Tag: joins

  • بھارتی ادکارہ امریکی فوج میں شامل!

    بھارتی ادکارہ امریکی فوج میں شامل!

    بھارتی تامل اداکارہ اکیلا نارائنن نے امریکی فوج میں شمولیت اختیار کرلی ہے، اب بطور وکیل امریکی فوج میں خدمات انجام دیں گی۔

    بھارتی نژاد تامل اداکار اکیلا نارائنن نے امریکی فوج میں وکیل کے عہدے پر فائز ہوکر تاریخ رقم کی ہے۔

    اکیلا نارائنن نے گزشتہ سال ہدایتکار ارول کی ہارر تھرلر فلم کدمپاری سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

    اطلاعات کے مطابق امریکی فوج میں شمولیت سے قبل انہوں نے کئی ماہ تک تربیت حاصل کی، تربیت مکمل کرنے کے بعد اداکارہ اب بطور وکیل امریکی فوج میں شامل ہوگئی ہیں۔

    اکیلا نارائنن اس کے علاوہ موسیقی کا ایک آن لائن اسکول نائٹنگیل اسکول آف میوزک بھی چلا رہی ہیں۔

    اس حوالے سے اکیلا نارائن کا کہنا تھا کہ والدین نے ان کے ہر قدم پر ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے پہلے ان کے اداکارہ بننے کے خواب اور اب امریکی فوج میں شامل ہونے کے خواب میں بھی انہوں نے اپنی بیٹی کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

    بھارتی نژاد اداکارہ امریکا میں مقیم ہیں اور اداکاری کی شروعات گزشتہ سال تامل فلم کدمپاری سے کی، جس کی ہدایتکاری ارول نے دی تھی جب کہ فلم کے موسیقار پرتھوی تھے۔

  • برطانیہ کا آبنائے ہرمز میں امریکی بحری مشن میں شمولیت کا اعلان

    برطانیہ کا آبنائے ہرمز میں امریکی بحری مشن میں شمولیت کا اعلان

    لندن : برطانوی وزیر دفاع نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی مشن میں شمولیت برطانوی پالیسی میں تبدیلی کے مترادف نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے آبنائے ہرمز میں امریکا کی زیر قیادت بحری مشن میں شمولیت اختیار کر لی ہے، اس سے قبل برطانیہ خلیج فارس کے تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ یورپی بحری مشن شروع کرنے کی کوششوں میں تھا۔

    منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں برطانوی وزیردفاع نے کہاکہ امریکی مشن میں شمولیت برطانوی پالیسی میں تبدیلی کے مترادف نہیں ہے۔

    برطانوی وزیر دفاع بین والس کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیوں کہ آبنائے ہرمز کے اہم عالمی بحری تجارتی راستوں کا فوری تحفظ وقت کی ضرورت ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے علاوہ ابھی تک کسی اور ملک نے امریکی مشن میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا ، جرمنی نے امریکی بحری مشن میں شمولیت سے معذرت کر لی تھی۔

    یاد رہے کہ جرمنی کے وزیر خارجہ ھائیکوس ماس نے کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ جاری بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، ایران کے بحران کا کوئی فوجی حل قابل قبول نہیں ہوگا۔

    ایک بیان میں جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے معاملے کو مزید الجھانے کی کوئی گنجائش نہیں،جرمنی امریکا کے ایران کے خلاف کسی فوجی مشن میں شامل نہیں ہوگا۔

  • مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے اور خواجہ آصف کے قریبی ساتھی پی ٹی آئی میں شامل

    مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے اور خواجہ آصف کے قریبی ساتھی پی ٹی آئی میں شامل

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ گرادی، سیالکوٹ میں خواجہ آصف کا قریبی ساتھی پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے چوہدری اخلاق نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی اور  پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، ملاقات کے دوران جہانگیر ترین، عثمان ڈار اور عمر ڈار بھی شریک تھے۔

    اس موقع پر چوہدری اخلاق کا کہنا تھا کہ وہ غیر مشروط طور پر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور وہ پارٹی کی مضبو طی کے لئے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گے ۔

    خیال رہے کہ چوہدری اخلاق پچیس سال سے مسلم لیگ نواز کا حصہ تھے اور سیالکوٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے قریبی ساتھی تصور کئے جاتے ہیں، چوہدری اخلاق 2008 کے الیکشن میں سیالکوٹ پی پی 122 سے مسلم، لیگ ن کے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔


    مزید پڑھین : لیگی رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو پی پی میں شامل


    اس سے قبل گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے اسماعیل راہو سندھ اسمبلی سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے اور وہ آج بدین کے جلسے میں باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔

    مسلم لیگ نواز کی مرکزی قیادت نے نواز لیگ سندھ کے صدر محمد اسماعیل راہو کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کی کوششوں کے بعد عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ صدر ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ بابو سرفراز جتوئی ایڈووکیٹ کو مسلم لیگ (ن) سندھ کا نیا صدر مقرر کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما امداد چانڈیو اور  سینئیر رہنما عبدالحکیم بلوچ بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں، امداد چانڈیو کا مسلم لیگ ن سندھ کے انتہائی سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتا تھا۔