Tag: Jovenel Moïse

  • ہیٹی میں صدر کا قتل، امریکیوں سمیت متعدد مشتبہ افراد گرفتار

    ہیٹی میں صدر کا قتل، امریکیوں سمیت متعدد مشتبہ افراد گرفتار

    پورٹ او پرنس: کیریبئن ملک ہیٹی کے صدر کو قتل کرنے والے چند مبینہ قاتلوں کو پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا، تاہم اب 2 امریکیوں سمیت 17 مشتبہ افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیٹی میں صدر کے قتل کے الزام میں 2 امریکیوں سمیت 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، قاتلانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ تاحال نہیں پکڑا جا سکا، ہیٹی کے صدر کو 7 جولائی کو گھر پر حملے کے دوران قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کو 28 غیر ملکی قاتلوں کے ایک گروپ نے مارا، جن میں کولمبیا کے ریٹائرڈ فوجی بھی شامل ہیں، دارالحکومت میں مقابلے کے بعد 17 مشتبہ قاتل پکڑے گئے، ان میں سے چند ان کے زیر استعمال گھر سے پکڑے گئے اور چند تائیوان کے سفارتی کمپاؤنڈ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے، تین مشتبہ قاتل مارے گئے ہیں جب کہ 8 کی تلاش بدستور جاری ہے۔

    پولیس حکام نے پکڑے گئے مشتبہ قاتلوں کو میڈیا کے سامنے بھی پیش آیا، جن سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر جووینل موئس کے قتل میں ہیٹی حکام نے غیر ملکیوں کو ملوث قرار دیا تھا، واضح رہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے صدر کی زخمی اہلیہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، جب کہ صدر کے قتل کے بعد ملک کا کنٹرول عبوری وزیر اعظم کلاڈ جوزف نے سنبھال لیا ہے۔

    گزشتہ روز صدر جووینل موئس کے قتل میں ملوث 4 مشتبہ افراد کو پولیس نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا، عبوری وزیر اعظم نے قاتلوں کو ڈھونڈنے کے لیے 2 ہفتے کے لیے مارشل لا کا اعلان کر دیا تھا، اور ایئر پورٹس سمیت ملک کی سرحدوں کو سیل کیا جا چکا ہے۔

    پولیس نے ہیٹی صدر کے مبینہ قاتلوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا

    55 سالہ صدر موئس کو ان کی نجی رہائش گاہ پر گولی مار دی گئی تھی، واقعے میں ان کی اہلیہ کو بھی گولی لگی تھی، امریکا میں ہیٹی کے سفیر بوکیٹ ایڈمنڈ نے قاتلوں کو ’غیر ملکی، زر پرست اور پیشہ ور قاتل‘ قرار دیا ہے، رپورٹس کے مطابق قاتلوں نے امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کے ایجنٹ کا روپ دھار رکھا تھا۔

  • ہیٹی کے صدر کو قتل کر دیا گیا

    ہیٹی کے صدر کو قتل کر دیا گیا

    پورٹ او پرنس: کیریبئن ملک ہیٹی کے صدر کو قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیریبئن ملک ہیٹی کے صدر جووینل موئس کوبدھ کے روز ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا ہے۔

    حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد نے صبح سویرے صدر موئس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس سے صدر مملکت ہلاک جب کہ ان کی اہلیہ بھی زخمی ہو گئیں۔

    ہیٹی کے وزیر اعظم کلاڈ جوزف نے بیان میں کہا کہ جووینل موئس کو رات ایک بجے دارالحکومت میں ان کی ذاتی رہائش گاہ میں حملہ آوروں کے ایک گروپ نے قتل کیا، ان کی اہلیہ کو بھی گولی لگی۔

    وزیر اعظم کے بیان میں حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ ہسپانوی زبان بولنے والے تھے، انھوں نے حملے کو غیر انسانی اور بربریت قرار دیا۔ صدر مملکت کے قتل کے بعد اب ہیٹی کے سربراہ کلاڈ جوزف ہوں گے۔

    جووینل موئس فروری 2017 میں ہیٹی کے صدر بنے تھے، ان کے خلاف کئی برسوں سے احتجاج جاری تھا، اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔