Tag: Josep Borrell

  • یورپی یونین نے اسرائیلی فورسز کے فلسطین میں حملوں کو پاگل پن قرار دے دیا

    لندن: یورپی یونین نے اسرائیلی فورسز کے فلسطین میں حملوں کو پاگل پن قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز کی فلسطین میں جارحیت جاری ہے، قابض فورسز نے گزشتہ رات نابلس شہر میں فلسطینیوں کی گاڑیاں جلا دیں، ایک ایمبولنس کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

    اسرائیل کی فلسطین میں جارحیت پر یورپی یونین کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے، یورپی یونین کے سربراہ جوزپ بوریل نے مقبوضہ بیت المقدس میں حملوں کی ’شدید مذمت‘ کی ہے۔

    یورپی یونین نے ان حملوں کو پاگل پن اور نفرت پر مبنی تشدد کے واقعات قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ ’تشدد کا یہ سلسلہ فوری طور پر روکا جائے۔‘

    ہفتے کے روز اسرائیل فلسطین کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یوروپی یونین نے زور دیا کہ تل ابیب کو صرف ’آخری حربے‘ کے طور پر مہلک طاقت کا استعمال کرنا چاہیے۔

    خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین اسرائیل اور فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بہت فکر مند ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز سے مغربی کنارے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے، جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جینین میں اسرائیلی فوج کی ایک کارروائی میں 9 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کرنے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں پر حملے ہوئے، جن میں 7 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

    مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ برس 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 30 بچے بھی شامل تھے۔

  • فلسطین میں اب تشدد ختم ہو جانا چاہیے، یورپی یونین نے واضح پیغام جاری کر دیا

    فلسطین میں اب تشدد ختم ہو جانا چاہیے، یورپی یونین نے واضح پیغام جاری کر دیا

    برسلز: یورپی یونین نے فلسطین میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں جاری بد ترین تشدد کے خاتمے کے مطالبے پر مبنی واضح پیغام جاری کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربراہ وزارت خارجہ یورپی یونین جوزف بوریل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کی ترجیح اور پیغام واضح ہے کہ اب تشدد ختم ہونا چاہیے۔

    جوزف بوریل نے کہا فلسطین میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے یونین کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں یورپی یونین کی ترجیح اور پیغام واضح ہے، یہ کہ اب تشدد ختم ہونا چاہیے۔

    جوزف بوریل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ اب یقینی بنایا جائے کہ ہر طرف سے شہری محفوظ رہیں، اور بڑھتے تشدد کے واقعات فوری ختم کیے جائیں۔

    سربراہ وزارت خارجہ ای یو کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی حیثیت کا احترام کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے مقدس مقامات کے اطراف اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے۔

    جوزف بوریل نے کہا ہم اس صورت حال پر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں میں ہیں، تنازع کی اصل وجوہ کی نشان دہی کی جانے چاہیے، اور اس کے حل کے لیے سیاسی راستے کی تلاش کی اشد ضرورت ہے، تاہم عالمی اتفاق رائے سے دو ریاستی حل کے لیے راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

    ادھر غزہ میں اسرائیلی حملے میں عالمی میڈیا ہاؤسز کی عمارت کی تباہی پر یو این سیکریٹری جنرل نے اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو غزہ میں حملوں میں عام شہریوں کی بڑھتی اموات پر بھی افسوس ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حملے میں تباہ عمارت میں الجزیرہ سمیت کئی میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے، اور اس حملے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شہید ہو گئے تھے جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی۔