Tag: Job

  • ایپل میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں؟ تو یہ خبر آپ ہی کے لیے ہے

    ایپل میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں؟ تو یہ خبر آپ ہی کے لیے ہے

    ٹیکنالوجی سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کی خواہش ہوسکتی ہے کہ وہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل میں ملازمت کرے، تاہم اس کے لیے ان میں کچھ خصوصیات کا ہونا ضروری ہے۔

    ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹم کک نے بتایا ہے کہ وہ کمپنی کے لیے ملازمت پر رکھنے والے ملازمین میں کونسی خوبیاں تلاش کرتے ہیں، تو اگر آپ میں یہ خوبیاں ہیں تو آپ بھی ایپل جیسی بڑی کمپنی میں نوکری حاصل کرسکتے ہیں۔

    ایک اطالوی یونیورسٹی کے افتتاحی تقریب کے دوران دیے گیے انٹرویو میں ٹم کک کا کہنا تھا کہ ایپل کی کامیابی کا براہ راست تعلق اس کی ثقافت سے ہے۔

    اسی انٹرویو کے دوران ایپل کے سی ای او نے ان خصوصیات کے بارے میں بات کی جو کمپنی ملازمت دیتے وقت اپنے امیدواروں میں دیکھتی ہے، وہ خصوصیات کون سی ہیں؟

    باہمی تعاون

    ٹم کک نے کہا کہ چونکہ ایپل اپنی مصنوعات مشترکہ کوششوں سے بناتا ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ کمپنی کا ہر ایک ملازم باہمی تعاون اور مل جل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرے۔

    تخلیقی صلاحیت

    ایپل کے سی ای او نے کہا کہ کمپنی ان لوگوں کو تلاش کرتی ہے جو مختلف سوچتے ہیں، جو کسی مسئلے کو مختلف طریقے سے حل کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں کچھ نیا کرنے کی جستجو ہو۔

    تجسس کے حامل افراد

    اس کے علاوہ کک نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو بچوں کی طرح سوال کرتے ہیں، وہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کے لیے تجسس میں لگے رہتے ہیں۔

    اپنے کام میں مہارت رکھنے والے افراد

    آخر میں کک نے بتایا کہ ایپل کمپنی چاہتی ہے کہ وہ متعلقہ شعبے میں مہارت رکھنے والے افراد کو اپنی ٹیم میں شامل کرے، ایسے ملازمین جو اپنے کام میں مکمل مہارت رکھتے ہوں وہ ہماری کمپنی کے ساتھ اچھا کام کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملازمین میں یہ خوبیاں ہوں تو کمپنی اچھے ماحول میں بہتر کام کرتی ہے۔

  • بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    جرم کرنے والے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پولیس سے دور رہے، لیکن ایک مجرم ایسا بھی ہے جو ملازمت کے لیے خود چل کر پولیس کے پاس پہنچ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    ایک 40 سالہ شخص کو جنوبی افریقہ کا بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے جو مطلوب ملزمان کی فہرست میں ہونے کے باوجود ملازمت کی تلاش میں تھانے چلا گیا۔

    تھامس نکوبو پچھلے 7 سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا، ملزم نے 2015 کے دوران ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرتے ہوئے 1200 ڈالر سے زائد کی اشیا چرائی تھیں۔

    ملزم نے اصل کے بجائے غلط پتوں پر سامان پہنچایا اور مینیجر کو اطلاع نہیں کی۔

    جیسے ہی کمپنی کو معلوم ہوا کہ سامان درست مقام پر نہیں پہنچا اور کافی سامان غائب ہے، نکوبو فرار ہوگیا اور اس کا نام پولیس نے مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا۔

    پولیس ترجمان بریگیڈیئر سلوی موہالا نے میڈیا کو بتایا کہ 15 اگست کو ملزم تھانے آیا اور کہا کہ اسے ملازمت کے لیے بھیجی گئی درخواست پر اب تک جواب نہیں ملا ہے۔

    ملزم کو تھانے میں ہی 7 سال قبل کیے گئے فراڈ پر گرفتار کرلیا گیا، تب سے جنوبی افریقہ کے اخبارات میں اسے بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے۔

  • عرب امارات میں نوکری کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    عرب امارات میں نوکری کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب مارات میں روزگار کی تلاش کے لیے آنے کے خواہشمند افراد کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی، 3 شرائط کی تکمیل کے بعد انہیں خصوصی ویزا جاری ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اپنے ہاں روزگار کی تلاش کے لیے آنے کے خواہشمند افراد کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے، ایسے افراد کو اس کے لیے اسپیشل ویزا جاری ہوگا۔

    یہ ویزا ان لوگوں کو ملے گا جو اس کے لیے مقرر 3 شرائط پوری کریں گے۔

    اماراتی کابینہ نے ملک میں غیر ملکیوں کی آمد اور اقامہ قانون کا جو لائحہ عمل جاری کیا ہے اس میں ملازمت کی تلاش کے لیے خصوصی ویزے کے اجرا کی سہولت دی گئی ہے۔

    ملازمت کی تلاش کے لیے آنے والوں کو سپانسر حاصل کرنا نہیں پڑے گا، اس کے بغیر ہی ویزا جاری ہوگا۔ اس کی پہلی شرط یہ ہے کہ امیدوار اماراتی وزارت افرادی قوت کے پاس رجسٹرڈ اول، دوم یا سوم درجے کے ہنر مندوں میں سے ایک ہو۔

    دوسری شرط یہ ہے کہ اگر امیدوار ہنرمندوں میں سے نہ ہو تو وزارت تعلیم و تربیت کی درجہ بندی کے مطابق دنیا کی 500 بہترین جامعات میں سے کسی ایک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو اور یونیورسٹی سے گریجویشن کو 2 سال سے زیادہ نہ ہوئے ہوں۔

    لائحہ عمل میں ملازمت کے ویزے کے اجرا کے حوالے سے تیسری بات یہ کہی گئی ہے کہ اس پر عمل درآمد ستمبر کے آغاز سے شروع سے ہوگا، امیدوار کم از کم گریجویٹ ہو یا اس کے برابر ڈگری ہولڈر ہو۔

    تیسری شرط یہ ہے کہ مقررہ مالی ضمانت فراہم کرے۔

    وفاقی ادارہ برائے قومی شناخت و شہریت و کسٹم متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد غیر ملکی امیدوار کو ملازمت کے مواقع کی تلاش کے لیے وزٹ ویزے کے اجرا کی منظوری دے سکتا ہے۔

    ممکن ہے یہ منظوری ایک سفر کے لیے ہو یا ایک سے زائد بار آنے کی اجازت پر مشتمل ہو۔

    وفاقی ادارہ بنیادی طور پر 8 قسم کے وزٹ ویزے جاری کرتا ہے، ان میں سے ایک ملازمت کے مواقع دریافت کرنے کے لیے آنے والوں کو دیا جاتا ہے۔

    ویزے کی مدت وفاقی ادارہ مقرر کرے گا، ایک سال سے زیادہ کے قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔ ویزے کی ماہانہ فیس ہوگی۔ مہینے کے چند روز قیام کی صورت میں بھی پورے ماہ کی فیس وصول کی جائے گی اور ویزے میں توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

    اجرا کی تاریخ سے 60 روز کے لیے ویزا جاری ہوتا ہے، اس میں مزید 60 روز کی توسیع ہو سکتی ہے اور ہر بار مقررہ فیس وصول کی جائے گی۔

  • نوجوان نے سالانہ 9 کروڑ روپے تنخواہ والی نوکری چھوڑ دی

    نوجوان نے سالانہ 9 کروڑ روپے تنخواہ والی نوکری چھوڑ دی

    امریکا میں نیٹ فلکس میں بطور انجینیئر کام کرنے والے مائیکل لین نے کمپنی کو اس لیے چھوڑ دیا کیونکہ وہ اس کام سے بیزار ہوگئے تھے۔

    مائیکل لین سنہ 2017 میں سینئر سافٹ ویئر انجینیئر کے طور پر نیٹ فلکس کا حصہ بنے تھے اور اس سے قبل ایمازون کمپنی میں کام کرتے رہے تھے۔

    مائیکل لین کے مطابق جب وہ نیٹ فلکس کی ملازمت چھوڑ رہے تھے تو ان کے ذہن میں تھا کہ کیا اس سے بہتر ملازمت مل سکے گی جہاں مفت طعام اور تنخواہ کے ساتھ لامحدود چھٹیاں مل سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین بھی ملازمت چھوڑنے کے لیے خلاف تھے، مائیکل لین کے دوستوں کو بھی فکر تھی کہ ان کو کسی اور جگہ اچھی ملازمت نہیں مل سکے گی۔

    ان کا خود کہنا ہے کہ نیٹ فلکس میں کام کرتے ہوئے انہوں نے کافی کچھ سیکھا مگر کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد انہیں اپنا کام اس وقت برا لگنے لگا جب انہیں دفتر کے بجائے گھر سے کام کرنے کا کہا گیا۔

    مائیکل لین نے اپنے عہدے کو بدلنے کی درخواست بھی دی مگر اسے مسترد کردیا گیا۔

    اس موقع پر انہیں لگنے لگا کہ تنخواہ تو اچھی مل رہی ہے مگر ان کا کیریئر مزید آگے نہیں بڑھ سکتا جس سے ان کا کام بھی متاثر ہوا۔

    کمپنی کی جانب سے انہیں اپریل 2021 میں وارننگ بھی دی گئی جس کے 2 ہفتے بعد مائیکل نے استعفیٰ دے دیا، اس موقع پر مائیکل لین کا خیال تھا کہ اس فیصلے سے ان کی سماجی زندگی اور کیریئر متاثر ہوگا مگر ایسا نہیں ہوا۔

    اب ان کا کہنا ہے کہ ملازمت کو چھوڑے ہوئے 8 ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور وہ اپنے لیے کام کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ابھی آغاز ہے اور ابھی آمدنی کا کوئی قابل بھروسہ ذریعہ بھی نہیں مگر انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں سب اچھا ہوگا۔

  • سعودی عرب: ملازمت کا معاہدہ کن صورتوں میں ختم ہوسکتا ہے؟

    سعودی عرب: ملازمت کا معاہدہ کن صورتوں میں ختم ہوسکتا ہے؟

    ریاض: سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک گائیڈ بک میں بتایا گیا ہے کہ جن 7 صورتوں میں ملازمت کا معاہدہ ختم کیا جاسکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے قانون محنت میں آجر اور اجیر کے اہم حقوق و فرائض متعارف کروانے کے لیے گائیڈ بک جاری کی ہے، گائیڈ بک میں بتایا گیا ہے کہ کن 7 صورتوں میں ملازمت کا معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

    وزارت افرادی قوت نے ان صورتوں کی وضاحت کی ہے جس پر ملازمت کا معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ آجر اور اجیر ملازمت کا معاہدہ ختم کرنے پر متفق ہو جائیں تو معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے تاہم اس صورت میں اجیر کی تحریری منظوری ضروری ہوگی، دوسری صورت یہ ہے کہ ملازمت کے معاہدے میں مقرر مدت پوری ہو جائے۔

    اسی طرح اگر ملازمت کے معاہدے میں آخری تاریخ مذکور نہ ہو تو ایسی صورت میں فریقین میں سے کسی ایک کی خواہش پر ملازمت کا معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

    ایک اور صورت یہ ہے کہ قانون محنت کی دفعہ 75 میں مجبوری والی حالت سامنے آجانے پر معاہدہ کالعدم کیا جا سکتا ہے، اگر ملازم کا کام جس کے لیے اس سے معاہدہ کیا گیا تھا وہ مکمل ہو جائے تو ایسی صورت میں بھی ملازمت کا معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

    اسی طرح اگر ملازم ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ جائے اور فریقین ملازمت کے معاہدے میں توسیع پر متفق نہ ہوں تب بھی ملازمت کا معاہدہ ختم ہوجائے گا، وزارت کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ ادارہ مکمل طور پر بند کر دیا جائے تو ایسی صورت میں بھی ملازمت کا معاہدہ ختم ہو جائے گا۔

  • انٹرنیٹ پر وقت ضائع کرنے والے افراد کی تلاش، تنخواہ 14 لاکھ روپے

    انٹرنیٹ پر وقت ضائع کرنے والے افراد کی تلاش، تنخواہ 14 لاکھ روپے

    دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کو ایسے افراد کی تلاش ہوتی ہے جو قابل اور ذہین ہوں اور کمپنی کی ترقی میں اضافے کے لیے کام کریں، ایسی ہی ایک کمپنی نے بھی اسی مقصد کے لیے ایک اسامی کا اعلان کیا ہے جس میں ملازم کو انٹرنیٹ پر بیٹھ کر صرف اپنا وقت ضائع کرنا ہوگا۔

    ناروے کی ویب براؤزنگ کمپنی اوپرا نے اعلان کیا ہے کہ انہیں ایک ایسے شخص کی ضرورت ہے جو 2 ہفتے تک صرف ان کا براؤزر استعمال کرے۔

    اس مقصد کے لیے کمپنی 9 ہزار ڈالرز (14 لاکھ 41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کی تنخواہ دینے کو تیار ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ منتخب کردہ شخص 2 ہفتے تک معمولی نوعیت کی آن لائن سرگرمیاں انجام دے گا جیسے براؤزر پر میمز تلاش کرنا، جانوروں کی ویڈیوز دیکھنا جبکہ اوپرا کے سوشل میڈیا چینلز کی لائیو اسٹریمنگ کو بھی دیکھنا ہوگا۔

    اوپرا کی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کمپنی کو ایک ایسا شخص درکار ہے جو اس غیر مقبول براؤزر کو استعمال کرنے کے تجربے کو دنیا کے ساتھ شیئر کرے۔

    کمپنی ترجمان کے مطابق دلچسپی رکھنے والے افراد کو 15 سے 60 سیکنڈز کے درمیان ایک ویڈیو ریکارڈ کر کے بھیجنی ہوگی جس میں انہیں کوئی ایسی عجیب صورتحال شیئر کرنی ہوگی جس میں انہیں انٹرنیٹ براؤزنگ کا سہارا لینا پڑا۔

    کمپنی 13 نومبر تک درخواستیں وصول کرے گی۔

  • عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    مسقط: سلطنت عمان کی حکومت اور ایک نجی ادارے کے درمیان مقامی افراد کے لیے سینکڑوں اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت عمان اور ایک نجی ادارے کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت مقامی شہریوں کو 241 اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان ملاقاتوں میں عمانائزیشن اور غیر ملکی شہریوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی زیر بحث آئی۔

    علاوہ ازیں دونوں کے درمیان مستقبل میں تعاون اور باہمی اشتراک جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدوں کا مقصد مقامی شہریوں کو تکنیکی شعبوں میں ملازمت دینا اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ حکومت عمان نے رواں برس عمانائزیشن کرنے یعنی غیر ملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ عمانی شہری بھی سلطنت کی بہبود و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایک آڈٹ رپورٹ سے علم ہوا ہے کہ سلطنت عمان میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اہم شعبوں میں سربراہی اور قائدانہ پوزیشنز پر موجود ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمانی شہریوں کی استعداد بڑھانا اور انہیں آگے لانا ضروری ہے۔

  • آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کو سپر مارکیٹ میں ملازمت کی پیشکش کیوں ہوئی؟

    آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کو سپر مارکیٹ میں ملازمت کی پیشکش کیوں ہوئی؟

    ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ فرانسس مک ڈورمنڈ کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی حالیہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک سپر مارکیٹ میں ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔

    فرانسس مک ڈورمنڈ کی حالیہ فلم نومیڈ لینڈ کی نمائش وینس اور ٹورنٹو فلم فیسٹیولز میں کی گئی ہے جیہاں اس فلم کو بے حد سراہا گیا۔

    فلم خانہ بدوشوں کے بارے میں ہے جو وین میں اپنی زندگی کسمپرسی کی حالت میں گزارتے ہیں، فرانسس اس میں ایک بیوہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    ان کے مطابق جب وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے ایک سپر مارکیٹ میں موجود تھیں اور فلم کی شوٹنگ جاری تھی تو انہیں وہاں ملازمت کی پیشکش ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ انہیں ایک فارم دیا گیا کہ اگر میں یہاں ملازمت کی خواہش رکھتی ہوں تو اسے پر کردوں۔

    فرانسس کا کہنا ہے کہ فلم کے کردار کے لیے ان کا حلیہ اور انداز نہایت حقیقی معلوم ہورہا تھا تب ہی انہیں ایسی پیشکش ہوئی، اور وہ اس پر اتنی خوش ہوئیں کہ انہوں نے فلم کے ڈائریکٹر کو بھی جا کر اس کے بارے میں بتایا۔

    فلم نومیڈ لینڈ کو اس کے موضوع کی وجہ سے وینس فلم فیسٹیول میں بے حد سراہا گیا اور حاضرین نے فلم کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔

    2 بار آسکر جیتنے والی اداکارہ فرانسس کا کہنا ہے کہ یہ کردار ان کے دل کے بہت قریب ہے اور اس کے لیے انہوں نے کئی روز خانہ بدوشوں ے ساتھ گزارے۔

  • سعودی شہری نے عطرگلاب کی خاطر 1000 ریال کی نوکری چھوڑ دی

    سعودی شہری نے عطرگلاب کی خاطر 1000 ریال کی نوکری چھوڑ دی

    ریاض : عطر گلاب کی خاطر ملازمت چھوڑنے والے سعودی شہری راشد القرشی نے بتایا کہ عطر گلاب سے تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک سپلائی کرتااورلوگوں کویہ ہنر بھی سکھاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق گلاب کے پھولوں ان کےعرق اور ان سے کشید کیے جانے والے عطریات کے شوق نے ایک سعودی شہری کو اس کی ملازمت سےدور اور پسندیدہ مشغلے سے منسلک کردیا، گلاب اور عطر گلاب کے شوق نے راشد القرشی کی شہرت کو چار چاند لگا دیے اور آج اس کے چرچے سمندر پار بھی کیے جا رہے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راشد القرشی نے عرق گلاب اور گلاب کے عطر کے لیے ہزاروں ریال کی ملازمت ترک کی تاکہ وہ پورا وقت اپنے پسندیدہ مشغلے کودے سکے، یہ مشغلہ اسے اس کے آباﺅ اجداد سے ورثے میں ملا ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق طائف گورنری کے راشد القرشی نے بتایا کہ اس نے گلاب کے 15 ہزار پھول اکھٹے کیے اور انہیں تانبے کے برتنوں میں ڈال دیا تاکہ ان سے شاہی عطر یعنی گلاب کا عطر کشید کیا جا سکے۔

    ایک سوال کے جواب میں راشد القرشی نے بتایا کہ وہ عطر گلاب سے تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک حتیٰ کہ ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کو بھی سپلائی کرتے ہیں، ان کے تیار کردہ عطریات اور گلاب کی دیگر مصنوعات کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔

    راشد القرشی نے بتایا کہ وہ نہ صرف گلاب سے عرق اور عطر کشید کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی یہ فن سکھاتےانہیں مفید مشورے دیتے اور گلاب سے تیار ہونے والی مصنوعات کی تیاری کی مکمل رہ نمائی کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حج اور عمرہ کے سیزن میں حجاج ومعتمرین حضرات ان کے تیار کردہ عطریات اور دیگر مصنوعات کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔

  • والد نے ورلڈ بینک کی سربراہی کی آفر کی تھی جسے میں نے مسترد کردیا، ایوانکا ٹرمپ

    والد نے ورلڈ بینک کی سربراہی کی آفر کی تھی جسے میں نے مسترد کردیا، ایوانکا ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جب ان کے والد نے انھیں ورلڈ بینک کی سربراہی کی دعوت دی تو انھوں نے اس آفر کو مسترد کر دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جریدے ’دی اٹلانٹک“ کو بتایا کہ انھوں نے ایوانکا سے بینک کی سب سے سینئر ترین پوزیشن سنبھالنے کی پیشکش کی تھی کیونکہ وہ حساب کتاب کے معاملے میں بہت اچھی ہیں۔

    ایوانکا نے اب بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پوچھنے پر ان کا جواب تھا کہ وہ وائٹ ہاوس میں مشیر کے طور پر اپنے کام سے خوش ہیں، بعد ازاں ورلڈ بینک کے نئے صدر، معیشت دان ڈیوڈ ملپاس کو منتخب کرنے میں ایونکا کا کردار شامل رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے سے امریکا غیر رسمی طور پر ورلڈ بینک کے رہنما کو منتخب کرنے کا حق رکھتا ہے۔

    آیوری کوسٹ کے دورے کے دوران خبر رساں نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے ایوانکا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے ملازمت سے متعلق ان سے سوال کے طور پر پوچھا لیکن انھوں نے انکار کر دیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایوانکا کا مزید کہنا تھا کہ ملپاس اچھی طریقے سے ملازمت سر انجام دیں گے۔

    خبر رساں ادارے کے نمائندے نے سوال کیا کہ کیا صدر ٹرمپ نے انھیں کسی اور اہم ملازمت کی پیشکش کی ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا وہ اس بارے میں معلومات صرف اپنے اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہی رکھیں گی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انھوں نے اپنی بیٹی کے لیے مختلف عہدوں کا سوچا تھا جن میں اقوامِ متحدہ میں امریکا کی سفیر کے طور پر بھی ان کی تعیناتی شامل تھی کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ وہ فطری طور پر سفیر ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انھیں اس عہدے کے لیے ایوانکا کو تعینات کرنے کے خدشات سے آگاہ کیا گیا کیونکہ وہ کہتے یہ اقربا پروری ہے، جبکہ اس کا اقربا پروری سے کوئی تعلق نہیں۔