Tag: jhelum

  • جہلم میں زلزلے کے جھٹکے

    جہلم میں زلزلے کے جھٹکے

    جہلم: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر جہلم اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 2.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز شہر سے جنوب کی جانب 9 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی، تاجکستان اور جہلم میں ایک ہی ٹائم پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاجکستان میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل بھی سوات سمیت متعدد بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن میں دیر بالا، وادی نیلم اور گرد و نواح کے علاقے شامل تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 تھی، زلزلے کا مرکز چلاس سے 58 کلو میٹر دور اور گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔

  • میر پور آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی

    میر پور آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی

    مظفر آباد: دو روز قبل کے زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 اور گہرائی 12 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز جہلم سے 6 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ یہ گزشتہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس تھے اور ان کا سلسلہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    حالیہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے کے واقعات سامنے آئے، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں میں زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • جہلم: کنویں کی زہریلی گیس سے 6 افراد جاں بحق

    جہلم: کنویں کی زہریلی گیس سے 6 افراد جاں بحق

    جہلم : صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں کنویں کی زہریلی گیس سے باپ، بیٹے سمیت خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے دھنیالا میں کنویں کی زہریلی گیس سے باپ اور دو بیٹوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق گھر کے قریب کنویں کے اندر پیٹرانجن چلانے کے لیے نوجوان گیا تو واپس نہ آیا، نوجوان کو بچانے کے لیے مزید 5 لوگ بھی کنویں میں گئے لیکن کوئی بھی واپس نہیں آیا۔

    افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد اقبال، محمد سلیمان، حیدر علی، محمد آصف، خالد محمود اور عامر شہزاد شامل ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ریسکیو ٹیم نے تمام لاشوں کو نکال کر ورثا کے حوالے کردیا۔

    جہلم: جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں آگ، 8 مسافر جھلس کر جاں بحق

    یا رہے کہ چار روز قبل جہلم میں مسافر وین میں گیس سلینڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 8 مسافر جھلس کر جاں بحق اور دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

    آگ لگنے کا واقعہ سوہاوہ کے قریب بکڑالہ پل کے مقام پر گجرانوالہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس میں پیش آیا تھا جس میں 3 مسافر معجزانہ طور پرمحفوظ رہے۔

  • پنجاب کے اضلاع پر ان سے لیے جانے والے ٹیکس کے مطابق پیسہ خرچ کیا جائے، فواد چوہدری

    پنجاب کے اضلاع پر ان سے لیے جانے والے ٹیکس کے مطابق پیسہ خرچ کیا جائے، فواد چوہدری

    جہلم: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کے اضلاع پر ان سے لیے جانے والے ٹیکس کے مطابق پیسا خرچ کیا جائے۔

    وزیرِ اطلاعات نے ڈومیلی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں دیتا ہے لیکن اس پر اس حساب سے پیسا نہیں خرچ کیا جا رہا۔

    [bs-quote quote=”میں جب کہتا ہوں کہ ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑنا تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فواد چوہدری” author_job=”وفاقی وزیرِ اطلاعات”][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے کہا کہ اربوں کھربوں کا روپیا جو دس سال میں آیا وہ کہاں گیا، ہمیں یہاں دو اہم چیزیں سوچنی ہیں، اربوں روپے کہاں گئے، اور یہ کہ سرکار کا خزانہ عام آدمی تک پہنچ جائے گا؟

    انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان عام آدمی کی بات کرتے ہیں، ہمیں ایسا نظام بنانا ہے جس میں پیسا عام آدمی کے لیے لگ سکے، ہمارے تعلیمی اداروں میں بچوں کو انگریزی پڑھانے والے استاد موجود نہیں، عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں اور گزشتہ حکمران میٹرو بناتے رہے۔


    یہ بھی پڑھیں:   معافی کے بغیر فواد چوہدری کے سینیٹ میں داخلے پر پابندی ختم


    فواد چوہدری نے کہا ’میں جب کہتا ہوں کہ ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑنا تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے، جب کرپشن کی طرف توجہ دلائی جاتی ہے تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے۔ جب ہم ان سے سوال کرتے ہیں تو یہ سر پر ہاتھ رکھ لیتے ہیں، کہتے ہیں میں پارلیمنٹ نہیں چلنے دے رہا، اگر اس طرح پارلیمنٹ چلائی تو ملک نہیں چلے گا۔‘

    وزیرِ اطلاعات نے کہا ’جہلم اور چکوال کے لوگ پاکستان کی سرحدوں پر پہرا دیتے ہیں، ہم اپنا حق لاہور اور اسلام آباد سے لے کر آئیں گے، چوروں اور ڈاکوؤں سے پاکستان کا پیسا واپس لیں گے، عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کریں گے۔‘

  • چیف جسٹس کی منگلا ڈیم آمد، پاور ہاؤس کا جائزہ لیا

    چیف جسٹس کی منگلا ڈیم آمد، پاور ہاؤس کا جائزہ لیا

    جہلم: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے منگلا ڈیم کا دورہ کر کے وفد کے ہم راہ منگلا پاور ہاؤس کے تمام امور کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے منگلا ڈیم کا دورہ کیا، وفد کے ہم راہ منگلا پاور ہاؤس کے تمام امور کا جائزہ لیا، انھوں نے واپڈا ریسٹ ہاؤس میں مختصر قیام بھی کیا۔

    [bs-quote quote=”چیف جسٹس کو رواں سال منگلا ڈیم میں پانی کی کم آمد سے متعلق بریفنگ دی گئی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    چیف جسٹس کو متعلقہ حکام نے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، انھوں نے منگلا ویو ریزورٹ اور منگلا قلعہ کا بھی دورہ کیا۔

    میاں ثاقب نثار کو دی گئی بریفنگ رواں سال منگلا ڈیم میں پانی کی کم آمد سے متعلق تھی، چیف جسٹس کو بجلی کی پیداوار سے متعلق بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

    چیف جسٹس کو بریفنگ کے موقع پر واپڈا حکام، چیف انجینئر، ریذیڈنٹ انجینئر اور ممبر پاور بھی موجود تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا: چیف جسٹس


    خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان ملک میں پانی کی قلت کے اہم ترین مسئلے پر نہ صرف خود متحرک ہیں بلکہ متعلقہ حکام اور اداروں کو بھی حرکت میں لا رہے ہیں۔

    گزشتہ روز انھوں نے دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔

  • جرمنی سے بیوی کو لاکر قتل کرنے والا شوہرگرفتار

    جرمنی سے بیوی کو لاکر قتل کرنے والا شوہرگرفتار

    جہلم : پولیس نے بیوی کو جرمنی سے جہلم لا کر قتل کرنے والا ملزم گرفتارکرلیا، بیٹے کے بیان پرپولیس نے ملزم شہبازعلی کوحراست میں لیا، ملزم نے گارڈ سے بندو ق لے کر بیوی کو گولی ماری۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرعظمی نامی خاتون اٹھارہ سال سے جرمنی میں مقیم تھیں،انہیں جرمنی کی شہریت بھی ملی ہوئی تھی، دوہفتے قبل شوہر بچوں کے ساتھ انہیں آبائی علاقے جہلم لایا اورمنگل کو وہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگئیں۔

    ملزم نے کہا کہ موت حادثاتی ہے، ڈاکٹرعظمیٰ سیڑھیوں سے گرکر ہلاک ہوئیں، لیکن بعد میں معاملہ کچھ اورنکلا، تفتیش کرنے پرملزم کے بیٹے نے راز سے پردہ اٹھادیا۔

    ملزم شہبازعلی کے بیٹے عمار نے پولیس کو بتایا کہ ان کی فیملی والد کے ایک دوست کے لاء کالج دعوت پر گئے تھے۔ والد نے کالج کے گارڈ سے اس کی بندوق لی اور والدہ پر فائرنگ کردی۔ بیٹے عمار کے بیان کے بعد ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی گولی لگنے کا ثبوت مل گیا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شہباز کوئی کام کاج نہیں کرتا تھا، بیوی سے جوائنٹ اکاؤنٹ ختم کرنے پرجھگڑا ہوا۔

    اہل خانہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نشے کا عادی ہے اور اس سے پہلے بھی یہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا ہے، جرمن سفارت خانے نے ڈاکٹرعظمیٰ کے گھر والوں سے رابطہ کر کے بچوں کے تحفظ اور ہرطرح کی معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • جہلم : انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرعمران خان کی طلبی

    جہلم : انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرعمران خان کی طلبی

    جہلم : انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہلم نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان سے 27 اگست تک وضاحت طلب کرلی اور کہا ہے کہ وہ خود یا پانے وکیل کے ذریعے وضاحت دیں کہ انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جہلم کا دورہ کیوں کیا جب کہ انہیں 23 اگست کو ضابطہ اخلاق سےمتعلق آگاہ کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے جہلم میں ضمنی انتخابات کے باعث عمران خان کو جلسے میں شرکت سے روک دیا تھا.

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی ہو گی۔ ریٹرننگ افسرخورشیدعالم نے ضابطہ اخلاق کی یاد دہانی کیلئے عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا.

    انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقے کا دورہ نہیں کر سکتے۔

     

  • جہلم میں توہین کے الزام میں مجمعے نے فیکٹری کو آگ لگادی

    جہلم میں توہین کے الزام میں مجمعے نے فیکٹری کو آگ لگادی

    جہلم: غصے سے ملغوب مجمعے نے فیکٹری ملازم کی جانب سے مبینہ طورقران پاک کی توہین کے ردعمل میں فیکٹری کو آگ لگادی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سینکڑوں افراد نے مبینہگزشتہ رات ایک چپ بورڈ فیکٹری کے گرد جمع ہوئے اورایک ملازم کی مبینہ غلطی کی سزا کے طور پرپوری فیکٹری کو نظرآتش کردیا۔

    سینئر پولیس افسرعدنان ملک نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہمیں کئی شکایات موصول ہوئیں کہ فیکٹری کے سیکورٹی انچارج احمد طاہرنے مبینہ طور پرقران پاک کے نسخے نذرآتش کئے جس کے جواب میں ہم نے مذکورہ ملازم کو گرفتار کرلیا تاہم آتشزدگی کا واقعہ گرفتاری کے بعد پیش آیا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ احمد طاہرکا تعلق احمدی فرقے سے ہے اور اس کی گرفتاری جلے ہوئے کاغذوں میں سے قرآنی صفحات برآمد کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

    احمدی برادری کے ترجمان سلیم الدین کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ ’’ان کی برادری کے تین افراد کو توہین قران کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثاراحمد خان نے جہلم میں امن و امان کی صورتحال بحال کرنے کے لئے فوج کی تعیناتی کی تجویزدی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جہلم میں جب تک صورتحال قابومیں نہیں آجاتی اس وقت تک جہلم میں فوج تعینات رکھی جائے۔

  • جہلم میں بھی ڈینگی اسپرے سے 45 طالبات بے ہوش

    جہلم میں بھی ڈینگی اسپرے سے 45 طالبات بے ہوش

    جہلم : اٹک کے بعد اب جہلم کے اسکول میں بھی طالبات کی موجودگی میں ڈینگی کا اسپرے کر دیا۔ جس سےپینتالیس طالبات بے ہوش ہو گئیں۔

    ابھی اٹک کے علاقے جنڈ میں ڈینگی اسپرے سے متاثرہ بچیوں کی حالت نہ سنبھلی تھی کہ انتطامی غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔

    ایک بار پھر جہلم کی مقامی انتظامیہ نےگورنمنٹ گرلزہائی اسکول ڈومیلی میں انسدادڈینگی اسپرےکےتمام ضابطوں کوبالائےطاق رکھ دیا۔

    اسکول میں بچوں اور عملے کی موجود گی میں اسپرے کر دیا ۔اسپرے کے نتیجے میں دس طالبات بیہوش اور درجنوں متاثر ہوگئیں ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق طالبات کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • پی اے ٹی کوخیابان سہروردی میں دھرنے کی اجازت مل گئی

    پی اے ٹی کوخیابان سہروردی میں دھرنے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اورانتظامیہ کے درمیان دھرنے کے مقام پر معاملات طے پاگئے

    پی اے ٹی کے رہنما شیخ زاہد فیاض کےمطابق اسلام آباد کی انتظامیہ اور پی اے ٹی میں دھرنے کے مقام پر معاملات طے پاگئے ہیں ۔ پاکستان عوامی تحریک کو خیابان سہروردی پر دھرنے کی اجازت مل گئی، خیابان سہروردی اور آب پارہ چوک قریب قریب ہیں، شیخ زاہد فیاض کا کہنا ہے دونوں دھرنے ایک ہی جگہ ہوں گے، جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ سیونتھ ایونیومیں کی جائے گی ۔