Tag: jet

  • لینڈنگ کے دوران طیارے کی زد میں آ کر نامعلوم شخص ہلاک، سیکیورٹی میں کھلبلی مچ گئی

    لینڈنگ کے دوران طیارے کی زد میں آ کر نامعلوم شخص ہلاک، سیکیورٹی میں کھلبلی مچ گئی

    امریکا میں آسٹن ایئرپورٹ پر ایک نامعلوم شخص جہاز کی لینڈنگ کے دوران سامنے آنے سے ہلاک ہوگیا، سیکیورٹی کو چکمہ دے کر رن وے تک پہنچ جانے والے شخص کی دریافت کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر آسٹن میں پیش آیا جہاں ایئرپورٹ پر ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے بوئنگ 737 طیارے کی لینڈنگ کے وقت ایک نامعلوم شخص جہاز کے سامنے آگیا اور طیارے کی ٹکر سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ طیارے کے پائلٹ نے مذکورہ شخص کو اس وقت دیکھا جب طیارہ لینڈ کرنے کے لیے زمین پر اتر چکا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق اس وقت کسی بھی شخص کو رن وے پر موجود نہیں ہونا چاہیئے تھا۔

    مذکورہ شخص عملے کے لباس میں نہیں تھا اور انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ کس طرح سیکیورٹی کو چکمہ دے کر ایک غیر متعلقہ شخص رن وے تک پہنچ گیا۔

    لینڈنگ کے بعد طیارے کے مسافروں کو ہنگامی طور پر بحفاظت اتار دیا گیا، واقعے کے بعد مذکورہ رن وے کو بند کردیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ کے دیگر رن ویز پر معمول کے مطابق فضائی آپریشنز جاری ہیں۔

  • تیز رفتاری کے ریکارڈ توڑنے کا عزم رکھنے والی امریکی خاتون حادثے میں ہلاک

    تیز رفتاری کے ریکارڈ توڑنے کا عزم رکھنے والی امریکی خاتون حادثے میں ہلاک

    واشنگٹن:امریکی چینل کی میزبان اور کار ریس ڈرائیور جیسی کامبس تیز رفتار ڈرائیونگ کے تمام ریکارڈز توڑنے سے پہلے ہی حادثے کا شکار ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق 36سالہ جیسی کومبس لینڈ اسپیڈ ریکارڈ بنانے کیلئے کوشاں تھیں۔وہ امریکا کی ریاست اوریگون میں طاقتور جیٹ کی شکل والی کار میں سوار تھیں کہ حادثے کا شکار ہو گئیں اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    جیسی کامبس 1976میں’ کیٹی او نیل ‘ کے قائم کردہ 512میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بنایا گیا ’ویمنز لینڈ اسپیڈ ریکارڈ ‘ توڑنے کا عزم رکھتی تھیں،ریکارڑ توڑنے کی کوشش میں جیسی کومبس امریکا میں ’ڈرائی لینڈ بیڈ‘ کے مقام پر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال انتقال کرنے والی 72سالہ کیٹی او نیل نے تین پہیوں والی سواری پر اپنا ریکارڈ بنایا تھا تاہم جیسی کومبس چار پہیوں والی جیٹ نما کار میں ریکارڈ توڑنے کی خواہاں تھیں۔

    اس سے قبل جیسی کامبس 2013 میں 398 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ،چار پہیے پر تیز رفتار خاتون‘ کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں ، اس کے بعد انہوں نے اس رفتار کو آگے بڑھایا ، لیکن ان کی پرفارمنس کا ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے دور رہا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ موت سے کچھ روز قبل جیسی کامبس اپنے انسٹاگرام پر کیٹی او نیل کے ریکارڈ کو توڑنے کی خواہش کا اظہار کرتی نظر آئیں۔

    ریس ٹریک کے علاوہ جیسی کومبس نے 2009 سے 2010 تک ڈسکوری چینل کے ایک پروگرام میتھبسٹرز کی میزبانی کی ، شو کے موجودہ میزبان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ جیسی کامبس ایک حادثے میں ہلاک ہوگئیں ، میں بہت غمزدہ ہوں ، وہ نہایت عمدہ بلڈر ، انجینئر اور ڈرائیورتھیں۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ جیسی کامبس اپنی حیرت انگیز مثال سے دوسروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر روز جدوجہد کرتی تھیں ، انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ایک بہترین ساتھی کی عدم موجودگی انہیں محسوس ہوگی۔

  • وینز ویلا کے جنگی طیارے کا عالمی فضائی حدود میں امریکی جہاز کا جارحانہ تعاقب

    وینز ویلا کے جنگی طیارے کا عالمی فضائی حدود میں امریکی جہاز کا جارحانہ تعاقب

    واشنگٹن : امریکی فوج نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی طیاروں کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔

    واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وینز ویلا کے ایک جنگی طیارے نے امریکی انٹیلی جنس طیارے کا کیریبین سمندر کے علاقے میں عالمی فضائی حدود میں پرواز کے دوران جارحانہ انداز میں تعاقب کیا، یہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کا واضح ثبوت بتایا جا رہا ہے۔

    امریکی فوج کی سدرن کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ عالمی فضائی حدود میں وینز ویلا کے جنگی طیارے کاہمارے جہاز کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ وینز ویلا امریکا پر بین الاقوامی قوانین کو پامال کرنے کا الزام عائد کرتا ہے مگر اس کے طیارے عالمی فضائی حدود میں بھی امریکی طیاروں کا پیچھا کرتے ہیں۔

    امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا کا ایک طیارہ اے بی3 جو متعدد نوعیت کے مشن پر تھا کا عالمی فضائی حدود سے گذرتے ہوئے وینز ویلا کے سو۔30 طیارے نے تعاقب کیا، امریکا اس اقدام کو وینز ویلاکی طرف سے جہاز اور اس کے عملے کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش قرار دیتا ہے۔

    دوسری طرف وینز ویلا کے وزیر دفاع ولادی میر باڈرینو لوبیز نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایک جنگی جہاز کسی پیشگی اطلاع کے بغیر وینز ویلا کی فضائی حدود میں گھس آیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی جہاز نے وینز ویلا کے مرکزی ہوائی اڈے کی کمرشل پروازوں کوخطرے میں ڈال دیا تھا۔

  • امریکا نے ایف 35 فائٹر جیٹ پروگرام سے ترکی کو نکال دیا

    امریکا نے ایف 35 فائٹر جیٹ پروگرام سے ترکی کو نکال دیا

    واشنگٹن /انقرہ:روسی میزائل سسٹم خریدنے پر امریکا نے ترکی کو ایف 35 فائٹر جیٹ پروگرام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پروگرام سے شراکت دار کو نکالنا انتہائی غیر منصفانہ فیصلہ ہے ،دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ہی روس سے جدید ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم کی پہلی کھیپ ترکی پہنچی تھی جس پر امریکا نے سخت ناراضی کا اظہار کیا تھا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ روسی ساختہ ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم خریدنے کا مطلب ہے کہ ترکی کو ایک بھی ایف 35 فائٹر جیٹ طیارہ خریدنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    پینٹاگون کی اعلیٰ عہدیدار ایلن لارڈ نے کہا کہ امریکا اور ایف 35 پروگرام میں شامل اتحادیوں نے ترکی کو اس پروگرام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ترکی کو ایف 35 جیٹ طیاروں کے پروگرام سے علیحدہ کرنے کے باقاعدہ اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ایلن لارڈ نے بتایا کہ جدید فائٹر جیٹ طیاروں کی ترکی سے منتقلی پر امریکا کو 50 کروڑ سے 60 کروڑ ڈالر کا خرچ برداشت کرنا پڑےگا۔

    انہوں نے کہاکہ ترکی نے ایف 35 فائٹر طیاروں کے 900 سے زائد پارٹس تیار کرتا ہے تاہم اب تمام آلات کی تیاری ترکی کی فیکٹریوں سے امریکی فیکٹریوں میں منتقل کر دی جائے گی کیونکہ ترکی کو اس پروگرام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

    پینٹاگون عہدیدار کے مطابق ایف 35 فائٹر جیٹ طیاروں سے علیحدگی کے بعد ترکی ناصرف ملازمتوں سے محروم ہو گا بلکہ اسے پراجیکٹ کے دوران ملنے والے 9 ارب ڈالرز بھی نہیں ملیں گے۔

    وائٹ ہاؤس حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ترکی کو ایف 35 فائٹر جیٹ پروگرام میں شامل نہیں رکھ سکتے کیونکہ ایف 35 فائٹر جیٹ کا پروگرام روسی انٹیلی جینس کلیکشن پلیٹ فارم کے ساتھ نہیں چل سکتا۔

    ترک وزارت خارجہ نے امریکی فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام سے شراکت دار کو نکالنا انتہائی غیر منصفانہ فیصلہ ہے اور اس فیصلے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔

    ترک وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ہم امریکا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنی اس غلطی کا ازالہ کرے جس سے دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان ہو۔

  • روس:‌مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 18 افراد زخمی

    روس:‌مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 18 افراد زخمی

    ماسکو : روسی شہر سوچی کے ہوائی اڈے پر مسافر بردار طیارہ بوئنگ 800-737 میں آتشزدگی کے باعث تین بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے شہر سوچی میں یوٹیئر نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ یو ٹی 579 رن وے پر لینڈنگ کرنے کے بعد خوفناک آتشزدگی کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے بوئنگ 800-737 میں 164 مسافروں سمیت 170 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 18 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ متاثرہ طیارے میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران ایئر پورٹ کے گرد لگی کوئی جالیوں سے ٹکرانے کے باعث آگ بھڑکی تھی، جبکہ طیارہ حادثے کے باعث رن وے اتر کر دریا میں جا گرا۔

    یو ٹیئر ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں طیارے کا ویل اسٹینڈ اور بائیں پر کو نقصان پہنچا ہے اور آتشزدگی بھی بائیں انجن میں ہوئی تھی۔

    روسی میڈیا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں جہاز حادثے کے بعد مسافروں کو غیر مناسب سروس فراہم کرنے کے جرم میں کرمنل انوسٹی گیشن کا آغاز کردیا ہے۔

    روسی وزارت صحت کے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ حادثے میں تین بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 6 افراد کاربن مونو آکسائیڈ گیس سے متاثر ہوئے تھے جبکہ 4 افراد آتشزدگی کے باعث جھلسے تھے۔

    روسی نشریاتی اداروں کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے نتیجے میں کسی بھی مسافر کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم سوچی ہوائی اڈے کا ایک ملازم حادثے کے شکار افراد کو ریسکیو کرنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوا ہے۔


    مزید پڑھیں : سابیریا میں روسی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 18 افراد ہلاک


    یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں روسی شہر سائبیریا کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں آئیگارکا میں روس کا مسافر بردار ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث گر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • فائٹر جیٹ ٹیکنولوجی میں اپنی لیڈر شپ برقرار رکھنا چاہتے ہیں: سربراہ برطانوی فضائیہ

    فائٹر جیٹ ٹیکنولوجی میں اپنی لیڈر شپ برقرار رکھنا چاہتے ہیں: سربراہ برطانوی فضائیہ

    لندن: برطانوی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اسٹیفن ہیلیئر نے کہا ہے کہ ہم فائٹر جیٹ ٹیکنولوجی میں اپنی لیڈر شپ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے دار الحکومت لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اسٹیفن ہیلیئر کا کہنا تھا کہ ہم مستقبل کے لیے اپنی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، موجودہ جیٹ ٹیکنولوجی میں بھی تبدیلی لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی خواہش ہے کہ جدید جنگی طیارے بنانے کی ٹیکنالوجی میں وہ آئندہ بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی قائدانہ حیثیت کا حامل رہے۔


    ایئرفورس کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں‌ برطانوی ایئرچیف مارشل کی شرکت


    سربراہ برطانوی فضائیہ کا کہنا تھا کہ دیگر ملکوں کے نقشے قدم پر نہیں چل رہے، اپنی فضائیہ کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کا عزم ہے۔

    یورپی ممالک پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یورپین ممالک کو چاہیے کہ وہ جیٹ ٹیکنولوجی پر مزید توجہ دیں، برطانوی فضائیہ کا کوئی سانی نہیں ہے۔


    پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد برطانوی فضائیہ کی شام میں بمباری


    خیال رہے کہ برطانوی ایئر فورس کے سربراہ نے یہ بات ایسے وقت پر کہی ہے کہ جب گزشتہ مہینے ہی جرمنی اور فرانس کی حکومتوں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

    واضح رہے کہ اس معاہدے کے تحت مل کر مستقبل کے جدید ترین جنگی جیٹ تیار کیے جائیں گے، جو دونوں ممالک کی فضائی افواج استعمال کریں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ضربِ عضب: فضائی حملے میں کمانڈر سمیت 21 طالبان ہلاک

    ضربِ عضب: فضائی حملے میں کمانڈر سمیت 21 طالبان ہلاک

    پشاور: خیبرایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے طالبان کے اہم کمانڈر سمیت اکیس دہشت گرد مارے گئے۔

    خیبرایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں طالبان کمانڈر سمیت اکیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    چارسدہ میں تھانہ سروکی کی حدود میں فورسز سے جھڑپ میں دو دہشت گرد مارے گئے فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید اور دو زخمی بھی ہوئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کے دوران بارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

  • اب اپنےآئی فون سے ڈرون کو کنٹرول کریں۔

    اب اپنےآئی فون سے ڈرون کو کنٹرول کریں۔

    ڈرون کو کنٹرول کرنے کے لئےاب ریموٹ کی ضرورت نہیں اپنےآئی فون سے ڈرون کو کنٹرول کریں۔

    ڈرون کا نام سنتے ہی ذہن میں ڈورن حملےکا خیال آتا ہے لیکن ایسا بالکل نہیں ڈرون کو اب آپ اپنے آئی فون سے کنٹرول کرسکتے ہیں، فرانسیسی کمپنی نے تیار کرلیا ایسا ڈرون جسے آئی فون سےکنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

    اڑان طشتری سےمشابہہ ننھےڈرون کوکنٹرول کرنےکےلئےآئی فون میں ایک خاص بٹن لگایا گیا ہےجوڈرون کےلئےریموٹ کا کام کرے گا۔

    اس چھوٹے سے ڈرون میں ویڈیو کیمرہ بھی نصب ہے،یہ ڈرون گیارہ میل فی گھٹہ کی رفتارسے اڑاتا ہےاورپندرہ منٹ تک مسلسل ہوا میں پرواز کرسکتا ہے۔