Tag: JJ

  • جے اینڈ جے بے بی پاؤڈر تنازع، امریکی کمپنی ساڑھے 6 ارب ڈالر دینے پر تیار

    جے اینڈ جے بے بی پاؤڈر تنازع، امریکی کمپنی ساڑھے 6 ارب ڈالر دینے پر تیار

    نیویارک: امریکی فارما کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے بدھ کے روز کہا ہے کہ وہ بے بی پاؤڈر تنازع میں ساڑھے 6 ارب ڈالر کے تصفیے کے سلسلے میں آگے بڑھ رہی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق جے اینڈ جے نے دسیوں ہزار مقدموں میں 6.48 بلین ڈالر معاوضہ ادا کرنے کی تجویز دی ہے، کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اس مجوزہ تصفیے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

    جانسن اینڈ جانسن پر الزام ہے کہ اس کے بے بی پاؤڈر اور دیگر ٹیلک مصنوعات میں ایسبیسٹس (asbestos) نامی مواد موجود ہے جو بیضے کے کینسر کا سبب بنتا ہے، ایسبیسٹس ریشے دار معدنیات کا ایک گروپ ہے جو مٹیریلز کو مضبوط اور آگ سے محفوظ بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

    اس کیس میں آگے بڑھنے کے لیے اب جے ایند جے تمام موجودہ اور مستقبل کے اووری کینسر کے دعوؤں کے تصفیہ پر اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے ووٹنگ کا تین ماہ کا دورانیہ شروع کرے گا۔

    واضح رہے کہ عدالتوں نے جے اینڈ جے کے ایک ماتحت ادارے کے دیوالیہ پن کے ذریعے ان مقدمات کو حل کرنے کی دو سابقہ کوششوں کو مسترد کر دیا ہے، جے اینڈ جے کا کہنا تھا کہ ماتحت ادارے کو دیوالیہ قرار دے کر دعوے داروں کو معاوضہ ادا کر دے گی، تاہم عدالت نے کہا کہ ماتحت ادارہ مالی پریشانی میں ہے ہی نہیں اس لیے اسے دیوالیہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    J&J کا کہنا ہے کہ اس کی مصنوعات میں ایسبیسٹوس نہیں ہے اور وہ کینسر کا سبب نہیں بنتے، تاہم اس کے باجود وہ معاوضہ ادا کرنے پر تیار ہے، اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے مجوزہ تصفیے کو مدعیان کے وکیلوں کی حمایت حاصل ہے، جنھوں نے کمپنی کے خلاف کینسر کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

  • امریکا نے جانسن اینڈ جانسن کی کرونا ویکسین سے متعلق نیا انتباہ جاری کر دیا

    امریکا نے جانسن اینڈ جانسن کی کرونا ویکسین سے متعلق نیا انتباہ جاری کر دیا

    واشنگٹن: امریکی ادارے ایف ڈی اے نے جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین سے متعلق نیا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادویات کے ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کرونا ویکسین کے لیے جانسن اینڈ جانسن کے انتباہی لیبل کو اپڈیٹ کر دیا ہے، جس میں انوکھی اعصابی بیماری Guillain-Barre سینڈروم میں مبتلا ہونے کے خطرے میں اضافے کی معلومات شامل کی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جانسن اینڈ جانسن کی کرونا ویکسین لگوانے کے بعد انوکھی اعصابی بیماری میں مبتلا ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے روئٹرز نے اپنی خبر میں کہا ہے کہ ویکسین کے تحفظ کی نگرانی کے ادارے کی رپورٹ کے جائزے کے بعد حکام نے تصدیق کی ہے کہ ویکسین کی ڈوزز لینے والے 100 افراد میں گیلن برّے سینڈروم کی تشخیص ہوئی۔

    اب تک امریکا میں تقریباً ایک کروڑ 28 لاکھ افراد جے اینڈ جے ویکسین کی ایک ڈوز لے چکے ہیں۔تاہم صرف سو افراد کو یہ بیماری لاحق ہوئی اور ان میں سے 95 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور انھیں اسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت پڑی، جب کہ ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

    یہ ایک اعصابی بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام اعصابی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے، جو پٹھوں کی کمزوری اور بہت سے سنگین کیسز میں فالج کا بھی سبب بن سکتا ہے، امریکا میں یہ مرض ہر سال 3000 سے 6000 افراد کو متاثر کرتا ہے اور بہت سے مریض اس سے شفایاب بھی ہو جاتے ہیں۔

    کمپنی کو لکھے گئے خط میں ایف ڈی اے نے کہا کہ ویکسینیشن کے بعد GBS کی بیماری ہونے کا امکان اگرچہ بہت کم ہے، تاہم جے اینڈ جے کی ویکسین لگوانے والے افراد کو اگر کمزوری، چبھن ، چلنے میں دشواری یا چہرے کو حرکت دینے میں مشکل جیسی علامات ہوں تو فوری طو پر طبی امداد حاصل کریں۔

    نئے انتباہی لیبل کے مطابق متاثرہ افراد میں سے زیادہ تر میں ویکسین کی ڈوز لینے کے 42 دنوں کے بعد علامات ظاہر ہوئیں اور ایسا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں، اگر کسی کو کمزوری یا جسم کے حصے خصوصاً ہاتھ اور پیر سُن ہوتے محسوس ہوں تو اسے فوراً طبی امداد کے لیے رجوع کرنا چاہیے کیوں کہ یہ حالت بگڑ بھی سکتی اور جسم کے دیگر حصوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا ہی نہیں بلکہ موسمی انفلوئنزا اور جِلدی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کے استعمال کے بعد بھی اس بیماری کی شکایت سامنے آئی تھی۔

  • امریکی دوا ساز کمپنی کا کرونا ویکسین کے حوالے سے بڑا اعلان

    امریکی دوا ساز کمپنی کا کرونا ویکسین کے حوالے سے بڑا اعلان

    نیویارک: امریکی دوا ساز کمپنی نے 12 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں پر کرونا ویکسین کے تجرباتی ٹیسٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جانسن اینڈ جانسن نے کرونا ویکسین کے بارہ سے اٹھارہ برس کے نوجوانوں پر تجرباتی استعمال کا منصوبہ بنا لیا ہے، یہی ٹیکنالوجی اس سے قبل بھی ایک ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ استعمال کی جا چکی ہے۔

    کمپنی کے ویکسین ریسرچ سائنٹسٹ ڈاکٹر جیری سیڈوف نے جمعے کو سی ڈی سی میٹنگ میں بتایا کہ ان کا منصوبہ ہے کہ وہ جلد سے جلد اس تجربے پر جانا چاہتے ہیں، تاہم احتیاط کو مدنظر رکھتے ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ اس تجربے کے فوراً مزید چھوٹے بچوں پر بھی ویکسین کا ٹیسٹ شروع کر دیا جائے گا۔

    تاہم اس سلسلے میں کوئی ٹائم لائن نہیں دی گئی ہے، کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ فی الوقت بچوں میں ویکسین کے ٹرائلز کے سلسلے میں ریگولیٹرز اور پارٹنرز کے ساتھ گفت و شنید جاری ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی ادارے ایف ڈی اے نے کہا تھا کہ بچوں میں ویکسینز کا ٹیسٹ دوا سازوں کے لیے بہت اہم مرحلہ ہوگا، چند ڈاکٹرز ان خدشات کا بھی اظہار کر چکے ہیں کہ کرونا ویکسین کے ٹیسٹ کے دوران کچھ بچوں میں خطرناک اور کمیاب بیماری ملٹی سسٹم انفلامیٹری سنڈروم پیدا ہو سکتی ہے۔

    ادھر حریف دوا ساز کمپنی فائزر پہلے ہی 12 سال کی عمر کے بچوں میں کرونا ویکسین کا ٹیسٹ شروع کر چکی ہے، یہ ویکسین جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ تیار کی جا رہی ہے، اس ویکسین کی تیاری میں میسنجر آر این اے (mRNA) کا استعمال کیا جا رہا ہے، جو بالکل نئی ٹیکنالوجی ہے۔

    دوسری طرف جے اینڈ جے جسم میں امیون رسپانس پیدا کرنے کے لیے کرونا وائرس کی جینیاتی مواد کی فراہمی کی غرض سے کولڈ وائرس کا استعمال کر رہی ہے، اس طریقہ کار کو AdVac کہا جاتا ہے، اور اسے ایبولا ویکسین میں استعمال کیا جا چکا ہے، جس کی منظوری یورپ نے رواں برس دی تھی، اور اسے ایک لاکھ لوگوں کو دیا جا چکا ہے۔

    واضح رہے کہ جے اینڈ جے نے ستمبر کے آخر میں تیسرے مرحلے کے دوران 60 ہزار رضاکاروں پر کرونا ویکسین کا تجربہ شروع کر دیا تھا تاہم اسے رواں ماہ کے شروع میں روک دیا گیا کیوں کہ ایک رضاکار کی حالت بگڑ گئی تھی، تاہم پچھلے ہفتے اس تجربے کو پھر سے بحال کر دیا گیا ہے۔

  • قہقہوں سے بھرپور فلم ’رانگ نمبر ‘ کی تعارفی تقریب

    قہقہوں سے بھرپور فلم ’رانگ نمبر ‘ کی تعارفی تقریب

    کراچی (رپورٹ : شاہ جہاں خرم  / تصاویر پیار علی ) وائی این ایچ فلمز کی پیشکش اور اے آروائی فلمز کی جانب سے ریلیز ہونےوالی فلم رانگ نمبر قہقوں سے بھرپور ایک زبردست تفریحی فلم ہے ، جس کا پاکستانی فلم بینوں کا شدت سے انتظار تھا، یہ فلم اس عید الفطر کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی ہوٹل میں فلم رانگ نمبر کی تعارفی تقریب  منعقد ہوئی، جس میں معروف اداکار جاوید شیخ، شفقت چیمہ، دانش تیمور، وقار علی ،محسن علی، دانش نواز اداکارہ سوہائی علی ابڑو ودیگر نے شرکت کی۔

    نامور اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز کی سلور اسکرین کیلئے بطور ڈائریکٹر یہ پہلی فلم ہے، فلم رانگ نمبر مزاح، ایکشن، ڈرامہ اور رومان سے بھرپور فلم ہے ۔

    رانگ نمبر میں برجستہ تنزو مزاح کے حوالے سے فلم کے ڈائریکٹر یاسر نواز کاکہنا ہے کہ یہ فلم مزاحیہ موضوعات کیلئے میرے جنون کی واضح عکاسی کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ رانگ نمبر کے نام سے بننے والی فلم کیلئے یقین ہے کہ یہ فلم عوام کو مکمل تفریح فراہم کرے گی اور انہیں مسکرانے پر مجبور کرے گی ۔

    وقار علی کی ترتیب دی ہوئی موسیقی اور محسن علی کے قلم سے نکلے ہوئے لوٹ پوٹ کردینے والے مکالموں کے باعث فلم شائقین کیلئے ایک موضوع بن چکی ہے۔

    فلم کے گانے زاہد حسین نے ترتیب دیئے ہیں جو فلم بینوں کی توجہ حاصل کرلیں گے۔ اے آروائی فلمز کے مطابق پاکستانی سینما تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔


    Kundi VIDEO Song (Wrong Number) Pakistani Movie…

    مختلف موضوعات پر فلمیں بنائی جارہی ہیں، اے آروائی فلمز کو اس بات کا فخر ہے کہ وہ رانگ نمبر کی ریلیز کے ذریعے فلم بینوں کیلئے سینما کی ایک نئی نسل کو پروان چڑھانے کے حوالے سے پیش رو کا درجہ رکھتے ہیں۔

    رانگ نمبر مکمل طور پر پاکستان میں بنائی گئی ہے ، تمام تکنیکی کام پاکستان میں مکمل کیا گیا ہے۔

    اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو ایم جرجیس سیجا نے کہا کہ ہماری فلم انڈسٹری اے آروائی کے بینر تلے پاکستان میں بنائی گئی ہر فلم کے ساتھ پھلتی پھولتی جاری ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ اے آروائی فلمز کی کوشش  ہے کہ فلم بینوں کو ہر بار مختلف قسم کی فلمیں پیش کی جائیں۔


    Wrong Number HD Official Movie Teaser Trailer…