Tag: Jinnah Express

  • جناح ایکسپریس حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے بھائی نے ریلوے حکام کی رپورٹ مسترد کردی

    جناح ایکسپریس حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے بھائی نے ریلوے حکام کی رپورٹ مسترد کردی

    حیدرآباد: جناح ایکسپریس حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے بھائی کامران شاہ کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے حادثے کا سارا ملبہ ٹرین ڈرائیوروں پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ ڈرائیور نعمان شاہ کے بھائی کامران شاہ نے حادثے کے بارے میں ریلوے حکام کی ابتدائی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جھوٹ پر مبنی رپورٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے حکام نے اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے حادثے کا سارا ملبہ ٹرین ڈرائیوروں پر ڈالنے کی کوشش کی ہے، اس سے حادثات کو روکنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

    کامران شاہ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ریلوے کے نظام، ٹرینوں کی حالت کو بہتر بنائے اسی سے حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 20 جون کو حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی تھی۔

    حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    حیدرآباد میں پیش آنے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور، اسسٹنٹ کی غفلت سے پیش آیا۔

  • کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    ٍکراچی : حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ریلوے سٹیشن کے قریب ایک ہی ٹریک پر چلنے والی دو ریل گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ٹرینوں کو حادثہ حیدرآباد کے مکی شاہ تھانے کی حدود خاصخیلی گوٹھ میں پیش آیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ بھی شامل ہیں، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    حادثے کے بعد ٹرین کے انجن میں آگ لگ گئی جناح ایکسپریس کا انجن مکمل تباہ ہوگیا ،جبکہ ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کا شکار مال گاڑی کی دو بوگیاں مکمل اور ایک جزوی طور پر تباہ ہوئی۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لے کر متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ہدایت کی کہ چیف ایگزیکٹو ریلوے فوری طور پر جائے وقوعہ پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی مسافر کےحادثے میں جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم  ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے،ایک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

    پولیس اور رینجرز نےجائے حادثہ کی سیکیورٹی سنبھال لی، میونسپل کمشنر اور میئرحیدرآباد بھی جائےحادثہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے، ٹریک بحالی میں بارہ گھنٹے لگیں گے۔

    یاد رہے کہ وزیرریلوے شیخ رشید نے کچھ عرصہ قبل ہی جناح ایکسپریس کا افتتاح کیاتھا، افتتاح کے بعد سےجناح ایکسپریس کو اب تک چار حادثات پیش آچکے ہیں۔

    منگل کو بھی ہڑپہ میں جناح ایکسپریس کی ڈائنگ کار میں آگ لگی تھی، ٹرین کی کراچی بن قاسم اور پڈعیدن میں بھی دو بار بوگیاں جلیں، اس حوالے سے ریلوےذرائع کا کہنا ہے کہ20گریڈ کی سی او پی ایس، سی سی ایم پوسٹ پر19گریڈ کےافسران تعینات ہیں، دونوں عہدوں کے افسران ریلوے آپریشن کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ناتجربہ کارافسران کی وجہ سےریلوے آپریشن کئی عرصے بری طرح متاثر ہے، چند ماہ میں متعدد گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کےواقعات رونما ہوچکے ہیں۔

  • نوازشریف اور زرداری کی کرپشن کا سارا بوجھ عمران خان پر آگیا، شیخ رشید

    نوازشریف اور زرداری کی کرپشن کا سارا بوجھ عمران خان پر آگیا، شیخ رشید

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کی کرپشن کا سارا بوجھ عمران خان پر آگیا ہے، ریلوے کو ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جناح ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں وزیر اعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ جناح ایکسپریس نان اسٹاپ ٹرین ہے، یہ 15گھنٹے میں لاہور سے کراچی پہنچے گی، اس ٹرین میں وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے، جناح ایکسپریس ٹرین کو ہم نے قائداعظم کے نام سے شروع کیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال میں40ٹرینوں کا ٹارگٹ پورا کریں گے، مال گاڑیوں کی تعداد14کردی گئی ہے، غریب کی سواری کو عزت دینے پر وزیراعظم کا مشکور ہوں، ایک ماہ کے اندرسرسید ٹرین شروع کرنے والے ہیں، ریلوے کو ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے، قبضہ مافیا سے ریلوے کی زمین واگزار کرائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف نے ملک کو بری طرح لوٹا ہے، لوٹ مارکی وجہ سے سارا بوجھ عمران خان پر آگیا ہے، حکمران کرپشن سے پاک ہو تو اللہ بھی مدد کو آتا ہے۔

    سابق وزیر ریلوے سعد رفیق اور نون لیگ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں ریلوے کے نام پر ذاتی مفادات کیلئے رقم خرچ کی گئی،85،85کروڑ کے انجن خریدے گئے، ماضی کی حکومتوں نے باتیں بہت اور کام کم کیا ہے۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے غریب کی سواری ہے جسے اور بہتر کررہے ہیں،200کوچز ٹھیک کر کے24نئی ٹرینیں چلائی ہیں،300انجنز میں ٹریکنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے،75سالہ افراد کو ایک ماہ 2،2ٹکٹ مفت دیے جارہے ہیں، ایم ایل ون ٹرین آنے سے لاہور سے کراچی کا سفر6سے8گھنٹے ہوجائے گا۔

  • لاہور سے کراچی چلنے والی جناح ایکسپریس کے کرائے میں کمی

    لاہور سے کراچی چلنے والی جناح ایکسپریس کے کرائے میں کمی

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی جناح ایکسپریس کا کرایہ ساڑھے 6 ہزار روپے سے کم کر کے 4 ہزار 900 روپے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی جناح ایکسپریس کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا، لاہور سے کراچی کا کرایہ ساڑھے 6 ہزار کے بجائے 4 ہزار 900 روپے ہوگا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق جناح ایکسپریس کے کرایوں میں کمی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے چند روز قبل جناح ایکسپریس کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جناح ایکسپریس لاہور سے 30 مارچ کو چلے گی، وزیر اعظم عمران خان ٹرین کا افتتاح کریں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔ 7 کروڑ سے حیدر آباد میں اسٹیشن بنانے جا رہے ہیں، ایسے حکمران برسر اقتدار آئے جنہوں نے شہر کے ساتھ ظلم کیا۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ جو ٹریک ٹھیک نہیں وہ پہلے ٹھیک کریں گے، ہم اسٹینڈرڈ ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں، ریلوے میں جو بھی نیا ٹریک بچھائیں گے وہ اسٹینڈرڈ ٹریک ہوگا۔