیقت کیا ہے؟

    سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے سب کو حیران کردیا جس میں ایک گاڑی بادلوں میں اڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

    اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک جیپ کی ڈرائیونگ سیٹ پر ایک خاتون موجود ہیں اور کھڑکی سے بادل دکھائی دے رہے ہیں، یوں لگ رہا ہے جیسے گاڑی بادلوں کے درمیان اڑ رہی ہے۔

    اگلے ہی لمحے کیمرے کا رخ تبدیل ہوتا ہے اور سامنے سیدھی سڑک دکھائی دینے لگتی ہے، یہ گاڑی دراصل ایک بلند ہائی وے پر جارہی تھی اور اس کے برابر بادلوں سے بھرا ہوا آسمان تھا۔

    اس گاڑی کا بادلوں کے درمیان اڑنا صرف ایک بصری دھوکا تھا۔

    گاڑی میں موجود خاتون امریکی ریاست کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ہنا کولبی ہیں اور ریاست ہوائی میں سیر و تفریح کے لیے آئی تھیں۔ ویڈیو ہوائی کی ہالیکلا پہاڑی پر سفر کے دوران بنائی گئی تھی۔

    اس ویڈیو کو ٹک ٹاک پر 70 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا۔

    ہنا کہتی ہیں کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی یہ ویڈیو اس قدر مقبول ہوجائے گی، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ہوائی کی سیر کو آئی تھیں جہاں انہوں نے تیراکی کی، سمندر پر وقت گزارا، ہائیکنگ کی اور پہاڑی پر بیٹھ کر سورج کو ڈھلتے دیکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کا ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ نہیں تھا لیکن اپنے دوستوں کے اصرار پر انہوں نے اکاؤنٹ بنایا اور پہلی ویڈیو یہی پوسٹ کی جس نے مقبولیت کی انتہا کو چھو لیا۔

    ہنا کا کہنا تھا کہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد وہ سارا دن باہر رہیں اور اس دوران ان کے پاس انٹرنیٹ دستیاب نہیں تھا، شام کے وقت جب انہیں انٹرنیٹ دستیاب ہوا تو انہیں علم ہوا کہ ویڈیو کو 10 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

  • جیپ کی سواری کرو اور اسے اوور لوڈ بھی کردو، چوہدری نثار کی عوام سے اپیل

    جیپ کی سواری کرو اور اسے اوور لوڈ بھی کردو، چوہدری نثار کی عوام سے اپیل

    راولپنڈی : چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میں روایتی سیاستدان نہیں ہوں، عزت عہدوں سے نہیں کردار سے ملتی ہے، جیپ کی سواری بھی کرو، جیپ کو اوور لوڈ بھی کردو۔

    یہ بات انہوں نے چک جلال دین راولپنڈی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چک جلال الدین کے لوگوں کو طرح طرح کے خواب دکھائے گئے لیکن میں نے عملی کام کیے۔

    میرے پاس جب بھی اقتدار آتا ہے تو میں سب سے پہلے پیسہ عوام پر ہی خرچ کرتا ہوں، عوام اور میرا رشتہ سچائی اور دیانتداری کا ہے، یہاں میرے پہلے جلسے میں90فیصد غریب لوگ تھے، یہ علاقہ غیرت مندوں کا علاقہ ہے۔

    چوہدری نثار نے مزید کہا کہ مجھے پارٹی کا ٹکٹ چاہئے ہوتا تو چھپ کر بھی درخواست دے سکتا تھا، زندگی بھر کبھی پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست نہیں دی، میں وہ شخص ہوں جو تھوک کر چاٹتا نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دعوت دی کہ ہمارے پاس آجائیں جتنے ٹکٹ چاہئیں دیں گے لیکن میں نے فیصلہ کیا اس بار کسی جماعت کا نہیں بلکہ مخلوق خدا کا ٹکٹ لینا ہے،25جولائی کو پاکستان دیکھے گا کسی جماعت کا ٹکٹ بھاری ہے یا عوام کا،25جولائی کوچک جلال الدین کے فیصلے کا بےتابی سے انتظار کروں گا۔

    مزید پڑھیں: چوہدری نثار کی باتیں تکلیف دیتی ہیں، نواز شریف

    چوہدری نثار نے کہا کہ جیپ کی سواری بھی کرو ،جیپ کو اوور لوڈ بھی کردو، اللہ سے دعا ہے مجھے طاقت دے میں کہ آپ کی امیدوں پر پورا اترسکوں، میں روایتی سیاستدان نہیں ہوں، عزت عہدوں سے نہیں کردار سے ملتی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 25جولائی کو ووٹ دے کر جیپ کو کامیاب کرائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • "شیر نہیں جیپ چاہئے” ن لیگ کا ٹکٹ واپس کرنے والے امیدواروں کی لائن لگ گئی

    "شیر نہیں جیپ چاہئے” ن لیگ کا ٹکٹ واپس کرنے والے امیدواروں کی لائن لگ گئی

    لاہور : جنوبی پنجاب میں گیارہ سے زائد لیگی امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ مسترد کردیا، ٹکٹ واپس کرنے والے تمام امیدواروں نے جیپ کا انتخابی نشان مانگ لیا ہے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے منحرف رہنما چوہدری نثار کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد ن لیگ کے ناراض اور آزادا میدواروں میں جیپ کا نشان اہمیت اختیار کرگیا ہے اور امیدواروں نے انتخابی نشان جیپ کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔

    جیپ کانشان مانگنے والوں میں این اے 190ڈی جی خان سے سردار امجد فاروق، حلقہ پی پی 287اور 288 سے محسن عطا کھوسہ، این اے193راجن پور سے لیگی امیدوار شیر علی گورچانی، این اے 194 راجن پور سے ڈاکٹرحفیظ الرحمان شامل ہیں۔

    راجن پور کی صوبائی نشستوں کے امیدوار یوسف دریشک، عاطف مزاری، این اے181 سے لیگی امیدوار سلطان محمود ہنجر، این اے 166 بہاولنگر ، لیگی امیدوار اصغر شاہ، پی پی 237 اور 238 سے شوکت لالیکا، میاں فدا حسین بھی بھی شیر کے بجائے جیپ کے خواہشمند ہیں۔

    اوکاڑہ سے رضاعلی جیلانی نے پی پی 184 سے ن لیگ ٹکٹ پر الیکشن لڑنے سے انکار کردیا ہے ، اب وہ پی پی 184 اور 185 سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے، سید رضا علی جیلانی سابق حکوت میں صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن رہ چکے ہیں۔

    ڈی جی خان سے این اے 190 پر لیگی امیدوار اور سردارامجدفاروق کھوسہ نے بھی جیپ کانشان مانگ لیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل الیکشن کمیشن نے چوہدری نثار کو’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ کیا تھا جبکہ ان کےحمایت یافتہ امیدوار عمرفاروق اورفیصل اقبال بھی جیپ کے انتخابی نشان پرانتخابات لڑیں گے۔

    چوہدری نثار این اے 59 اور این اے 63 سے الیکشن لڑیں گے جبکہ پی پی 10، 12، 19 اور 20 کے لئے بھی میدان میں ہیں۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات 2018 کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشان بھی آج جاری کیےجائیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوارآج سے تیئس جولائی تک انتخابی مہم چلاسکیں گے جبکہ امیدوار پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چوہدری نثار کو ’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ

    چوہدری نثار کو ’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ

    راولپنڈی: : الیکشن کمیشن نے چوہدری نثار کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا، وہ این اے 59 اوراین اے 63 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جیپ کے انتخابی نشان کے لیے درخواست دی ، جس کے بعد این اے 63 سے چوہدری نثار کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا۔

    چوہدری نثارقومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 4 نشستوں پر امیدوار ہیں، وہ این اے 59 اور این اے 63 سے الیکشن لڑیں گے جبکہ پی پی 10، 12، 19 اور 20 کے لئے بھی میدان میں ہیں۔

    چند روز قبل چوہدری نثار نے ایک خطاب میں کہا تھا کہ ایک بار کہہ دیا تو کہہ دیا، آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا، آج تک پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، میرا ٹکٹ مخلوقِ خدا ہے۔

    یاد رہے کہ این اے 59 میں چودھری نثار کا مقابلہ ن لیگ کے کرپشن الزام میں گرفتار امیدوار قمر الاسلام جبکہ این اے 63 میں تحریک انصاف کے غلام سرور سے ہوگا جبکہ پی پی 19 پی پی 20 سے ان کے حمایت یافتہ امیدواروں عمرفاروق اورفیصل اقبال بھی جیپ کے انتخابی نشان پرانتخابات لڑیں گے۔

    غلام سرور نے قومی اسمبلی کی سیٹ کے لیے راولپنڈی کے حلقے سے تین بار چوہدری نثار کے مقابلے میں شکست کھائی۔

    واضح رہے کہ ن لیگ کی جانب سے ناراض رہنما چوہدری نثار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، جس کے بعد وہ آزاد حثیثت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات2018 کیلئےامیدواروں کی حتمی فہرستیں آج جاری کی جائیں گی جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان بھی آج جاری کیےجائیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوارآج سے تیئس جولائی تک انتخابی مہم چلاسکیں گے جبکہ امیدوار پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔