Tag: JI Dharna

  • ہم اشاروں پر نہیں چلتے، اگر اشارے ملتے تو اسمبلی میں ہوتے: حافظ نعیم

    ہم اشاروں پر نہیں چلتے، اگر اشارے ملتے تو اسمبلی میں ہوتے: حافظ نعیم

    راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اشاروں والے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں کوئی اشارہ نہیں ملا ہے، ہم اشاروں پر نہیں چلتے اگر اشارے ملتے تو ہم اسمبلی میں ہوتے۔‘‘

    آج جمعرات کو پریس کانفرنس میں حافظ نعیم نے کہا کہ جن کو اشارے ملے ہیں وہ فارم 47 والے ہیں، ہم وہ نہیں جنھیں اشارے ملتے ہیں۔ چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ ’’اس جماعت کو اشارہ کہیں سے مل گیا ہوگا، اسی لیے دھرنے پر بیٹھ گئے، ویسے بھی وہ جماعت اشاروں پر دھرنے کرتی ہے۔‘‘

    راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا ’’حق دو عوام کو‘‘ اب چودھویں روز میں داخل ہو گیا ہے، دھرنے کی قیادت کرنے والے حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، اب تک 4 مذاکرات ہو چکے ہیں اور آج پانچویں بار حکومت سے مذاکرات کریں گے۔ انھوں نے کہا ’’یہ پارٹی کا ایجنڈا نہیں ہے، ہم صرف عوامی مطالبات لے کر آئے ہیں، ابھی تک تو مذاکرات چل رہے ہیں تاہم پوائنٹ آف نو ریٹرن تک نہیں پہنچے ہیں۔‘‘

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج مارچ اور عظیم الشان جلسہ بھی کیا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محاذ آرائی نہیں چاہتے، پرامن مارچ کریں گے، یہ جماعت اسلامی ہے، ہم مارچ کریں گے اور جلسہ عام بھی کریں گے۔

    انھوں نے مطالبہ دہرایا ’’آئی پی پیز نے تباہی مچائی ہوئی ہے، آئی پی پیز کے مسئلے کا سو فی صد حل چاہیے، تنخواہ دار طبقہ پریشان ہے تنخواہ کی حیثیت ختم ہو گئی ہے، ان پر ٹیکس ختم کیا جائے۔‘‘

  • گورنر سندھ نے مظاہرین کو پکوڑے کھلانے کا وعدہ پورا کردیا

    گورنر سندھ نے مظاہرین کو پکوڑے کھلانے کا وعدہ پورا کردیا

    کراچی : مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا جاری ہے، گورنر سندھ نے بارش میں پکوڑے کھلانے کا وعدہ پورا کردیا۔

    جماعت اسلامی کے کارکنوں نے گورنر ہاؤس کے داخلی دروازے پر لگے فریادی کا گھنٹہ بجا کر شکایت لگائی تھی کہ گورنر صاحب آپ نے بارش میں پکوڑے کھلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک پکوڑے نہیں آئے۔

    جس پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی دھرنے میں موجود گھنٹہ بجانے والے کی فریاد سن لی، انہوں نےجماعت اسلامی دھرنا مظاہرین کیلئے سموسوں اور پکوڑوں کا انتظام کردیا، دھرنا مظاہرین کیلئے گورنر ہاؤس کے گیٹ کے باہر تازہ پکوڑے اور سموسے تیار کرنا شروع کردیے گئے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ جس کو بھی پکوڑے اور سموسے کھانے ہیں جائے اور کھالے، وہ بھائی جس نے بیل بجا کر فریاد کی تھی اس کیلئے بھی پکوڑوں کا پورا تھال حاضر ہے۔

    گورنر سندھ کی حافظ نعیم الرحمان کو ملاقات کی دعوت

    علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حافظ نعیم الرحمان کو ملاقات کی دعوت دے دی، پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کو مناظرے اور بات چیت کی دعوت دیتا ہوں، مسائل کا حل دھرنوں سے نہیں بیٹھ کر بات چیت سے ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم نے ان مسائل پر اتنی آواز نہیں اٹھائی ہوگی جتنی میں نے بطور گورنر اٹھائی، چاہتا تو دھرنے پر یا گورنر ہاؤس میں چپ کرکے بیٹھ جاتا لیکن میں نے آواز اٹھائی۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ حافظ نعیم ایک بار آئیں، میرےساتھ بیٹھیں، میرے پاس مسائل کا حل ہے، مسائل کے حل کے لئے جہاں بلائیں گے میں آجاؤں گا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آپ کے لوگ چاہیں تو انہیں موٹرسائیکل اور لیپ ٹاپ دینے کو تیار ہوں، آئی پی پیز مسئلہ کے حل کے لئے حکومت کام جاری رکھے ہوئے ہے۔