Tag: jumma

  • جمعے کے دن سورہ یٰسین اورسورہ کہف پڑھنے کی فضیلت

    جمعے کے دن سورہ یٰسین اورسورہ کہف پڑھنے کی فضیلت

    اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے ساری کائنات پیدا فرمائی اور ان میں سے بعض کو بعض پر فوقیت دی، سات دن بنائے، اور جمعہ کے دن کو دیگر ایام پر فوقیت دی۔ جمعہ کے فضائل واہمیت میں یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کے تمام ایام میں صرف جمعہ کے نام سے ہی قرآن کریم میں سورہ نازل ہوئی ہے۔

    اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے کہ ’’ اے ایمان والو! جب نماز کی اذان ہو جمعہ کے دن ، تو اللہ کے ذکر کی طرف دوڑو اور خریدو فروخت چھوڑ دو یہ تمہارے لئے بہتر ہے اگرتم جانو‘‘ ۔ (سورۃ الجمعۃ)۔

    سورہ یاسین کی تلاوت

    حضرت انسؓ سے روایت ہے فرمایا کہ رسول الله صلى الله وسلم نے ارشاد فرمایا کہ : ہرچیز کے لیے دل ہوتا ہے اور قرآن کا دل ( سورت ) یٰس ہے ، اور جس شخص نے ( سورت ) یٰس کی تلاوت کی تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے دس بار قرآن پڑھنے کا ثواب لکهے گا۔

    yaseen

    ایک روایت میں آیا ہے کہ جس نے ’’سورۃ یٰس اور (اس کے بعد والی ) سورہ والصٰفٰت‘‘ جمعے کے روز پڑھی اور پھر اﷲ سے دعا مانگی تو اس کی دعائیں پوری کی جاتی ہیں۔

    ایک روایت میں ہے کہ حضور نے ارشاد فرمایا کہ ’’میرا دل چاہتا ہے کہ سورۃ یٰس میرے ہر امتی کے دل میں ہو۔

    ایک روایت میں ہے کہ جو شخص سورۃ یٰس کو پڑھتا ہے اس کی مغفرت کی جاتی ہے اور جو بھوک کی حالت میں پڑھتا ہے وہ سیر ہوجاتا ہے اور جو راستہ گم ہوجانے کی وجہ سے پڑھتا ہے وہ راستہ پالیتا ہے اور جو شخص جانور کے گم ہوجانے کی وجہ سے پڑھتا ہے وہ اس کو پالیتا ہے اور جو ایسی حالت میں پڑھے کہ کھانا کم ہوجانے کا خوف ہو تو وہ کھانا کافی ہوجاتا ہے اور جو ایسے شخص کے پاس پڑھے جو نزع کی حالت میں ہو تو اس پر نزع میں آسانی ہوجاتی ہے اور حالت ولادت والی عورت پر پڑھنے سے اس کی ولادت میں سہولت کردی جاتی ہے اسی طرح جب کسی بادشاہ یا دشمن کا خوف ہو اور اس کے لیے یہ سورۃ یٰسٓ پڑھی جائے تو وہ خوف جاتا رہتا ہے۔

    سورہ کہف کی تلاوت

    sorah

    جمعہ کے دن سورہ کہف پڑھنے کی بڑی فضیلت وارد ہے۔

    حضرت ابوسعید خدری سے مروی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”جس نے جمعہ کے دن سورہ¿ کہف پڑھی تو اس جمعہ سے دوسرے جمعہ تک اس کے لیے نور کو روشن کردیا جاتا ہے“۔ (صحیح الجامع)

    اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ سورۂ کہف کو جمعہ کے دن کیساتھ کوئی خاص مناسبت ہے، جسکی وجہ سے اس دن میں اس کی تلاوت کے لئے خصوصیت کیساتھ ترغیب دی ہے۔

    مزید پڑھیں : جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے کی فضیلت

    نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے

    ’’جس شخص نے جمعہ کے دن سورہ کہف کی تلاوت کی قیامت کے دن اس کے قدموں تلے سے روشنی پھوٹے گی جو آسمان کی بلندی تک چلی جائے گی ،اور اس شخص کو قیامت کے اندھیروں میں روشن کر دیگی۔ اور اس کے دو جمعوں کے درمیان تمام گناہوں کو معاف کر دیا جائیگا

    ایک اور روایت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہی سے منقول ہے، آپ نے فرمایا: جو شخص سورہٴ کہف کی دس آیات حفظ کرے گا اسے دجّال نقصان نہیں پہنچاسکے گا اور جو شخص اس سورہ کی آخری آیات حفظ کرے گا روزِ قیامت یہ اس کے لئے روشنی بن جائیں گی۔

  • نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو مؤثر سیکورٹی فراہم کی جائے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ

    نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو مؤثر سیکورٹی فراہم کی جائے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ

    کراچی : آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے نماز جمعہ کے موقع پر عبادت گاہوں کے باہر سیکورٹی کے انتظامات فول پروف بنانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے نماز جمعہ کے موقع پر پولیس افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’امام بارگاہوں اور مساجد کے باہر نمایاں نفری تعینات کی جائے اور  انتظامات کو فول پروف بنایا جائے۔

    انہوں نے پولیس افسران کو مزید ہدایت کی کہ ’’افسران اہلکاروں کے ڈیوٹی پوائنٹس پر نظر رکھیں اور ان پوائنٹس کو ہرگز خالی نہ چھوڑیں، سیکورٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں کو معلومات فراہم کی جائیں‘‘۔

    پڑھیں : کراچی بدامنی کیس: سی سی ٹی وی کیمروں سے متعلق رپورٹ پر عدالت کا عدم اعتماد

    اے ڈی خواجہ نے شہر کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ ’’وہ اپنے علاقے پر خاص نظر رکھیں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے گشت، پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو بڑھائیں‘‘۔

    آئی جی سندھ کے پولیس افسران کو پابند کیا کہ خفیہ معلومات حاصل کر کے دیگر متعلقہ افسران تک اس کو پہنچایا جائے اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مربوط بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں : کراچی: فوجی جوانوں پرحملے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول

    واضح رہے دو روز قبل آرمی جوانوں پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد سندھ پولیس کی جانب سے شہر میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی کے خاص اقدامات کیے گیے ہیں۔

  • یومِ جمعہ: فضائل، آداب اوراہمیت

    یومِ جمعہ: فضائل، آداب اوراہمیت

    اللہ تعالیٰ نے اس امت کو بے شمار امتیازات سے نوازاہے، جن میں ایک یوم جمعہ کا امت کے لیے خاص کرنا ہے جبکہ اس دن سے اللہ تعالیٰ نے یہود ونصاری کو محروم رکھا، حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ نبی کریمؐ نے ارشاد فرمایا کہ”اللہ تعالیٰ نے ہم سے پہلے والوں کو جمعہ کے دن سے محروم رکھا، یہود کے لیے ہفتہ کا دن اورنصاری کے لیے اتوار کا دن تھا، پھراللہ تعالیٰ نے ہمیں برپا کیا اورجمعہ کے دن کی ہمیں ہدایت فرمائی اورجمعہ ہفتہ اوراتواربنائے، اسی طرح یہ اقوام روزقیامت تک ہمارے تابع رہے گی، دنیا والوں میں ہم آخری ہیں اورقیامت کے دن اولین میں ہوں گے، اورتمام مخلوقات سے قبل اولین کا فیصلہ کیا جائے گا“ [رواہ مسلم].

    عبادت کا دن: حافظ ابن کثیررحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”جمعہ کو جمعہ اس لیے کہا گیا کہ یہ لفظ جَمع سے مشتق ہے، اس دن مسلمان ہفتے میں ایک مرتبہ جمع ہوتے تھے۔“

    اللہ تعالیٰ نے اس دن اپنی بندگی کے لیے جمع ہونے کا حکم دیا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ”مومنو! جب جمعے کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے گی تو اللہ کے ذکر کی طرف لپکو“۔[الجمعة: 9]۔

    ابن قیمؒ فرماتے ہیں: ”جمعہ کا دن عبادت کا دن ہے، اِس کا دنوں میں ایسا مقام ہے جیسا کہ مہینوں میں ماہِ رمضان کا، اور اس دن مقبولیت کی گھڑی کا وہی درجہ ہے جیسا کہ رمضان میں شبِ قدر کا“۔ [زاد المعاد 1/398].

    جمعہ کے دن کے فضائل

    1-دنوں میں بہترین دن: حضرت ابوہریرہ ؓسے مروی ہے کہ نبی کریم نے فرمایا: ”جس دن میں سورج طلوع ہوتا ہے اس میں سب سے بہترین جمعہ کا دن ہے،اسی دن میں حضرت آدم ؑپیدا ہوئے، اسی دن جنت میں داخل کیے گئے، اور اسی دن اس سے نکالے گئے اور قیامت قائم نہیں ہوگی مگر جمعہ کے دن“ [مسلم].

    2-فضائلِ جمعہ میں نمازِ جمعہ کے بھی فضائل شامل ہیں، کیونکہ نماز اسلام کے فرائض اور مسلمانوں کے جمع ہونے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جس نے نمازکی ادائیگی میں غفلت برتی اللہ تعالیٰ اس کے قلب پر مہر لگادیتے ہیں جیسا کہ مسلم شریف کی روایت میں مذکور ہے۔

    3-جمعہ کے دن ایک گھڑی ہوتی ہے اس میں دعا قبول کی جاتی ہے،حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے: نبی کریم نے فرمایا: ”اس میں ایک گھڑی ایسی ہے، جس میں کوئی مسلمان نماز پڑھے، اور اللہ تعالیٰ سے کچھ مانگے تو اللہ تعالیٰ اس کو عنایت فرمادیتا ہے۔“[متفق علیہ].

    ابن قیم ؒنے قبولیت دعا کی گھڑی کی تعیین کے سلسلے میں اختلاف کو ذکر کرنے کے بعد حدیثِ رسول کی روشنی میں ذیل کے دو قول کو ترجیح دی ہے۔

    اول: وہ گھڑی خطبہ شروع ہونے سے لے کر نماز کے ختم ہونے تک کا درمیانی وقفہ ہے۔ [مسلم].

    دوم: جمعہ کے دن عصر کی نماز کے بعد غروب آفتاب تک کی مدت، اور یہی قول راجح ہے۔ [زاد المعاد 1/389].

    4- جمعہ کے دن کا صدقہ دیگر ایام کے صدقوں سے بہتر ہے۔ابن قیم ؒفرماتے ہیں: ”ہفتے کے دیگر دنوں کے مقابلے جمعہ کے دن کے صدقہ کا ویسا ہی مقام ہے جیسا کہ سارے مہینوں میں رمضان کا مقام ومرتبہ ہے۔“

     حضرت کعبؓ کی حدیث میں ہے: ”…جمعہ کے دن صدقہ دیگر ایام کے مقابلے (ثواب کے اعتبار سے) عظیم ہے۔“

    5- یہ وہ دن ہے جس دن اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں کے لیے جنت میں تجلی فرمائیں گے،حضرت انس ؓاللہ تعالیٰ کے فرمان وَلَدَینَا مَزِید [ق:35] کے بارے میں فرماتے ہیں: اس سے مراد اللہ تعالیٰ کا ہر جمعہ تجلی فرمانا ہے۔

    6-جمعہ کا دن ہفتہ میں بار بار آنے والی عید ہے، حضرت عباس ؓ کابیان ہے کہ نبی کریم انے فرمایا: ”یہ عید کا دن ہے،جسے اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے طے کیا ہے، لہٰذا جسے جمعہ ملے وہ اس دن غسل کرے“.[ابن ماجہ ،صحیح].

    7-یہ وہ دن ہے جس میں گناہوں کی معافی ہوتی ہے: نبی کریم انے ارشاد فرمایا:” جو شخص جمعہ کے دن غسل کرے اور خوب اچھی طرح سے پاکی حاصل کرے اور تیل استعمال کرے یا گھر میں جو خوشبو میسر ہو استعمال کرے پھر نماز جمعہ کے لیے نکلے اور مسجد میں پہنچ کر دو آدمیوں کے درمیان نہ گھسے، پھر جتنی ہو سکے نفل نماز پڑھے اور جب امام خطبہ شروع کرے تو خاموش سنتا رہے تو اس کے اس جمعہ سے لے کر دوسرے جمعہ تک سارے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔“ [البخاری].

    8-جمعہ کے لیے چل کرجانے والے کے ہر قدم پر ایک برس کے روزے رکھنے اور قیام کرنے کا ثواب ملتا ہے، حضرت اوس بن اوسؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ا نے ارشاد فرمایا:”جس نے جمعہ کے دن اچھی طرح غسل کیا، اور اول وقت مسجد پہنچ کر خطبہ اولی میں شریک رہا، اور امام سے قریب بیٹھ کر خاموشی سے خطبہ سنا، اس کے لیے ہر قدم پر ایک سال کے روزوں اور قیام کا ثواب ہے، اور یہ اللہ تعالیٰ کے لیے بہت آسان ہے۔ [احمد واصحاب السنن ].

    اللہ اکبر!! جمعہ کے لیے جانے پر ہر قدم کے بدلے ایک سال کے روزے اور قیام کا ثواب لکھاجاتاہے؟!

    تو ان نعمتوں کو پانے والے کہاں ہے؟! ان عظیم لمحات کو گنوانے والے کہاں ہے؟!.

     ”یہ اللہ کا فضل ہے جسے چاہے عطا فرمائے۔اور اللہ بڑے فضل کا مالک ہے“[الحدید:21]

    9- ہفتے کے پورے دنوں میں جہنم کو تپایا جاتا ہے مگر جمعہ کے دن اس عظیم دن کے اکرام وشرف میں یہ عمل بند رہتا ہے[دیکھیے: زاد المعاد 1/387].

    10-جمعہ کے دن یا رات میں فوت ہونا حسن خاتمہ کی علامت ہے، کیونکہ جمعہ کے دن مرنے والا قبر کے عذاب اور فرشتوں کے سوالات سے محفوظ رہتا ہے، حضرت ابن عمرو صسے مروی ہے نبی کریم انے ارشاد فرمایا:”جو مسلمان جمعہ کے دن یا رات میں فوت ہوتا ہے اللہ تعالیٰ اسے قبر کی آزمائش سے بچادیتے ہیں“۔ [احمد والترمذی وصححہ الالبانی].

  • ایم کیوایم کےکارکن جھکنےاوربکنےوالےنہیں، کنور نوید

    ایم کیوایم کےکارکن جھکنےاوربکنےوالےنہیں، کنور نوید

    کراچی : این اے دوسوچھیالیس سےایم کیوایم کےامیدوارکنورنوید جمیل نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کےخلاف پہلےدن سےسازشیں کی گئیں۔

    ایم کیوایم کےکارکن جھکنےاوربکنےوالےنہیں، قائد تحریک الطاف حسین کےاعتمادپرپورااتروں گا،یہ بات انہوں نےلیاقت آباد نمبر 10 کی جامع مسجد شہداء میں  نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہ ی ۔

    انہوں نے نمازیوں اور اہل محلہ سے ملاقات کرکے ان کے مسائل بھی سنے ۔ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہد ظالم نظام کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے رکھوالو ں نے شروع دن سے ہی ایم کیوایم کے خلاف نت نئی سازشوں کے جا ل بچھائے لیکن ہم ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے میں ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔

  • جمعۃ الوداع اور یوم القدس مذہبی جوش وجذبےسےمنایاگیا

    جمعۃ الوداع اور یوم القدس مذہبی جوش وجذبےسےمنایاگیا

    ملک بھر میں جمعۃ الوداع مذہبی جوش وجذبےسےمنایاگیا، ملکی استحکام اور مسلم امہ کیلئےکی یکجہتی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔ حساس مقامت پرسکیورٹی ہائی الرٹ دیکھی گئی۔ ملک بھرمیں جمعۃ الوداع روایتی مذہبی جوش وجذبےسےمنایاگیا۔ نمازجمعہ کےاجتماعات میں ملکی استحکام اورسلامتی کراچی اورفلسطین میں امن کی بحالی کیلئےخصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ لاہور میں بڑےاجتماعات بادشاہی مسجد، داتا دربار، مرکز القادسیہ، جامعہ اشرفیہ، جامعہ نعیمیہ، جامعۃ المنتظر، مسجد شہدا، جامعہ رحمانیہ سمیت دیگر مقامات پر ہوئے۔ جمعۃ الوداع کےموقع پرعلماءوخطیب حضرات نےجمعہ کے اجتماعات میں دینی موضوعات کے علاوہ ملکی مجموعی صورتحال خصوصا فلسطین کے حالات کوبھی موضوع بنایا۔مساجد اور امام بارگاہوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ اہم مساجد میں نمازیوں کو واک تھرو گیٹس سےگزارکراندرداخل ہونے دیا گیا۔

    علاوہ ازیں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان جمعۃ الوداع ’’ یوم القدس‘‘ کے طور پر منا رہے ہیں ۔فلسطینیوں سے اظہار یکجہنی کیلئے ملک بھر میں آج یوم القدس منایا جا رہا ہے،اس سلسلہ میں ملک بھرکے چھوٹے بڑےشہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سےاحتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ کراچی میں القدس ریلی میں ہزاروں افرادشریک تھے۔ریلی کےباعث راستوں کوکنٹینرز لگا کر بندکیاگیا۔

    لاہور میں امامیہ ا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت المسلمین کےزیراہتمام القدس ریلی نکالی جا رہی ہے۔اسلام آبادمیں مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے یوم القدس کےموقع پر احتجاجی ریلی نکالی جا رہی ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس ریلی کی قیادت کر رہے ہیں۔ ریلی کےشرکااسرائیلی جارحیت کےخلاف شدید نعرہ بازی کر رہے ہیں۔

    راولپنڈی میں جماعت اسلامی تحریک انصاف مجلس وحدت المسلمین اور دیگر مذہبی تنظیموں کی جانب سےفلسطینی بھائیوں اور اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اٹک میں جماعت اسلامی کےزیر انتظام اسرائیلی جارحیت کےخلاف فلسطینیوں سےاظہار یکجہتی کے لئےاحتجاجی ریلی نکالی جا رہی ہےجس میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔میاں چنوں میں شیہ علما کونسل کی جانب سےاسرائیل کی جارحیت کے خلاف ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

    ساہیوال میں مجلس وحدت المسلمین کے زیراہتمام یوم القدس ریلی نکالی جا رہی ہے۔ جس میں شرکا امریکا اور اسرائیل کیخلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں فلسطینیوں کےقتل عام کےخلاف تحریک جعفریہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی جا رہی ہے۔ چیچہ وطنی میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کی احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔