Tag: Junk Food

  • جنک فوڈ اور منشیات میں کیا مماثلت ہے؟ ہوشربا انکشاف

    جنک فوڈ اور منشیات میں کیا مماثلت ہے؟ ہوشربا انکشاف

    برطانوی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ پروسیسڈ کیے ہوئے جنک فوڈ سے لوگ بہت بڑے پیمانے پر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ فوڈ آئٹم کوکین کی طرح انسان کو ایک طرح کے نشے کا عادی بنا دیتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کا استعمال کرنے کی خواہش مزید بڑھتی چلی جاتی ہے۔

    اس حوالے سے معروف مصنف پروفیسر کرس وان ٹولیکن نے برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا دارالامراء میں قرارداد پیش کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پروسیس کی ہوئی اشیائے خور و نوش انسان کو بالکل اسی طرح نشے کا عادی بناتی ہیں جس طرح انسان تمباکو اور کوکین وغیرہ کا عادی ہوتا جاتا ہے۔

    پروفیسر کرس وان ٹولیکن نے ایک سلیکٹ کمیٹی کو بتایا کہ دنیا بھر میں پروسیسڈ فوڈ کے ذریعے ہونے والی ہلاکتیں نوعیت کے اعتبار سے سب سے زیادہ ہیں کسی اور چیز کے استعمال سے اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں واقع نہیں ہوتیں۔

    پارلیمنٹ پر زور دیا گیا ہے کہ صحت کے معاملے میں لوگوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے کی طرف مائل کیا جائے اور جنک فوڈ کی تشہیر پر پابندی بھی لگائی جائے تاکہ لوگ معیاری اشیائے خور و نوش کو اپنی خوراک کا حصہ بنانے میں دلچسپیاں لیں۔

    پروفیسر کرس وان ٹولیکن نے یہ بھی بتایا ہے کہ دنیا بھر میں لوگ فاسٹ فوڈ یا جنک فوڈ کے ہاتھوں موٹاپے، ذیابیطس اور دل کے امراض کے علاوہ کینسر میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔

    کھانے پینے کے معاملے میں پائی جانے والی لاپروائی کی نشاندہی کرتی ہوئی پروفیسر کرس وان ٹولیکن کی کتاب ’الٹرو پروسیسڈ پیپل، وائے ڈو وی ایٹ اسٹف دیٹ ازنٹ فوڈ اور وائے کانٹ وی اسٹاپ‘ حال ہی میں شائع ہوئی ہے۔

    اس کتاب میں انہوں نے بتایا ہے کہ فوڈ کمپنیز خاصے سفاکانہ طریقوں سے لوگوں کو جنک فوڈ کا عادی بنارہی ہیں۔

    کھانے پینے کی دیگر اشیا کے مقابلے میں جنک فوڈ سے رغبت رکھنے والوں کی تعداد زیادہ ہے اور یہ رغبت دن بہ دن بڑھتی ہی جارہی ہے۔

    برطانیہ میں ماہرین نے بچوں میں جنک فوڈ کے لیے رغبت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی کھانے پینے کی عادات اور اشیائے خور و نوش کے انتخاب کے حوالے سے الرٹ رہیں اور انہیں ایسی اشیا کھانے اور پینے کی طرف مائل کریں جن کے ذریعے صحت کا معیار بلند رکھنا ممکن ہو۔

  • خواتین کے لیے جنک فوڈ کھانے کا نقصان

    خواتین کے لیے جنک فوڈ کھانے کا نقصان

    ماں بننا خواتین کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہوتا ہے اور اس میں تاخیر ہونا خواتین کو پریشانی میں مبتلا کردیتا ہے، حال ہی میں ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ زیادہ جنک فوڈ کھانے والی خواتین کو حمل ٹہرنے میں تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف ایڈیلیڈ کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق میں خواتین کی غذائی عادات اور حمل کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ وہ خواتین جن کی غذا میں پھل زیادہ اور جنک فوڈ کم شامل ہوتا ہے ان کی زرخیزی میں اضافہ ہوا جبکہ وہ کم وقت میں حاملہ ہوئیں۔

    اس کے برعکس وہ خواتین جو کم پھل کھاتی تھیں، یا بہت زیادہ جنک فوڈ کھاتی تھیں ان کا حمل نہ صرف تاخیر سے ٹہرا بلکہ ان کے حمل میں پیچیدگیاں بھی پیدا ہوئیں۔

    مزید پڑھیں: دوران حمل ان باتوں کا خیال رکھیں

    اس سے قبل کی گئی ایک تحقیق کے مطابق 85 فیصد حاملہ خواتین نارمل ڈلیوری کے عمل سے باآسانی گزر سکتی ہیں جبکہ صرف 15 فیصد کو آپریشن کی ضرورت پڑ سکتی ہے، تاہم آج کل ہر 3 میں سے ایک حاملہ خاتون آپریشن کے ذریعے نئی زندگی کو جنم دیتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق بچے کو جنم دیتے ہوئے قدرتی طریقہ کار یعنی نارمل ڈلیوری ہی بہترین طریقہ ہے جو ماں اور بچے دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

    تحقیق کے مطابق حمل کے دوران ذہن کا ہلکا پھلکا اور خوش باش ہونا ڈلیوری کے عمل کو بھی آسان بنا دیتا ہے۔ ذہنی دباؤ، خوف یا ٹینشن کسی خاتون کی ڈلیوری کو ان کی زندگی کا بدترین وقت بنا سکتا ہے۔

  • برگر آپ کو نفسیاتی مریض بنا سکتا ہے

    برگر آپ کو نفسیاتی مریض بنا سکتا ہے

    کیا آپ خود کو ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کا شکار محسوس کرتے ہیں؟ تو اس کا سبب وہ برگر یا فرنچ فرائز ہوسکتے ہیں جنہیں آپ بہت زیادہ کھاتے ہیں۔

    انٹرنیشنل جرنل آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق جنک فوڈ آپ کو ڈپریشن سمیت مختلف دماغی و نفسیاتی مسائل سے دوچار کرسکتا ہے۔

    اس سے قبل کئی بار اس بات کی تصدیق کی جاچکی ہے کہ جنک فوڈ دل کی بیماریوں، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

    تاہم اب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں دیکھا گیا کہ شوگر کا زیادہ استعمال بائی پولر ڈس آرڈر جبکہ تلی ہوئی اشیا کا زیادہ استعمال ڈپریشن کا سبب بن سکتا ہے۔

    بائی پولر ڈس آرڈر موڈ میں بہت تیزی سے اور شدید تبدیلی لانے والا مرض ہے۔ اس مرض میں موڈ کبھی حد سے زیادہ خوشگوار ہو جاتا ہے اور کبھی بے انتہا اداسی چھا جاتی ہے۔

    مزید پڑھیں: سبزیاں اور پھل جنک فوڈ بن سکتے ہیں

    تحقیق میں بتایا گیا کہ جنک فوڈ کا استعمال عمر، جنس اور ازدواجی حیثیت سے قطع نظر ذہنی و نفسیاتی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔

    تحقیق کے سربراہ پروفیسر جم ای بانتا نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس بات پر جامع تحقیق کی جائے کہ مختلف غذائیں ذہنی صحت پر کس طرح اثر انداز ہوسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ذہنی بیماریوں کا شکار افراد کو دوا اور کاؤنسلنگ کے ساتھ ساتھ صحت مند غذاؤں کی طرف راغب کرنے کی بھی ضروت ہے۔