Tag: Jordan

  • باپ نے کمسن بیٹیوں کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کردیا، لاشیں گھر میں دفنا دیں

    باپ نے کمسن بیٹیوں کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کردیا، لاشیں گھر میں دفنا دیں

    اومان: اردن میں ایک شخص نے اپنی 2 بچیوں کو ڈنڈے برسا کر ہلاک کر دیا اور لاشیں گھر میں ہی دفن کردیں، دلخراش واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ عرب خاتون نے اردنی محکمہ امن عامہ میں شکایت درج کروائی تھی کہ اسے شمالی اردن کے صوبے اربد میں اپنے باپ کے ساتھ رہنے والے چار بچوں کی زندگی خطرے میں نظر آرہی ہے، باپ ذہنی مریض بھی ہے۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان کرنل عامر السرطاوی کا کہنا ہے کہ شکایت ملنے پر اردنی شہری کو حراست میں لے کر بچوں کو تلاش کیا گیا، پتہ چلا کہ 4 بچوں میں سے صرف 2 گھر میں موجود ہیں، دونوں کا بیان ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے ہولناک انکشاف کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والد انہیں مسلسل مار پیٹ کا نشانہ بناتے رہے، گزشتہ دنوں ان کے والد نے 2 بہنوں جن کی عمریں 9 اور 12 سال تھیں، انہیں ڈنڈے سے مار مار کر ہلاک کر دیا اور گھر کے صحن میں دفنا دیا تھا۔

    بعد ازاں اردنی شہری نے پوچھ گچھ کے دوران اقرار کیا کہ اس نے 10 روز پہلے ایک بچی کو ڈنڈے سے مار کر ہلاک کر کے گھر کے صحن میں دفن کیا کردیا، اس کے چند روز بعد دوسری بیٹی کو ڈنڈے مار کر ہلاک کیا اور لاش گھر کے قریب ایک گڑھے میں پھینک دی تھی۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہیں جبکہ زندہ بچنے والے 2 بچوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، ان کی ذہنی حالت بہت زیادہ خراب تھی۔

    بچیوں کے لرزہ خیز قتل کے بعد پورا ملک غم و غصے کی کیفیت میں ہے۔

  • اردن: بندرگاہ پر پیلے رنگ کا زہریلا دھواں پھیل گیا، 13 افراد ہلاک (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    اردن: بندرگاہ پر پیلے رنگ کا زہریلا دھواں پھیل گیا، 13 افراد ہلاک (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    عمان: اردن کی بندرگاہ پر زہریلی گیس سے 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو اردن کی عقبہ بندر گاہ پر موجود ایک ٹینک پھٹ گیا، جس سے زہریلی کلورین گیس خارج ہونے کی وجہ سے تیرہ افراد ہلاک اور 251 زخمی ہو گئے۔

    زہریلی گیس کے اخراج کے بعد آس پاس پیلے رنگ کی گیس کے بادل چھا گئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب جبوتی کو برآمد کی جانے والی 25 ٹن کلورین گیس سے بھرا ایک ٹینک ٹینکر پر منتقلی کے دوران گر گیا۔

    ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کرین ٹرک سے گیس سے بھرے ٹینک کو اوپر اٹھاتی ہے، اور ٹینک بندرگاہ پر لنگر انداز ٹینکر کے عرشے پر گرتا ہے اور دھماکے سے پھٹ جاتا ہے۔


    مقامی حکام نے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا اور لیک سے نمٹنے کے لیے ماہرین کو بھیجا، سول ڈیفنس سروس نے اپنے فیس بک پیج پر کہا کہ خصوصی ٹیمیں تاحال لیک سے نمٹ رہی ہیں۔

    سرکاری حکام نے شہریوں کو ہدایات کی ہیں کہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں، اردن کے وزیرِ اعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔

  • اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

    اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

    اومان: اردن میں کرونا وائرس سے متعلق بیشتر پابندیاں ختم کردی گئیں جن میں اردن آنے والے افراد پر پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی بھی شامل ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن نے کرونا وبا کی موجودہ لہر ختم ہوتے ہی بچاؤ کے لیے مقررہ بیشتر پابندیاں ختم کردی ہیں، حکومتت ترجمان فیصل الشبول کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں کرونا وائرس کے مریضوں سے ملنے والوں پر قرنطینہ کی پابندی ختم کردی گئی، اب بیرون ملک سے آنے والے اردنی شہریوں اور غیر ملکیوں میں سے کسی سے بھی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تقریبات، اجتماعات اور سماجی پروگراموں میں شرکت کے لیے کرونا ٹیسٹ کی پابندی بھی ختم کردی گئی، البتہ سرکاری اور نجی اداروں میں جانے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کا ہونا لازمی ہے۔

    کووڈ 19 کے مریضوں کی آئسولیشن کا دورانیہ بھی کم کرکے 5 روز کردیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق تمام اسکول باقاعدہ کھولے جائیں گے، اساتذہ اور طلبہ سب اسکولوں میں ہی پڑھنے اور پڑھانے کا عمل شروع کریں گے۔

    اگر کوئی طالب علم متاثر ہوگا تو اس صورت میں اسے 5 روز کے لیے گھر میں آئسولیٹ کردیا جائے گا اور 5 دن بعد وہ اسکول واپس آجائے گا۔

  • غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    اومان: اردن میں مقیم پاکستانی خاتون کی اس وقت خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں پتہ چلا کہ ان کے اکاؤنٹ میں ہزاروں دینار کی رقم موجود ہے، مذکورہ خاتون کو گزر بسر کرنے کے لالے پڑے تھے جب اس اچانک دریافت نے انہیں خوشی سے نہال کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی نژاد اردنی معمر خاتون عذرا قدسیہ غربت اور افلاس سے تنگ آ کر مدد کے لیے سرکاری ادارے پہنچ گئیں اور مدد کی درخواست کر دی لیکن وہاں انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ میں تو اچھی خاصی رقم موجود ہے۔

    اکاؤنٹ میں پیسوں کی موجودگی پر خاتون خود بھی حیران رہ گئیں اور ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    خاتون عذار قدسیہ لاعلم تھیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں 2008 سے پنشن کی رقم جمع ہو رہی ہے اور اب ان کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے۔

    عذرا قدسیہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے اردن ملازمت کے لیے آئی تھیں جہاں وہ ایک اسپتال میں مڈ وائف کی خدمات انجام دیتی رہیں اور ریٹائر ہونے کے بعد بھی رضاکارانہ طور پر یہ خدمات انجام دیتی رہیں تاہم صحت کی خرابی کے باعث اب ان کے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

    ریٹائر ہونے کے بعد اردن کی حکومت نے معمر خاتون کو ان کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں شہریت دے دی تھی تاہم عذرا قدسیہ کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی پنشن بھی ہر مہینے بینک اکاؤنٹ میں آ رہی ہے، انہیں اردن کے پینشن سسٹم کا علم ہی نہیں تھا۔

    دو روز قبل انہوں نے اردن کے صوبے المفرق کے حکام سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ اب میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہی ہوں اور صحت کی خرابی کے باعث مزید کام کرنے کی ہمت نہیں رہی اس لیے گزر بسر کے لیے مدد کی جائے۔

    درخواست جمع ہونے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ سال 2008 سے ان کے اکاؤنٹ میں باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ پنشن آ رہی ہے اور اب وہ رقم اتنی ہے کہ وہ انتہائی اچھی زندگی گزار سکتی ہیں۔

    حکام نے معمر خاتون کو بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 45 ہزار اردنی دینار جمع ہیں۔

  • کرونا مریضوں کی اموات، سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو قید کی سزا

    کرونا مریضوں کی اموات، سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو قید کی سزا

    اردن میں کووڈ 19 کا شکار 10 مریضوں کی اموات پر سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، مذکورہ اسپتال میں آکسیجن کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کی ایک عدالت نے سلط شہر کے سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو کووڈ کا شکار 10 مریضوں کی موت کا سبب بننے کے الزام میں 3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر عبدالرزاق الخشمان اور ان کے 4 معاونین کو ان مریضوں کی موت کا سبب بننے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

    مذکورہ سپتال میں آکسیجن ختم ہوجانے کے بعد مریضوں کی موت ہوئی تھی، اسپتال میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔

    اسپتال کے ڈائریکٹر اور ان کے معاونین کو اس عدالتی فیصلے کے خلاف 10 دن کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

    مارچ 2021 میں کرونا کے باعث ہونے والی ان اموات پر اردنی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور یہ عوامی ردعمل وزیر صحت نذیر عبیدات کے استعفے کا باعث بھی بنا۔

  • نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    عمان: اردن میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں دلہن نے یہ کہہ کر ماسک پہنے سے انکار کیا کہ اس کی لپ اسٹک خراب ہوجائے گی جس پر دلہا نے حاضرین اور نکاح خواں کے سامنے دلہن کو طلاق دے دی۔

    مذکورہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہو گیا۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ دلہا نے بروقت فیصلہ کیا تاکہ آئندہ کی زندگی پرسکون رہے جبکہ کچھ نے اسے زیادتی قرار دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نکاح رجسٹرار کے آفس میں دلہا، دلہن اور دیگر حاضرین نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے تو رجسٹرار آفس کے اہلکار نے دلہن سے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن لیں۔

    رجسٹرار آفس کے اہلکار کی جانب سے متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود دلہن نے ان کی بات نہ مانی، دلہا اور ان کے اہل خانہ نے بھی دلہن کو ماسک پہننے کے لیے کہا مگر دلہن کا ایک ہی جواب تھا کہ ماسک سے اس کی لپ اسٹک خراب ہو جائے گی جو بڑی محنت سے لگائی ہے۔

    دلہن کی بات سن کر دلہا کو غصہ آگیا اور اس نے کھڑے کھڑے یہ کہتے ہوئے دلہن کو طلاق دے دی کہ جو عورت پہلے دن ہی اپنے شوہر کی بات نہ مانے اس سے آئندہ کسی بھلائی کی امید نہیں رکھی جاسکتی۔

    طلاق کے الفاظ سنتے ہی وہاں موجود دلہن کے اہل خانہ اور دیگر لوگوں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی مگر دلہا نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور اپنے گھر والوں کے ساتھ نکاح رجسٹرار کے دفتر سے نکل گیا۔

  • اردن نے افغان شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    اردن نے افغان شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    امان: قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات کے بعد اردن نے بھی افغان شہریوں سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن نے بھی امریکا جانے والے افغان شہریوں کی عارضی میزبانی کی منظوری دی ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیعف اللہ الفایز نے بتایا کہ ’یہ فیصلہ خالص انسانی بنیادوں پر کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ اردن کے راستے جانے والے افغان شہریوں کے سفر کا طریقہ کار طے پا گیا ہے، فیصلے سے ڈھائی ہزار افغان شہر مستفیذ ہونگے۔

    گذشتہ روز افغان دارالحکومت کابل سمیت کئی شہروں میں جاری بے یقینی صورت حال کے باعث اقوام متحدہ نے بھی افغانستان سے رخت سفر باندھا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے گذشتہ روز ایک سو بیس افراد کو کابل سے قازقستان کے شہر آلماتی روانہ کیا، یہ تعداد بدھ کے روز افغانستان چھوڑنے والے ارکان کے علاوہ ہیں۔

    واضح رہے کہ افغانستان ان دنوں انسانی بحران کا شکار ہے، اس کے حل میں مدد کے طور پر افغانیوں کی عارضی میزبانی کی جائے گی،جس کے لئے قطر آٹھ ہزار، کویت پانچ ہزار، متحدہ عرب امارات پانچ ہزار اور کینیڈا بیس ہزار افغانیوں کی عارضی میزبانی کی منظوری دے چکے ہیں۔

  • نیول چیف امجد خان نیازی اردن کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے

    نیول چیف امجد خان نیازی اردن کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے

    کراچی : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اردن کے سرکاری دورے پر عمان پہنچ گئے جہاں انہوں نے اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، ڈائریکٹر فضائی آپریشنز اور کمانڈر اردن بحریہ سے ملاقاتیں کیں۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، نیول چیف نے علاقائی وسمندری تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

    میزبان حکام نے خطے میں بحری امن واستحکام کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا،نیول چیف نے اردن کی اسپیشل فورسز کی جانب سے انسداد دہشت گردی مشق کا بھی مشاہدہ کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کا اردن کا دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

  • اردن: مسافروں سے بھرا طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا

    اردن: مسافروں سے بھرا طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا

    عمان: اردن کے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا، طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی رائل ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ان کے ایک طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ہے، حکام جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق پرواز آر جے 508 قاہرہ سے عمان جا رہی تھی، طیارے کو اردن کے دارالحکومت عمان کے ملکہ عالیہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے مقررہ وقت سے دس منٹ قبل ہنگامی لینڈنگ پر مجبور کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق پرواز نے ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر کامیابی سے لینڈنگ کی، ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ جہاز پر سوار تمام 133 مسافر اور عملے کے 6 ارکان محفوظ ہیں، جہاز لینڈ کرنے کے بعد مسافروں اور عملے کو نکال کر ایئر پورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ رائل ایئر لائنز اس وقت متعلقہ حکام کے ساتھ جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے میں مصروف ہے۔

  • اردن کے شاہ عبداللہ اور سوتیلے بھائی میں مصالحت

    اردن کے شاہ عبداللہ اور سوتیلے بھائی میں مصالحت

    عمان: اردن کے شاہ عبدﷲ دوم اور ان کے سوتیلے بھائی کے درمیان مصالحت ہوگئی ہے، شاہ اردن کے خلاف بیان دینے پر سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ بن حسین کو نظربند کردیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ حمزہ نے شاہ عبدﷲ اور ملک سے وفاداری سے متعلق دستاویز پر دستخط کردئیے ہیں۔

    اردن کی رائل کورٹ کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ’ ملک کے مفادات کو ہر معاملے سے بالاتر رہنا چاہیے اور ہم سب کو اردن اور اس کے قومی مفادات کے تحفظ کی کوششوں میں شاہ عبداللہ ثانی کے پیچھے کھڑا ہونا چاہیے۔

    شہزادہ حمزہ نے اس دستاویز پر شہزادہ حسن کے گھر پر دستخط کیے ہیں جنہیں شاہ عبداللہ ثانی نے معاملہ طے کرنے کے لیے مقرر کیا تھا، شہزادہ حمزہ نے تصدیق کی تھی کہ وہ ہاشمی خاندان کے نظام اور شاہ عبداللہ ثانی کے مقرر کردہ طریقہ کار کی پابندی کریں گے۔

    اس سے قبل اردن کی رائل کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ’ اردن کے شاہ عبداللہ ثانی نے سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ کے معاملے کو فیملی کے اندر ہی نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے، شاہ عبداللہ ثانی نے اس معاملے کو اپنے چچا شہزادہ حسن بن طلال کو سونپا تھا۔

    دوسری جانب اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی بترا کے مطابق آج پبلک پراسیکیوشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’شہزادہ حمزہ کیس کی تفتیش جاری ہے، اس ضمن میں کوئی مواد خواہ وہ تحریری ہو یا مرئی یا سوشل میڈیا پر ہو شائع کرنا منع ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ اس فیصلے کی خلاف ورزی پر میڈیا قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی، فیصلے کا نفاذ تاحکم ثانی جاری رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: اُردن نے بڑی سازش ناکام بنا دی

    واضح رہے کہ اردنی قوانین کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کو کسی بھی زیر تفتیش کیس کے متعلق میڈیا میں مواد شائع کرنے پر پابندی لگانے کا اختیار ہے۔

    چار اپریل کو اردن کے نائب وزیر اعظم نے ملک کو درپیش ایک نازک صورت حال میں اہم بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاہ اردن عبداللہ ثانی کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ غیر ملکیوں سے رابطے میں تھے، جو ملک میں عدم استحکام لانا چاہتے تھے۔

    نائب وزیر اعظم ایمن الصفدی نے پریس کانفرنس میں بتایا اردن کی انٹیلی جنس نے ’زیرو آور‘ کے نام سے کچھ کمیونیکیشنز پکڑی تھیں، اور سازش کرنے والے منصوبہ بندی سے آگے بڑھ کر کارروائی کی طرف جانے والے تھے۔