Tag: Jobs

  • بھارتی حکام نے ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا

    بھارتی حکام نے ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا

    نئی دہلی : بھارتی حکومت نے فوج کی کارکردگی سے نالاں ہوکر ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا، فوجیوں کی چھانٹی آئندہ چار سے پانچ برس کے دوران کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے ہندوستان کی مسلح افواج کی کارکردگی سے پریشان ہوکر بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے، میڈیا کا کہنا ہے کہ فوج میں زیادہ نفری ہونے کی وجہ سے فورس موثر کارکردگی نہیں دیکھا پا رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی حکام کی جانب سے آئندہ چار سے پانچ سالوں کے دوران ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو فارغ کیا جائے گا تاکہ فورس کی کارکردگی کو بہتر بناکر مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار کیا جاسکے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فورسز کے مسائل کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے رواں برس 21 جون کو 12 لاکھ نفوس پر مشتمل بھارتی فوج میں سے بڑی کی تعداد کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 11 افراد پر مشتمل جائزہ کمیٹی کی سربراہی بھارتی فوج کے جنرل سیکریٹری لیفٹینٹ جنرل جے ایس ساندو کررہے ہیں جو فورس کی کارکردگی اور اہلکاروں کو نکالنے و دیگر مسائل کے حوالے سے نومبر میں آرمی چیف کو  رپورٹ پیش کریں گے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 50 ہزار بھارتی فوجیوں کو آئندہ دو برس کے دوران فارغ کیا جائے گا جبکہ دیگر  ایک لاکھ اہلکاروں کو سنہ 2022 سے 2023 تک گھر بھیجا جائے گا۔

    خیال رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اگست 2017 میں اعلان کیا گیا تھا کہ فوج کے 57 ہزار فوجیوں کو دوبارہ سے بحال کیا گیا جائے، یہ فیصلہ سیکٹکار کمیٹی کی جانب سے پیش جانے والی سفارشات کے بعد کیا تھا تاکہ آرمی کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔

  • سی پیک اور دیگر میگا پروجیکٹ کے لیے اب ستر فیصد پاکستانی انجینئرز بھرتی کیے جائیں گے: چیئرمین پی ای سی

    سی پیک اور دیگر میگا پروجیکٹ کے لیے اب ستر فیصد پاکستانی انجینئرز بھرتی کیے جائیں گے: چیئرمین پی ای سی

    اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل( پی ای سی) کے چیئرمین جاوید سلیم قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک اور دیگر میگا پروجیکٹ کے لیے اب ستر فیصد پاکستانی انجینئرز بھرتی کیے جائیں گے، انجینئرز ذاتی کمپنیاں بھی کھول سکتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، چیئرمین پی ای سی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اب پاکستان کے انجینئرز دنیا بھر کے باقی انجینئرز کی طرح مارکیٹ میں کام کریں گے، انہیں کسی قسم کی پریشانی درپیش نہیں آئے گی، پاکستانی انجینئرز نوکریوں کے لیے دنیا بھر میں کہیں بھی اپلائی کرسکتے ہیں اور ذاتی کمپنیاں بھی کھول سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ابھی دنیا کے انیس ممالک کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیا ر دیا گیا ہے جبکہ سی پیک اور دیگر میگا پروجیکٹ کے لیے اب ستر فیصد پاکستانی انجینئرز بھرتی کیے جائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیار ملنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے، پاکستان کے انجینئرز کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرنگ لائسنس ملک میں جاری ہوگا۔


    پاکستانی انجینئرز کے لیے خوش خبری


    خیال رہے کہ گذشتہ روز برطانیہ میں جنیوا معاہدے کے تحت پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید سلیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پی ای سی کو نیا اعزاز دینے سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیار دیا گیا جس کے بعد اب وہ لائسنس جاری کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرنگ لائسنس جاری کرنے کا اختیار ملنا پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کیونکہ اس سے پاکستان کے انجینیئرز کی عالمی مارکیٹ میں مانگ بڑھ جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم جیتے تو 2023 تک 20 لاکھ نوکریاں پیدا ہوسکتی ہیں: احسن اقبال

    ہم جیتے تو 2023 تک 20 لاکھ نوکریاں پیدا ہوسکتی ہیں: احسن اقبال

    نارووال: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ہم جیتے تو 2023 تک 20 لاکھ نوکریاں پیدا ہوسکتی ہیں، سو دن کا پلان دینے والوں سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے سو دن میں خیبر پختونخواہ میں کیا کیا؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 4 سال سے میٹرو پنجاب کی نقل کرکے پختونخوا میں بنا رہے ہیں، یہ لوگ نیا پاکستان کیا بنائیں گے انہوں نے پشاور کو کھنڈر بنا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی تسلسل سے ہوتی ہے، نارووال کی دھرتی میں میرا خون شامل ہوگیا ہے، جس نے مجھ پر گولی چلائی اس کو نفرت کی ترغیب دی گئی، یہ کون لوگ ہیں جو ایک مسلمان کو دوسرے سے لڑوانا چاہتے ہیں۔


    آج میزائل اور ٹینک قوموں کے لیے بوجھ ہیں: احسن اقبال


    گذشتہ ماہ خود پر ہونے والے حملے سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ گولی جو میرے اندر ہے مجھے یاد دلاتی رہے گی، جنت یا دوزخ میں جانے کا فیصلہ کسی اور نے نہیں بلکہ اللہ نے کرنا ہے، ن لیگ نظریہ پاکستان کی محافظ اور اسلام کو بنیاد سمجھتی ہے۔


    احسن اقبال نے عمران خان کے سو روزہ پروگرام کو وژن 2025 کا چربہ قرار دے دیا


    احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ 5 سالوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، سی پیک اس صدی کا پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ تھا، آج ن لیگ ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتی ہے، 25 جولائی کو شیر پر مہر لگاکر نوازشریف کو کامیاب کروائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن میں کام کرنے کے لیے 10 بہترین ملازمتیں

    لندن میں کام کرنے کے لیے 10 بہترین ملازمتیں

    ہم میں سے بہت سے افراد بیرون ملک جا کر ملازمت کرنا چاہتے ہیں۔ مختلف ممالک میں ملازمتوں کے حوالے سے مختلف رجحانات ہوتے ہیں جو بدلتے رہتے ہیں۔ اگر آپ کا شمار بھی ایسے افراد میں ہوتا ہے تو برطانیہ کی بہترین ملازمتوں کی یہ فہرست یقیناً آپ کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگی۔

    یہ فہرست  ملازمتوں کے بارے میں بین الاقوامی ویب سائٹ گلاس ڈور نے شائع کی ہے۔

    مذکورہ فہرست نہ صرف برطانیہ میں مقیم افراد کے لیے بلکہ ان طالب علموں کے لیے بھی مددگار ہے جو اپنی تعلیم کے درمیانی مراحل میں ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں یا برطانیہ جانا چاہتے ہیں۔

    یہ فہرست طالب علموں کے لیے بدلتے ہوئے رجحانات کو دیکھتے ہوئے ان کی تعلیم اور کیریئر کے انتخاب میں معاون ثابت ہوگی۔


    10 ۔ کمیونیکیشنز مینیجر

    ادارے کے اندر اور باہر تازہ ترین پیش رفت کی ترسیل۔ ادارے کے اندر ملازمین تک اور ادارے سے باہر دیگر افراد تک ادارے کے بارے میں ضروری معلومات پہنچانا۔

    جاب اسکور: 4.3

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.2

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 313

    اوسط تنخواہ: 46,800 پاؤنڈز


    9۔ اسکرم ماسٹر

    کسی ٹیم کے ساتھ رہتے ہوئے صورتحال کے مطابق فوری طور پر حکمت عملی طے کرنا۔

    جاب اسکور: 4.3

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.4

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 252

    اوسط تنخواہ: 55,000 پاؤنڈز


    8 ۔ سلوشن آرکیٹیکٹ

    تعمیری اور تکینکی ٹیموں کے درمیان روابط کا کام۔

    جاب اسکور: 4.3

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 3.8

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 449

    اوسط تنخواہ: 65,000 پاؤنڈز


    7۔ سپلائی چین مینیجر

    کسی ادارے کی مختلف شاخوں تک مطلوبہ سامان (لوگوں کے ذریعے) پہنچانے کی ذمہ داری۔

    جاب اسکور: 4.3

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.1

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 328

    اوسط تنخواہ: 53,000 پاؤنڈز


    6۔ ڈیٹا سائنٹسٹ

    ادارے کے تمام ضروری ڈیٹا کو ترتیب دینا۔

    جاب اسکور: 4.4

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.4

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 428

    اوسط تنخواہ: 45,000 پاؤنڈز


    5۔ ایچ آر مینیجر

    ادارے کے لیے بہترین ملازمین کی تلاش اور مستقل بنیادوں پر ان کی تربیت کی ذمہ داری۔

    جاب اسکور: 4.4

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.1

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 429

    اوسط تنخواہ: 50,000 پاؤنڈز


    4 ۔ آڈٹ مینیجر

    ادارے کے اندر قوانین و ضوابط کو موجودہ (مارکیٹ کے رجحانات یا حکومت کی جانب سے احکامات کے) تقاضوں کے مطابق رکھنا۔

    جاب اسکور: 4.4

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.2

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 307

    اوسط تنخواہ: 59,500 پاؤنڈز


    3 ۔ ڈیزائن مینیجر

    تعمیراتی مراحل میں مجموعی نگرانی کی ذمہ داری۔

    جاب اسکور: 4.4

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 4.1

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 359

    اوسط تنخواہ: 55,000 پاؤنڈز


    2 ۔ ٹیکس مینیجر

    ادارے کے تمام ٹیکس معاملات کی نگرانی کرنا۔

    جاب اسکور: 4.4

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 3.8

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 611

    اوسط تنخواہ: 59,228 پاؤنڈز


    1 ۔ فنانس مینیجر

    ادارے کے تمام معاشی امور کی ذمہ داری۔

    جاب اسکور: 4.5

    ملازمین کی ملازمت سے مطمئن ہونے کی شرح: 3.7

    فی الوقت موجودہ اسامیاں: 1600

    اوسط تنخواہ: 68،000 پاؤنڈز


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ عرب امارات کا بڑی تعداد میں‌ نوکریاں دینے کا فیصلہ

    متحدہ عرب امارات کا بڑی تعداد میں‌ نوکریاں دینے کا فیصلہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات حکومت نے تمام ریاستوں میں بڑے پیمانے پر غیر ملکیوں کو نوکریاں دینے کا فیصلہ کرلیا، متعلقہ وزارت نے کہا ہے کئی ممالک سے لیبر یہاں بلوانے کے لیے بات چیت جاری ہے جلد معاہدے کرلیے جائیں گے۔

    گلف نیوز کے مطابق یو اے ای کی منسٹری آف ہیومن ریسورس اینڈ ایمریٹائزیشن (MOHRE) نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ملنے والی غیر ملکی ملازمین کی سپلائی میں اضافہ ہونے والا ہے کیوں کہ متعلقہ وزارت مین پاور کے لیے جلد متعدد ممالک سے معاہدے کرنے والی ہے۔

    وزارت میں تعینات اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری فار کمیونی کیشن اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز ڈاکٹر عمر النعیمی نے گلف نیوز کو بتایا کہ وزیر گوبش اس ضمن میں منصوبہ بندی کررہے ہیں اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ لیبر کی شکل میں معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ وزارت کئی ممالک سے باہمی مشاورت میں مصروف ہے جس کا مقصد ان ممالک کے شہریوں کو متحدہ عرب امارات بطور گھریلو ملازمین کے لانا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان ممالک نے اپنے شہریوں کو یہاں نوکری دلانے کے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے، خاص طور پر گھریلو ملازمین سے متعلق وضع نئے قانون میں باہمی مشاورت سے تمام شراکت داروں اور نجی ریکروٹمنٹ اداروں سے ملازمین کے تحفظ کے نکات پر بات کی جارہی ہے ۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی بڑی تعداد میں کئی ممالک سے معاہدے ہونے والے ہیں۔

    کون کون سے ملازمتیں دی جائیں گی؟

    گلف نیو زکے مطابق غیر ملکی ملازمین کو چوکی دار، آیا، گھریلو ملازم، باورچی، گارڈ، مالی اور اسی طرح کی دیگر نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔

  • مختصر عرصے میں روزگار کے لیے اہمیت حاصل کرنے والے شعبے

    مختصر عرصے میں روزگار کے لیے اہمیت حاصل کرنے والے شعبے

    کراچی: چھوٹے بچوں سے جب سوال کیا جاتا ہے کہ وہ کیا بنیں گے تو اکثر کی زبان پر ڈاکٹر، پائلٹ، فوجی، بزنس مین وغیرہ کی خواہشات سنائی دیتی ہیں مگر گزشتہ 15 سال میں ایسے پانچ شعبے متعارف ہوئے جنہیں اپنانے کی ہر کوئی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔

    تمام ہی والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اچھی تعلیم دلوائیں کیونکہ اسی کی بدولت اُن کا بچہ آگے جاکر اچھی نوکری حاصل کرتا ہے، اسکول میں پڑھنے والے بچوں سے جب مستقبل کے حوالے سے سوال کیا جاتا ہے تو اکثر پرانی ہی خواہشات کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔

    دنیا جس تیزی سےترقی کررہی ہے اسی کے ساتھ ملازمتوں کے لیے نئے شعبے بھی سامنے آئے، اکثر بچے جو بارہا دفعہ ڈاکٹر ، ٹیچر یا پائلٹ بننے کی خواہش کا اظہار کرتے تھے اب وہ ان شعبوں میں خدمات سرانجام دیتے نظر آرتے ہیں۔

    کمپیوٹر کی تخلیق اور انٹرنیٹ متعارف ہونے کے بعد روزگار کے لیے نئے شعبے سامنے آئے، مثلاً سافٹ ویئر انجیئر، ویب ڈویلپر  وغیرہ وغیرہ۔ کم وقت میں سکون کے ساتھ پیسے کمانا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے۔

    انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ سوشل میڈیا پر کمانے کے کئی مواقع حاصل ہوئے اور کئی لوگ انہی شعبوں سے وابستہ ہیں۔

    بلاگر

    انٹرنیٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان کے بعد مختلف اداروں نے اپنی تشہیر کے لیے باقاعدہ بلاگرز کو نوکریاں دیں تاہم ان میں کچھ ایسے بھی ہیں جو فری لانس بھی کام کر کے اچھے پیسے کما لیتے ہیں۔ ادارے اپنی پروڈکٹ یا خاص مقصد کے لیے اچھے لکھنے والوں کو موضوع فراہم کرتی ہے جس پر وہ اچھا سا مضمون تحریر کر کے مطلوبہ رقم یا تنخواہ حاصل کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا ٹیم

    سوشل میڈیا نے کچھ ہی عرصے میں بہت اہمیت حاصل کرلی کیونکہ یہاں ملکی اور بین الاقوامی صارفین کا ایک دوسرے سے رابطہ رہتا ہے، سماجی رابطوں کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے تمام ہی نیوز چینلز اور مختلف اداروں نے باقاعدہ سوشل میڈیا ٹیمز ہائیر کی ہوئی ہیں، جن کو منظم کرنے کے لیے ایک سربراہ بھی مقرر کیا جاتا ہے۔

    گرافک ڈیزائنر

    سوشل میڈیا پر خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ویب سائٹ یا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ یہ معیاری ہو جو دوسرے صارف کو متاثر کرسکے، اس کام کے لیے باقاعدہ علیحدہ شخص کو ملازمت یا کام دیا جاتا ہے جو اپنی صلاحیتوں سے چیزوں میں نکھار پیدا کرتا ہے۔

    ایپ ڈویلپر

    انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ موبائل فون کےصارفین میں بھی بہت حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، موبائل فون بنانے والی کمپنیاں اپنے ماڈلز میں نت نئی ایپ لیکشنز شامل کرتی ہیں جس کے لیے باقاعدہ ڈویلپر  ہائیر کئے جاتے ہیں۔

    یوٹیوب ویڈیو

    ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یوٹیوب کے ذریعے ویڈیو بنانے والے حضرات اچھی کمائی حاصل کررہے ہیں،مختلف ادارے اور شخصیات ویب سائٹ پر اپنا چینل بنا کر ویڈیو شیئر کرتے ہیں جس کے بعد اُن کے فالورز اُسے دیکھتے ہیں۔ فالوورز کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مختلف کمپنیاں ویڈیو سے پہلے اپنے اشتہارات بھی دیتی ہیں جس سے بہتر کمائی ہوتی ہے۔

  • سال  2017 کی بہترین ملازمتیں آئی ٹی سیکٹر کی ہیں

    سال 2017 کی بہترین ملازمتیں آئی ٹی سیکٹر کی ہیں

    نیویارک : ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق دنیا کی بہترین ملازمیتوں میں دس ملازمیتں آئی ٹی سیکٹر کی ہیں۔

    اگر آپ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ لینے والے ہیں تو جان لیں ایک آئی ٹی پروفیشنل کیلئے سال دو ہزار سترہ میں ملازمیوں کے مواقع کسی بھی اور سیکٹر سے زیادہ ہیں ۔

    سال دوہزار سترہ کی بہترین ملازمتیں آئی ٹی سیکٹر کی ہیں۔

    سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع آئی ٹی سیکٹر میں آئے ہیں، لنکڈ ان

    نیٹ ورلڈ اکنامک فورم کا کہناہے کہ لنکڈ ان کے اعداد وشمار کے مطابق سال دوہزار سترہ کی بہترین ملازمتیں آئی ٹی سیکٹر کی ہیں، سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع آئی ٹی سیکٹر میں آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چودہ مختلف ممالک کی کمپنیاں آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں ملازمتیں دے رہی ہیں، ان ملازمتوں میں کلاوڈ ڈسٹربیویشن، ڈیٹا انیلیسس، نیٹ ورک سیکیورٹی ، موبائل ڈیولپمنٹ، سرچ اینجن مارکیٹنگ اور اسٹوریج سے متعلق جابز شامل ہیں۔

  • ملتان، وکلاء کا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر احتجاج

    ملتان، وکلاء کا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر احتجاج

    ملتان: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے وکلاء کے خلاف بنائی جانے والی ایڈوائزری کمیٹی کے خلاف وکلا نے احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی، وکلاء کا کہنا تھا کہ ججز کی تعیناتی کے مسئلے میں جنوبی پنجاب کے وکیلوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے وکلاء نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے وکلا کے خلاف بنائی جانی والی ایڈوائزی کمیٹی کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

    مظاہرہ کرنے والے وکلا کا کہنا تھا کہ ججز کی تعیناتی کے مسئلے پر بھی جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سینئیر وکلا کو میرٹ پر ہونے کے باوجود نظر انداز کیا گیا ہے اور اب ایڈوائزری کمیٹی بنا کر احتجاج کا حق بھی چھین لیا گیا۔

    وکلا کا کہنا تھا کہ حق مانگنے پر ہمارے لائسنس منسوخ کیے جارہے ہیں، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایڈوائزی کمیٹی غیر قانونی اقدام ہے اسے فوری ختم کیا جائے اور جنوبی پنجاب کے وکلا کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔

  • بیروزگاری: ایک فتنہ

    بیروزگاری: ایک فتنہ

     

    بے روزگاری وہ فتنہ ہے جو کسی بھی معاشرے میں فساد برپا کرنے کے لئے کافی ہے کیونکہ جب انسان بھوکا ہو اس کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہ ہو تو وہ کھانے کے حصول کے لئے اچھے اور برے کی تمیز کھو بیٹھتا ہے۔اس وقت اس کی سوچ صرف پیٹھ کی دوزخ بھرنے تک محدود ہو جاتی ہے اوراسے غلط کام بھی صحیح لگ رہا ہوتا ہے۔ آج کل پاکستان کے جو حالات ہیں اور جرائم بڑھنے کی بنیادی وجہ بے روزگاری ہے۔ اس فتنے نے اتنی تیزی سے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے کہ اب اس سے پیچھا چھڑانا مشکل ہو گیا ہے۔

    ملک کے بگڑتے ہوئےحالات کے پیش نظر سرمایہ تیزی سے منتقل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری کی شرح میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اورمسائل کا ایک انبار ہے جسے حل کرنے کے لئے عوام سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہے۔ایک مسئلہ حل ہونے کو آتا نہیں ہے کہ دوسرا سر اٹھا لیتا ہے۔ مہنگائی نے الگ عوام کا حال برا کیا ہے۔ کبھی بجلی مہنگی ہو جاتی ہے کبھی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔

    اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان نسل اپنا مستقبل سنوارنے بیرون ِ ملک جا رہی ہے یہاں وہ ہی رہ جاتے ہیں جن کے پاس وسائل کی کمی ہوتی ہے اب ایسے حالات میں ملک کیسے ترقی کرے گا کیونکہ آگے بڑھنے کے تمام راستے تو مسدود کردئے گئے ہیں صرف مسائل ہی ہیں جو ہر طرف نظر آرہے ہیں۔

    ایسے حالات میں ملک اور معاشرے کو مثالی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع زیادہ سے زیادہ فراہم کئے جائیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے۔ سرمایہ کاروں کو ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب کیا جائے۔ ملک کے ٹیلنٹ باہر جانے سے روکنے کے لئے ضروری ہے کہ انھیں یہاں وہ تمام مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں جو انھیں باہر جانے کی طرف راغب کرتی ہیں اور یہ سب صرف اس وقت یہ ممکن ہو سکتا ہے جب ملک کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے حکومتی ادارے اور عوام دونوں مل کر کام کریں۔

    یہی وہ واحد طریقہ ہے کہ جس سے سو فی صد نہ سہی لیکن کم سے کم پچاس فی صد نتائج ضرور حاصل ہونگے جو ملک کی ترقی میں یقیناًمعاون ثابت ہونگے اور ہمارا ملک بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہو جائے گا۔