Tag: Jinnah Hospital karachi

  • کراچی : این آئی سی ایچ، بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی

    کراچی : این آئی سی ایچ، بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی

    کراچی :کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال این آئی سی ایچ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، امدادی ٹیموں نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بچوں کے اسپتال این آئی سی ایچ میں آگ لگ گئی، عمارت کی چوتھی منزل پر لگی ہے، آگ کا دھواں پانچویں منزل تک پہنچ گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زیرعلاج بچوں کو مذکورہ وارڈز سے نکال کر دیگر وارڈوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، آگ لگنے سے کچھ سامان جلا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے عملے کی کوششوں کے بعد این آئی سی ایچ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

  • جناح اسپتال کراچی میں سہولیات ناپید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے نفی کردی

    جناح اسپتال کراچی میں سہولیات ناپید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے نفی کردی

    کراچی : جناح اسپتال کہنے کو تو شہر قائد کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال ہے لیکن ارباب اختیار کی عدم توجہی اور مجرمانہ غفلت کے باعث یہاں آنے والے مریض بے شمار سہولیات سے محروم ہیں۔

    سرکاری اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے فقدان کے سبب اسپتال میں زیرعلاج مریض بھی انتہائی ضروری ادویات بھی بازار سے خرید کر لانے پر مجبور ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انور خان کی رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی وارڈ میں ادویات کی کئی ماہ سے قلت ہے جب کہ ایمرجنسی میں آکسیجن پورٹس ٹوٹ چکے ہیں اور ای سی جی مشین بھی دستیاب نہیں حالانکہ ان مشینوں کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے ہر سال فنڈز مہیا کیے جاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 12 سے 13 ارب روپے فنڈذ ملنے کے باوجود اسپتال کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، مریض اور ان کے لواحقین ادویات کے حصول کیلئے در بدر ہوجاتے ہیں۔

    جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں مریض آتے ہیں لیکن 100 مریضوں پر ایک بھی نرسنگ اسٹاف نہیں ہے۔

    اسپتال کی سابقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرحومہ سیمی جمالی کے دور میں اسپتال کے انتظامی معاملات کسی حد تک بہتر تھے لیکن اب ان معاملات کو سنبھالنے کیلئے کوئی خاص پیشرفت نہیں کی جارہی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ ہمیں جو بجٹ ملتا ہے وہ 1100بیڈز کے مطابق ملتا ہے لیکن اس وقت بیڈز کی تعداد 2200تک پہنچ چکی ہے۔

    ادویات کی قلت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کوئی دوا باہر سے نہیں منگوائی جاتی اور آلات کی قلت کی بات کی جائے تو اس قسم کی کوئی صورتحال نہیں ہے تمام مطلوبہ آلات موجود اور درست حالت میں ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اسپتال کا بجٹ بڑھانے کے لیے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دلایا ہے کہ اس سال اسپتال کا بجٹ بڑھایا جائے گا۔

  • آنکھوں‌ اور دماغ کے قریب سے گزرنے والی تیز دھار چھری کیسے نکالی گئی؟

    آنکھوں‌ اور دماغ کے قریب سے گزرنے والی تیز دھار چھری کیسے نکالی گئی؟

    کراچی: شہر قائد کے بڑے سرکاری اسپتال جناح میں ایک انتہائی حساس آپریشن کے ذریعے ایک نوجوان کی آنکھ اور دماغ کے قریب سے چہرے کے اندر گھسنے والی چھری کو کامیابی سے نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک جھگڑے کے دوران 32 سالہ نوجوان کی بائیں کن پٹی پر آنکھ کے بالکل قریب بھنوئیں میں چھری چہرے کے اندر تک گھس گئی، جسے فوری طور شہید بے نظیر انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما سینٹر لایا گیا، تاہم کیس کی حساس نوعیت کو دیکھ کر زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    جناح اسپتال کے سرجنوں نے یہ حساس آپریشن کر کے بڑا کارنامہ انجام دیا، تیز دھار چھری کا لمبا پَل آنکھوں‌ اور دماغ کے قریب سے گزر کر اندر جبڑے تک اتر گیا تھا۔

    جناح اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر اجمل خان یوسفزئی نے بتایا کہ یہ آپریشن ساڑھے چار گھنٹے جاری رہا، اور آپریشن میں 3 ڈاکٹروں اور 3 نرسوں نے حصہ لیا۔

    ترجمان کے مطابق 32 سالہ مریض کا کامیاب آپریشن کر کے انھیں اب آنکھوں کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق نجی اسپتالوں میں اس طرح کے آپریشن پر لاکھوں روپے کے اخراجات آتے ہیں، جسے جناح اسپتال میں مفت انجام دیا گیا ہے۔

  • جناح اسپتال واقعہ: ڈاکٹرز کا بڑا مطالبہ مان لیا گیا

    جناح اسپتال واقعہ: ڈاکٹرز کا بڑا مطالبہ مان لیا گیا

    کراچی: جناح اسپتال انتظامیہ اور احتجاجی ڈاکٹرز کے درمیان بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ رات تشدد کے خلاف ڈاکٹروں نے او پی ڈی کے بائیکاٹ کر رکھا تھا، اور وہ او پی ڈیز کا بائیکاٹ کئے نجم الدین آڈیٹوریم کے سامنے سراپا احتجاج تھے، ڈاکٹرز کا مطالبہ تھا کہ فول پروف سیکیورٹی فراہم کرتے تک او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

    بعد ازاں ڈائریکٹر جناح اسپتال شاہد رسول نے احتجاجی ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا، جس پر انہوں نے بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا، کامیاب مذاکرات کے بعد جناح اسپتال میں او پی ڈی سروس بحال کردی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی : جناح اسپتال میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج

    دوسری جانب جناح اسپتال کے وارڈ نمبر3میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ اسپتال کے چیف سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے جناح اسپتال میں برقع پوش حملہ آور نے پیپر کٹر کے وار سے 2 ڈاکٹروں کو زخمی کردیا تھا، واقعہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں پیش آیا ، جہاں برقع پوش حملہ آور چھری کے وار سے ایک لیڈی ڈاکٹر کو زخمی کرنا چاہتا تھا مگر قریب موجود دو ڈاکٹرز نے لیڈی ڈاکٹر کو بچایا۔

  • کراچی : جناح اسپتال میں  ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج

    کراچی : جناح اسپتال میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج

    کراچی : جناح اسپتال میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال کے وارڈ نمبر3میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ اسپتال کے چیف سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    صدرپولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

    گذشتہ روز کراچی کے جناح اسپتال میں برقع پوش حملہ آور نے پیپر کٹر کے وار سے 2 ڈاکٹروں کو زخمی کر دیا تھا۔

    واقعہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں پیش آیا ، جہاں برقع پوش حملہ آور چھری کے وار سے ایک لیڈی ڈاکٹر کو زخمی کرنا چاہتا تھا مگر قریب موجود دو ڈاکٹرز نے لیڈی ڈاکٹر کو بچالیا۔

    جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دونوں زخمی ڈاکٹرز کی حالت خطرے سے باہر ہے، حملہ کرنے والے شہری کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    یاد رہے گزشتہ سال بوٹ بیسن تھانے کے علاقے گلشن سکندرآباد چوکی کے قریب برقعہ پوش نامعلوم ملزم نے حملہ کر کے تیز دھار آلے کے وار سے جیکسن تھانے میں تعینات پولیس کانسٹیبل 23 سالہ سہیل خان ولد ندیم کو قتل جب کہ سٹی کورٹ تھانے میں تعینات پولیس اہلکار شبہاز کو زخمی کر دیا تھا۔

  • جناح اسپتال کا مردہ خانہ موٹر سائیکل سروس سینٹر میں تبدیل

    جناح اسپتال کا مردہ خانہ موٹر سائیکل سروس سینٹر میں تبدیل

    کراچی : شہر قائد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں موٹرسائیکلوں کی دھلائی کا کام شروع کردیا گیا، کوئی ایم ایل او وقت پر پہنچے یا نا پہنچے، مورچری کے اندر موٹر سائیکلوں کی دھلائی وقت پر ہوتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی ٹیم ایک مقامی شہری کی اطلاع پر جناح اسپتال کے مردہ خانہ پر پہنچی تو وہ دیکھنےھ میں بھوت بنگلہ کا منظر پیش کر رہا تھا۔

    مردہ خانے کا دروازہ لاوارث لاش کی طرح کھلا ہوا تھا اور وہاں نہ کوئی ڈیوٹی افسر نہ کوئی ذمہ دار موجود تھا، وہاں صرف ایک ملازم موجود تھا۔

    ایم ایل او کے کمرے کا دروزا کھلا ہونے کے علاوہ نلکے سے پانی بھی گررہا تھا، مذکورہ ملازم دنیا ومافیہا سے بے خبر اپنی موٹر سائیکل کی سروس کرتا رہا۔

    قمیض اتارے ہوئے ملازم نے اندر جاتے ہوئے رپورٹر سے کوئی سوال بھی نہیں کیا بلکہ موبائل فون سے ویڈیو بنانے پر بھی ملازم ٹس سے مس نہ ہوا۔

    اے آر وائی ٹیم کی موجودگی کے دوران ایک بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مورچری لائی گئی، ملازم نے جلدی سے اپنی قمیض پہننی اور خود کو مصروف ظاہر کرنے لگا۔

    موٹر سائیکل سروس کولڈ اسٹوریج کے دروازے پر کی جارہی تھی، ملازم کے مطابق کولڈ اسٹوریج تقریباً 4 سال سے استعمال میں نہیں ہے، موٹر سائیکل پر پرائیویٹ نمبر کو  ہرا نمبر کرکے اسے سرکاری موٹر سائیکل ظاہر کیا گیا تھا۔

  • کراچی: جناح اسپتال سے نومولود بچی اغواء کرنے والی دوخواتین گرفتار

    کراچی: جناح اسپتال سے نومولود بچی اغواء کرنے والی دوخواتین گرفتار

    کراچی : پولیس نے جناح اسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچی کے اغواء میں ملوث دو خواتین کو گرفتا ر کرکے بچی کو بازیاب کرالیا، ملزمہ کے مطابق وہ آٹھ سال سے بے اولاد ہے۔

    پولیس ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں نومولود بچی کا باپ اسے سامنے بیڈ پر موجود ناہید نامی خاتون کے حوالے کرکے کسی کام سے بلڈ بینک چلا گیا تھا۔

    موقع پاکر ناہید بچی کو لے کر فرار ہوگئی، کافی دیر ڈھونڈنے کے باوجود نہ ملنے پر باپ نے ون فائیو کو اطلاع دی۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ ناہید اور اس کی ساتھی آمنہ کو حراست میں لے کر مغوی بچی کو بازیاب کرالیا، بچی کی آج صبح پیدائش ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اغواء میں ملوث خاتون ناہید کی آٹھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور تاحال اس کی کوئی اولاد نہیں ہے، بازیاب ہونے والی بچی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : کراچی: قطراسپتال سے نومولود بچی اغوا، ایک گھنٹے میں بازیاب


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • ہائی الرٹ کے باوجود جناح اسپتال کی پولیس چوکی پرخانہ بدوش قابض

    ہائی الرٹ کے باوجود جناح اسپتال کی پولیس چوکی پرخانہ بدوش قابض

    کراچی : جناح اسپتال کی پولیس چوکی پر خانہ بدوشوں نے ڈیرے ڈال لئے، پولیس اور انتظامیہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں وزیراعلٰی تو تبدیل ہوگیا لیکن پولیس نہ بدل سکی، کوئٹہ کے سول اسپتال میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد کراچی میں پولیس کو ہائی الرٹ کرنے کے باوجود کراچی کے سب سے بڑے اسپتال کی سیکورٹی ناقص ہی رہی۔


    شہر کے سب سے اہم جناح اسپتال کے مرکزی دروازے پر قائم پولیس چوکی پرتعینات اہلکار کافی عرصے سے غائب ہیں، جس کے باعث پولیس چوکی پرخانہ بدوشوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، یہ افراد باری باری اپنی نیند پوری کرتے ہیں۔

    موجودہ صورتحال نے اسپتال کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور خدا نخواستہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ جناح اسپتال میں دو ہزار دس میں بم دھماکے اور دو ہزار بارہ میں رکشہ سواروں کی فائرنگ سے کئی افراد ہلاک اورزخمی ہوچکے ہیں۔ پولیس حکام نے چوکی تو بنادی لیکن اہلکاروں کی خیرخبررکھنا بھول گئے۔

     

  • جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرزکااحتجاج،مریض پریشان

    جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرزکااحتجاج،مریض پریشان

    کراچی : جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نےتنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج کیا۔ اس دوران مریضوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے گزشتہ آٹھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج کیا۔

    اس دوران جناح اسپتال کی او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز بند رہے جس کے باعث آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    چئیر مین ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ ہوگئے، تاحال چھ سو ڈاکٹرز کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ صرف دو ماہ کی تنخواہیں ملی ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ تنخواہیں پنجاب اور کے پی کے کے برابر کی جائیں۔

    ڈی ایس پی صدراور چئیر مین ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن کے در میان مذا کرات جاری ہیں ۔ ڈاکٹرز کاکہنا ہے کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔

  • ڈاکٹرعاصم کو جناح اسپتال کے خصوصی کمرہ میں متقل کردیا گیا

    ڈاکٹرعاصم کو جناح اسپتال کے خصوصی کمرہ میں متقل کردیا گیا

    کراچی : نیب حکام نے عدالت کے حکم پرڈاکٹرعاصم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار ڈاکٹر عاصم کو علاج کے لئے نیب کی تحویل سے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

    جناح اسپتال میں ڈاکٹر عاصم کے مختلف ٹیسٹ کئے جائیں گے جہاں ڈاکٹروں کی میڈیکل ٹیم بھی ان کا معائنہ کرے گی، ڈاکٹرعاصم کیلئے جناح اسپتال میں خصوصی کمرہ تیار کیا گیا ہے۔ جہاں پرآسائش اشیاء مہیا کی گئی ہیں۔

    اکٹر عاصم حسین کو جناح اسپتال کے آفیسرز وارڈ میں تیار کئے گئے وی آئی پی روم میں منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو رینجرز اور پولیس کی سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی نفسیاتی رپورٹ پر انہیں اسپتال میں داخل کرانے کے احکامات صادر کئے تھے رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی انتشار اعصابی دباؤ کا شکار ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب وہ تمام سامان جو ڈاکٹر عاصم کے اسپیشل کمرے میں لگایا گیا تھا وہ نکال دیا گیا ہے، جس میں فرج ٹی وی اور دیگر سامان شامل ہے۔

    مذکورہ سامان ضیاءالدین اسپتال کا عملہ ان کیلئے لے کر آیاتھا، ،تاہم اب وہ سارا سامان واپس بھجوا دیا گیا ہے۔