Tag: John Lennon:

  • جان لینن کی یادگار اشیا نیلامی کے لیے پیش

    جان لینن کی یادگار اشیا نیلامی کے لیے پیش

    ڈیجیٹل اثاثوں کی نیلامی کرنے والی ویب سائٹ نان فنجائی ایبل ٹوکن (این ایف ٹی) پر برطانوی میوزک گروپ دی بیٹلز اور آنجہانی موسیقار جان لینن کی یادگار اشیا کو نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

    برطانیہ کے مشہور موسیقار جان لینن کے بیٹے جولیان اپنی ذاتی کلیکشن میں موجود موسیقی کے نوادر کو این ایف ٹی پر نیلام کر رہے ہیں۔

    جولیان کی جانب سے نیلامی کے لیے پیش کی گئی اشیا میں ان کے والد صاحب کا سیاہ کیپ بھی شامل ہے جو انہوں نے فلم ہیلپ میں پہنا تھا۔

    این ایف ٹی پر پیش کی گئی دیگر اشیا میں جان لینن کا فلم میجیکل مسٹری میں پہنا گیا افغان کوٹ اور جولیان کو اپنے والد کی جانب سے تحفے میں ملنے والے تین گبسن گٹار بھی شامل ہیں۔

    نیلامی میں پال میک کارٹنی کی جانب سے دی بیٹلز کے گانے ہے جوڈ کے لیے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس بھی شامل ہیں۔

    گانے کے لیے پال میک کارٹنی کے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس کے لیے نیلامی کا آغاز 30 ہزار ڈالر سے کیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ اس سے کئی گنا زائد قیمت پر نیلام ہوگا۔

    این ایف ٹی پر نیلامی سے حاصل ہونے والی ساری رقم جولیان لینن کے فلاحی ادارے وائٹ فیدر فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی، اس آن لائن نیلامی کا آغاز 7 فروری سے ہوگا۔

  • معروف گلوکار کا ‘ان سنا گانا’ ایک کروڑ روپے میں نیلام

    معروف گلوکار کا ‘ان سنا گانا’ ایک کروڑ روپے میں نیلام

    کوپن ہیگن: ڈنمارک کے ایک نیلام گھر سے انیس سو ستر کی ایک آڈیو کیسٹ 50 ہزار یورو (تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام ہوئی۔

    اس کیسٹ کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں مشہور برطانوی گلوکار اور پاپ بینڈ ’’بِیٹل‘‘ کے بانی، جان لینن اور اس کی بیوی کا انٹرویو ریکارڈ ہے جو پانچ جنوری انیس سو ستر کو ڈینش اسکول کے بچوں نے لیا تھا، اس ریکارڈ شدہ انٹرویو میں جان لینن کا ایک ‘ان سنا گانا’ بھی شامل ہے۔

    اس انٹرویو کی نایاب ریکارڈنگ دو روز قبل نیلام کی گئی، ایک مداح نے اس ریکارڈنگ کو پچاس ہزار یورو میں خریدا، 33 منٹ کی اس آڈیو ریکارڈنگ میں لینن اور اس کی جاپانی نژاد امریکی بیوی یوکو اونو نے اپنے دورہ ڈنمارک اور عالمی امن کے بارے میں بات کی تھی۔

    انٹرویو کے اختتام پر لینن نے اپنے دو گانے ’گیو پیس اے چانس‘ (امن کو ایک موقع دو) اور ’ریڈیو پیس‘ (امن کا ریڈیو) بھی سنائے تھے جو اس نے انیس سو انہتر میں ہالینڈ کے ایک ریڈیو اسٹیشن کےلیے ترتیب دیئے گئے تھے مگر یہ گانے کبھی نشر نہیں ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: نوجوان نے خطرناک جانور کو کوڑے دان میں‌ بند کردیا، حیران کن ویڈیو

    اس گیت کو انہوں نے اپنی امن کی مہم ‘ریڈیو پیس‘ کے لیے خود لکھا تھا، دونوں میاں بیوی حقیقت میں اس نام کا ایک ریڈیو اسٹیشن نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں کھولنا چاہتے تھے لیکن ناگہانی موت کی وجہ سے ان کا یہ خواب ادھورا رہا۔

    یہ وہ دور تھا جب امریکا کی ویتنام جنگ زوروں پر تھی اور سر دجنگ میں بتدریج شدت آتی جا رہی تھی، لینن اور ان کی فنکار بیوی ان دونوں کے شدید مخالفین میں سے تھے، یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یوکو اونو بھی امن کی سرگرم کارکن اور ملٹی میڈیا آرٹسٹ تھیں۔

    یاد رہے کہ یوکو اونو سے جان لینن نے سن 1969 میں شادی کی تھی اور سن 1980 میں قتل ہونے تک وہ انہی کے ساتھ مقیم تھے، لینن چالس برس کی عمر امریکا کے نیویارک سٹی میں قتل کر دیئے گئے تھے۔