Tag: Justin Trudeau

  • بیرون ملک سفر کو آسان بنانے کیلیے کینیڈین وزیر اعظم  کا بڑا اعلان

    بیرون ملک سفر کو آسان بنانے کیلیے کینیڈین وزیر اعظم کا بڑا اعلان

    ٹورنٹو: کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے شہریوں کے بیرون ملک سفر کوآسان بنانے کیلیے کورونا ویکسین پاسپورٹ لانچ کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے سفر کیلیے کورونا ویکسین پاسپورٹ متعارف کروادیا ، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ شہریوں کے بیرون ملک سفر کوآسان بنانے کیلیے کینیڈا ایک معیاری ویکسین پاسپورٹ لانچ کررہا ہے۔

    اس حوالے سے کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ پروف آف ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں کینیڈین شناختی نشان ہوگا اور یہ بین الاقوامی سمارٹ ہیلتھ کارڈ کے بڑے معیار کو پورا کرے گا۔

    حکام کے مطابق اس میں پاسپورٹ ہولڈر کا نام ، تاریخ پیدائش اورکون سی کورونا ویکسین کب دی گئی ، اس حوالے سے تفصیلات موجود ہوں گی۔

    ٹورنٹو ا سٹار اخبار کا کہنا ہے کہ کینیڈین شہری تیس نومبر سے ویکسینیشن کے ثبوت کے بغیر اندرون اور بیرون ملک پرواز نہیں کر سکیں گے ۔

    کینیڈا میں 73 فیصد سے زائد شہریوں کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے، کینیڈین وزیر اعظم نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اس وبا کو ختم کرنے کیلیے وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔

  • کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر پتھراؤ، ویڈیو وائرل

    کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر پتھراؤ، ویڈیو وائرل

    اوٹاوہ : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو  پر انتخابی مہم کے دوران مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم جسٹس ٹروڈو محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبرر ساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اونٹاریو میں انتخابی ریلی کے دوران کینیڈا کے وزیراعظم کے محافظوں کو بھی پتھر لگے۔ جسٹن ٹروڈو انتخابی مہم کے بعد بس میں روانہ ہورہے تھے کہ ان پر مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔

    بعد ازاں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتھر شاید میرے کندھے پر لگے ہیں، اس حوالے سے کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر نے اس واقعے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق کورونا وائرس کی پابندیوں سے تنگ آئے ہوئے کچھ افراد نے پابندیوں کے خلاف اور ویکسین سے متعلق غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان پر چھوٹے پتھر  پھینکے۔

    واضح رہے کہ کینیڈا میں الیکشن دو سال بعد ہونے تھے مگر جسٹن ٹروڈو کے اعلان کے بعد 20 ستمبر کو الیکشن منعقد کیے جائیں گے، جسٹن ٹروڈو نے حکومت میں عددی برتری حاصل کرنے کیلئے ملک میں قبل ازوقت الیکشن کروانے کا اعلان کیا تھا۔

    جسٹن ٹروڈو جن کی لبرل پارٹی نے 2015 میں اکثریت حاصل کی تھی لیکن 2019 کے الیکشن میں انہوں نے 157 نشستیں جیت کر اتحادی حکومت بنائی تھی ،اب وہ امید کررہے ہیں کہ وہ اس الیکشن میں اکثریت واپس حاصل کرلیں گے۔

  • وزیراعظم کا کینیڈین ہم منصب سے رابطہ، کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کردیا

    وزیراعظم کا کینیڈین ہم منصب سے رابطہ، کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کردیا

    اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کینیڈین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے جسٹن ٹروڈو کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو و لاک ڈاؤن کے خاتمے کا مطالبہ دہرایا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کی قیادت میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات بہتر ہوں گے، مقبوضہ وادی میں 4 ماہ سے جاری تناؤ کے خاتمے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: دنیا کشمیر کے غیرقانونی الحاق، بھارتی فوج کے قبضے پر کارروائی کرے، وزیراعظم

    وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، مسئلے کا جامع اور پر امن حل ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم سے امریکی اور برطانوی انسانی حقوق کے ماہر وکلا نے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے مظلوم کشمیری عوام پر مظالم کو اجاگر کیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کا ٹیسٹ ہے، دنیا کشمیر کے غیرقانونی الحاق اور بھارتی فوج کے قبضے پر کارروائی کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، کشمیریوں کی خواہش کے مطابق مسئلے کے حل تک حمایت جاری رہے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان کی جسٹن ٹروڈو کو دوبارہ الیکشن جیتنے پرمبارکباد

    وزیراعظم عمران خان کی جسٹن ٹروڈو کو دوبارہ الیکشن جیتنے پرمبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے جسٹن ٹروڈو کو دوبارہ الیکشن جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، کینیڈا کے انتخابات میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جماعت کو واضح برتری حا صل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹن ٹروڈو کو دوبارہ الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور آپ کے کیساتھ مل کرکام کرنے کی خواہش ہے۔

    خیال رہے کینیڈا کے انتخابات میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جماعت کو واضح برتری حا صل کرلی ہے ، ابتدائی نتائج کےمطابق جسٹن ٹروڈوکی لبرل پارٹی نےتین سو اڑتیس میں سے ایک سو چھپن نشستیں حاصل کیں۔

    مزید پڑھیں : کینیڈا میں انتخابات، جسٹن ٹروڈو کو واضح برتری حاصل

    حکومت بنانے کیلئے لبرل پارٹی کو ایک سو ستر نشستیں درکارہیں ، جس کے لئے لبرل پارٹی کوحکومت بنانے کیلئے دیگر جماعتوں سے اتحاد کرنا ہوگا۔

    یاد رہے انتخابات میں کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جسٹن ٹروڈو کو مبارکباد دی اور ٹویٹ میں کہا کہ وہ دونوں ممالک کی بہتری کے لیے ٹروڈو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظرہیں۔

  • کینیڈا نے جمال خاشقجی کے قتل کی ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کردی

    کینیڈا نے جمال خاشقجی کے قتل کی ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کردی

    ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈین انٹیلی جنس نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی ریکارڈنگ سنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی انٹیلی جنس نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق آڈیو ریکارڈنگ سنی ہے۔

    جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ترکی نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق کینیڈا کو مکمل معلومات فراہم کی ہیں۔

    کینیڈا کے وزیراعظم پہلے رہنما ہیں جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی انٹیلی جنس نے جمال خاشقجی کے قتل کی ریکارڈنگ سنی ہے۔

    جمال خاشقجی قتل کی آڈیو امریکا کو فراہم کردی، ترک صدر


    یاد رہے کہ تین روز قبل ترک صدر رجب طیب اردغان کا کہنا تھا کہ ترکی نے آڈیو ریکارڈنگ، سعودی عرب، امریکا ، برطانیہ، جرمنی، فرانس سمیت کئی ممالک کو فراہم کی ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ سعودی حکومت آگے بڑھتے ہوئے تفتیش میں خود ہی تعاون کرے اور اپنے اوپر لگنے والے داغ کو ہٹائے کیونکہ اُن کی خاموشی بہت سارے سوالات کو جنم دے رہی ہیں۔

    ترک صدر کا سعودی عرب سے جمال خاشقجی کی باقیات سامنے لانے کا مطالبہ


    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردیے گئے۔

  • کینیڈا : جسٹن ٹروڈو نے دوبارہ الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

    کینیڈا : جسٹن ٹروڈو نے دوبارہ الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

    اوٹاوا : کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات میں چوتھی مرتبہ  الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے موجودہ وزیر اعظم اور لیبرل پارٹی کے سربراہ جسٹن ٹروڈو نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ سنہ 2019 میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں دوبارہ حصّہ لیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لیبرل پارٹی کے سربراہ جسٹن ٹروڈو کو ان کی پارٹی نے سرکاری طور پر آئندہ برس ہونے والے الیکشن کے لیے دوبارہ نامزد کیا ہے، ٹروڈو سنہ 2008 سے کینیڈین حکومت میں عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔

    کینیڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو نے سنہ 2011 میں دوسری مرتبہ الیکشن میں کامیابی  اور سنہ 2015 میں تیسری مرتبہ انتخابات جیتنے کے بعد ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

    کینیڈین وزیر اعظم ٹروڈو نے کہا ہے کہ ’خوف اور تقسیم کی سیاست اور اختلافات کے باوجود لوگوں مثبت انداز میں مشترکات پر ایک میدان میں جمع کرنا ہی ملک اور دنیا کو مضبوط بنانے کا واحد راستہ ہے۔

    جسٹن ٹروڈو نے وعدہ کیا کہ ملک میں امیر اور غریب کے درمیان فرق کو مٹائیں گے اور غریب عوام کو اوپر لائیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کینیڈا کے وزیر اعظم نے اپنی حکومت میں کچھ رد و بدل کیا تھا، تاکہ سنہ 2019 میں ہونے والے انتخابات سے قبل عالمی تجارت میں پیدا ہونے مسائل اور آبادی میں اضافے کے مسئلے کو حل کیا جاسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جسٹن ٹروڈو اور ان کی پارٹی کی جانب سے برابری کا نعرہ لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے لگایا گیا ہے کیوں کہ ان کی مخالف کنزرویٹو پارٹی زیادہ مضبوط اور محتاط ہے۔

  • کینیڈا کا سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار

    کینیڈا کا سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار

    اوٹاوا: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش کا اظہار کرنے پرمعافی مانگنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مونٹریال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سعودب عرب سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

    کینیڈین وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کے معاملے پرکافی کام کیا ہے تاہم انہوں نے سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔

    جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ کرسٹیا فریلینڈ نے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرسے بات چیت کی ہے تاکہ دونوں ممالک میں بڑھتی کشیدگی کو کم کیا جاسکے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ سفارتی سطح پردونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہوتی رہے گی اور ضروری نہیں کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب ہوں۔

    کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے‘ سعودی عرب

    سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے، ان سے مذاکرات کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کے سفیر کو ملک بدرکرنے بعد ٹورنٹو کے لیے تمام فلائٹس معطل کردی تھیں۔

    سعودی عرب کا کینیڈا کےسفیرکوملک چھوڑنےکا حکم

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے رواں ہفتے کے آغاز میں کینیڈا کے سفیر کونا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑے کا حکم دیا تھا۔

  • اداکارہ حریم فاروقی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

    اداکارہ حریم فاروقی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

    اوٹاوا : پاکستانی خوبرو اداکارہ حریم فاروقی  نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ میرے کیریئر کا بہترین لمحہ تھا ،جب مجھے دلکش اور کرشماتی شخصیت جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کا موقع ملا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکارہ حریم فاروقی نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے اوٹاوا میں ملاقات کی، ملاقات میں ثقافتی سرگرمیوں اور فلمسازی پر تبادلے کے حوالے سے گفتگو کی۔

    حریم فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر سب کے پسندیدہ جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ کینیڈا کے دورے میں میرے کیریئر کا سب سے بہترین لمحہ وہ تھا، جب مجھے دلکش اور کرشماتی جسٹن ٹروڈو سے ملنے کا موقع ملا۔

    اداکارہ نے مزید کہا کہ جسٹن ٹروڈو سے ملاقات میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر گفتگو کی اور ساتھ ہم کس طرح دونوں ممالک فلموں، ڈراموں، موسیقی اور ٹیلنٹ کےزریعے تعاون کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں، میں بطور اداکارہ اور پروڈیوسر اپنے کام سے محبت کرتی ہوں ، جو میرے لئے ایسے دروازے کھولتا ہیں۔

    حریم نے دنیا بھر میں اپنے تمام مداحوں کی محبت اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا بھی کیا۔

    خیال رہے کہ حریم فاروقی کا شمار پاکستان کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے، ان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم پرچی نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھے جبکہ اس سے قبل متعدد ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلم ‘دوبارہ پھر سے‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین وزیراعظم کو بے ایمان اورکمزورقرار دے دیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین وزیراعظم کو بے ایمان اورکمزورقرار دے دیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو بے ایمان اور کمزور قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی 7 اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کینیڈین وزیراعظم کو بے ایمان اور کمزور کہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو نے جی 7 کے اجلاس کے دوران بہت نرم مزاج اور نیک رویہ اختیار کیا تاکہ ہمارے جانے کے بعد نیوز کانفرنس کرسکیں جس میں انہوں نے امریکی ٹیرف کو تضحیک آمیز قرار دیا اور کہا کہ ہمیں مزید نہیں دھکیلا جائے گا۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے ٹیرف ان کے ڈیری کے 270 فیصد ٹیرف کا جواب تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈین وزیراعظم نیوز کانفرنس کے دوران جھوٹے بیان اور کینیڈا کی جانب سے امریکی کسان، کام کرنے والے اور کمپنیوں سے زیادہ پیسے وصول کرنے پرمیں نے امریکی نمائندوں کو ہمارے امریکی مارکیٹ میں آٹو موبائلز کی قیمتوں کو دوبارہ دیکھنے تک اس بیان کی تشہیرنہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل صافحیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکہ کے اسٹیل اور ایلمونیم ی درآمدات پرامریکی ٹیرف کی وضاحت کے لیے قومی سلامتی کودرمیان میں لانا کینیڈا کے سابق فوجیوں جنہوں نے عالمی جنگ کے درمیان امریکہ کا ساتھ دیا تھا، ان کے لیے انتہائی تضحیک آمیز تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کینیڈا میں حملہ آور نے مسلم لڑکی کا حجاب کاٹ ڈالا

    کینیڈا میں حملہ آور نے مسلم لڑکی کا حجاب کاٹ ڈالا

    اوٹاوا: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں حملہ آور نے 11 سالہ طالبہ پر حملہ کرتے ہوئے اس کے حجاب کے ٹکرے ٹکرے کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق 11 سالہ خولا نعمان پر اس وقت حملہ کیا گیا کہ جب وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ اسکول جارہی تھی، اسی دوران پیچھے سے ملزم نے حملہ کرتے ہوئے اس کا حجاب قینچی سے کاٹ ڈالا، لڑکی کے شور مچانے پر حملہ آور فرار تو ہوا لیکن جاتے جاتے اس نے ایک بار پھرپلٹ کر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

    مقامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خولہ نعمان کا کہنا تھا کہ ہم اسکول جارہے تھے کہ اچانک کسی نے ہم پر حملہ کیا، میں بہت خوفزدہ تھی کہ میرے ساتھ کیا ہورہا ہے۔

    اس واقعے کے متعلق پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے اس واقعے سے ہمیں شدید دھچکا پہنچا ہےاورہم مسلم طلبہ و طالبات کے سیکیورٹی  کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔

    دوسری جانب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے جس سے دل بہت رنجیدہ ہے، میں متاثرہ لڑکی اور مسلمانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کینیڈا ایسا ملک بالکل نہیں ہے، کینیڈین وزیر اعظم نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ  موجود دستاویزات، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ مسلمانوں کے لیے سخت سیکیورٹی  کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔

    واضع رہے ایک محتاط اندازے کے مطابق کینیڈا میں 2013 کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز حملوں میں اضافہ ہوا ہے، پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2016 میں مسلمانوں پر 149 حملے رکارڈ کیے گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔