Tag: jhang

  • کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو بھائی نے گولی مار دی

    کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو بھائی نے گولی مار دی

    جھنگ (03 اگست 2025): پنجاب کے شہر جھنگ کے ایک علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو اس کے بھائی نے گولی مار دی۔

    تفصیلات کے مطابق جھنگ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کی پولیس نے بتایا ہے کہ پسند کی شادی پر بھائی نے اپنی ڈاکٹر بہن کو قتل کر دیا، مقتولہ کچھ روز قبل کرغزستان سے ایم بی بی ایس مکمل کر کے واپس آئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موضع گگڑانہ حولی لعل میں ملزم عمیر مشتاق نے رات کو بہن کو گولی مار کر قتل کیا، معلوم ہوا کہ لیڈی ڈاکٹر نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر حسنین سے نکاح کیا تھا، اس کے نکاح پر اہل خانہ کو رنج تھا اس لیے بھائی قتل کر کے فرار ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جب کہ مفرور ملزم عمیر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔


    بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر ، نئی بحث چھڑ گئی


    یاد رہے کہ یکم اگست کو بھی خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں غیرت کے نام پر ایک بھائی نے بہن کو گولی مار کر قتل کیا تھا، مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی اور حال ہی میں اسے طلاق ہوئی تھی، یہ واقعہ بالا گڑھی میں پیش آیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں غیرت کے نام پر قتل کے ایک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا جب بلوچستان کے دارالحکومت کے نواحی علاقے ڈگاری میں 19 جولائی کو بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کو گولیاں مار دی گئی تھیں اور فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

  • سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا انکشاف

    سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا انکشاف

    جھنگ: پنجاب کے شہر جھنگ میں سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی جھنگ نے سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ایکڑ سے زائد فصل کو تلف کر دیا۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تلف کی گئی فصل میں سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت کی جا رہی تھی، یہ سبزیاں منڈی میں سپلائی کی جانی تھیں۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی پر کاشتکاروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی ہے۔

  • چنیوٹ: دن دیہاڑے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ کا قتل

    چنیوٹ: دن دیہاڑے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ کا قتل

    چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دن دیہاڑے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر وربھو کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق تھانہ لنگرانہ کے علاقہ میں اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کو تلخ کلامی کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، وہ اپنے آبائی گھر چک 237 میں آئے ہوئے تھے کہ رشتہ داروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول اسسٹنٹ کمشنر کا اپنے چچازادبھائیوں سےسیوریج کا تنازعہ چل رہاتھا، عمران جعفر کو مبینہ طور پر ان کے کزن سہیل اور دیگر نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

    پولیس کے مطابق افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ لنگرانہ پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال بھوانہ منتقل کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فائرنگ سےاسسٹنٹ کمشنر جھنگ کےجاں بحق ہونےپر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: گوادر: لاپتہ پائلٹ اجمل قاضی کی لاش مل گئی

    وزیراعلیٰ نے واقعے سے متعلق آئی جی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔

    دوسری جانب چنیوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر عمران جعفر کے قتل پر ڈی پی او جھنگ موقع پرپہنچے، انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال بھوانہ اور جائے وقوع کا جائزہ لیا، ڈی پی او نے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا اور انہیں انصاف فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

  • ٹیچر کے کہنے پر منہ سے آگ لگانے کی پریکٹس : بچہ جھلس گیا، مقدمہ درج

    ٹیچر کے کہنے پر منہ سے آگ لگانے کی پریکٹس : بچہ جھلس گیا، مقدمہ درج

    جھنگ : پنجاب کے ایک اسکول میں طالب علم منہ سے آگ نکالنے کی پریکٹس کرتے ہوئے جھلس گیا، بچے کے باپ کا کہنا ہے کہ اسے ٹیچر نے ایسا کرنے پر مجبور کیا، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جھنگ کے محلہ سلطان والا میں قائم نجی اسکول میں ایک طالب علم کرتب سیکھتے ہوئے بری طرح جھلس گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول میں ہونے والے ٹیبلو شو میں منہ سے آگ نکالنے کی پریکٹس میں طالب علم کا چہرہ جھلسا۔

    اس حوالے سے طالب علم نے بتایاکہ میں نے ٹیچر سے کہا بھی تھا میں ایسے نہیں کرسکتا لیکن زبردستی پریکٹس کروائی گئی، مجھے پریکٹس کیلئے مٹی کے تیل کے بجائے پٹرول دیا گیا، میں نے ٹیچر کی ڈانٹ کے خوف سے منہ میں پٹرول ڈال کر آگ لگائی۔

    اس حوالے سے بچے کے باپ کا کہنا تھا کہ ٹیچر نے اس سلسلے میں نہ تو ہم سے پوچھا اور ہی اس بات کی اجازت لی کہ بچے سے ایسا خطرناک کام کروایا جائے۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب کی ٹیم پرائیویٹ اسکول پہنچ گئ اور اسکول کی رجسٹریشن منسوخی کا لیٹرجاری کردیا۔

    اس حوالے سے سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے پر اسکول مالکان کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علم کے والد کی مدعیت میں اسکول ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم ٹیچر کی گرفتاری کے لیے چھاپےمارے جارہے ہیں۔

  • گھر کا کرایہ : حالات سے تنگ شخص کی بیوی بچوں کر قتل کرکے خود کشی

    گھر کا کرایہ : حالات سے تنگ شخص کی بیوی بچوں کر قتل کرکے خود کشی

    جھنگ : غربت نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، حالات سے تنگ شخص نے پہلے اپنے بیوی بچوں کو جان سے مارا اور پھر خود بھی پھندے سے لٹک گیا۔

    پنجاب کے شہر جھنگ کے علاقے حاصل پور میں قتل اور خودکشی کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے، تنگ دستی سے مجبور شخص نے بیوی اور دو بچوں کرقتل کرکےخودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق ندیم نے پہلے اپنی بیوی اور دو بچوں کا گلا گھونٹ کر ان کو موت کے منہ میں پہنچایا اور پھر خود بھی پنکھے سے لگے پھندے پر جھول گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم غربت اور بے روزگاری کے باعث ایک کمرے کے گھر کا کرایہ دینے کے بھی قابل نہیں تھا، مالک مکان کے بار بار اصرار پر دلبرداشتہ ہوگیا اور انتہائی قدم اٹھا لیا۔

    بیورو چیف ملتان یاسر شیخ کی رپورٹ کے مطابق ندیم نے کئی کام کیے لیکن مالی حالات دن بہ دن  خراب ہوتے جارہے تھے،  اس نے مرنے سے قبل ایک نوٹ لکھا کہ اپنے بیوی بچوں سے بہت پیار کرتا ہوں، ان کی خواہشات سے دھوکا کیا، انہیں بھی ساتھ لے جارہا ہوں۔

  • سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    جھنگ: صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں سگے بھائیوں نے شقی القلبی کا بدترین مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شادی شدہ بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جھنگ میں سگے بھائیوں نے دوسری شادی کرنے والی اپنی بہن شہناز مائی کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا، بھائیوں نے ان کے شوہر اور بیٹے کو بھی اغوا کر لیا ہے۔

    خاتون شہناز مائی انصاف کے لیے لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئی، جہاں جج نے ان کے شوہر اور بچے کی بازیابی کا حکم دے دیا۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون شہناز مائی نے اپنے خاوند اور 2 سالہ بچے کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پہلے خاوند کی وفات کے بعد مرضی سے مظہر عباس سے شادی کی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ 10 روز قبل بھائیوں نے مجھے خاوند اور بیٹے سمیت اغوا کر لیا، بھائیوں نے تشدد کے بعدمیری آنکھوں میں تیزاب بھی ڈال دیا جس سے ایک آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔

    درخواست گزار خاتون کے مطابق تیزاب سے ان کا بیٹا فرمان حیدر بھی جھلس گیا ہے اور وہ زخمی ہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بھائیوں کی قید سے بھاگ کر جھنگ سے لاہور آ گئی ہیں، تاہم شوہر اور بیٹا تاحال بھائیوں کے پاس قید ہیں۔ خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے شوہر اور بیٹے کو بھائیوں کی قید سے بازیاب کرایا جائے۔

    جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ایس ایچ او شورکوٹ اور احمد پور سیال کو خاتون کے شوہر اور بچے کو بازیاب کراتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے جھنگ میں ہزاروں افراد کا انوکھا اقدام

    سانحہ کرائسٹ چرچ، شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے جھنگ میں ہزاروں افراد کا انوکھا اقدام

    جھنگ: سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے جھنگ میں بیس ہزار افراد نے خود کو مسجد النور کے خاکے میں ڈھال لیا.

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ماہ مکمل ہونے پر شہدا کو جھنگ کے شہریوں نے انوکھے انداز میں خراج عقیدت پیش کیا.

    ہزاروں افراد نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے کرائسٹ چرچ کی مسجد النور کے خاکے میں‌ ڈھال کر پیغام دیا کہ مساجد امن کی جگہ ہے اور اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے۔

    دربار سلطان باہو میں بیس ہزار افراد اکٹھے ہوئے، جنھوں نے سفید عمامہ اور سنہری ٹوپیاں پہن رکھی تھیں، ان افراد نے کمال ترتیب کا مظاہر کرتے ہوئے خو دکو نیوزی لینڈ کی النور مسجد کی شکل میں ڈھالا.

    اس موقع پر فضا اللہ اکبر اور دوردو سلام سے فضا گونج اٹھی، ہزاروں افراد نے یک آواز ہو کر دنیا کو بتایا کہ اسلام پرامن مذہب ہے، اس موقع پر شہداء کی تصاویر لگائی گئیں اور ان کے لیے دعا کرائی گئی.

    سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    اس واقعے کے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا اور واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا.

  • جھنگ: شوگرملز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

    جھنگ: شوگرملز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں شوگر ملز مالکان نے کاشت کاروں کو گنے کی فصل کے کروڑوں روپے کے بقایا جات دینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں گنے کے کاشت کاروں کا شوگر ملز کے سامنے دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے۔

    گنے کے کاشت کاردھرنا دیے بیٹھے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے کروڑوں روپے شوگر ملز نے دینے ہیں۔

    شوگرملزمالکان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے کاشت کاروں کو گنے کی فصل کے کروڑوں روپے کے بقایا جات دینے سے انکار کردیا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا تھا کہ پنجاب میں گنے کے کاشت کاروں کو113 ارب روپے ادا کیے جا چکے۔

    پنجاب میں کئی دہائیوں سے شوگرمل مافیا کا راج تھا، عثمان بزدار

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کاشت کاروں کوگزشتہ سالوں کے 99.7 فیصد واجبات بھی ادا کیے ہیں، کاشت کاروں کو بقایا واجبات بھی جلد اداکر دیے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رواں سیزن میں پنجاب میں 133 ارب روپے کا گنا خریدا گیا۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کئی دہائیوں سے شوگر مل مافیا کا راج تھا، گنے کے کاشت کار وں کو کئی کئی سال ادائیگیاں نہیں ہوتی تھیں۔

  • جعلی نوٹ چھاپنے والے پانچ ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے اور اسلحہ برآمد

    جعلی نوٹ چھاپنے والے پانچ ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے اور اسلحہ برآمد

    جھنگ / پشاور : پولیس نے پشاور اور جھنگ سے جعلی نوٹوں کے کاروبار میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے کی کرنسی اور اسلحہ بھی  برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے پشاور میں جعلی نوٹ چھاپنے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر چھ کروڑ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کےمطابق ملزمان پشاور کی ایک فیکٹری میں جعلی کرنسی چھاپ رہے تھے۔ ملزمان کا سترہ کروڑ روپے کی جعلی کرنسی بنانے کا منصوبہ تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کا گینگ نو افراد پر مشتمل ہے، تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ چھ کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب جھنگ کے علاقے احمد پور سیال سے بھی جعلی کرنسی بنانے والے دو ملزمان پکڑے گئے۔

    دونوں ملزمان سجاد اور کیفی اپنے گھر میں جعلی نوٹ تیار کررہے تھے کہ پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر گھیرا ڈال کر ملزمان کو گرفتار کرلیا اور بنائے گئے جعلی نوٹ اور جعلی نوٹ بنانے والا سامان قبضے میں لے لیا۔

    سامان میں ایک عدد پیٹی کٹے ہوئے سفید کاغذ، 2 عدد سیاہی کے کین اور 100 روپے اور 500 روپے کا چھاپے والے شیشے جن سے نوٹ تیار کیے جاتے تھے قبضے میں لے لیے دوران تلاشی ملزم سجاد کے قبضے سے ایک عدد پسٹل 30 بور بھی برآمد ہوا جسے قبضے میں لیکر کر دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او پولیس تھانہ احمد پور سیال ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ملزمان عرصہ دراز سے غریب لوگوں کو ڈبل رقم کرنے کا جھانسہ دیکر لوٹتے رہے ہیں ملزمان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • ہیکرز کے مزید دو شکار، اسکول ٹیچرز کے اکاؤنٹس خالی کر دیے

    چشتیاں/ جھنگ: ہیکرز نے دو مزید شہریوں کے بینک اکاؤنٹس خالی کر دیے، چشتیاں اور جھنگ میں دو سرکاری اسکول ٹیچرز کے اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد رقم نکالی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بینک اکاؤنٹ ہیکرز کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں، پنجاب کے شہروں چشتیاں اور جھنگ کے سرکاری اسکول ٹیچرز محمد یوسف اور رفیق ندیم کے اکاؤنٹ ہیک کر لیے۔

    [bs-quote quote=”ہیکر نے بینک کے ہیلپ لائن نمبر سے کال کر کے پن کوڈ مانگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”رفیق ندیم” author_job=”سرکاری اسکول ٹیچر”][/bs-quote]

    متاثرہ اسکول ٹیچرز رفیق نے بتایا کہ انھیں ہیکرز نے بینک کے ہیلپ لائن نمبر سے کال کر کے پن کوڈ مانگا تھا، کال کرنے والوں کے پاس اکاؤنٹ کی مکمل معلومات تھیں۔

    اسکول ٹیچر کا کہنا تھا کہ ہیکرز نے اے ٹی ایم کوڈ حاصل کر کے اکاؤنٹ سے 4 لاکھ 20 ہزار روپے نکال لیے۔ متاثرہ ٹیچر نے دہائی دی کہ بینک برانچ کا عملہ تعاون نہیں کر رہا، کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔

    چشتیاں کے بزرگ ٹیچر محمد یوسف کے اکاؤنٹ سے ہیکرز نے 2 لاکھ 33 ہزار روپے نکالے، بزرگ استاد نے بیٹی کی شادی کے لیے پیٹ کاٹ کر پیسے جمع کیے تھے۔ دونوں کیسز میں جعل سازوں نے جعلی بینک افسر بن کر کالز کیں اور اکاؤنٹ کی تفصیل اور پن کوڈ مانگا، چشتیاں میں خاتون نے بینک آفیشل بن کر فون کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  اے ٹی ایم استعمال کرنے والے ہوشیار، انیس ہزار سے زائد افراد کا بینک ڈیٹا چوری


    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے 19 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا بینک ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف کیا تھا اور کہا تھا کہ ہیک شدہ کارڈز ڈارک ویب پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔ تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کے ڈیٹا کی چوری سے متعلق ایف آئی اے رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ڈیٹا چوری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    جب کہ گزشتہ روز ہیکرز نے چنیوٹ کے شہری کا بینک اکاؤنٹ ہیک کر کے زندگی بھر کی کمائی لوٹی، عبد اللہ کے اکاؤنٹ سے ہیکر نے پونے 6 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیے۔ جب کہ دو روز قبل ہیکر نے ریٹائرڈ سائنس دان کے اکاؤنٹ سے بھی 30 لاکھ روپے نکال لیے تھے۔