Tag: justice baqar najafi report

  • حکومت نے باقر نجفی کمیشن رپورٹ میں تبدیلی کی، ڈاکٹرطاہرالقادری

    حکومت نے باقر نجفی کمیشن رپورٹ میں تبدیلی کی، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکومت نےباقرنجفی کمیشن رپورٹ میں تبدیلی کی، رپورٹ میں ردو بدل ثابت ہوگیا تو تمہاری خیر نہیں، دونوں شریف بھائی اور رانا ثناءاللہ ماڈل ٹاؤن قتل عام کے ذمہ دارہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ حکومت نے نجفی کمیشن رپورٹ میں ردو بدل تو نہیں کی کیونکہ رپورٹ کے صفحہ65کی پہلی سطر ردو بدل کا بھانڈا پھوڑتی ہے، صفحہ65کی پہلی سطر میں اجلاس کی تاریخ2017کی ڈال دی گئی ہے جس سے غالب گمان یہ ہے کہ یہ تاریخ بعد میں ڈالی گئی۔

    سولہ جون2014کی میٹنگ کی تاریخ2017کیسےہوسکتی ہے، 16جون2014کی جگہ16جون2017غلطی سےنہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے شریف برادران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر رپورٹ میں ردو بدل ثابت ہوگیا تو تمہاری خیرنہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ہوم سیکریٹری سے رپورٹ پر تصدیقی دستخط چاہتے ہیں، رپورٹ میں قتل عام کے ذمہ داران کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے، خود جسٹس نجفی نے کہا کہ حکومت نے ٹریبونل کو اختیارات نہیں دیئے، اختیارات نہ دینا،حقائق چھپاناذمہ داروں کا بتاتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کا جھوٹ نجفی کمیشن رپورٹ نے عیاں کردیا، کوئی پولیس افسر یہ بتانے کو تیارنہیں کہ کس نے فائرنگ کےا حکامات دیے، اتنا بڑا ظلم ہوگیا اورکوئی افسر اپنی زبان کھولنے کو تیارنہیں۔

    ظاہر ہے کسی بڑے طاقتورشخص کا نام چھپایا جارہا ہے، کس کے حکم پر ایکشن ہوایہ چھپانا وزیراعلیٰ پنجاب تک جاتا ہے، شہبازشریف نےپریس کانفرنس میں اپنے زبانی حکم کا ذکرنہیں کیا تھا، ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ وزیراعلیٰ منع کریں پھر بھی پولیس ایکشن ہوجائے؟

    سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن قتل عام کے ذمہ دار دونوں شریف بھائی اور راناثنااللہ ہیں، بڑی ذمہ داری شہبازشریف پرعائد ہوتی ہے کیونکہ وہ وزیراعلیٰ ہیں، پولیس حکام کے تبادلے بھی بتارہے ہیں کہ حقائق سامنے نہ آئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ حکام کے تبادلوں کا جواز بھی پیش نہیں کیا گیا، آئی جی کو کوئٹہ سے پنجاب منتقل کرنا رانا ثنااللہ کا کام نہیں انہیں شہبازشریف نےمنتقل کیا۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی ن لیگ کا مائنڈ سیٹ ہے، دہشت گردوں کو پولیس کی وردی میں آپریشن کیلئے بلایا گیا تھا، آپریشن میں حصہ لینے والے دہشت گردوں کو وردیاں کس نے فراہم کیں؟۔

  • جسٹس باقرنجفی کی رپورٹ منظرعام پرلائی جائے، طاہرالقادری

    جسٹس باقرنجفی کی رپورٹ منظرعام پرلائی جائے، طاہرالقادری

    لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف نہ ملنے کیخلاف پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سڑکوں پرآ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جسٹس باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ منظرعام پر لانے کا مطالبہ کر دیا، انہوں نے کہا کہ انصاف اور قصاص کی جنگ جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہ ملنے کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ایوان اقبال سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

    ریلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان عوامی تحریک شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص لے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے، حکومت بے گناہوں کا بہنے والا خون چھپا نہیں سکے گی۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری کہا کہ جواب دیا جائے کہ پولیس ماڈل ٹاؤن کیوں آئی تھی؟ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقصد کیا تھا؟ کچھ لوگ انقلاب کی تحریک سے خوفزدہ تھے اسی لیے قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہئیے،انصاف اورقصاص کی جنگ جاری رکھیں گے، پہلامرحلہ ہوچکا ہے، دوسرا اورتیسرامرحلہ باقی ہے۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے حکومت کو تنبیہہ کی کہ مایوس ہو کرقانون کو ہاتھ میں لیا تو کوئی نہیں بچے گا، ہم پرامن ہیں، ہمیشہ دہشت گردی کی پرزورمذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ رپورٹ میں بھی انہیں قتل عام کا ذمہ دارقراردیا گیا، جسٹس عیسیٰ کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر حکومت دباؤ ڈال رہی تھی، کیا ملک میں عدل کے 2 پیمانے ہیں۔

    سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہرالقادری نے کہا کہ جس اسلحہ سے فائرنگ کی گئی اسے فرانزک ٹیسٹ کیلئے اب تک نہیں دیا گیا، پولیس کےاعلیٰ ذمہ داروں میں سےکوئی عدالت میں پیش نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ عجیب انصاف ہے مدعیوں کےخلاف ہی مقدمات چل رہے ہیں۔

    قبل ازیں ریلی سے پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، جمیعت علماء پاکستان نیازی گروپ اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ انصاف لینے کے لیے حکمرانوں کے خلاف عوام کو متحد ہونا ہوگا۔

    اسی سے متعلق : آج مال روڈ پر پریس کلب کے قریب مظاہرہ کریں گے، طاہر القادری