Tag: Journalists

  • جمہوری حکومت گرانے کے بیان پر مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیئے: وزیر اعظم

    جمہوری حکومت گرانے کے بیان پر مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیئے۔ مولانا کہہ چکے ہیں جمہوری حکومت گرانے کا کہا گیا تھا، ان کے بیان کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات کی، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جو کرپشن کرتے ہیں فوج کا ڈر انہیں ہوتا ہے، میں نہ کرپٹ ہوں اور نہ ہی پیسے بنا رہا ہوں۔ ملٹری ایجنسیز کو معلوم ہوتا ہے کون کیا کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیئے۔ مولانا کہہ چکے ہیں جمہوری حکومت گرانے کا کہا گیا تھا، ان کے اپنے بیان کے تناظر میں ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیئے۔ مولانا کے بیان کی تحقیقات ہونی چاہیئے، معلوم ہونا چاہیئے کہ انہیں کس نے یقین دہانی کروائی۔

    انہوں نے کہا کہ آٹا بحران پر ابتدائی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں، ملک میں ہر جگہ کارٹیل ہے جو قیمتوں کو مرضی سے کنٹرول کرتا ہے، مسابقتی کمیشن اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا۔

    وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھا سکتے، بجلی کی قیمتوں سے متعلق آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پرچی والا پارٹی سربراہ نہیں، 22 سال جدوجہد کر کے اس مقام پر پہنچا ہوں۔ مجھ سے زیادہ لڑنا کوئی نہیں جانتا۔ حکومت گرانے کی باتیں اس لیے ہیں کہ اپوزیشن کی سیاسی دکان بند ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کے درمیان افراتفری موجود ہے۔ اپوزیشن حکومت جانے کی باتیں صرف اپنی پارٹی اکھٹا کرنے کے لیے کرتی ہے، یہ سیاسی مافیا ہے ان کو مہنگائی کی نہیں اپنی ذات کی فکر ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میری ذات پر تنقید کریں تو فرق نہیں پڑتا، جس طرز پر ہماری حکومت کے خلاف خبریں دی گئیں ملک کو نقصان ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کے لیے قوانین لا رہے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیو میٹرک سسٹم کو لازمی قرار دیں گے۔ سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے نہیں ہوں گے، شو آف ہینڈز سے سینیٹ الیکشن کا قانون لائیں گے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اتحادیوں کے تحفظ دور کردیے ہیں۔ تحریک انصاف میں اختلافات پر اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسی جماعت نہیں جس میں اختلاف نہ ہو، اپوزیشن جماعتوں کے اندر بھی اختلافات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج ایک صفحے پر ہیں، خفیہ اداروں کو نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کا علم ہے، دونوں اسی لیے فوج کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا صرف اور صرف سیکیورٹی کا خرچہ ہے، دنیا میں سب سے کم تنخواہ لینے والا وزیر اعظم ہوں، بعض میڈیا حلقوں نے فیک نیوز چلائیں جن پر کروڑوں جرمانے ہو سکتے تھے۔ میڈیا نے غلط خبروں کے ذریعے میری ذاتی زندگی کو بھی نشانہ بنایا، میں میڈیا فرینڈلی ہوں، پرویز مشرف سے کہا تھا چینلز کو لائسنس دیں۔ چین اور سعودی عرب طرز پر میڈیا نہیں چلانا چاہتا۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا کے خلاف نہیں، خبروں میں غیر ذمہ داری کا عنصر نہیں ہونا چاہیئے۔ چین پہنچا تو اخباروں نے سی پیک معاہدے پر نظر ثانی کی ہیڈ لائن لگائی، غلط خبر کے باعث نقصان پہنچا اور ہمیں جواب بھی دینا پڑا۔ میرے خلاف کیسز بنے مگر پاکستان سے باہر نہیں گیا۔

  • ایران میں سب سے زیادہ خواتین صحافی زیر حراست ہیں ، رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز

    ایران میں سب سے زیادہ خواتین صحافی زیر حراست ہیں ، رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز

    نیویارک : اصحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز نے رواں ماہ اگست کے آغاز سے ایران میں خواتین صحافیوں کی گرفتاری اور ان سے پوچھ گچھ کی نئی لہر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاری ایک بیان میں تنظیم نے کہا کہ ایران اس وقت دنیا بھر میں خواتین صحافیوں کا سب سے بڑا قید خانہ ہے جہاں کم از کم 10 خواتین جیلوں اور حراستی مراکز میں موجود ہیں۔

    ایران اور افغانستان کے لیے تنظیم کے بیورو ڈائریکٹر رضا معینی کے مطابق ایران واقعتا خواتین صحافیوں کے لیے دنیا کی پانچ بڑی جیلوں میں سے ایک ہے جہاں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں صحافتی سرگرمیاں انجام دینے والی خواتین کی سب سے بڑی تعداد زیر حراست ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کردہ انسانی حقوق کے خصوصی نمائندے جاوید رحمن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان خواتین صحافیوں کی رہائی کے لیے اعلی سطح کی فوری مداخلت کو یقینی بنائیں تا کہ اس ملک میں آزادی صحافت کی افسوس ناک صورت حال کو ٹھیک کیا جا سکے۔

    تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے بیان کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام احمد اسماعیلی نے 14 اگست کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ تھیٹر اور سینیما کی سرگرمیوں کی کوریج کرنے والی خاتون صحافی نوشین جعفری کو گرفتار کر لیا گیا۔

    نوشین کو 3 اگست کو تہران میں ان کے گھر سے ایرانی پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس کے سادہ لباس میں ملبوس عناصر نے حراست میں لیا۔

    پاسداران انقلاب کی مقرب ویب سائٹوں کے مطابق نوشین پر مقدس مقامات کی بے حرمتی اور حکمراں نظام کے خلاف پروپیگنڈے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    نوشین کی گرفتاری کے بعد سے اس کے گھر والوں کو اس کے بارے میں کوئی خبر نہیں ہے اور نوشین کی حراست کی جگہ بھی معلوم نہیں ہو سکی، اسی طرح نوشین کے ساتھیوں اور دوستوں نے بھی اس پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ روزنامہ اعتماد میں فنون و ادب کے موضوع پر لکھنے کی حد تک محدود تھی۔

    ایک اور خاتون صحافی مرضیہ امیری ہے جس کو تہران میں ایرانی انقلاب کی عدالت نے دو روز قبل 10.5 سال قید اور 148 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔

    امیری کو یکم مئی کی مناسبت سے ہونے والے ایرانی مزدوروں کے احتجاجی مظاہرے کی کوریج کے سبب گرفتار کیا گیا تھا،ایرانی حکام نے معروف بلاگر سہیل عرابی کی والدہ فرانگیس مظلوم کو بھی گرفتار کیا، وہ 2017 میں عالمی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی جانب سے آزادی صحافت کا ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔

    ایرانی وزارت انٹیلی جنس نے ان کو 22 جولائی کو گرفتار کیا، فرانگیس کا واحد جرم یہ تھا کہ انہوں نے جیل میں موجود اپنے بیٹے کے ساتھ ہونے والے بدترین اور غیر انسانی برتاؤ کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کی تھی،ایک اور ایرانی خاتون صحافی ہنگامہ شہیدی 25 جون 2018 سے زیر حراست رہیں۔

    شہیدی کو 12 اور نو ماہ کی قید کی سزا سنائی جا چکی ہے کیوں کہ اس نے ایرانی عدالتی نظام میں عدم انصاف کا انکشاف کیا اور عدلیہ کے سابق سربراہ صادق آمولی لاریجانی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

  • سعودی عرب میں خاتون صحافیوں کو آﺅٹ ڈور کوریج کی اجازت

    سعودی عرب میں خاتون صحافیوں کو آﺅٹ ڈور کوریج کی اجازت

    ریاض :سعودی عرب نے خاتون صحافی اور رپورٹرز کو آوٹ ڈور سرگرمیوں کی کوریج کی اجازت دیدی، اب وہ نہ صرف مختلف سرگرمیوں کی کوریج کر سکتی ہیں بلکہ آوٹ ڈور رپورٹنگ بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات اور وزارت داخلہ نے ایسی خواتین کو اسٹوڈیو کے احاطے سے باہر ہونے والی سرگرمیوں کی کوریج اور رپورٹنگ کی اجازت دی ہے جن کے پاس کام کرنے کا اجازت نامہ ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وہ اپنا میڈیا کارڈ دکھا کر کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کی کوریج کریں گے اور جس ایونٹ کی چاہیں گی رپورٹنگ کریں گی۔

    وزارت اطلاعات کے تحت سعودی میڈیاجنرل کمیشن نے کہا کہ مرد صحافیوں کی طرح خواتین کو بھی کام کرنے کی اجازت ہے بشرطیکہ ان کے پاس میڈیا کارڈ یا کام کرنے کا اجازت نامہ موجود ہو۔

    کمیشن نے کہا کہ بنیادی منظوری کے بعد کمیشن اور وزارت داخلہ اس حوالے سے ضابطہ اخلاق مرتب کریں گے جن کے تحت خواتین محفوظ طور پر کام کرسکیں گی۔

  • صحافیوں کے استحصال کے لیے حکومتیں سفارتی قیمت ادا کریں، جیریمی ہنٹ

    صحافیوں کے استحصال کے لیے حکومتیں سفارتی قیمت ادا کریں، جیریمی ہنٹ

    لندن: برطانیہ نے صحافیوں کو حفاظتی تربیت اور قانونی مشورے فراہم کرنے کے لیے عالمی فنڈمیں ایک کروڑ 50 لاکھ امداد دینے کا وعدہ کردیا، برطانوی وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ صحافیوں کا استحصال کرنے والے ممالک کو سفارتی قیمت ادا کرنی چاہیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیا کی آزادی پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لبرل جمہوریتوں کوہماری تعلیمات کی مشق بھی ضرور کرنی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ہم ساتھ کام کریں تو ہم استحصال پر نظر رکھ سکتے ہیں اور وہ جو صحافیوں کو نقصان پہنچاتے یا ان کو ان کے فرائض انجام دینے سے روکتے ہیں ان پر سفارتی قیمت کا نفاذ کرسکتے ہیں۔

    جیریمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور کینیڈا جہاں میڈیا کی آزادی پر حملہ ہوتے ہیں وہاں ایک ذہنیت رکھنے والے ممالک میں ہم آہنگی کے لیے ایک گروپ بنانا چاہتے ہیں۔

    اس موقع پر کینیڈین وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا تھا کہ جب آپ اکیلے نہ ہو تو بولنا آسان ہوتا ہے۔تاہم جیریمی ہنٹ نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ رپورٹرز ودآوٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی جانب سے آزادی صحافت انڈیکس میں ان کے ملک کا 33واں نمبر ہونے کے بعد ان کے اپنے ملک کو مزید بہتری کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم میں سے وہ لوگ جو کھلے معاشرے میں یقین رکھتے ہیں انہیں اس کی مشق کرنی چاہیے جس کی ہم تبلیغ دے رہے ہیں۔

    اس موقع پر جب ان سے جعلی خبروں کے لیے میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حملوں سے متعلق پوچھا گیا تو جیریمی ہنٹ نے کہا کہ میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔

    جیریمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جو ہم کہہ رہے ہیں اس کا ان دیگر ممالک پر کیا اثر پڑے گا جہاں پریس کی آزادی حاصل نہیں کی جاسکتی۔

    دوران کانفرنس برطانیہ نے صحافیوں کو حفاظتی تربیت اور قانونی مشورے فراہم کرنے کے لیے عالمی فنڈ کے کک اسٹارٹ کے لیے 30 لاکھ پاؤنڈ (37 لاکھ 50 ہزار ڈالر) جبکہ آزاد میڈیا کی مدد کے لیے مزید ایک کروڑ 50 لاکھ کا وعدہ بھی کیا۔

  • اسرائیلی فورسز نے 1972 کے بعد سے 102 صحافیوں کو شہید کیا

    اسرائیلی فورسز نے 1972 کے بعد سے 102 صحافیوں کو شہید کیا

    یروشلم : فلسطینی جرنلسٹ یونین سے عالمی یوم آزادی صحافت پر بتایا کہ 2018ء میں اسرائیلی حملوں میں 838 حملے کیے گئے اوردو صحافی یاسر مرتجی اور احمد حسین شہید ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کی جرنلسٹ یونین کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سنہ 1972ء کے بعد صہیونی فوج کے وحشیانہ کریک ڈاﺅن اور ریاستی دہشت گردی کے دوران 102 فلسطینی صحافیوں کو شہید کیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کا کہنا تھا کہ غرب اردن کی جرنلسٹ یونین کے صدر ناصر ابو بکر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سنہ 2014ء کے بعد اب تک اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں رام اللہ کے علاقے میں 19 فلسطینی صحافی شہید ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ چار ماہ کے دوران اسرائیلی فوج نے صحافیوں پر 136 حملے کیے گئے۔ سال 2018ء کے دوران 838 حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں دو صحافی یاسر مرتجی اور احمد حسین شہید ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سال 2018ء کے دوران اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 189 فلسطینی صحافی زخمی ہوئے۔ 17 صحافی آنسو گیس کی شیلنگ اور 47 دھاتی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔

    میڈیا رپورٹس کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس قابض فوج نے 52 فلسطینی صحافیوں کو حراست میں لیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فلسطین میں گذشتہ برس اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی طرف سے صحافیوں پر حملوں میں اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب قابض ریاست کی نام نہاد عدالتوں کی طرف سے گرفتار صحافیوں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

  • گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن کے صحافیوں کا آئی ایس پی آر کا دورہ

    گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن کے صحافیوں کا آئی ایس پی آر کا دورہ

    راولپنڈی: گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن کے صحافیوں نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا جہاں انہیں لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن کے صحافیوں نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔ صحافیوں کے وفد نے آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج ایل او سی کے اس پار کشمیریوں کی حفاظت کے پیش نظر جوابی کارروائی میں احتیاط کرتی ہے، بھارتی فائرنگ کا مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کا جواب بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنانے تک ہوتا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مہم جوئی کے بھرپور جواب کی صلاحیت ہے۔

  • جمال خاشقجی کے لیے صحافیوں کا احتجاج، ایفل ٹاؤر کی لائٹیں بند

    جمال خاشقجی کے لیے صحافیوں کا احتجاج، ایفل ٹاؤر کی لائٹیں بند

    پیرس : رپورٹرز ودآؤٹ بارڈر کے صحافیوں کی جانب سے جمال خاشقجی سے اظہار یکجہتی اور قتل کی شفاف تحقیقات کے ایفل ٹاؤل کے سامنے احتجاج کیا گیا جبکہ ٹاؤر کی روشنیاں بھی بجھادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں سفاکانہ طریقے سے قتل ہونے والے سعودی صحافی و کالم نویس جمال خاشقجی سے اظہار یکجہتی کے لیے ایفل ٹاور کی لائٹیں بند کردی گئی۔،

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر رپورٹرز ودآؤٹ بارڈر کے صحافیوں نے امریکی اخبار سے منسلک صحافی کے قتل کے خلاف ایفل ٹاؤر کے سامنے احتجاج کیا۔

    یورپی نیو ایجنسی کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران ایفل ٹاؤر انتظامیہ نے ٹاؤر کی روشنیاں بجھادی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جس پر جمال خاشقجی سمیت دنیا بھر کے مقتول صحافیوں کے قتل ی شفاف تحقیقات کا مطالبہ درج تھا۔

    امریکی اخبار سے منسلک معروف کالم نویس جمال خاشقجی سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ خاموشی کے بعد آر ایس ایف کے سیکریٹری جنرل کرسٹوپی ڈیلیئور کا کہنا تھا کہ ہ’ہم صحافی ایفل ٹاؤر کے سامنے اس لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ دنیا صحافی برادری پر خلاف ہونے والے جرائم کی روک تھام کے لیے آواز اٹھائیں۔

    آر ایس ایف کے سیکریٹری جنرل نے جمال خاشقجی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایفل ٹاؤر کی روشنیاں بجھانے پر پیرس سٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔

    رپورٹر ودآوٹ بارڈرز کی رپورٹ کے مطابق 2 اکتوبر کو سعودی سفارت خانے میں خاشقجی کو قتل کرنے سمیت دنیا بھر میں 77 صحافیوں کو قتل کیا گیا ہے جبکہ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث 99 فیصد افراد آزاد ہیں۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کا سفاکانہ قتل واضح کرتا ہے کہ جس طرح صحافیوں کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا جارہا ہے اس کی کوئی حد نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے ہیں۔

  • میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے: وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

    میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے: وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب دلیرآدمی ہیں، انھیں کام کرنے کے لیے تین ماہ دیں، پھر کارکردگی پر بات ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا. ملاقات میں اہم قومی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا.

    ملاقات میں ڈی پی اوپاکپتن سےمتعلق بھی گفتگو ہوئی، عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کھل کر حمایت کی اور  وزیراعلیٰ پنجاب کو دلیر آدمی قرار دیا.

    وزیراعظم نے کہا کہ تنقید ضرور کریں، گھبراتا نہیں مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے، میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے، پھرکھل کر تنقید کرے، تین ماہ میں گڈگورننس کے معاملے میں واضح تبدیلی دیکھیں گے.

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعطم نے کہا کہ عوام کو زحمت سےبچانے کےلئے ہیلی کاپٹرکا استعمال کیا۔

    انھوں نے کہا کہ اگلے ایک سال تک توجہ ملکی معاملات پر ہوگی، بین الاقوامی دورے اس وقت ترجیحات میں شامل نہیں، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ جنرل قمرجاویدباجوہ جمہوریت کے حامی ہیں۔

    ملاقات میں صحافیوں نے وزیراعظم کو جنرل اسمبلی اجلاس میں اردوزبان میں خطاب کا مشورہ دیا، اس ملاقات میں فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے.

    چیئرمین نیب سے کیا کہا؟

    عمران خان کے مطابق انھوں‌ نے چیئرمین نیب کو کہا ہے کہ بلاامتیاز احتساب کیا جائے، اگر حکومتی رکن کرپشن میں ملوث ہے، تو ان کے خلاف بھی کارروائی کریں. جب تک ملک میں احتساب نہیں ہوگا، ملک ترقی نہیں کرسکتا،

    فرانسیسی صدر کی کال

    ملاقات کےدوران فرانس کے صدر کی دو بار کال آئی، عمران خان نے کہا کہ ابھی مصروف ہوں، بعد میں بات کروں گا۔ انھوں نے صحافیوں سے کہا کہ فرانسیسی صدرمبارک باددیں گے، مگر آپ سےاہم ایشوزپربات ہورہی ہے.

  • علامہ اقبال یونیورسٹی کا صحافیوں کے لیے شارٹ کورسز

    علامہ اقبال یونیورسٹی کا صحافیوں کے لیے شارٹ کورسز

    اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے صحافیوں کی تعلیمی قابلیت کو بڑھانے کے لیے شارٹ کورسز شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے آج جاری ہونے پریس ریلیز کے مطابق میڈیا انڈسٹری کے نامور لوگ شارٹ کورسز میں طلبہ کی رہنمائی فرمائیں گے اور ان کو کامیابی کے طریقے بھی بتائیں گے۔

    یونیورسٹی اعلامیے کے مطابق یہ شارٹ کورس خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے متعارف جائے گا جو پہلے سے صحافی ہیں اور وقت کی قلت کے باعث تعلیم پر توجہ نہیں دے پاتے۔

    مزید پڑھیں: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا فاٹا،بلوچستان کےطلبا کومفت تعلیم فراہم کرنےکا اعلان

    شارٹ کورس کا دورانیہ تین ماہ  ہوگا جس کے دوران ماہر اساتذہ کی جانب سے طالب علموں کو  اسکرپٹ رائٹنگ، پروڈکشن، ویڈیو گرافی اور ڈاکومینٹری کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق شارٹ کورس کے لیے جب داخلے شروع ہوں گے تو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ، فیس بک پر اعلان کیا جائے گا جس کا فارم آن لائن بھی بھرا جاسکے گا علاوہ ازیں ہیڈ آفس یا زونل آفس سے بھی داخلہ فارم وصول کیے جاسکیں گے۔

    واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے قبل ازیں جیل کے قیدیوں کو بھی مفت تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا جو کامیابی سے جاری ہے علاوہ ازیں گزشتہ برس انتظامیہ نے  خواجہ سراؤں کو بھی مفت تعلیم اور ڈگری کا سلسلہ شروع کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت مدت پوری کرے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے: وزیر اعظم

    حکومت مدت پوری کرے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ صرف پارٹی کے کہنے پر ہی اسمبلی تحلیل کروں گا کسی اور کے کہنے پر نہیں۔ حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار میرے پاس ہے۔ پارٹی کے کہنے پر ہی اسمبلی تحلیل کروں گا کسی اور کے کہنے پر نہیں۔ ’کسی میں دم ہے تو تحریک عدم اعتماد لے آئے، حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ طالبان اگر امریکا سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جنگ سے کچھ نہیں ملے گا۔ امریکا اربوں ڈالر ہتھیاروں پر لگانے کے بجائے مہاجرین پر خرچ کرے۔

    زینب قتل کیس پر ان کا کہنا تھا کہ زینب کا قاتل ضرور گرفتار ہوگا ڈیڈ لائن دینا مناسب نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اداروں میں میرٹ پر تعیناتی کر رہے ہیں۔ میرے وزیر اعظم اب بھی نواز شریف ہیں۔ ججز کا کردار اور سوچ بھی عوام کے سامنے آنی چاہیئے۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں کوئی کارروائی نہیں کر سکتا۔ اگر کچھ ہوا تو سفارتی یا ملٹری سطح پر جواب دے سکتے ہیں۔ امریکا کی طرف سے ڈو مور مطالبے کی مزید گنجائش نہیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا یومیہ خسارہ 15 کروڑ ہے، نجکاری ناگزیر ہے۔ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ مارچ میں مکمل ہوگا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔