Tag: JUI F Hafiz Hamdullah

  • پی ڈی ایم نے نوازشریف کو شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دے دیا

    پی ڈی ایم نے نوازشریف کو شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دے دیا

    پی ڈی ایم ترجمان نے نوازشریف کو شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دے دیا، حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ آئی پی پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف شہباز شریف سے بہتر وزیراعظم تھے۔

    جے یو آئی رہنما نے استحکام پاکستان پارٹی اور پرویزخٹک کی جماعتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے
    ان کو مفاد پرستوں کا ٹولہ قراردیا، انہوں نے بتایا کہ نگران سیٹ اپ پر ن لیگ سے غیررسمی بات شروع ہوگئی ہے۔

    حافظ حمداللہ نے کہا کہ خواجہ سعدرفیق، اسحاق ڈارکے ساتھ کچھ اور لوگ مولانا فضل الرحمان کے پاس آئے تھے لیکن جب رسمی طور پر میٹنگ ہوگی تو اس کی کچھ اور شکل ہوجائے گی۔

    نوازشریف کو شہبازشریف سے بہتروزیراعظم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہترین تھے اسی لیے 3 مرتبہ ملک کے وزیر اعظم بنے حالانکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ شہبازشریف بہتر منتظم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور چاہتے ہیں کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں، انتخابات کے التواء کے حق میں نہیں،اگرایسا ہوا تواس کا جواب اسی وقت دینگے

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی یا پرویز خٹک کی پارٹی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، آئی پی پی اور پرویز خٹک کی سیاست ان کے مفادات ہیں، ہمیں ان کی کوئی ضرورت نہیں، یہ لوگ پہلے مفادات کے لیے پی ٹی آئی میں گئے اور اب نئے گھونسلے ڈھونڈ رہے ہیں۔

    حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ جمعیت علماٰئےاسلام کا کسی سے انتخابی اتحاد نہیں ہوگا لیکن سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے، حاجی غلام علی کو گورنر بنانا جمعیت علمائے اسلام کا نہیں بلکہ سب اتحادیوں کا فیصلہ تھا، ایمل ولی خان نے خود چارسدہ کے جلسےمیں غلام علی کے نام کا اعلان کیا تھا۔

    رہنما جے یو آئی نے کہا کہ اب ن لیگ، پیپلزپارٹی اور اےاین پی گورنر کے پی پر اعتراضات اٹھارہی ہیں،تحفظات ہیں تو اس کا فورم اتحادیوں کا اجلاس ہے لیکن میڈیا پر اچھالنے سے انتشار پیدا ہوگا، جس فورم نے ان کو گورنر بنایا اسی فورم پر الزامات کے شواہد لے آئیں تو پھر فیصلہ کرلیں۔

  • خواجہ سراؤں کا مظاہرہ، حافظ حمد اللہ نے معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا

    خواجہ سراؤں کا مظاہرہ، حافظ حمد اللہ نے معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا

    اسلام آباد / گوجرانوالہ : خواجہ سرا اپنے حقوق کے حصول کیلیے سڑکوں پر آگئے۔ جے یو آئی کے حافظ حمد اللہ نے بھی خواجہ سراؤں کے حقوق کے لئے سینیٹ میں آواز بلند کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں ایک خواجہ سرا پرانسانیت سوز تشدد کے بعد خواجہ سرا برادری سراپا احتجاج ہے۔ گوجرانوالہ کے جی ٹی روڈ پر خواجہ سراؤں نے زبردست احتجاج کیا، مظاہرین تالیاں پیٹ پیٹ کر احتجاج کرتے رہے۔۔

    خواجہ سراؤں نے مطالبہ کیا کہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے تشدد کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

    دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس میں جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے خواجہ سراؤں کے حقوق کے لئے آواز بلند کردی اورکہا کہ خواجہ سرا ہونا جرم نہیں ہے، پاکستان میں خواجہ سراؤں کے ساتھ اچھوتوں والا سلوک ہوتا ہے۔

    حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اسلام میں خواجہ سرا کے وہی حقوق ہیں جو مرد اورعورت کو حاصل ہیں، ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کمیٹی بنائی جائے۔

    مزید پڑھیں : خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد

    چئیرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ آپ نے ایک اہم نقطہ اٹھایا ہے، خواجہ سراؤں کو حقوق دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ یہ معاملہ پسماندہ طبقات کی کمیٹی کے حوالے کیا جائے۔

  • ماروی سرمد کی درخواست پرحافظ حمداللہ کیخلاف مقدمہ درج

    ماروی سرمد کی درخواست پرحافظ حمداللہ کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد : ماروی سرمد کی درخواست پر حافظ حمداللہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما اورسینیٹر حافظ حمداللہ کیخلاف تھانہ کوہسار میں دفعہ394/506کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    معروف سماجی رہنما ماروی سرمد کی درخواست پر تین روز بعد تھانہ کوہسار میں سینیٹر حمد اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ دھمکی دینے اورخاتون سے بدتمیری کرنے پردرج کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد حافظ حمد اللہ نے اے آ روائی نیوز سے بات چیت میں کہا کہ مقدمہ درج ہونا کوئی بڑی بات نہیں، سرکار کی طرف سے کوئی پیٖغام آتا ہے تو اس کے مطابق معاملے سے نمٹیں گے۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں ماروی سرمد اور سینیٹر حافظ حمداللہ کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، اس دوران نوبت ہاتھا پائی تک پہنچنے والی تھی کہ پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے معاملہ رفع دفع کروایا۔

    بعد ازاں ماروی سرمد نے مولانا حافظ حمداللہ کیخلاف مقدمے کی درخواست اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مولانا حافظ حمداللہ نے انہیں ڈرایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

    یاد رہے کہ 10 جون کو ہونے والے اس ٹی وی شو کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی ایک کثیر تعداد نے سینیٹر حافظ حمداللہ کے اس رویے کی مذمت بھی کی تھی۔