Tag: JERUSALEM

  • اسرائیلی فورسز کے بدترین آپریشن کے بعد مقبوضہ یروشلم میں مہلک حملہ، 7 یہودی ہلاک

    بیت المقدس: جینین میں فلسطینیوں‌ پر اسرائیلی فورسز کے بدترین آپریشن کے بعد مقبوضہ مشرقی یروشلم میں 7 یہودیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

    اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں ایک مبینہ مسلح فلسطینی کے حملے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، فائرنگ کا یہ واقعہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جینین پناہ گزین کیمپ میں ایک مہلک اسرائیلی حملے کے بعد رونما ہوا ہے جس میں 10 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

    واقعہ اسرائیلی آبادکاروں کی ایک بستی میں یہودی عبادت گاہ کے پاس پیش آیا، حملہ آور کو بھی گولی ماری گئی، فائرنگ سے 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

    روئٹرز کے مطابق فائرنگ کے وقت ہولوکاسٹ کے متاثرین کی یاد میں منائے جانے والے دن کے موقع پر عبادت گاہ میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    اسرائیلی پولیس کے مطابق مسلح شخص جمعے کی رات 8 بج کر 15 منٹ پر موقع پر پہنچا اور فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے مسلح شخص کو موقع پر ہی گولی مار دی۔

    حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی نے بھی قبول نہیں کی، تاہم اسلامی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا ہے کہ واقعہ جینین کیمپ پر حملے کا جواب ہے، اسرائیلی پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔ دوسری جانب غزہ میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ کی خبر ملتے ہی ریلیاں نکالی گئیں اور خوشی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق مسلح شخص مشرقی یروشلم کا رہنے والا فلسطینی تھا، سوشل میڈیا پر حملہ آور کی تصویر اور شناخت بھی سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق حملہ آور الطور کا رہائشی 21 سالہ خیری علقم تھا، پولیس کے مطابق علقم کا کوئی ’مجرمانہ ریکارڈ‘ نہیں تھا، اس کے والد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو ’دہشت گردی کا خوفناک حملہ‘ قرار دیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مغربی کنارے میں واقع فلسطینیوں کے پناہ گزین جینین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کارروائی میں 10 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

  • یروشلم بم دھماکوں سے گونج اٹھا

    یروشلم بم دھماکوں سے گونج اٹھا

    یروشلم: اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یروشلم میں بس اسٹاپ پر دو بم حملوں میں ایک نوجوان ہلاک 18 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یروشلم میں ایک بس اسٹاپ پر دو بم دھماکے ہوئے ہیں، جن میں ایک 15 سالہ لڑکا ہلاک جب کہ اٹھارہ دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق دھماکا خیز ڈیوائس سوٹ کیس میں رکھ کر بس اسٹیشن پر رکھی گئی تھی، ایک دھماکا یروشلم کے داخلی راستے کے قریب مرکزی بس اسٹیشن پر ہوا جب کہ دوسرا دھماکا آدھے گھنٹے کے فرق سے راموت محلے میں بس اسٹاپ پر ہوا۔

    بم دھماکے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیے گئے، دھماکا خیز مواد میں کیلیں اور نٹ بولٹ تھے، جس سے بس میں سوراخ ہو گئے۔ یہ دھماکے شہر کے مضافات میں دو مصروف علاقوں میں اس وقت ہوئے جب لوگ کام پر جا رہے تھے۔

    دھماکے کے بعد کئی گھنٹے تک تل ابیب سے یروشلم آنے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

    بی بی سی کے مطابق مرنے والا نوجوان آریہ شوپک نامی اسرائیلی کینیڈین یہودی مدرسے کا طالب علم تھا، اسرائیل کے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حملہ حالیہ برسوں میں ہونے والے حملوں سے بالکل مختلف تھا۔ ان کا اشارہ فلسطینیوں کی طرف تھا جو یا تو چاقو یا پھر پستول سے اسرائیلی مظالم کا جواب دیتے ہیں۔

  • فلسطین میں برفباری، جنگی ماحول سے خوفزدہ بچے خوشی سے نہال

    فلسطین میں برفباری، جنگی ماحول سے خوفزدہ بچے خوشی سے نہال

    مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین میں برفباری نے جنگی ماحول سے خوفزدہ بچوں کے چہروں پر خوشی بکھیردی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطین کے متعدد شہروں میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ بیت المقدس، رام اللہ، نابلس ، بیت الحم اور الخلیل میں برفباری کے بعد ان علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

    فلسطین میں برفباری کےبعد حسین مناظر نے دل موہ لئے ، گلیاں سڑکیں برف کا میدان کا منظر پیش کرنے لگی ، قدرت کے حسین نظاروں کو دیکھ کر جنگی ماحول سے خوفزدہ فلسطینی بچے برفباری دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے، ایک دوسرے پربرف کےگولے پھینکے، خوب تصویریں کھنچوائیں۔

    مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والی برفباری پر سوشل میڈیا صارفین نے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں ان مقامات پر برف باری کے نتیجے میں موسم کی شدت کو دکھایا گیا ہے، بہت سے علاقوں میں سڑکیں بند ہیں اور گھروں کی چھتیں اور صحن برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔

    فلسطینی حکام نے شدید سردی کے باعث تمام اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں جبکہ بینک اور کئی تجارتی ادارے بند ہوگئے ہیں۔

    ادھر محکمے موسمیات کا کہنا ہے کہ ’مشرقی بیت المقدس میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب برفباری کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا‘ اور سردی کی لہر نکتہ عروج تک پہنچے گی۔

  • اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان شہید کر دیا

    اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان شہید کر دیا

    یروشلم : قابض صیہونی فوج نے حسب معمول فلسطینیوں پر پولیس اہلکاروں پرچاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا ڈرامہ رچایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کرکے اسے شہید اور دوسرے کو زخمی کردیا، قابض فوج نے حسب معمول فلسطینیوں پر پولیس اہلکاروں پرچاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا ڈرامہ رچایا ہے۔

    اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پرانے بیت المقدس میں دو فلسطینیوں کو پولیس چاقو سے حملے کی کوشش کے دوران گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی موقع پرہی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

    فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے اسلامی اوقاف کا ایک محافظ بھی زخمی ہوا ہے جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز پیشتر مسجد اقصیٰ کے حرم قدسی میں فلسطینی نمازیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان سخت کشیدگی دیکھی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں برس یکم جون کو اسرائیلی پولیس نے مغربی کنارے پر باڑ کے قریب 16 سالہ جبکہ ایک علیحدہ واقعے میں 21 سالہ فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچہ بیت لحم سے یروشلم میں داخل ہونے کے لیے باڑ کو پھلانگنے کی کوشش کر رہا تھا جہاں اسے روکنے کے لیے گولی ماری گئی۔بچے کے والد لوائی غیث کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا مسجد الاقصیٰ میں نماز پڑھنے کے لیے یروشلم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

  • مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث ضمانت پر رہا

    مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث ضمانت پر رہا

    یروشلم : قابض اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنر عدنان غیث کو اتوار کے روز گرفتار کرنے کے کچھ دیر بعد ضمانت پر رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدنان غیث کو اسرائیلی پولیس نے نومبر 2018 کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف فوجی احکامات کے تحت عدالتی کارروائی شروع کی تھی۔

    عدنان غیث کی یہ پہلی گرفتاری اور رہائی نہیں بلکہ حالیہ عرصے میں وہ متعدد بار اراضی کی فروخت کے الزامات میں گرفتار کیے جاتے رہے ہیں، انہیں تین مرتبہ تو صرف گزشتہ برس نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    ان کے وکیل محمد محمود نے بتایا کہ صہیونی حکام نے ان کے موکل کو مشروط طور پر رہا کیا ہے، وکیل نے بتایا کہ انہوں نے ایک تنظیم کے ساتھ ملکر کانفرنس منعقد کی تھی جسے ناجائز اسرائیل نے اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا تھا ۔

    اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنلفیڈ نے عدنان غیث کی گرفتاری ان سے تفتیش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس نومبر میں انہیں اسرائیلی پولیس کی طرف سے انہیں چھ ماہ تک غرب اردن داخل نہ ہونے اور مخصوص افراد کے ساتھ رابطے کے علاوہ کسی سے رابطہ نہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم انہوں احکامات کی خلاف ورزی کی۔

    فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق عدنان غیث یو 1000 شیکل ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • رومانیہ نے بھی یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    رومانیہ نے بھی یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    واشنگٹن/بخارسٹ : رومانیہ نے بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں رومانیہ کی وزیر اعظم ويوريسکا ڈانسيلا کا کہنا تھا یورپ میں اسرائیل کا سب سے بڑا حامی رومانیہ ہے اور یہودی ریاست کے ساتھ دوستانہ تعلقات جاری رکھیں گے۔

    امریکا اسرائیل عوامی امور کی کمیٹی کے امریکی دارالحکومت میں منعقدہ اجلاس کے دوران رومانوی وزیر اعظم نے امریکی و اسرائیلی حکام کو اپنا سفارت خانہ مستقبل قریب میں تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کی تقین دہانی کرائی۔

    واضح رہے کہ القدس فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، اسرائیلی مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دیتا ہے، اس شہر پر صیہونی فوج نے 1967 کی جنگ میں تسلط قائم کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ امریکا پہلے ہی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرچکا ہے جس کے خلاف فلسطین، عرب ممالک، عالم اسلام اور امریکا کے اتحادیوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی جانب سے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے بعد متعدد امریکی اتحادیوں نے بھی اپنے سفارت خارنے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے تھے۔

  • اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 6 فلسطینی نوجوان شہید، 140 زخمی

    اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 6 فلسطینی نوجوان شہید، 140 زخمی

    یروشیلم: مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کے سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 6 فلسطینی مظاہرین کو شہید کردیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین کے نہتے شہری غزہ کی پٹی میں اسرائیلی آبادکاری کے خلاف جمعے کے روز اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی فوج نے انہیں منتشر کرنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 6 نوجوان شہید جبکہ 140 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے، نہتے شہریوں کی شہادت کے بعد احتجاج مزید شدت اختیار کرگیا۔

    مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ‘ 3 فلسطینی شہید

    فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے سرحدی علاقے میں ہونے والے مظاہروں پر فائرنگ 30 مارچ سے اب تک 200 سے زائد نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانی نے جو اس وقت ترکی کے شہر استنبول میں موجود ہیں انہوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    اسماعیل ہانی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ اسلامی ممالک کے اتحاد میں پڑھنے والی دراڑ کی وجہ سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اقوام متحدہ کو چاہیے وہ واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے ان مظالم کو رکوائے۔

  • امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی، فلسطین کا عالمی کورٹ سے رجوع

    امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی، فلسطین کا عالمی کورٹ سے رجوع

    ہیگ : فلسطینی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے خلاف عالمی فوج داری عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ متنازعہ علاقے میں سفارت خانے کی منتقلی بین الااقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین کے شہر مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی اور فلسطینیوں سے امریکا کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف فلسطینی حکومت نے عالمی فوج داری عدالت ’آئی سی سی‘ میں درخواست دائر کردی۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا تھا کہ فلسطینی حکومت نے عالمی فوج داری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کے سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے واپس اسرائیلی دارالحکومت میں منتقل کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطینی حکومت نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اور اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے کہ سنہ 1967 میں ویانا کنونشن میں طے ہوا تھا کہ سفارت خانے میزبان ملک میں قائم کیے جائیں جبکہ بیت المقدس متنازعہ علاقہ ہے۔

    فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطین نے بارہا امریکا کو عالمی اداروں سے رجوع کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے تاہم امریکی ہٹ دھرمی کے بعد فلسطینی حکومت نے مجبوراً ’آئی سی سی‘ کا دروازہ کٹھکٹھایا ہے۔

    فلسطینی حکومت کی جانب عالمی فوج داری عدالت میں دائر کردہ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی ادارے امریکا سمیت ان تمام ممالک کے سفارت خانے جنہوں نے عالمی قوانین کی خلاف کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے ہیں واپس تل ابیب بھیجیں جائیں۔

    یاد رہے کہ 14 مئی کو فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے 70 برس مکمل ہونے پر امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کیا گیا تھا، سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی سمیت 800 افراد نے شرکت کی تھی۔

  • یروشلم : اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید

    یروشلم : اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید

    یروشلم : غاصب صیہونی فورسز نے اسرائیلی شہری پر قاتلانہ حملہ کرنے کے الزام میں فلسطینی نوجوان کو بے دریغ فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ واقع ملک مقبوضہ فلسطین کے شہر بیت المقدس کے مشرقی حصّے میں غاصب صیہونی ریاست کے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے نہتے فلسطینی شہری کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنانے کر شہید کیا گیاہے۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست اسرائیل کی جا نب سے نوجوان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ مذکورہ شخص نے پرانے شہر کی دیوار کے باہر دمشق گیٹ کے قریب ایک غاصب یہودی کو تیز دھار خنجر کی مدد سے حملہ کیا تھا۔

    صیہونی فورسز کے ترجمان کاکہنا ہے کہ اسرائیلی شہری عبادت گزار تھا جسے فلسطینی شخص نےخنجر گھونپ کرزخمی کردیا تھا۔


    غزہ: اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 2 فلسطینی شہید


    یاد رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج نے فضائی حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوئے تھے، شہید نوجوانوں کی شناخت ابراہیم النجر اور محمد خضر کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے ایک گروپ کو حملے میں نشانہ بنایا جو مشتبہ طور پر سرحدی باڑ کی جانب بڑھ رہا تھا۔

    شہریوں نے حملے میں نوجوان کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے خلاف نعرے بازی بھی کی تھی، فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کی زد میں آکر 26 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔

  • پیراگوئے کے صدارتی محل کے باہر اسرائیل حامیوں کا احتجاج

    پیراگوئے کے صدارتی محل کے باہر اسرائیل حامیوں کا احتجاج

    اسونسیون : مقبوضہ بیت المقدس میں قائم لاطین امریکی ملک کے سفارت خانے کی واپس تل ابیب منتقلی پر پیراگوئے میں اسرائیل حامیوں نے صدارتی محل کے باہر مظاہرے شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد پیراگوئے سمیت کئی ممالک نے اپنے سفارت خانے فلسطین کے شہر مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردئیے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پیراگوئے کے حکام کی جانب سے تین ماہ بعد سفارت خانے کو واپس کو غاصب اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب منتقل کیا گیا ہےاس فیصلے کے بعد سے  پیراگوئے میں موجود اسرائیل حامیوں کی جانب سے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    فرانسیسی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ پیراگوئے میں مقیم اسرایئلیوں نے حکومتی فیصلے کو  رد کرتے ہوئے صدارتی محل کے باہر احتجاج کیا جارہا ہے۔

    پیراگوئے کے صدارتی محل کے باہر مظاہرہ کرنے والے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ سفارت خانہ واپس مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرکے  اسے کو اسرائیل دارالحکومت تسلیم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ پیراگوئے حکومت کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے لاطینی امریکا کے ملک پیراگوئے میں قائم اسرائیلی سفارت خانے کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    امریکی حکام نے پیراگوئے پر دباؤ ڈالتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا کہا ہے۔

    پیراگوئے کے وزیر خارجہ لوئس ایلبرٹو کا کہنا تھا کہ پیراگوئے کی عوام اور حکومت مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن و استحکام کےلیے کی جانے والی سفارتی کوششوں میں پورے خلوص کے ساتھ شریک ہونا چاہتا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس 21 مئی کو مقبوضہ بیت المقدس میں پیراگوئے کے صدر ہوراسیو کارٹس نے منعقدہ تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی موجودگی میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا تھا۔