Tag: juhi chawla

  • بھارت کی امیر ترین اداکارہ کون ہیں؟ نام نے سب کو حیران کردیا

    بھارت کی امیر ترین اداکارہ کون ہیں؟ نام نے سب کو حیران کردیا

     بھارتی ادارے ہورون انڈیا نے بھارت کی امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے جس میں شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار بھی شامل ہیں۔

    بھارتی  ادارے  ہورون انڈیا کی  رچ لسٹ میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بھی متعدد شخصیات  شامل ہیں جن میں شاہ رخ خان سرفہرست ہیں تاہم امیر ترین بھارتی اداکارہ کے نام نے سب کو حیران کردیا ہے۔

    ہورون انڈیا رچ لسٹ 2024 کے مطابق بھارت میں امیر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت میں ایک ہزار 539 افراد ایسے ہیں جن کے پاس ہزار کروڑ سے زائد کے اثاثے ہیں۔

    ہورون انڈیا رچ لسٹ کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان 7300 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کے ساتھ بھارت کے سب سے امیر اداکار ہیں۔

    تاہم بھارت کی امیر ترین اداکارہ نہ تو ایشوریا رائے ہیں، نہ ہی دپیکا، پریانکا، کترینہ نہ کاجل ہے بلکہ وہ اداکارہ ہیں جو اب بہت کم فلموں میں نظر آتی ہیں یہ اداکارہ شاہ رخ خان کے ساتھ بہت سی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

    بھارت کی امیر ترین اداکارہ جوہی چاولہ ہیں جو کہ 4 ہزار 600 کروڑ  بھارتی روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، 90 کی دہائی سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی جوہی چاولہ نے متعدد ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔

    سن 2000 میں جوہی چاولہ نے فلم پروڈکشن کے شعبے میں قدم رکھا، وہ شاہ رخ کی کمپنی ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ میں پارٹنر بھی ہیں، اس کے علاوہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہی آئی پی ایل کی امیر ترین ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی شریک مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ جوہی چاولہ نے 1995 میں بھارتی صنعت کار جے مہتا سے شادی کی تھی جن سے اب ان کے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

  • کراچی سے خاص انُسیت کیوں ہے؟ جوہی چاولہ کا چونکا دینے والا انکشاف

    کراچی سے خاص انُسیت کیوں ہے؟ جوہی چاولہ کا چونکا دینے والا انکشاف

    بالی وڈ کوئن جوہی چاولہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے ان کا سالوں پرانا تعلق ہے،میرے خاندان کے کچھ افراد کراچی میں مقیم ہیں۔

    حال ہی میں اداکارہ نے اپنے دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ قیام پاکستان سے قبل میرے والدین پاکستان میں رہتے تھے لیکن جب بھارت اور پاکستان الگ ہوئے تو والدین سمیت خاندان کے کئی لوگ بھارت آگئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میری خالہ کی شادی کراچی کے اس وقت کے مشہور پروڈیوسر جے سی آنند سے ہوئی، تقسیمِ ہند کے وقت میرے سارے خاندان والے بھارت آگئے لیکن وہ پاکستان میں ہی رہیں، اسی لیے اب بھی میرے کچھ کزنز کراچی میں رہتے ہیں۔Juhi Chawla is visiting Karachiبالی وڈ کوئن نے بتایا کہ میرے دادا بیرسٹر تھے اور پاکستان میں ان کی ڈھیروں ملکیت تھی، تقسیمِ ہند کے وقت سب کچھ چھوڑ کر انہیں بھارت آنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اب بھی کبھی کبھی پاکستان جاتی ہوں۔

    دلچسپ امر یہ ہے کہ مذکورہ ویڈیو سے قبل دو ہزار اٹھارہ میں جوہی چاولہ کو کراچی میں دیکھا گیا تھا اور انہوں نے بعد ازاں اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے کراچی آنے کی تصدیق بھی کی تھی۔Juhi Chawla spotted in Karachiاس وقت انہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک مداح سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ بہت کم وقت کے لیے اپنے رشتے داروں کے ہاں کراچی آتی ہیں۔

    اس سے قبل دو ہزار تیرہ اور سولہ درمیان بھی جوہی چاولہ کو متعدد بار کراچی میں دیکھا گیا تھا۔

  • بھارتی عدالت نے جوہی چاولہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

    بھارتی عدالت نے جوہی چاولہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

    نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ پر عدالت نے 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا، عدالت نے 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف دائر کی گئی ان کی درخواست مسترد کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائیکورٹ نے بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے سستی شہرت کے لیے ایک اقدام قرار دے دیا اور اداکارہ پر 20 لاکھ کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مقدمہ ذاتی تشہیر کے لیے دائر کیا گیا، جوہی چاولہ نے کیس کی کارروائی سے متعلق سوشل میڈیا پر لنک شیئر کیے جس سے معاملات خراب ہوئے۔

    عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ سوشل میڈیا پر اس کیس سے متعلق خلل پیدا کرنے والوں کی شناخت کرے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

    یاد رہے کہ جوہی چاولہ نے کچھ عرصہ قبل بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزاروں میں جوہی چاولہ کے علاوہ وریش ملک اور ٹینا واچانی بھی شامل ہیں۔

    اس درخواست میں مؤقف اختيار کيا گیا تھا کہ مواصلاتی کمپنیوں نے 5 جی نيٹ ورکس کی تنصيب سے متعلق جن منصوبوں کا اعلان کیا ہے، ان کے انسانوں اور ماحول پر سنگین اور ناقابل تلافی اثرات مرتب ہوں گے۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت سرکاری ایجنسیوں کو تحقیقات کا حکم دے اور معلوم کیا جائے کہ 5 جی ٹیکنالوجی کے انسانی صحت پر کس قسم کے اثرات پڑ سکتے ہیں۔

    دوران سماعت جوہی چاولہ کی فلموں کے گانوں پر سوشل میڈیا پر ردعمل بھی دیکھنے میں آیا۔ انڈین کامیڈین کنال کمرا نے لکھا کہ جوہی چاولہ کے گانوں کو بھارتی عدلیہ کی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا جائے گا۔

  • بالی ووڈ کے دو بڑے اداکاروں کا جھگڑا 7 سال بعد  کیسے حل ہوا؟

    بالی ووڈ کے دو بڑے اداکاروں کا جھگڑا 7 سال بعد کیسے حل ہوا؟

    ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ جوہی چاؤلہ اور عامر خان کی جوڑی نے قیامت سے قیامت تک، ہم ہیں راہی پیار کے سمیت دیگر فلموں میں کام کر کے انہیں کامیاب بنایا۔

    دونوں اداکاروں کے مداح ایک بار پھر اس جوڑی کو ایک ساتھ اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، بالی ووڈ اداکار اپنے کاموں کی وجہ سے ایک دوسرے پر سبقت لے جانا چاہتے ہیں اس کی وجہ سے اُن کے درمیان تنازعات یا کشیدہ صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

    عامر خان اور جوہی چاؤلہ کے درمیان جھگڑے سے ہر کوئی واقف ہے پر یہ کس بات پر شروع ہوا اور پھر کس طرح حل ہوا اس بارے میں دونوں اداکاروں نے کبھی لب کشائی نہیں کی تھی۔

    بالی ووڈ اداکار نے پہلی بار اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے ہر چیز بیان کردی۔

    اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’فلم عشق کی شوٹنگ کے دوران ہمارے درمیان ایک چھوٹا سا مسئلہ جس کو ہم نے انا کا مسئلہ بنا لیا تھا، اس معاملے کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ اب جوہی سے کبھی بات نہیں کروں گا حتی کہ وہ اگر کسی تقریب میں موجود بھی ہوگی تو وہاں سے پچاس فٹ دور چلا جاؤں گا‘۔

    مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ متعدد تقریبات میں ایسا بھی ہوا کہ جوہی جیسے ہی پروگرام میں آئی تو میں وہاں سے بہت دور ایک فاصلے پر جاکر بیٹھ گیا، حتیٰ کہ ایک بار وہ میری پیچھے والی نشست پر بیٹھی تب بھی میں وہاں سے چلا گیا تھا اور نہ کبھی اُس سے کوئی بات کی البتہ شوٹنگ کے حوالے سے کوئی ڈائیلاگ وغیرہ ہوتا تو بات کرلیتا تھا‘۔

    بات چیت دوبارہ کیسے شروع ہوئی؟

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے سے 6 سال تک کوئی بات نہیں مگر جیسے ہی جوہی کو اس بات کا علم ہوا کہ میں رینا کو طلاق دے رہا ہوں تو اُس نے مجھے فون پر کال کی اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، میری اہلیہ اور جوہی دونوں کے درمیان گہری دوستی ہے اور جوہی چاہتی تھی کہ سارے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے بات علیحدگی تک نہ پہنچے‘۔

    ’میں نے پہلی کال نہیں اٹھائی مگر پھر جوہی نے متعدد بار کال کی اس لیے مجھے مجبوراً بات کرنا پڑی، اُس نے پہلا لفظ کہا کہ ہمارے درمیان جو کوئی بھی لڑائی تھی اُس سے دوستی خراب نہیں ہوسکتی پھر ہماری بات چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا‘۔

    عامر خان نے یہ گفتگو اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے کی اور اسی دوران انہوں نے اپنی زندگی پر فلم بنانے کا بھی عندیہ دیا جس میں اُن کا اپنا بیٹا جنید کردار ادا کرے گا۔

  • بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنا 47 واں یوم پیدائیش منارہی ہیں

    بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنا 47 واں یوم پیدائیش منارہی ہیں

    بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے انیس سو چھیاسی میں فلم سلطنت کے ذریعے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ لیکن انہیں اصل شہرت فلم قیامت سے قیامت تک سے ملی جس میں ان کے ساتھ عامر خان جلوہ گر ہوئے تھے۔

    انیس سوچوراسی میں مس انڈیا کا تاج بھی جوہی چاولہ کے سر پر سجا۔ جوہی چاولہ نے نہ صرف ہندی بلکہ چند تمل، تلگو ملیالم، پنجابی، بنگالی اور کناڈا فلموں میں بھی کام کیا جبکہ انکی ہندی فلموں کی تعداد زیادہ ہے۔ انکی مشہور فلموں میں ہم ہیں راہی پیار کے، ڈر، یس باس، دیوانہ مستانہ، عشق، بول رادھا بول اور راجو بن گیا جیٹلمین وغیرہ شامل ہیں۔معصوم شکل وصورت کی حامل جوہی چاولہ نے رومانی فلموں کے علاوہ مزاحیہ اور سنجیدہ قسم کے رول بھی بخوبی نبھائے۔

    جوہی چاولہ انیس سوپچانوے میں جے مہتہ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ شادی کے بعد انہوں نے زیادہ کام نہیں کیا۔ اداکارہ نے دو ہزار چودہ میں فلم گلاب گینگ کے ذریعے انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھا۔ جس میں انکا منفی کردار تھا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئیں تھیں۔

  • جوہی چاولہ اب ہالی ووڈ کی فلم میں جلوہ گر ہوں گی

    جوہی چاولہ اب ہالی ووڈ کی فلم میں جلوہ گر ہوں گی

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ سٹیون اسپیلبرگ پروڈکشن سے ہالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھیں گی۔ فلم کی ہدایات لیسے ہالسٹروم دیں گے جس میں وہ اوم پوری کی بیوی کے کردار میں اپنی عمر سے 15 سال بڑی نظر آئیں گی۔

    اداکارہ نے ہالی ووڈ کی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  کہ فلم میں ان کا کردار مختصر مگر اہم ہو گا، لیسے ہالسٹروم کی نئی فلم ’دی ہنڈرڈ فٹ جرنی ‘کے مرکزی کرداروں میں اوم پوری‘جوہی چاولہ‘منیش ڈیال اور ہیلن میرن شامل ہیں‘یہ فلم دو مختلف ثقافتوں میں پروان چڑھنے والی کزنوں کے گرد گھومتی ہے، فلم کی کہانی اسی نام ’دی ہنڈرڈ فٹ جرنی ‘ کے ناول سے ماخوز ہے جسے رچرڈ سی موریس نے تحریر کیا ہے‘یہ فلم رواں ماہ ہی ریلیز کی جائے گی۔