Tag: Jordan

  • اُردن نے بڑی سازش ناکام بنا دی

    اُردن نے بڑی سازش ناکام بنا دی

    عَمَّان: اردن کے نائب وزیر اعظم ایمن الصفدی نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے بغض و عناد پر مبنی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کے نائب وزیر اعظم نے ملک کو درپیش ایک نازک صورت حال میں اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ اردن عبداللہ ثانی کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ غیر ملکیوں سے رابطے میں تھے، جو ملک میں عدم استحکام لانا چاہتے تھے۔

    نائب وزیر اعظم ایمن الصفدی نے پریس کانفرنس میں بتایا اردن کی انٹیلی جنس نے ’زیرو آور‘ کے نام سے کچھ کمیونیکیشنز پکڑی تھیں، اور سازش کرنے والے منصوبہ بندی سے آگے بڑھ کر کارروائی کی طرف جانے والے تھے۔

    شہزادہ حمزہ بن الحسین، جنھیں نظر بند کیا گیا ہے

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس وقت شاہ اردن عبداللہ ثانی کے سوتیلے بھائی حمزہ نظر بند ہیں، جب کہ نائب وزیر اعظم کے مطابق سینئر عہدے داروں سمیت 14 سے 16 افراد اس وقت زیر حراست ہیں، ان افراد کی گرفتاری کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔

    سعودی عرب اور امریکا کا شاہِ اُردن کے حوالے سے بڑا اعلان

    ایمن الصفدی کا کہنا تھا سابق ولئ عہد شہزادہ حمزہ کی کچھ عرصے سے نگرانی کی جا رہی تھی، حکام نے ان کی غیر ملکیوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت پکڑی، جس میں کہا گیا تھا کہ اردن کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے کس وقت کیا اقدامات کیے جائیں۔

    انھوں نے کہا شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہزادہ حمزہ بیرونی اداروں اور اردن کی نام نہاد حزب اختلاف سے رابطے میں تھے، اور شہزادہ حمزہ نے 2 عربی انگریزی ویڈیوز کے ذریعے انھیں اکسایا، نیز شہزادہ حمزہ کی اہلیہ نے بحفاظت فرار ہونے کے لیے غیر ملکی نمائندے سے رابطہ بھی کیا تھا۔

  • سعودی عرب اور امریکا کا شاہِ اُردن کے حوالے سے بڑا اعلان

    سعودی عرب اور امریکا کا شاہِ اُردن کے حوالے سے بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب اور امریکا سمیت عرب ممالک نے اُردن کے شاہ عبداللہ ثانی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی رائل کورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت شاہ عبداللہ اور شہزادہ الحسین بن عبداللہ ثانی کے فیصلوں اور امن و استحکام کے لیے اٹھائے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

    امریکی دفتر خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبداللہ امریکا کے اہم اتحادی ہیں اور ان کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے، ہم اردن حکام سے اس حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    خیال رہے کہ اردن میں گزشتہ رات بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہوئی ہیں، گرفتار کیے گئے افراد میں اردن کی رائل کورٹ کے سابق سربراہ باسم عوض اللہ بھی شامل ہیں، جب کہ اردن کے سابق شہزادے حمزہ بن الحسین نے ایک ویڈیو پوسٹ میں گھر پر نظر بند کیے جانے کا دعویٰ کیا۔

    اطلاعات کے مطابق شاہ عبداللہ کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ سے حکام کی جانب سے ملک کو عدم استحکام کے حوالے کرنے کے مبینہ منصوبے سے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں۔

    ہفتے کو اردن کی فوج کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ سابق شہزادے حمزہ بن حسین سے کہا گیا تھا کہ وہ ایسی سرگرمیاں ترک کر دیں جن سے ملک کے امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    اس سلسلے میں دیگر عرب ممالک اور تنظیموں خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ نے بھی اردن کے شاہ عبداللہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے، عرب ممالک میں مصر، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، عراق، یمن، فلسطین اور لبنان شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اردن کے سابق ولی عہد نے اپنے سوتیلے بھائی اور ملک کے بادشاہ پر کرپشن، نا اہلی اور لوگوں کو ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے، بعد ازاں شاہ عبداللہ پر تنقید کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔

  • اردن : اسپتال میں داخل 6 کورونا مریض دم گھٹنے سے ہلاک

    اردن : اسپتال میں داخل 6 کورونا مریض دم گھٹنے سے ہلاک

    عمان : اردن کے ایک اسپتال میں انتطامیہ کی غفلت سے6کورونا مریض دم گھٹنے کے باعث دم توڑ گئے، افسوسناک واقعے کے بعد وزیر صحت نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    اردن کے سالٹ شہر کے ایک سرکاری ہسپتال میں آکسیجن کی معطلی کے باعث کورونا کے چھ مریض چل بسے، واقعے کے بعد اردن کے وزیر صحت نذیرعبیدات مستعفی ہوگئے۔

    سالٹ شہر میں نئے کھولے گئے اسپتال میں آئے دن مریضوں کی ہلاکتوں کے باعث عوام میں شدید غم وغصہ بڑھ رہا ہے۔

    سان ڈیاگو یونین ٹریبون نے خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر صحت نے کہا ہے کہ وہ سالٹ پبلک ہسپتال میں ہونے والے واقعہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ جہاں آکسیجن کی معطلی کے باعث مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

    حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر صحت نے وزیر اعظم کی ہدایت پر استعفیٰ دیا ہے۔ مذکورہ واقعے کے بعد اسپتال کے سربراہ بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آکسیجن کی فراہمی میں ایک گھنٹے تک معطلی رہی جس کے باعث چھ مریض ہلاک ہوئے تھے۔

    وزیر صحت نے ٹی وی پر بیان میں کہا کہ آکسیجن کی فراہمی ایک گھنٹے تک معطل رہی جس کے بعد اسپتال کو متبادل نظام پر منتقل کیا گیا تاہم اس وقت مریضوں کی موت ہو چکی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مریضوں کی ہلاکت آکسیجن کی معطلی کا نتیجہ ہو، واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    اردن کے شاہ عبداللہ نے اسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیے رکھا۔ اردنی وزیراعظم کے حکم پر پراسیکیوٹر جنرل نے واقعہ کی تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

    وزیر اعظم نے عوام سے واقعہ کی شفاف اور جامع تحقیقات کا وعدہ کیا ہے۔ تحقیقات کے نتائج کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

    روئٹرز کے مطابق آکسیجن کی فراہمی میں معطلی سے انتہائی نگہداشت، گائنی یونٹ اور کورونا وائرس کے مریض متاثر ہوئے تھے۔

    مقامی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آکسیجن کی فراہمی میں معطلی فنی خرابی کا نتیجہ تھی تاہم کسی سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

  • باپ نے کمسن بچیوں کو بے دردی سے ذبح کردیا

    باپ نے کمسن بچیوں کو بے دردی سے ذبح کردیا

    اردن میں سفاک باپ نے اپنی کمسن بچیوں کو چھریوں کے وار کر کے بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا، پولیس تاحال ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملزم اس سے قبل ہی منشیات اسمگلنگ کے جرم میں ملوث تھا جبکہ اس کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایات بھی درج کروائی جاچکی تھیں۔

    واقعے کے روز وہ علیٰ الصبح اٹھا اور اپنی 2 اور 3 سالہ بیٹیوں کی گردنوں پر چھری پھیر کر انہیں ذبح کردیا۔

    اتفاقاً اسی روز ملزم کا بھائی اس سے ملنے پہنچا تو اس نے دروازے پر خون کے دھبے دیکھے، دروازہ چوپٹ کھلا ہوا تھا اور اندر جانے پر اس نے معصوم بچیوں کی لاشیں دریافت کیں۔

    چچا نے روتے ہوئے پولیس کو کہا کہ انہیں بکریوں کی طرح ذبح کیا گیا تھا۔ مقامی پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

    اردن کے پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اردن میں گزشتہ 5 برس میں گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کی ایک بڑی وجہ ابتر معاشی حالات ہیں۔

    سنہ 2018 میں اردن میں گھریلو تشدد کے 24 ہزار جبکہ سنہ 2019 میں 26 ہزار واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔

  • اردن میں پارلیمنٹ تحلیل، 90دن میں انتخابات کرانے کا اعلان

    اردن میں پارلیمنٹ تحلیل، 90دن میں انتخابات کرانے کا اعلان

    عمان : اردن کے شاہ عبداللہ نے اتوار کو پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات کرانے کا بھی اعلان کردیا، حکومت ایک ہفتے کے اندر مستعفی ہوجائے گی، ہانی الملقی کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اُردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے اپنے خصوصی شاہی اختیارات استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ تحلیل کر دی اور رواں سال کے اختتام تک نئے آئین کے تحت پارلیمانی انتخابات کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی اور اردنی خبررساں ادارے کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ آئینی قوانین کے تحت پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد
    حکومت کو ایک ہفتے کے اندر مستعفی ہوجانا چاہیے اس سے نومبر میں انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔

    اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے اس اقدام کے بعد ہانی الملقی کو وزیر اعظم مقرر کیا ہے، اردن کے نئے وزیر اعظم کو نئی کابینہ کی تشکیل اور جلد انتخابات منعقد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم کے عہدے سے عبداللہ النسور کا استعفی اور نئے وزیر اعظم کی تقرری اردن میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ہوئی ہے۔

    اردن کے عوام کئی بار بالخصوص نماز جمعہ کے بعد حکومت کے خلاف مظاہرے کرکے بدعنوانی سے جدوجہد اور اصلاحات کی حمایت اور سیاسی قیدیوں کی آزادی کے لئے مظاہرے کرچکے ہیں۔

    امسال جولائی میں اردنی پارلیمنٹ نے ریاست کے آئین میں ترمیم کی تھی، ترمیم کے بعد پارلیمنٹ کی مزید 27 نشستوں کو مختلف سیاسی جماعتوں کے لیے ‘اوپن’ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم دینی سیاسی جماعتوں نے اس ترمیم کو حقیقی اصلاحات کے بجائے محض نمائشی ترمیم قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

    یاد رہے کہ اردن کی پارلیمنٹ میں سابقہ آئین کے برعکس 120 کے بجائے 150 نشستیں ہوں گی، جن میں خواتین کے لیے پندرہ نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ 108 نشستوں پر انتخابات غیر جماعتی بنیاد پر ہوں گے۔

    اردن میں الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ کے مدت ختم ہونے پر 29 جولائی میں بیان جاری کرکے کہا تھا کہ 10 نومبر کو اردن میں پارلیمانی انتخابات ہوں گے۔

  • کورونا وائرس : اردن حکومت کا معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلہ

    کورونا وائرس : اردن حکومت کا معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلہ

    عمان : اردن حکومت نے کورونا وائرس کے باعث تقریبا چھ ماہ کی بندش کے بعد آئندہ منگل سے اپنے مرکزی ایئرپورٹ کو معمول کی پروازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

    اردن عالمی وبا کورونا وائرس سے بری طرح متاثرہونے والی معیشت کو بحال کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے، اردن کی معیشت کا زیادہ تر انحصار شعبہ سیاحت پر ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس کرائسز سیل نے منگل 8 ستمبر سے کوئین عالیہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے عام پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام آنے والے مسافروں سے ان کے ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے ضوابط طے کریں گے، اردن پہنچنے پر تمام مسافروں کا کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اردن میں کورونا وائرس کے دو ہزار 161 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے جبکہ اب تک یہاں پندرہ اموات ہوئی ہیں، رواں سال مارچ کے وسط میں اردن نے اپنے ائیر پورٹ بند کرکے بین الاقوامی پروازوں کو معطل کردیا تھا جس سے سیاحت کا شعبہ زیادہ متاثر ہوا ہے، کورونا وائرس نے نفع بخش میڈیکل ٹورازم انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے۔

    یاد رہے کہ اردن سالانہ 50 لاکھ سیاحوں کا خیر مقدم کرتا ہے، سیاحت ملک کے جی ڈی پی کا 14 فیصد ہے،سیاحت سے اردن کو گذشتہ سال 5.3 بلین ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔

  • اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    عمان: اردن کی حکومت نے عید کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھولنے کا اعلان کیا ہے، عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات امجد العضایلہ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھول دیے جائیں گے تاہم عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی، عوام بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے پیدل آ جا سکیں گے۔

    وزیر کا مزید کہنا تھا کہ منگل 12 مئی سے کرفیو کے اوقات میں مزید نرمی کردی جائے گی، عوام صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے نکل سکیں گے۔

    ان کے مطابق منگل 26 مئی سے سرکاری ملازم دفاتر میں کام کرنا شروع کردیں گے، حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک گائڈ بک تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کے بعد ڈیوٹی پر واپس آنے کی صورت میں کن امور کی کس طرح پابندی کریں گے۔

    گائڈ بک میں نئے کرونا وائرس سے بچاؤ اور اسے لگنے سے روکنے کے لیے مکمل حفاظتی تدابیر اور ہدایات درج کی گئی ہیں، سرکاری اداروں کے ملازم متعدد خدمات آن لائن انجام دیں گے جبکہ دیگر کارکن دفاتر پہنچ کر ڈیوٹی دیں گے۔

    خیال رہے کہ اردنی حکومت نے 17 مارچ 2020 سے تمام سرکاری ادارے اور محکمے بند کردیے تھے البتہ اہم اداروں کو اس سے استثنیٰ دیا گیا تھا، وزیر کے مطابق ہر جمعے کو پورے ملک میں تا اطلاع ثانی مکمل کرفیو رہے گا۔

  • مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    عمان :اردن کی حکومت نے یہودی آباد کاروں، قابض صہیونی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی مسلسل ہونے والی بے حرمتی پراسرائیل سے سخت احتجاج کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اردن میں تعینات اسرائیلی سفیر کو وزارتِ خارجہ کے دفترمیں طلب کرکے حرم قدسی کی مسلسل بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں پراحتجاج کیا گیا۔

    اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضانے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل زید اللوز نے اسرائیلی سفیر کوطلب کر کے انہیں اپنے احتجاج اور موقف سے آگاہ کیا۔

    اسرائیلی سفیر کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وہ فوری طورپر یہ مراسلہ اپنی حکومت تک پہنچائے اور اس پرعمل درآمد کرائے۔

    اردن نے واضح کیا کہ حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی، عمان نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کا سلسلہ بند کرائے، القدس اور قبلہ اول کے تاریخی، آئینی اور دینی تشخص کے حوالے سے طے پائے معاہدوں پرعمل درآمد کرے۔

    سفیان سلمان القضاءنے کہا کہ اسرائیلی سفیر پرواضح کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا 144 دونم حصہ صرف مسلمانوں کے لیے عبادت کی جگہ ہے، اس میں یہودی آبادکاروں کا داخلہ مذہبی اشتعال انگزی ہے۔

    اردنی وزارت خارجہ نے فلسطینی نمازیوں کے لیے مسجد اقصیٰ کے دروازے بند کرنے کے اقدام اور فلسطینیوں پر قبلہ اول میں نماز اور عبادت پرقدغنوں کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں پرعاید کی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے اور مسجد اقصیٰ کے امور میں مداخلت سے باز رہنے کا مطالبہ کیا۔

    درایں اثناءاردن کے وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے بھی مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کی شدید مذمت کی ،انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اسرائیل کو قبلہ اول کی بے حرمتی سے روکے۔

    ایمن الصفدی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کےتاریخی اسٹیس کو نقصان پہنچانے کے خطرناک نائج سامنے آئیں گے،یورپی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی اور قانونی تشخص کو پامال کرنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوگی۔

  • زمین کا وہ مقام جو مریخ سے مشابہہ ہے

    زمین کا وہ مقام جو مریخ سے مشابہہ ہے

    ویسے تو سیارہ زمین دیگر تمام سیاروں سے مختلف اور نہایت حسین ہے جہاں فطرت کے تمام رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم زمین پر ایک مقام ایسا بھی ہے جو سیارہ مریخ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے ملک اردن میں واقع صحرا ’وادی رم‘ کو مریخی وادی بھی کہا جاتا ہے۔ سنگلاخ پہاڑوں اور اونچے اونچے پتھروں پر مشتمل یہ علاقہ مریخ کی طرح لق و دق صحرائی میدان معلوم ہوتا ہے۔

    اس صحرا کے قریب کچھ بدو قبائل بھی آباد ہیں جو اپنی مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں۔ یہ وادی تاریخ کے بڑے بڑے سپہ سالاروں کی گزر گاہ بھی رہی جو یہاں سے گزرتے ہوئے یہاں آباد مقامی قبائل کی مہمان نوازی سے فیض یاب ہوا کرتے۔

    سورج ڈھلتے ہی جب رات کا اندھیرا یہاں ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے اور آسمان روشن ہوجاتا ہے تو جھلملاتے تاروں کی چادر پوری وادی پر اپنا سایہ کردیتی ہے۔

    یہاں اکثر ماہرین فلکیات، طالبعلم اور عام افراد مختلف فلکیاتی مظاہر کے نظارے کے لیے بھی جمع ہوتے ہیں۔

    اس صحرا کی خوبصورتی اور تاریخی حیثیت کی وجہ سے اسے یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

  • مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر اردن کا اسرائیل سے شدید احتجاج

    مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر اردن کا اسرائیل سے شدید احتجاج

    عمان : اردنی وزیر خارجہ نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قبلہ اول میں نمازیوں اور روزہ داروں پر صہیونی فوج کا تشدد ناقابل برداشت ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی وزارتِ خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں، معتکفین اور روزہ داروں خلاف اسرائیلی ریاست کے اشتعال انگیز اقدامات اور ماہ صیام کے دوران صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پردھاووں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اردنی وزارت خارجہ نے قبلہ اول اور حرم قدسی میں اسرائیلی اشتعال انگیز سرگرمیوں پر صہیونی ریاست سے باضابطہ احتجاج کیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکام اور یہودی آباد کار حرم قدسی شریف کی مسلسل اشتعال انگیز انداز میں بے حرمتی کے مرتکب ہو رہے ہیں، پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں گھس کر فلسطینی نمازیوں، روزہ داروں اور معتکفین کو تشدد کا نشانہ بناتےہیں۔

    دوسری طرف اسرائیلی پولیس ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت محکمہ اوقاف کے عملے کو گرفتار کرکے اوقاف کے امور میں کھلی مداخلت کررہی ہے۔

    عمان حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کے نتیجے میں خطے میں تشدد کی ایک نئہی لہر اٹھ سکتی ہے۔

    اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضا نے کہا کہ حکومت نے سفارتی چینلز سے اسرائیلی حکومت کو اپنا احتجاج پہنچا دیا ہے۔ اس احتجاجی یاداشت میں حرم قدسی میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز سرگرمیوں پرپابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ماہ صیام کے دوران اسرائیلی فوج، پولیس اور یہودی آباد کار مل کر مسجد اقصیٰ پر یلغار کرتے رہے ہیں۔ ماہ صیام کے آخری ایام میں یہودیوں کی تعطیلات کے موقع پرقبلہ اول میں سخت کشیدگی دیکھی گئی۔

    ماہ صیام کے آخری عشرے میں یہودی آبادکاروںکو قبلہ اول کے احاطے میں داخلےکی اجازت نہیں دی جاتی مگر اس بار صہیونی حکام نے یہ روایت بھی توڑ؟ دی اور بار بار مسجد میں گھس کرمسلمان روزہ اور معتکفین کو زدو کوب کیا جاتا ہے۔

    حرم قدسی اور مسجد اقصی میں یہودی آباد کاروںکی اشتعال انگیز سرگرمیاں ایک ایسے وقت میں دیکھی گئی ہیں جب دوسری جانب صہیونی ریاست ‘متحدہ القدس’ کی تقریبات اور سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

    اسرائیل نے سنہ 1967ء کی جنگ میں مشرقی بیت المقدس پرقبضہ کرلیا تھا، اس کے مشرقی اور مغربی القدس کی وحدت کے حوالے دو جون کا دن منایا جاتا ہے، اس سال یہ دن ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ماہ صیام جاری ہے اور مسجد اقصیٰ میں بڑی تعداد میںمسلمان عبادت کے لیے آ رہے ہیں۔