Tag: Jinnah Sindh Medical University

  • جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کانووکیشن، پہلی بار ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے طلبہ کو ڈگریاں عطا

    جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کانووکیشن، پہلی بار ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے طلبہ کو ڈگریاں عطا

    کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے اپنے چھٹے کانووکیشن میں تعلیمی سال 2023-2024 کے دوران بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز سے 505 فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں عطا کیں۔

    اس سال یونیورسٹی نے پہلی بار ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے فارغ التحصیل طلبہ کو بھی ڈگریاں عطا کی گئیں، کانووکیشن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی، بی ایس این، بی بی اے (آنرز)، بی بی اے ایچ سی ایم، اور بی ایس پبلک ہیلتھ پروگرامز کے ساتھ ساتھ ماسٹرز پروگرامز، جن میں ماسٹر آف سائنس ان پبلک ہیلتھ (MSPH) اور ماسٹر آف ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن (MHPE) شامل ہیں، کے فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔

    یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے ڈی پی ٹی کے پہلے گریجویٹ بیچ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ میں پی ایچ ڈی پروگرامز کے آغاز کا اعلان کیا، اور کہا کہ جناح اسپتال میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 سے زائد کلینیکل فیکلٹی کی شمولیت کی گئی ہے۔

    دریں اثنا، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جناح اسپتال میں پہلے ویسکیولر سرجری یونٹ کا افتتاح کیا، انھوں نے ویلیکا اور لانڈھی کیمپس کی مکمل فعالیت، فلسطینی طلبہ کی فیس معافی اور 25 نئے فلسطینی طلبہ کے داخلے کو بھی یونیورسٹی کی ترقی کا حصہ قرار دیا۔

    کراچی میں ایک بار پھر کرونا کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے

    کانووکیشن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گریجویٹس کو اعزازات سے نوازا گیا، ڈاکٹر محمد اعزاز الرحمٰن (ایم بی بی ایس) اور ڈاکٹر امیرہ عمر (بی ڈی ایس) کو بہترین گریجویٹ قرار دیا گیا، جب کہ ڈاکٹر امیرہ نے تین میڈلز حاصل کیے۔ دیگر بہترین گریجویٹس میں ڈاکٹر عریبا خان (فارم ڈی)، حریرہ احمد (بی ایس این)، ڈاکٹر حرا نوید (ڈی پی ٹی)، ادیبہ شاہ (بی بی اے-ایچ سی ایم)، فبیحہ افضل (بی بی اے)، نیہا (بی ایس پی ایچ)، اور ڈاکٹر کرن فاطمہ (ایم ایس پی ایچ) شامل ہیں۔

    مختلف پروگرامز کے نمایاں طلبہ کو گولڈ، سلور، اور برونز میڈلز دیے گئے، مجموعی طور پر 19 گولڈ، 7 سلور، اور 5 برونز میڈلز دیے گئے۔ جب کہ کانوکیشن میں پروفیسر آمنہ ریحانہ، پروفیسر محمد اظہر مغل، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہین پروین، ڈاکٹر شہلا امام، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احسان احمد، ڈاکٹر بشریٰ حنا، لیکچرار ڈاکٹر انعم پریو اور ڈاکٹر صائمہ عباد کو بہترین ٹیچر ایوارڈ دیا گیا۔

  • یورپ میں تربیت ، میڈیکل یونیورسٹی کےطلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    یورپ میں تربیت ، میڈیکل یونیورسٹی کےطلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا کو تربیت کے لیے یورپ بھیجنے کا معاہدہ طے پاگیا ، یادداشت پر وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع اور پرو وائس چانسلر نےدستخط کئے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےطلبا کی یورپ میں تربیت کامعاہدہ طے پا گیا ، معاہدہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اورشمالی یورپ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرزکی تنظیم کے درمیان معاہدہ ہوا۔

    یونیورسٹی میں ایک مفاہمتی یادداشت مرتب کی گئی، یادداشت پر وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع اور پرو وائس چانسلر نے دستخط کئے، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی نمائندگی ڈاکٹر امیر الحق اور ڈاکٹر شہاب اللہ صدیقی نےکی۔

    معاہدے کے تحت یونیورسٹی بہترین طلبا کا انتخاب کرےگی اور طلبا کو تربیت کے لیے یورپ بھیجاجائے گا۔

    یاد رہے پنجا ب میڈیکل کالج کےطلبا اور طالبات کے لئے کالج انتظامیہ نے ڈریس کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں جینز پہن کر کالج آنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ طلبا سفید شرٹ، سلور گرے پینٹ یا سفید شلوار قمیض پہنیں گے جب کہ طالبات سفید شلوار قمیض، عنابی دوپٹہ اورکالاجوتا پہن سکیں گی۔

    طلبا و طالبات کو واضح کیا گیا تھا کہ خلاف ورزی کی صورت میں ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

  • آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی نے جیت لیا

    آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی نے جیت لیا

    کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی نے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں منعقدہ آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ جیت لیا، تقریب کے مہمان خصوصی ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ بین الکلیاتی مباحثہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کے طلباء نے جیت لیا، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    اس مباحثے میں پاکستان بھر سے49 نمایاں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

    انگریزی مباحثہ میں پہلا انعام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کی ثناء زہرا کو دیا گیاجبکہ دوسرا انعام کراچی یونیورسٹی کی مومل عزیز نے جیتا۔

    اردو مباحثہ میں پہلا انعام کیڈٹ کالج اورماڑا،گوادر کے ابو ہریرہ نے حاصل کیا اور دوسرے انعام کی حقدار جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کی ماہ جبیں ٹھہریں۔

    آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ1974سے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان کے تعلیمی کیلنڈر کا مستقل حصہ چلا آرہا ہے اور اسے ملک بھر میں منعقد ہونے والے تمام مباحثوں میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔

    پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں ملک بھر سے جذبے سے بھر پور ٹیمیں اکٹھی ہوتی ہیں اور مباحثے میں بھر پور شرکت کر تی ہیں۔