Tag: jonathan banks

  • اسلام آباد پولیس کا سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار

    اسلام آباد پولیس کا سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار

    اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد طاہرعالم کو حکم دیا تھا کہ پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملوں کے حوالے سے سی آئی اے چیف کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا جائے۔

    تاہم اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل جمعرات کو دائر کی جائے گی۔

     اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا تھا کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں ہلاکتیں اسلام آباد نہیں بلکہ فاٹا میں ہوئی ہیں لہذا مقدمہ بھی وہیں درج ہونا چاہیے۔

  • سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

    سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

    اسلام آباد : امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں سے ہلاکتوں پر درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔

    انہوں نے حکم دیا کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ جوناتھن بینکس کے خلاف مقدمہ چوبیس گھنٹوں میں درج کرکے رپورٹ رجسٹرار دفتر میں جمع کرائی جائے ۔

    عدالت نے اسلام آباد پولیس کے سربراہ طاہر عالم سے استفسار کیا کہ سی آئی اے کنٹری ڈائریکٹر جوناتھن بینکس کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق عدالتی احکامات کو ایک سال ہوگیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    اس پر آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ مقدمے میں وزارت خارجہ بھی فریق ہے۔اگر مقدمہ درج ہوا تو پاک امریکا سفارتی تعلقات متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

    جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ عدالت آئین اور قانون کے مطابق چلتی ہے۔ اگر کہیں پر کوئی غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنا عدالت کا کام ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم کو محض ایک کاغذ کا ٹکڑا سمجھ رہی ہے اس لئے اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔