Tag: jehlam

  • سائبیریا سے ہجرت کرنیوالے ہزاروں پرندے منگلا ڈیم اور ہیڈ رسول پہنچ گئے

    سائبیریا سے ہجرت کرنیوالے ہزاروں پرندے منگلا ڈیم اور ہیڈ رسول پہنچ گئے

    جہلم : سائبیریا اور دیگر ملکوں سے ہجرت کرکے ہزاروں پرندے منگلا ڈیم اور ہیڈ رسول پر پہنچ گئے، گزرتے وقت کے ساتھ قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے ان مہمان پرندوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح روس اور سائیبیریا اور دیگر ممالک میں شدید سردی اور جھیلوں میں برف جم جانے کی وجہ سے ہزاروں مہمان پرندوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    مختلف ممالک سے ہجرت کرکے آنے والے ہزاروں پرندے منگلا ڈیم اور ہیڈ رسول پر پہنچے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور نظارے دلفریب ہوگئے۔

    سرد ملکوں کے پرندے خوراک کی تلاش میں پاکستان کا رخ کرتے ہیں، مہمان موسمی پرندوں جن میں کونج، شاہین، تلور، بٹیر اور مرغابیاں شامل ہیں ان کی آمد کا سلسلہ ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔

    اسی طرح پنجاب میں مختلف ہیڈورکس جن میں ہیڈبلوکی ، خانکی، سدھنائی ، سلیمانیکی ، قادرآباد اورمرالہ شامل ہے یہاں بھی ہزاروں کی تعداد میں مہمان پرندے قیام کرتے ہیں۔

    اسی طرح مختلف جھیلیوں پر بھی ان پرندوں کی اچھی خاصی تعداد ڈیرے ڈالتی ہے، بد قسمتی سے گزرتے وقت کے ساتھ قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے ان مہمان پرندوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ایک براعظم سے دوسرے براعظم ہجرت کر نے والے یہ پرندے زمین پر اترے بغیر مسلسل دس ماہ تک اڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں شکار

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی تعداد میں پچاس فیصد سے زائد کمی آئی ہے جس کی ایک وجہ ان پرندوں کا بڑے پیمانے پر ہونے والا غیرقانونی شکار ہے۔

  • نشانہ بازی فوجی مہارت ہے، اس میں کمال قابل فخر کامیابی ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    نشانہ بازی فوجی مہارت ہے، اس میں کمال قابل فخر کامیابی ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    جہلم : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے قومی یکجہتی میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم کے قریب آرمی نشانہ بازی فائرنگ رینج میں پاک آرمی رائفلز ایسوسی ایشن کے39ویں مرکزی مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    نشانہ بازوں کو نشانہ بازی کے شاندار معیار پر سراہتے ہوئے صدر نے کہا کہ نشانہ بازی ایک بنیادی فوجی مہارت ہے اور اس میں کمال ایک قابل فخر کامیابی ہے، صدر مملکت کی آمد پر بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔

    تینوں مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز، ٹیم ایکس پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد پولیس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس، لاہور گیریژن شوٹنگ گیلری اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر953نشانہ بازوں نے چار ہفتے تک جاری رہنے والے پچیس کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

    اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے کے بعد مختلف قسم کی جنگی معذوریوں سے صحت یاب ہونے والے فوجی افسران اور سپاہیوں نے بھی مقابلے میں حصہ لیا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے نشانہ بازی کی ہر کیٹگری میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔

  • جنرل ضیا نے نواز شریف کے ذریعے لوگوں کو خریدا، عمران خان

    جنرل ضیا نے نواز شریف کے ذریعے لوگوں کو خریدا، عمران خان

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل ضیا الحق کو ایک شخص ملا جو لوگوں کو خریدنے میں مہارت رکھتا تھا اور وہ نواز شریف ہے، اس نے ججوں اور صحافیوں اور سیاست دانوں کو خریدا۔


    Imran Khan comes down hard on MQM chief Altaf… by arynews

    جہلم میں کھیوڑہ کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن سن 85ء سے آئی، کرپشن نے ادارے ختم کردیے، پامانا لیکس ہم نے نہیں غیر ملکیوں نے کیں، اداروں کو آزاد کیا جائے اگر ادارے آزاد ہوگئے تو کرپشن ختم ہوجائے گی، شریف خاندان نے پنجاب پولیس کو ختم کرکے رکھ دیا۔

    انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا اگر انہوں نے تقدیر اپنے ہاتھ میں لے لی تو ملک عظیم بن جائے گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ہمارے صدر کا ایئرپورٹ پر استقبال کرتا تھا افسوس کہ اب ہمارا وزیراعظم اب پرچیاں لکھ لکھ کر بات کرتاہے

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا احتساب کیا جائے تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی، پانچ ماہ ہوگئے نواز شریف نے جواب نہ دیا۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جواب دیں کہ انہوں نے مودی کے بیانات کی مخالفت میں بیان جاری کیوں نہ کیا،مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ دیے گئے لیکن وزیراعظم کچھ نہ بولے،

    چیئرمین پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم قائد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قائد ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہونے والے پاکستان کے ساتھ سیاست کیسے کرسکتے ہیں، پارٹی سربراہ ایسی بات کرے تو اسے نہیں چھوڑا جاتا، قائد متحدہ کے خلاف برطانوی حکومت کو باضابطہ درخواست دی جائے۔

  • سیلاب کی تباہ کاریاں: کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے

    سیلاب کی تباہ کاریاں: کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے

    گجرانوالہ :بھارت سےآنےوالےسیلابی ریلوں نےپنجاب کےبالائی علاقوں میں تباہی مچا دی۔جہلم، چناب اور راوی میں آنے والی طغیانی نےسیکڑوں دیہات ڈبو دیئے،چنیوٹ میں تئیس دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے گجرانوالہ میں خانکی کے مقام پر دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجےکا سیلاب ریکارڈ کیا جارہا ہے۔سیلابی پانی آبادی کی جانب بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔

    چناب کی بپھرتی موجوں نے کئی دیہات غرق آب کردیئے،دریائے چناب اور دریائے جہلم کا سیلابی ریلا جھنگ میں داخل ہوا تو درجنوں دیہات ڈبو گیا اور کسانوں کی محنت کو پانی میں ملا دیا۔آٹھ ہزار کیوسک کی گنجائش رکھنے والے نالہ ڈیک سے اس وقت چوالیس ہزار کیوسک پانی گزر رہاہے۔

    دریائے راوی میں ہیڈ بلوکےمقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ شاہدرہ کے مقام پریہ سیلاب درمیانے درجے کاہے۔طغیانی کے باعث پانی آبادیوں میں داخل ہوگیاہے۔ پنجاب میں گرجتےبادلوں کےبرسنےسے منہ زور برساتی پانی نےسیلابی صورت اختیارکی توبھارت نےبھی دریائے چناب پرقائم بگلیہار ڈیم کےاسپل ویز کھول کرپاکستان میں بدترین سیلاب کاسامان کیا۔

    جہلم چناب راوی اور ستلج میں طغیانی نے سیکڑوں دیہات پانی میں ڈبو دئیے اور کھڑی فصلیں تباہ کردیں۔۔سیلاب کےباعث متعدددیہات میں مکیں اپنے آشیانوں سےمحروم ہوگئےاورنقل مکانی پر مجبورہوئے۔بھارت کی جانب سے گنجائش سےزائد چھوڑے گئے سیلابی ریلوں کےباعث سیالکوٹ شہر کا بیشترعلاقہ زیرآب ہے اور سیالکوٹ کاپسرور سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔

  • دریائے چناب اورجہلم میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

    دریائے چناب اورجہلم میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

    لاہور: پنجاب میں دریائے چناب اور جہلم میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرآب آ گئی ہے۔

    دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ قادر آباد کے مقام پر 6 لاکھ70 ہزار کیوسک کا ریلا گزررہا ہے جو آج شام چنیوٹ کی حدود میں داخل ہو گا۔ جس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔

    دریائے جہلم میں ہیڈ رسول کے مقام پر 4 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، جس سے منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا اور خوشاب کے دیہات بری طرح متاثر ہوں گے۔ 7 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا کل شام کسی بھی وقت جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام پر پہنچے گا۔

    حکومت نے جھنگ، چنیوٹ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، خوشاب اور شورکوٹ میں ہائی الرٹ کر دیا ہے اور دریاؤں کے کناروں پر آباد لوگوں کو منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام سے 55 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس سے آبادیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے