Tag: JF 17 thunder

  • پیرس ایئر شو میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر کی دھوم مچ گئی

    پیرس ایئر شو میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر کی دھوم مچ گئی

    پیرس ایئر شو میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر کی دھوم مچ گئی، چینی کمپنی کے لڑاکا طیارے اور پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر عوامی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

    پیرس میں گزشتہ ایک صدی سے منعقد ہونے والے دنیا کے مقبول ترین ایئر شو کا آج چوتھا دن ہے، کہا جا رہا ہے کہ بڑی تعداد میں اب تک سودے ہو چکے ہیں، یہ ہوا بازی کی صنعت اور دفاعی ساز و سامان کا دنیا کا سب سے بڑا میلہ مانا جاتا ہے۔

    پیرس ایئر شو میں چینی کمپنی کے لڑاکا طیارے اور پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر عوامی توجہ کا مرکز بنے رہے، شو میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے لڑاکا طیارے نمائش کے لیے موجود ہیں، تاہم پاک چین دوستی کا شاہکار جے ایف 17 تھنڈر عوامی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

    چین کے جے 35 اور جے 10-C اور میزائل ٹیکنالوجی بھی اس نمائش میں موجود ہے، اور چینی کمپنی کے اسٹال پر عوام کی خصوصی دل چسپی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ روئٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے ایئر انڈیا 787 کے حادثے کے بعد نمائش میں موجود بوئنگ (BA.N) نے نئے سودوں کا اعلان نہیں کیا ہے، اس کمپنی کے مندوبین کی جانب سے خاموشی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

    دوسری طرف یورپ کے ایئربس (AIR.PA) کے کامیاب سودوں میں تیزی آ رہی ہے، تاہم انھوں نے بھارت میں پیش آنے والے طیارہ حادثے پر متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔

  • فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر اونچی اڑان کے لیے تیار

    فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر اونچی اڑان کے لیے تیار

    پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈرز دبئی ایئر شو 2023 میں حصہ لینے کے لیے دبئی پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر اونچی اڑان کے لیے تیار ہے، یہ طیارے ایئر شو 2023 میں حصہ لینے کے لیے دبئی پہنچ گئے، دبئی ایئر شو 2023 المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد کیا جا رہا ہے جو 13 سے 17 نومبر تک جاری رہے گا۔

    پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 دبئی ایئر شو میں ایروبیٹکس کا مظاہرہ کریں گے، جب کہ بلاک 3 طیارہ دبئی ایئر شو میں اسٹیٹک ڈسپلے کا حصہ ہوگا، ذرائع کے مطابق پی اے سی کامرہ کے تیار کردہ سپر مشاق طیارے بھی دبئی ایئر شو کا حصہ بنیں گے، چین کی پی ایل اے ایئر فورس کے 7 ملٹی رول جے 10 سی طیارے بھی دبئی ایئر شو کا حصہ ہوں گے۔

    بھارتی ماہر نے اعتراف کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے دعوؤں کے باوجود بھارتی تیجاس ناکام اور پاکستانی تھنڈر کامیاب طیارہ ہے، پاکستان جے ایف سیونٹین تھنڈر کئی ممالک کو برآمد کر چکا ہے، جب کہ بھارتی تیجاس آج بھی ڈیولپمنٹ فیز میں ہے، پاکستان بلاک تھری بھی لانچ کر چکا ہے جب کہ بھارت کا تیجاس ایم کے 1 اے بھی حتمی نہیں۔

    بھارتی ماہر کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک کے لیے جے ایف-17 تھنڈر ایک آئیڈیل طیارہ ہے، پاکستان کی طرف سے جے ایف سیونٹین تھنڈرز کی تیاری کی صلاحیت اس کو برآمدی مارکیٹ میں بہتر مقام دیتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی جے 10 سی طیاروں کا تعلق فرسٹ اگست ایروبیٹکس ٹیم سے ہے، بھارت کی ہندوستان ایروناٹکس کا تیار کردہ تیجاس طیارے بھِی شو میں اسٹیٹک ڈسپلے اور ایریل کارکردگی دکھائیں گے۔

  • پاک فضائیہ کےJF-17 تھنڈر طیارے کی پہلی بار ورچوئل رائل ائیرٹیٹو شو میں شرکت

    پاک فضائیہ کےJF-17 تھنڈر طیارے کی پہلی بار ورچوئل رائل ائیرٹیٹو شو میں شرکت

    لندن : پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر طیارے کی ور چوئل رائل ائیرٹیٹو شومیں شرکت نے وطن عزیز کا نام سر بلند کردیا، اس شو میں شرکت بین ا لاقوامی سطح پر JF-17 تھنڈر کی تشہیر کا باعث بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں منعقد ہونے والے ورچوئل رائل انٹر نیشنل ائیر ٹیٹو شو میں ملکی سطح پر تیار کردہ پاک فضائیہ کا JF-17تھنڈر طیارہ پہلی مرتبہ شریک ہوا، نمبر 16اسکواڈرن کے اس ملٹی رول لڑاکا طیارے کے علاوہ نمبر21 اسکواڈرن کے C-130 ہرکولیس طیارے نے بھی اس یادگار ایونٹ میں شرکت کی۔

    اس سال COVID-19 کی وجہ سے اس ائیر شو میں دنیا بھر کی فضائی افواج کو شرکت کرنے والے طیاروں اور عملے کی مختصر دورانیے کے ویڈیو کلِپ بھجوانے کا کہا گیا تھا۔

    منتظمین کی جانب سے وضع کردہ قواعدو ضوابط کے تحت پاک فضائیہ نے ائیر شو میں شرکت کرنے والے طیاروں کے عملے کے پیغامات کی ویڈیوز ارسال کیں ، جنہیں اس ائیر شو کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

    ایوی ایشن کے دلدادہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان ویڈیوز کو بہت سراہا، اس شو میں شرکت نہ صرف بین ا لاقوامی سطح پر JF-17 تھنڈر کی تشہیر کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان کے مثبت پہلوکو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

    سوشل میڈیا صارفین کی ایک کثیر تعداد ورچوئل فلائنگ ڈسپلے، انٹر ویوز اور جدید طیاروں کی ورطہ حیرت میں ڈالنے والی ائیریل فوٹیجز سے لطف اندوز ہوئی، اس میگا شو میں ہر سال دنیا بھر کی مختلف فضائی افواج، جہاز سازی اور ائیرو سپیس ٹیکنالوجی کی صنعتیں اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوتی ہیں۔

  • پیرس ایئر شو کے اختتامی روز پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کی دھوم

    پیرس ایئر شو کے اختتامی روز پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کی دھوم

    پیرس : آج لا بورجے میں منعقدہ53ویں پیرس ائیر شو کے اختتامی روز ایوی ایشن کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کا اسٹیٹک ڈسپلے اور فضائی مظاہرہ دیکھا۔

    ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے دن کے آغاز میں ہی نمائش کا وسیع و عریض میدان ہر عمر کے پرجوش تماشائیوں سے بھرگیا۔ دیگر جہازوں اور دفاعی سازو سامان کے درمیان رکھا گیا جے ایف17تھنڈر اس شو میں نمایاں حیثیت اختیار کرگیا۔

    پاک فضائیہ کے عملے نے ایوی ایشن کے شائقین کو اس طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں اور اس کے جدید ترین ہتھیاروں کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستان کے اس شاہکار طیارے کو اپنے سامنے دیکھ عوام کی خوشی دیدنی تھی انہوں نے پاک فضائیہ کے عملے کے ساتھ سیلفیز اور تصاویر بھی بنوائیں۔

    اسٹیٹک ڈسپلے کے علاوہ پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار کردہ جے ایف17تھنڈر نے شاندار الوداعی فضائی مظاہرہ پیش کیا۔ پیرس کے آسمانوں میں طیارے کے مسحور کن فضائی مظاہرے سے شائقین بہت محظوظ ہوئے۔ مظاہرے کے بعد طیارے کی لینڈنگ پر شائقین نے تالیاں بجا کراس کی شاندار پرفارمنس پر داد دی۔

    مزید پڑھیں: پیرس ایئر شو میں پاکستانی طیارے جے ایف 17 تھنڈر نے سحرطاری کردیا

    دنیا کے سب سے بڑے ائیر شو میں پاک فضائیہ کے دستے کی شمولیت سے جے ایف 17 تھنڈر کی جدید ترین صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بہترین موقع میسر آیا اور ایوی ایشن کی عالمی منڈی میں ممکنہ خریداروں کو جے ایف 17تھنڈر کی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع بھی فراہم ہوا ہے۔

  • جے ایف17 تھنڈر طیارے  پیرس ائیر شو میں سحر طاری کرنے کے لیے تیار

    جے ایف17 تھنڈر طیارے پیرس ائیر شو میں سحر طاری کرنے کے لیے تیار

    کراچی :  پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر پیرس ائیر شو کے مداحوں پر سحر طاری کرنے کے لئے تیار ہے، یہ ائیر شو فرنچ ائیر و سپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے، جو 17 سے23 جون تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے پیرس ائیر شو کی مشقوں کا آغا ز کر دیا، یہ ائیر شو لا بورج پیرس میں 17 سے23 جون تک منعقد کیا جائے گا۔

    ترجمان پاک فضائیہ نے کہا شو میں جے ایف 17 تھنڈر کی شرکت کو بہت اہمیت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے، شو میں جے ایف 17 تھنڈر کی صلاحیتیوں کو ظاہر کرنے کا موقع ملے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا تین جے ایف 17 تھنڈر طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ پیرس ائیر شو میں شرکت کیلئے دو دن پہلے پیرس پہنچا تھا۔

    یہ ائیر شو فرنچ ائیر و سپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے، جس میں دنیا بھر کے ممالک جدید ٹیکنالوجی سے لیس جہاز نمائش کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

    خیال رہے جے ایف سترہ تھنڈر لڑاکا طیارے پہلی بار 2015ء کے پیرس ائر شو میں پیش کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پاک فضائیہ کا اہم سنگ میل، جے ایف 17 تھنڈر سے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ

    یاد رہے رواں سال مارچ میں پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، ملکی ساختہ میزائل طویل فاصلے تک مارکرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔

    اس سے قبل فروری میں پاکستان فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے جبکہ ایک پائلٹ کوبھی گرفتار کرلیا تھا۔

  • آئیڈیاز: خیال سے تکمیل تک کا سفر

    آئیڈیاز: خیال سے تکمیل تک کا سفر

    پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام ’آئیڈیاز 2018‘ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری ہے، اٹھارہ سال قبل شہر قائد کے اسی ایکسپو سنٹر سے ’آئیڈیاز‘ کے نام سے اک سفر کا آغاز کیا گیا تھا‘ آج یہ نمائش دنیا کی بڑی اور اہم دفاعی نمائشوں میں شمار ہوتی ہے۔ رواں سال منعقد ہونے والی آئیڈیاز 2018 دفاعی تجارت بڑھانے کے سلسلے کی دسویں نمائش ہے۔

    پہلی بار اس نمائش کا انعقاد سن 2000 میں کیا گیا تھا جس کے بعد سے اب تک اس نمائش میں آنے والے شرکاء اور اس کی کامیابی کے    تناسب میں ہر مرتبہ اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ کئی ممالک کے مندوب اس میں شریک ہوتےہیں اور انتہائی اہم نوعیت کے دفاعی معاہدے بھی کیے جاتے ہیں۔

    اس سال نمائش آج 27 نومبر سے شروع ہوکرآئندہ چار روز یعنی 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے ہیں۔ نمائش میں صرف اجازت نامے کے حامل شہری ہی شرکت کرسکیں گے۔

    آئیے نظر ڈالتے ہیں سالہائے گزشتہ میں ہونے والی دفاعی نمائشوں پر

    آئیڈیاز2016


    آئیڈیاز 2016 میں 418 مندوبین نے شرکت کی تھی، نمائش کےنویں سیزن میں 9 نئے ممالک نے اس عظیم الشان دفاعی میلے میں حصہ لیا تھا۔

    نمائش میں کل 428 نمائش کنندگان شریک ہوئے تھے جن میں سے 294 غیر ملکی جبکہ 133مقامی تھے۔ مجموعی طور پر 36 ممالک نے اس نمائش میں حصہ لیا تھا۔

    آئیڈیاز 2016 میں 14 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے، اس سے قبل ہونےوالی آخری نمائش میں دو ایم او یوز پر دستخط کیے گئے تھے،  دو ہال چین کی مصنوعات کے لیے مختص کیے گئےتھے۔

    پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر، کے ایٹ ائیر کرافٹ سمیت فاسٹ اٹیک ائیرکرافٹ کے علاوہ مختلف میزائلز بھی نمائش کا حصہ ہیں۔

    ideas-post-2

    آئیڈیا ز 2014


    آئیڈیاز 2014 دسمبر 1 سے 4 تک جاری رہی، یہ ا س سیریز کی آٹھویں نمائش تھی جس میں پچاس ملکوں سے 88 غیر ملکی دفاعی وفد شریک ہوئے تھے۔

    غیر ملکی وفود میں سے 47 وفود نے اپنے اپنے ممالک کی اعلیٰ ترین دفاعی شخصیات کی سربراہی میں شرکت کی جن میں وزرائے دفاع‘ سیکرٹری دفاع یا سروسز چیف شامل تھے۔

    آئیڈیا 2014 میں کل 333 نمائش کنندہ اپنی مصنوعات کے ہمراہ شامل تھے جن میں سے 256 غیر ملکی اور 77 پاکستانی تھے۔

    نمائش میں پاکستان کی جانب سے پیش کی جانب والے اہم ترین ہتھیاروں میں الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر ایئر کرافٹ، جیٹ ٹرینر ایئر کرافٹ (کے 8) شامل ہیں

    ideas-post-3

    آئیڈیاز 2012


    آئیڈیاز 2012 دو سال کے روایتی وقفے کے بجائے چار سال بعد منعقد کی گئی جو کہ 7 نومبر سے شروع ہوکر 11 نومبر تک جاری رہی ، یہ اس سیریز کی ساتویں نمائش تھی جس میں کل 57 ممالک خریدار اور فروخت کنندہ کی صورت میں موجود تھے۔

    نمائش کا معائنہ کرنے کے لیے پچاس ممالک سے 80 وفد پاکستان تشریف لائے تھے۔ نمائش کا مجموعی طور پر ملکی اور غیر ملکی تیس ہزار سے زائد افراد نے دورہ کیا۔

    ideas-post-9

    غیر ملکی وفود میں سے 24 وفود نے اپنے اپنے ممالک کی اعلیٰ ترین دفاعی شخصیات کی سربراہی میں شرکت کی جن میں وزرائے دفاع‘ سیکرٹری دفاع یا سروسز چیف شامل تھے۔

    آئیڈیا 2012 میں کل 209 نمائش کنندہ اپنی مصنوعات کے ہمراہ شامل تھے جن میں سے 135 غیر ملکی اور74پاکستانی تھے۔

    ideas-post-4

    آئیڈیاز 2010


    پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے سبب آئیڈیا 2010 منسو خ کردی گئی تھی۔

    آئیڈیاز 2008

    آئیڈیاز 2008 کا افتتاح وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کیا‘ یہ اس سیریز کی پانچویں نمائش تھی۔ اس نمائش میں 58 ممالک سے تعلق رکھنے والے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    آئیڈیا 2008 میں کل 256 نمائش کنندہ اپنی مصنوعات کے ہمراہ شامل تھے جن میں سے162 غیر ملکی اور94 پاکستانی تھے۔

    ideas-post-5

    آئیڈیا 2006


    آئیڈیا 2006 کا آغاز 20 نومبر کو ہوا جس میں 74 ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی‘ دفاعی پیدا وار اور تجارت بڑھانےکے سلسلے کی چوتھی نمائش تھی۔

    اس موقع پر ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے سبب سیکیورٹی اعلیٰ ترین انتظامات کیے گئے تھے اور کراچی کی شہری حکومت سے مطالبہ کرکے حسن اسکوائر اور نیشنل اسٹیڈیم پر زیر تعمیر پل اضافی مزدور بھرتی کرکے نمائش سے پہلے مکمل کرائے گئے تاکہ نمائش کے انتظامات میں کسی قسم کا کوئی رخنہ نہ رہے۔

    اس موقع پر میڈیا کی جانب سے ایونٹ کی خصوصی کوریج کی تھی اورآئیڈیا 2006 کے لیے2200 سے زائد آرٹیکلز اور خبریں دنیا بھر میں شائع کی گئی تھیں۔

    ideas-post-6

    آئیڈیاز 2004


    آئیڈیا ز2004 14 ستمبر کو شروع ہوکر 17 ستمبرتک جاری رہی‘ دفاعی مصنوعات کی یہ تیسری نمائش تھی۔

    نمائش کا افتتاح سابق صدر جنرل پرویز مشرف (ر) نے کیا اور اس میں ستر مختلف ممالک کے وفو د نے شرکت کی۔

    اس نمائش سے پاکستان کی دفاعی صنعت میں صلاحیتیں دنیا کے سامنے اجاگر ہوئیں اور پاکستان کے ایشیائی ممالک بالخصوص مشرقِ وسطیٰ اور افریقی ممالک کے ساتھ دفاعی تجارت کی راہ ہموار ہوئی۔

    ideas-post-7

    آئیڈیاز 2002


    آئیڈیاز 2002 دفاعی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے منعقد کی جانے والی اپنی نوعیت کی دوسری نمائش تھی جس میں 30 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔

    اس نمائش کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی ایونٹ قرار دیا گیا تھا جس میں تیس ملکوں سے تعلق رکھنے والے 45 باضابطہ وفود نے شرکت کی۔

    نمائش میں 25 ممالک کی جانب سے کل 110 کمپنیوں نے اپنی تجارتی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کریں۔

    ideas-post-8

    آئیڈیاز 2000


    کراچی کے ایکسپو سنٹر میں ہونے والی پہلی دفاعی نمائش سے پاکستان کی اسلحہ سازی کی صنعت کو فروغ دینے کا آغاز کیا گیا۔

    پہلی بار منعقد ہونے والی اس دفاعی نمائش میں مختلف ممالک سے آئے 45 وفود نے شرکت کی تھی۔

    ideas-post-1

    حکومتِ پاکستان نے اس موقع کی مناسبت سے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا جس کی مالیت 7 روپے تھی۔

    ideas-post-10

  • پولش ائیرشو : پاک فضائیہ کے جے ایف17تھنڈر طیارے نے دھوم مچادی

    پولش ائیرشو : پاک فضائیہ کے جے ایف17تھنڈر طیارے نے دھوم مچادی

    پولینڈ : پاک فضائیہ کے جے ایف17تھنڈر طیارے نے پولینڈ میں جاری پولش ائیر شو میں دھوم مچادی، طیارے نے شاندار فضائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے شہر رڈوم میں ہونے والے ایئر شو میں قومی پرچم کے رنگوں سے مزین فخرپاکستان پاک فضائیہ کے طیارے جے ایف 17تھنڈر نے ملک کا نام روشن کردیا۔

    انٹرنیشنل ایئرشو میں پاک فضائیہ کے جے ایف17تھنڈر طیارے نے شاندار فضائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا، ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے مظاہرے کے دوران ناقابلِ یقین فضائی کرتب دکھائےجس کی حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔

    پولینڈ میں ہونے والے انٹرنیشنل ایئرشو میں ائیر مارشل ارشد ملک، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف بھی موجود تھے، اس موقع پر ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی اس شو میں شمولیت دنیا میں پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

    واضح رہے کہ مذکورہ ایئر شو میں پاکستان سمیت 22 ممالک کے جنگی جہازوں نے شرکت کی، انٹرنیشنل ایئر شو پولینڈ فضائیہ کے سو سال مکمل ہونے پر منعقد کیا گیا ہے۔

  • جے ایف17تھنڈرطیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

    جے ایف17تھنڈرطیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

    کراچی : پاک فضائیہ نے جے ایف سیونٹین سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ کرلیا، طیارے سے میزائل فائر کیا گیا جس نے ٹھیک نشانے پر جا کر ہدف کے پرخچے اڑا دئیے، ایئرچیف سہیل امان نے غیرمعمولی سنگ میل عبورکرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی شاہینوں نے ایک اور بڑا کارنامہ کردکھایا، سونمیانی فائرنگ رینج میں جے ایف سیونٹین سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

    ملکی ساختہ جے ایف 17تھنڈر نے سومیانی فائرنگ رینج پرفضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کو فائر کرکے کم رفتار سے پرواز کرنے والے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف سہیل امان کا کہنا ہے کہ میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل حاصل کرنے کی طاقت عطا فرمائی۔

    جے ایف17تھنڈر طیاروں سے ان جدید ہتھیاروں کاکامیاب مظاہرہ اس طیارے کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظہر ہے، انہوں نے اس مظاہرے کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ اور چین کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سونمیانی میں ایک جدید ویپن ٹیسٹ رینج کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا ہے جہاں مختلف قسم کے ملکی ساختہ اورغیر ملکی ہتھیاروں کے معیار کو جانچا جائے گا۔

    چین کی معاونت سے تیار کردہ اس جدید رینج میں ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو جہاز اور جہاز سے فائر کئے گئے میزائل کی پرواز اور زاویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • دبئی ایئرشو، پاک فضائیہ کا جےایف17تھنڈرطیارہ توجہ کا مرکز

    دبئی ایئرشو، پاک فضائیہ کا جےایف17تھنڈرطیارہ توجہ کا مرکز

    دبئی: ایئرشومیں پاک فضائیہ کا جےایف17تھنڈرطیارہ توجہ کامرکز بن گیا، دبئی ورلڈسینٹرایئرپورٹ پر جےایف17تھنڈرطیارے کی شاندار پر فارمنس پر پُر جوش شائقین نے تالیاں بجا کر داد دی۔

    تفصیلات کے مطابق شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد کی موجودگی میں 16ویں دوبئی ائیر شو کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے اپنی فضائی کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا، جےایف 17تھنڈر نے مسحور کن فضائی مظاہرہ کیا، جس میں غیر معمولی کرتب دکھائے۔

    پاک فضائیہ کے پائلٹ نے اپنی کارکردگی سے تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا، مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو پر جوش شائقین نے تالیاں بجا کر داد دی ۔ فضائی مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایک جےایف 17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا رہا، جس میں خریداروں اور شائقین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

    دلکش اور مہلک لڑاکا طیارے جے ایف 17تھنڈر کے علاوہ جدید ترین تربیتی طیارہ سُپر مشاق بھی پانچ روز جاری رہنے والے اس ائیر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

    ائیر مارشل احمر شہزاد،چیئرمین پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

    پاک فضائیہ ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگی جہازوں میں جے ایف17تھنڈرکوایک نمایاں حیثیت حاصل ہے، پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کی کاوش جے ایف 17 تھنڈر ایک کم قیمت ، بہت طاقتور ، ہمہ جہت ، کم وزن اور جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں ، بمبوں ، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر اور اینٹی شپ میزائل سے لیس جنگی جہاز ہے ۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ جہاز کے اندرڈیجیٹل فلائی بائی وائیر فلا ئٹ کنٹرول سسٹم لگا ہوا ہے جو اسے ہر قسم کے مشن میں فوقیت دلاتا ہے، اس طیارے کی چھوٹے رن وے سے ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت اسے ہر قسم کے فضائی آپریشن میں معاون ثابت ہوتی ہے، جو کہ حال اور مستقبل کی فضائی طاقت کے چیلنجز کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ساختہ سپر مشاق طیارہ جدید آلات اور سہولیات سے لیس ہے جس کی وجہ سے ابتدائی فضائی تربیت کے لئے بہترین خیال کیا جاتا ہے ، سپر مشاق طیارہ جدیدابتدائی فضائی تربیت کی تمام ضروریات کو پورا کرتاہے۔

    پاکستان ائیر وناٹیکل کمپلیکس نے بھی اپنی عالمی معیار کے عین مطابق تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کے سلسلے میں دبئی ائیر شو میں ایک اسٹال لگایا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاک فضائیہ نے جے ایف 17تھنڈر کا پیداواری ہدف حاصل کرلیا

    پاک فضائیہ نے جے ایف 17تھنڈر کا پیداواری ہدف حاصل کرلیا

    اسلام آباد: چین کے تعاون سے تیار کئے گئے جے ایف تھنڈر طیاروں کی پیداوار کا سالانہ ہدف پورا کرلیا گیا، اس سال پاکستان ایروناٹیکل کمپلکس نے سولہواں طیارہ پاک فضائیہ کے حوالے کردیا.

    پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق سالانہ سولہ جے ایف تھنڈر طیارے بنائے جارہے ہیں اور نئے سال سے ایروناٹیکل کمپلکس کی پیداواری گنجائش بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جے ایف تھنڈر سیونٹین چینی ماہرین کی مدد سے پاکستان میں تیار کیا جانے والا کم وزن ملٹی رول طیارہ ہے جو آواز کی رفتار سے دوگنی رفتار سے پچپن ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان اپنی ضروریات کے علاوہ یہ طیارے دیگر ممالک کیلئے بھی بنا رہاہے ۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی قیمت امریکی ایف سولہ طیاروں سے سولہ سے اٹھارہ لاکھ ڈالر کم ہے۔ جے ایف سترہ تھنڈر طیاروں ، پاکستانی ساختہ ٹینکوں اور ڈرون طیاروں کی فروخت سے پاکستان کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔