Tag: Jinnah House attack case

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : پی ٹی آئی کارکنان کے ریمانڈ میں توسیع

    جناح ہاؤس حملہ کیس : پی ٹی آئی کارکنان کے ریمانڈ میں توسیع

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عدالت نے 25 پی ٹی آئی کارکنان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت کی۔

    اس موقع پر25 پی ٹی آئی کارکنان کو بحثیت ملزمان جوڈیشل ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ میں کی مقدمے میں ملوث ہیں، استدعا کی کہ ملزمان کیخلاف مقدمے کا چالان تیاری کے مرحلہ میں ہے مزید مہلت دی جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سن کر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کا حکم دیتے ہوئے اگلی سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : علیمہ خان کی عبوری ضمانت منظور

    جناح ہاؤس حملہ کیس : علیمہ خان کی عبوری ضمانت منظور

    لاہور : انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے علیمہ خان کو ایک لاکھ روپے کے مچلکہ داخل کرانے کا حکم دے دیا۔

    قبل ازیں سماعت کے دوران علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے میری مؤکلہ کو غیرقانونی طور پر مقدمہ میں ملوث کیا ہے، ان کا جناح ہاؤس میں موجودگی سے کوئی جرم ثابت نہیں ہوتا۔

    وکیل کے مطابق علیمہ خان نے لوگوں کو جناح ہاؤس کے اندر جانے سے روکا تھا، میری مؤکلہ مقدمے کی تفتیش میں شامل ہونا چاہتی ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا ضمانت پر منظور کی جائے۔

    عدالت نے علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

    یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان نے تھانہ سرور روڈ میں جناح ہاؤس پر حملہ کے مقدمے کے سلسلے میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

    علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کی رہائی کیلئے دائر کی گئی درخواست پر سماعت نہیں ہوسکی جبکہ عدالت کی جانب سے مزید کارروائی بھی غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔

  • ڈاکٹر یاسمین راشد جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری

    ڈاکٹر یاسمین راشد جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت میں پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے استدعا کی۔

    پولیس کی درخواست پر  تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے طلب کیا گیا تھا، عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ملزمان کے بیانات کی روشنی میں مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پولیس نے یاسمین راشد کو تھانہ سرور روڈ مقدمے میں نامزد کیا تھا۔

    عدالت کا تحریری فیصلہ جاری

    ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج کرنے کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا گیا، فیصلے کے مطابق پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کوجسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا۔

    پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ان سے موبائل فون برآمد کرنا ہے اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کروانا ہے، فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اس مقدمہ میں نامزد نہیں ہیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کو شریک ملزم کے بیان کی بنیاد پر بلایا گیا ہے، کوئی ایسا ٹھوس ثبوت نہیں پیش کیا گیا کہ جس سے ثابت ہو کہ وہ اس جرم میں ملوث ہیں۔

    عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹریاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، اگر وہ کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہ ہوں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں انسداد دہشت گری عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست 30مئی کوسماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ عدالت نے یاسمین راشد کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، یاسمین راشد کے خلاف دہشت گری سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : 13خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    جناح ہاؤس حملہ کیس : 13خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملہ کے89 ملزمان کا 07روزہ اور 13خواتین کا5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل کے روبرو نو مئی کو جناح ہاؤس اور جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت کو بتایا گیا کہ 89 مرد اور 13خواتین کی شناخت پریڈ میں شناخت ہو چکی ہے جبکہ 24 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

    ،حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے محرکات جاننے کے لیے ملزمان کا14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے،عدالت نے 89 مرد ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ دس جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت گرفتار خواتین نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے پولیس کے سپرد نہ کیا جائے کیونکہ وہ بہت زیادہ خوفزدہ ہیں، جیل میں یہ ٹیسٹ کروالیا جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ پریشان نہ ہوں آپ جیل میں ہی رہیں گی، بعد ازاں عدالت نے تمام خواتین کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ طلوع آفتاب سے غروب تک خواتین تفتیش کے لیے پولیس کسٹڈی میں رہیں گی۔

    تاہم غروب آفتاب سے طلوع آفتاب تک جوڈیشل کسٹڈی میں جیل میں رہیں گی۔ عدالت نے تمام گرفتار خواتین کو آٹھ جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے شناخت نہ ہونے والے 24افراد کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم بھی دیا۔