Tag: #JusticForNimra

  • نمرہ بیگ قتل: سندھ اسمبلی میں ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دینے کی قرارداد منظور

    نمرہ بیگ قتل: سندھ اسمبلی میں ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دینے کی قرارداد منظور

    کراچی: سندھ اسمبلی نے پولیس مقابلے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی نوجوان طالبہ نمرہ بیگ کو ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دینے کی قرارداد منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی وسیم قریشی اور پی پی کی رکن ہیرسوہو نے ایوان میں ایک جیسی قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نمرہ کو طب کی اعزازی ڈگری دی جائے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ نمرہ ڈاکٹر بن کر اپنے گھر والوں کا مستقبل بننا اور انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی تھی لہذا اب اُس کی والدہ کو تقریب منعقد کر کے مقتولہ کے نام کی ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دی جائے۔

    مزید پڑھیں: کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نارتھ کراچی کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس اور ملزمان کے مقابلے کے دوران اندھی گولی کا نشانہ بن کر جان کی بازی ہانے والی میڈیکل طالبہ کو ڈاکٹر کی ڈگری دینے کی قرار داد منظور کی۔

    سندھ اسمبلی میں جمع ہونے والی قرارداد

    ایم کیو ایم کے رکن اور رہنما خواجہ اظہار کا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک برس قبل امریکا کے علاقے ٹیکساس میں زیر تعلیم کراچی کی ایک بچی سبیکا شیخ کو دہشت گردوں نے قتل کیا  تھا جس پر ہم سب نے اُن کے گھر جاکر تعزیت کی تھی، اسی طرح کا واقعہ نمرہ کے ساتھ بھی پیش آیا۔

    خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ نمرہ کے اہل خانہ اور عینی شاہدین نے بتایا کہ نمرہ رکشے میں سوار تھی اور اُس کے پیچھے ڈاکو جبکہ اُن کے پیچھے پولیس تھی۔ ایم کیو ایم رہنما نے پولیس اہلکاروں کی ناتجربے کاری پر بھی سخت سوالات اٹھائے۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو موٹرسائیکلیں اور بڑے ہتھیار دے دیے گئے، وہ عام شہریوں کو روک کر خوف و ہراس پھیلاتے ہیں،  ایسی کیا جنونیت ہے کہ وہی اہلکار اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد امن و امان قائم کرنے کے بجائے شہر میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی: اسٹریٹ کرائم اورٹارگٹ کلنگ عروج پر، یومیہ 2 شہری زخمی ہونے لگے

    خواجہ اظہار نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے وہاں سے کسی چور کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی اُن کی موٹر سائیکل قبضے میں لی گئی مگر غیر تربیت یافتہ اہلکاروں کی فائرنگ سے 23 سالہ نوجوان طالبہ شہید ہوگئی۔ ایم کیو ایم رہنما نے نمرہ کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے والے اراکین اور وزرا کا شکریہ ادا کیا جبکہ بقیہ لوگوں سے استدعا کی کہ وہ مقتولہ کی ماں کے زخموں پر مرہم رکھیں کیونکہ نمرہ کراچی اور سندھ کی بیٹی تھی۔

    اس موقع پر قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے سامنے خوف کی علامت بن چکی اس لیے شہری اب انہیں دوست کی نظر سے نہیں دیکھتے، سندھ حکومت نمرہ بیگ کے نام پر پولیس اسٹیشن قائم کرے۔